”اِیمان، اُمید اور محبت” ذاتی طور پر میری اپنی پسندیدہ تحریروں میں سے ایک ہے… اسے ملنے والے فیڈ بیک سے آپ لوگ مجھ سے زیادہ واقف ہیں۔
میں نے کوشش کی ہے کہ میں آپ لوگوں کو زندگی کے کچھ اور رنگ دکھاؤں یا زندگی کو اس اینگل سے دکھاؤں جہاں سے میں اسے دیکھتی ہوں، ہو سکتا ہے آپ کو یہ رنگ بہت پھیکے یا ضرورت سے زیادہ گہرے لگیں۔ یہ بھی ممکن ہے کہ میرا اینگل چیزوں کو یا زندگی کو اس طرح آپ کے سامنے پیش نہ کر سکے جس طرح آپ چاہتے ہیں۔ پھر بھی دنیا پر موجود چھ ارب انسانوں میں کم از کم ایک انسان زندگی کو اسی اینگل سے دیکھتا ہے اور وہی رنگ دنیا کے کینوس پر بکھیرنا چاہتا ہے، جو اس کہانی میں آپ کو نظر آئیں گے… اور وہ انسان میں ہوں۔
بہت سے لوگوں کی ترجمانی کرتے ہوئے کچھ لکھنا یا کہنا انسان کو بہت خوشی دیتا ہے۔ مگر صرف اپنی ترجمانی کرتے ہوئے اپنی بات کہنا یا لکھنا اس سے زیادہ خوشی دیتا ہے۔ اس تحریر میں، میں نے اپنی بات کہی ہے اسے پڑھتے ہوئے شاید آپ اسے ”اپنی بات” سمجھیں۔
عمیرہ احمد