پیر کامل صلی اللہ علیہ والہٰ وسلم — قسط نمبر ۷

”مجھے تم سے کچھ ضروری باتیں کرنی ہیں اس لئے تمہیں بلوایا ہے۔” سکندر نے مسکراتے ہوئے سالار کو بیٹھنے کا اشارہ کیا۔ وہ طیبہ کے ساتھ اس وقت لاؤنج میں بیٹھے ہوئے تھے اور سالار ان کے فون کرنے پر اس ویک اینڈ پر اسلام آباد آیا ہوا تھا۔
سکندر عثمان نے قدرے ستائشی نظروں سے اپنے تیسرے بیٹے کو دیکھا۔ وہ کچھ دیر پہلے ان کے ساتھ کھانا کھانے کے بعد اب کپڑے تبدیل کرکے ان کے پاس آیا تھا۔ سفید شلوار قمیص اور گھر میں پہنی جانے والی سیاہ چپل میں وہ اپنے عام سے حلئے کے باوجود بہت باوقار لگ رہا تھا۔ شاید یہ اس کے چہرے کی سنجیدگی تھی یا پھر شاید وہ آج پہلی بار کئی سالوں کے بعد اسے بڑے غور سے دیکھ رہے تھے اور وہ اعتراف کررہے تھے کہ اس کی شخصیت میں بہت وقار اور ٹھہراؤ آگیا ہے۔
انہوں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ سالار کی وجہ سے انہیں اپنے سوشل سرکل میں اہمیت اور عزت ملے گی۔ وہ جانتے تھے بہت جگہوں پر اب ان کا تعارف سالار سکندر کے حوالے سے ہوتا تھا اور انہیں اس پر خوشگوار حیرت ہوتی تھی۔ اس نے اپنی پوری ٹین ایج میں انہیں بری طرح خوار اور پریشان کیا تھا اور ایک وقت تھا، جب انہیں اپنے اس بیٹے کا مستقبل سب سے تاریک لگتا تھا۔ اپنی تمام غیر معمولی صلاحیتوں اور قابلیت کے باوجود مگر ان کے اندازے اور خدشات صحیح ثابت نہیں ہوئے تھے۔
طیبہ نے خشک میوے کی پلیٹ سالار کی طرف بڑھائی۔
سالار نے چند کا جو اٹھالئے۔
”میں تمہاری شادی کے بارے میں بات کرنا چاہتا ہوں۔”
کاجو منہ میں ڈالتے ہوئے وہ ایک دم رک گیا۔ اس کے چہرے کی مسکراہٹ غائب ہوگئی۔ سکندر عثمان اور طیبہ بہت خوشگوار موڈ میں تھے۔
”اب تمہیں شادی کرہی لینی چاہئے سالار!”
سکندر نے کہا۔ سالار نے غیر محسوس انداز میں ہاتھ میں پکڑے ہوئے کاجو دوبارہ خشک میوے کی پلیٹ میں رکھ دئیے۔
”میں اور طیبہ تو حیران ہورہے تھے کہ اتنے رشتے تو تمہارے بھائیوں میں سے کسی کے نہیں آئے جتنے تمہارے لئے آرہے ہیں۔”
سکندر نے بڑے شگفتہ انداز میں کہا۔
”میں نے سوچا، کچھ بات وات کریں تم سے۔”
وہ چپ چاپ انہیں دیکھتا رہا۔
”زاہد ہمدانی صاحب کو جانتے ہو؟” سکندر عثمان نے ایک بڑی ملٹی نیشنل کمپنی کے ہیڈ کا نام لیا۔
”جی… ان کی بیٹی میری کولیگ ہے۔”
”رمشہ نام ہے شاید؟”
”جی۔”
”کیسی لڑکی ہے؟”
وہ سکندر عثمان کے چہرے کو غور سے دیکھنے لگا۔ ان کا سوال بہت”واضح” تھا۔
”اچھی ہے۔” اس نے چند لمحوں کے بعد کہا۔
”تمہیں پسند ہے؟”
”کس لحاظ سے؟”
”میں رمشہ کے پروپوزل کی بات کررہا ہوں۔” سکندر عثمان نے سنجیدہ ہوتے ہوئے کہا۔
”زاہد پچھلے کئی ہفتے سے مجھ سے اس سلسلے میں بات کررہا ہے۔ اپنی وائف کے ساتھ وہ ایک دو بار ہماری طرف آیا بھی ہے۔ ہم لوگ بھی ان کی طرف گئے ہیں۔ پچھلے ویک اینڈ پر رمشہ سے بھی ملے ہیں۔ مجھے اور طیبہ کو تو بہت اچھی لگی ہے۔ خوب صورت ہے، بہتWell behavedہے اور تمہارے ساتھ بھی اس کی اچھی خاصی دوستی ہے۔ ان لوگوں کی خواہش ہے بلکہ اصرار ہے کہ تمہارے ذریعہ دونوں فیملیز میں کوئی رشتہ داری بن جائے۔”
”پاپا! میری رمشہ کے ساتھ دوستی نہیں ہے۔” سالار نے مدھم اور ٹھہرے ہوئے انداز میں کہا۔
”وہ میری کولیگ ہے، جان پہچان ہے اور اس میں کوئی شک نہیں کہ بہت اچھی لڑکی ہے مگر میں اس سے شادی نہیں کرنا چاہتا۔”
”تم کہیں اور انٹرسٹڈ ہو؟”
سکندر نے اس سے پوچھا۔ وہ خاموش رہا۔ سکندر اور طیبہ کے درمیان نظروں کا تبادلہ ہوا۔
”اگر تمہاری کہیں اور دلچسپی ہے تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں بلکہ ہمیں خوشی ہوگی وہاں تمہاری شادی کی بات کرتے ہوئے اور یقینا ہم تم پر بھی کوئی دباؤ نہیں ڈالیں گے اس سلسلے میں۔”
سکندر نے نرمی سے کہا۔
”میں بہت عرصہ پہلے شادی کرچکا ہوں۔”





ایک لمبی خاموشی کے بعد اس نے اسی طرح سرجھکائے ہوئے مدھم لہجے میں کہا۔ سکندر کو کوئی دشواری نہیں ہوئی یہ سمجھنے میں کہ اس کا اشارہ کس طرف تھا۔ ان کے چہرے پر یک دم سنجیدگی آگئی۔
”امامہ کی بات کررہے ہو؟”
وہ خاموش رہا۔ سکندر بہت دیر تک بے یقینی سے اسے دیکھتے رہے۔
”اتنے عرصے سے اس لئے شادی نہیں کررہے؟”
سکندر کو جیسے ایک شاک لگا تھا۔ ان کا خیال تھا وہ اسے بھلا چکا تھا۔ آخر یہ آٹھ سال پرانی بات تھی۔
”اب تک تو وہ شادی کرچکی ہوگی، اپنی زندگی آرام سے گزار رہی ہوگی۔ تمہاری اور اس کی شادی تو کب کی ختم ہوچکی۔”
سکندر نے اس سے کہا۔
”نہیں پاپا! اس کے ساتھ میری شادی ختم نہیں ہوئی۔” اس نے پہلی بار سر اٹھاکر کہا۔
”تم نے اسے نکاح نامے میں طلاق کا اختیار دیا تھا اور… مجھے یاد ہے تم اسے ڈھونڈنا چاہتے تھے تاکہ طلاق دے سکو۔”
سکندر نے جیسے اسے یاد کروایا۔
”میں نے اسے ڈھونڈا تھا مگر وہ مجھے نہیں ملی اور وہ یہ بات نہیں جانتی کہ اس کے پاس طلاق کا اختیار ہے۔ وہ جہاں بھی ہوگی ابھی تک میری ہی بیوی ہوگی۔”
”سالار! آٹھ سال گزرچکے ہیں۔ ایک دوسال کی بات تو نہیں ہے۔ ہوسکتا ہے وہ یہ جان گئی ہوکہ طلاق کا اختیار اس کے پاس ہے۔ یہ ممکن نہیں ہے کہ وہ اب بھی تمہاری بیوی ہی ہو۔”
سکندر نے قدرے مضطرب ہوکر کہا۔
”میرے علاوہ کوئی دوسرا تو اسے یہ نہیں بتاسکتا تھا اور میں نے اسے اس حق کے بارے میں نہیں بتایا اور جب تک وہ میرے نکاح میں ہے مجھے کہیں اور شادی نہیں کرنی۔”
”تمہارا کانٹیکٹ ہے اس کے ساتھ؟” سکندر نے بہت مدھم آواز میں کہا۔
”نہیں۔”
”آٹھ سال سے اس سے تمہارا رابطہ نہیں ہوا۔ اگر ساری عمر نہ ہوا تب تم کیا کروگے؟”
وہ خاموش رہا۔ اس کے پاس اس سوال کا کوئی جواب نہیں تھا۔
سکندر عثمان کچھ دیر اس کے جواب کا انتظار کرتے رہے۔
”تم نے مجھ سے کبھی یہ نہیں کہا کہ تم اس لڑکی کے ساتھ ایموشنلی انوالوڈ ہو۔ تم نے تو مجھے یہی بتایا تھا کہ تم نے صرف وقتی طورپر اس کی مدد کی تھی وہ کسی اور لڑکے سے شادی کرنا چاہتی تھی وغیرہ وغیرہ۔”
سالار اس بار بھی خاموش رہا۔
سکندر عثمان چپ چاپ اسے دیکھتے رہے۔ وہ اپنے اس تیسرے بیٹے کو کبھی نہیں جان سکے تھے۔ اس کے دل میں کیا تھا وہ اس تک کبھی نہیں پہنچ سکتے تھے۔ جس لڑکی کے لئے وہ آٹھ سال ضائع کرچکا تھا اور باقی کی زندگی ضائع کرنے کے لئے تیار تھا، اس کے ساتھ اس کے جذباتی تعلق کی شدت کیسی ہوسکتی تھی یہ اب شاید اسے لفظوں میں بیان کرنے کی ضرورت نہیں تھی۔ کمرے میں خاموشی کا ایک لمبا وقفہ آیا پھر سکندر عثمان اٹھ کر اپنے ڈریسنگ روم میں چلے گئے۔ ان کی واپسی چند منٹوں کے بعد ہوئی۔ صوفہ پر بیٹھنے کے بعد انہوں نے سالار کی طرف ایک لفافہ بڑھادیا۔ اس نے سوالیہ نظروں سے انہیں دیکھتے ہوئے وہ لفافہ پکڑلیا۔
”امامہ نے مجھ سے رابطہ کیا تھا۔”
وہ سانس نہیں لے سکا۔ سکندر عثمان ایک بار پھر صوفے پر بیٹھ چکے تھے۔
”یہ پانچ چھے سال پہلے کی بات ہے وہ تم سے بات کرنا چاہتی تھی۔” فون ناصرہ نے اٹھایا تھا اور اس نے امامہ کی آواز پہچان لی۔” تب تم پاکستان میں تھے، ناصرہ نے تمہاری بجائے مجھ سے اس کی بات کروائی۔ اس نے مجھ سے کہا کہ میں تم سے اس کی بات کرواؤں۔ میں نے اس سے کہا کہ تم مرچکے ہو۔ میں نہیں چاہتا تھا کہ وہ تم سے رابطہ کرے اور جس مصیبت سے ہم چھٹکارا پاچکے ہیں اس میں دوبارہ پڑیں۔ مجھے یقین تھا کہ وہ میری بات پر یقین کرلے گی کیونکہ تم کئی بار خودکشی کی کوشش کرچکے تھے۔ وہ وسیم کی بہن تھی تمہارے بارے میں یہ سب کچھ جانتی ہوگی۔ کم از کم ایک ایسی کوشش کی تو وہ خود گواہ تھی۔ میں اسے نکاح نامے میں موجود طلاق کے اختیار کے بارے میں نہیں بتاسکا نہ ہی اس طلاق نامے کے بارے میں جو میں نے تمہاری طرف سے تیار کروایا تھا۔ تمہیں جب میں نے امریکہ بھجوایا تھا تو تم سے ایک سادہ کاغذ پر سائن لئے تھے، میں چاہتا تھا کہ مجھے ضرورت پڑے تو میں خود ہی طلاق نامہ تیار کروا لوں۔ یہ قانونی یا جائز تھا کہ نہیں اس کا پتہ نہیں مگر میں نے اسے تیار کروالیا تھا اور میں امامہ کو اس کے بارے میں بتانا چاہتا تھا اور اسے تمام پیپرز بھی دینا چاہتا تھا مگر اس نے فون بند کردیا۔ میں نے نمبرٹریس آؤٹ کروایا وہ کسی پی سی اوکا تھا۔ اس کے کچھ دنوں بعد بیس ہزار کے کچھ ٹریولرز چیک مجھے اس نے ڈاک کے ذریعے بھیجوائے اس کے ساتھ ایک خط بھی تھا۔ شاید تم نے اسے کچھ رقم دی تھی۔ اس نے وہ واپس کی تھی۔ میں نے تمہیں اس لئے نہیں بتایا کیونکہ میں نہیں چاہتا تھا کہ تم دوبارہ اس معاملے میں انوالو ہو۔ میں امامہ کی فیملی سے خوفزدہ تھا۔ مجھے اندیشہ تھاکہ وہ تب بھی تمہاری تاک میں ہوں گے اور میں چاہتا تھا تم اپنا کیرئیر بناتے رہو۔”
وہ لفافہ ہاتھ میں پکڑے رنگ بدلتے ہوئے چہرے کے ساتھ سکندر عثمان کو دیکھتا رہا، کسی نے بہت آہستگی کے ساتھ اس کے وجود سے جان نکال لی تھی۔ اس نے لفافے کو ٹیبل پر رکھ دیا۔ وہ نہیں چاہتا تھا کہ طیبہ اور سکندر اس کے ہاتھ کی کپکپاہٹ کو دیکھ سکیں… وہ دیکھ چکے تھے مگر اس کے حواس چند لمحوں کے لئے بالکل کام کرنا چھوڑگئے تھے۔ اپنے سامنے پڑی ٹیبل پر رکھے اس لفافے پر ہاتھ رکھے وہ کچھ دیر اسے دیکھتا رہا پھر اسے ٹیبل پر رکھے رکھے اس نے اس کے اندر موجود کاغذ کو نکال لیا۔
ڈئیرانکل سکندر!
مجھے آپ کے بیٹے کی موت کے بارے میں جان کر بہت افسوس ہوا۔ میری وجہ سے آپ لوگوں کو چند سال پہلے بہت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، میں اس کے لئے معذرت خواہ ہوں۔ مجھے سالار کو کچھ رقم ادا کرنی تھی۔ وہ میں آپ کو بھجوارہی ہوں۔
خدا حافظ
امامہ ہاشم
سالار کو لگا وہ واقعی مرگیا ہے۔ سفید چہرے کے ساتھ اس نے کاغذ کے اس ٹکڑے کو دوبارہ لفافے میں ڈال دیا۔ کچھ بھی کہے بغیر اس نے لفافہ تھاما اور اٹھ کر کھڑا ہوا۔ سکندر اور طیبہ دم بخود اسے دیکھ رہے تھے جب وہ سکندر کے پاس سے گزرنے لگا تو وہ اٹھ کر کھڑے ہوگئے۔




Loading

Read Previous

پیر کامل صلی اللہ علیہ والہٰ وسلم — قسط نمبر ۶

Read Next

بھکاری — صبا خان

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!