الف لیلہٰ داستان ۲۰۱۸ ۔ قسط نمبر ۱۷


شوٹنگ شروع ہوئی۔ جھونپڑی والا منظر بے حد اچھا ہوا۔ حسن نے اس جذب اور درد مندی سے مکالمے بولے کہ شہریار نظیر جھوم گیا۔ ہیروئن بھی بہت خوش ہوئی اور حسن کے لہجے اور تلفظ اور اردو دانی سے بے حد مرعوب ہوئی اور جھوم کے بولی۔
‘‘Oh my God, you are so exotic!’’
پھر چند منظر اور فلمائے گئے جن میں قوت القلوب اپنے ابا جان سے زنداں میں ملاقات کو گئی اور بے حد رنجور و مغموم ہوئی۔ دوسرے منظر میں حسن یعنی نواب شمس النہار کے والد بزرگوار زخمی حالت میں چند مکالمے بول کر اور بیٹے کو پندونصائخ کے چند جواہر تھما کر باغِ ارم کے گلگشت کو روانہ ہوئے۔ حسن کو اپنے باپ کا وقت ِنزع اور سانحہ ارتحال یاد آیا، اس وقت کے رنج و الم کا حال یاد آیا۔ زار زار رویا کیا، طنابِ طبط کو کھویا کیا۔ ایسے آنسو بہائے کہ وہاں موجود لوگ بھی آبدیدہ ہوئے اور والد بزگوار جو لاش بن کر پڑے تھے، انہوں نے اٹھ کر گلے لگایا اور بہت کچھ تسلی دی۔
دن رات شوٹنگ جاری، بے حد مصروفیت طاری تھی۔ اس مصروفیت میں حسن کو اتنا وقت بھی نہ ملتا تھا کہ رک کر نانی یا زلیخا کے پاس بیٹھتا یا دل کی بات کہتا سنتا۔ بس دن رات شوٹنگ پر جاتا تھا، صرف سونے کے لیے گھر آتا تھا۔
یوں تو شہریار نظیر اس سے خوش تھا لیکن کبھی کبھار تنگ آکر کہتا: ‘‘او یار کوئی اس حسن کو نچلا بیٹھنا سکھا دے۔ بڑا ہائپر ہے یہ۔’’ آخر کسی نے مشورہ دیا کہ جنگ و جدل کے مناظر فلمائے جائیں۔ شہریار کو یہ مشورہ پسند آیا کہا: ‘‘ہاں اس لڑکے کی steam نکالنے کا یہی ایک طریقہ ہے۔’’
ایک شخص بلوایا گیا جس کے ذمے سب لوگوں کو تلوار بازی، تیراندازی اور گھوڑ سواری کی تربیت دینا تھا۔ پہلے دن جب اس نے تلوار چلا کر دکھائی تو حسن کو بے حد ناپسند آئی۔ ناراض ہوکر بولا:‘‘یہ تلوار بازی ہے تانگے بازی؟ حرب سازی ہے یا فسوں سازی ہے؟ یہ کیسی جلد بازی ہے؟’’
یہ کہہ کر تلوار ہاتھ میں لی اور ایک ایسا تلا ہوا ہاتھ اس بزرگ کی تلوار پر رسید کیا کہ ہاتھ سے چھٹ کر دور جاگری۔ پھر تلوار بازی کے ایسے جوہر دکھائے کہ سناٹا چھا گیا۔ لوگ دم بخود ہوکر دیکھتے رہے۔
جب حسن نے ہاتھ روکا تو چند لمحے تک کوئی کچھ بول نہ پایا۔ آخر شہریار نظیر نے بے اختیار تالیاں بجانا شروع کیں اور پھر شور مچ گیا۔ ہر شخص تالیاں بجانے اور حسن کو شاباشی دینے میں مشغول ہوا۔
شہریار نے پوچھا: یار یہ تم کہاں سے سیکھ کر آئے ہو؟’’

Loading

Read Previous

الف لیلہٰ داستان ۲۰۱۸ ۔ قسط نمبر ۱۶

Read Next

الف لیلہٰ داستان ۲۰۱۸ ۔ قسط نمبر ۱۸

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!