مارو گولی — سارہ قیوم

اس نے برآمدے میں نکل کر اپنے پیچھے دروازہ بند کیا اور سر اٹھا کر روشن آسمان کو دیکھا۔ جاتی بہار کے چمک دار دن کی چھب ایسی تھی جیسے سونے میں جڑا کندن۔ اس نے اس چمچماتے آسمان سے نظریں چرا کر رخ موڑا اور دروازہ لاک کرنے کے لئے چابی نکالی۔ دروازے کے پاس پڑے گملے پر اس کی نظر اٹک گئی۔
گلاب کے پودے میں چند سرخ کلیاں کھل رہی تھیں۔ مالی شاید تھوڑی دیر پہلے ہی پانی لگا کر گیا تھا۔ پتے دھل کر زمرد بن چکے تھے اور کلیاں لعل۔ چابی اس کے ہاتھ سے گر پڑی۔ گہرا سانس لے کر اس نے جھک کر چابی اٹھائی اور دروازہ لاک کیا اور پھر خود کو گیٹ پر کھڑا پایا۔ اس نے حیرت سے اس لمبے ڈرائیو وے کو مڑ کر دیکھا جسے عبور کرکے وہ گیٹ تک آپہنچی تھی اور اسے احساس بھی نہ ہوا تھا۔ سر جھٹک کر اس نے اپنے خیالوں سے پیچھا چھڑانے کی کوشش کی اور گیٹ کھولا۔ سڑک کے اس پار گل موہر کا درخت سچے موتیوں کے پھولوں سے لدا کھڑا تھا۔ گویا کسی ہرے زرتار آنچل کے کنارے سے مولسری کی نالیاں جھانک رہی ہوں۔ اس نے خالی خالی نظروں سے پر رونق سڑک کو دیکھا، چند گھر چھوڑ کر ایک عمارت بن رہی تھی اور اس کے سامنے بجری اور سیمنٹ کا ڈھیر پڑا تھا۔ چند مزدور اس ڈھیر سے اپنے تسلے بھر بھر کر اندر لے جارہے تھے۔ اس نے گردن موڑ کر دوسری طرف دیکھا۔ ساتھ والے گھر پر عید میلادالنبیۖ کے لیے بتیاں لگائی جارہی تھیں۔ چند لڑکے ننھے ننھے قمقموں کی تاریں گولائی میں گھر کی چھت سے لٹکا رہے تھے۔ گھر کا ماتھا اس طرح سج رہا تھا جیسے وہ دلہن ہو اور جھومر اس کا سر ڈھانپ رہا ہو۔
”دیر ہورہی ہے، امی انتظار کررہی ہوں گی۔” اس نے باآوازِ بلند خود کو یاد دلایا۔ صبح ہی تو اس نے راحت کو فون کرکے کہا تھا:
”امی میں گیارہ بجے تک آئوں گی۔ میرا زیور نکال کر رکھیے گا۔”
وہ اپنے زیور لینے جارہی تھی۔ حیا، وفاداری اور محبت کا جو زیور وہ اپنے تن من پر سجائے رکھتی تھی، اس کے شوہر کو اس کی ضرورت نہیں تھی۔ اس نے اسے وہ زیور لانے کا حکم دیا تھا جسے بیچ کر پیسے آسکتے ہیں۔ وہ اپنی پسند کا زیور سینے سے لگائے، اپنے شوہر کی پسند کا زیور لینے جارہی تھی۔
٭…٭…٭





پچھلی شام ظہیر جس وقت آیا تھا، اس وقت وہ احمد کو پڑھا رہی تھی۔ اس وقت ٹی وی پر خبریں چل رہی تھیں جن میں کورنگی کے علاقے میں ڈکیتی کی واردات کی فوٹیج دکھائی جارہی تھی۔
نیوز کاسٹر چلا چلا کر کہہ رہی تھی:
”نامعلوم افراد نے راہ گیر سے نقدی اور موبائل چھین کر گولی مار دی۔”
اس نے جھرجھری لے کر ریموٹ اٹھایا اور آواز آہستہ کردی۔ احمد بھی کام چھوڑ کر محویت سے ٹی وی دیکھ رہا تھا۔ اس نے نرمی سے اس کا چہرہ اپنی طرف گھمایا۔
”ادھر دھیان دو بیٹا، کل quiz ہے آپ کا۔ یہ لفظ پڑھو کیا ہے؟ speelingکرو اس کے۔”
”ماما ڈاکو نے اس کو گولی مار دی؟” احمد نے آنکھیں پھیلا کر پوچھا۔
”ہاں بیٹا!” اس نے والیم مزید کم کرتے ہوئے کہا۔
”کیوں؟” احمد نے سوال کیا۔
ابھی وہ اس کیوں کا جواب سوچ ہی رہی تھی کہ دروازہ کھلا اور ظہیر اندر داخل ہوا۔ سعدیہ نے مسکرا کر سلام کیا۔ ظہیر نے جواب دے کر بریف کیس میز پر رکھا اور ٹائی ڈھیلی کرتے ہوئے سعدیہ کے پاس صوفے پر بیٹھ گیا۔
”کیا ہورہا ہے پارٹنر؟” اس نے احمد کے بال بکھیرتے ہوئے پوچھا۔
”پڑھائی!” سعدیہ نے مسکرا کر احمد کو دیکھا۔
اسے ظہیر کے سوالوں کے یک لفظی جواب دینے کی عادت تھی کیوں کہ وہ ساری بات میں سے بہ مشکل ایک دو الفاظ ہی سنتا تھا۔ اب بھی وہ سعدیہ کا جواب سنے بغیر ریموٹ اٹھا چکا تھا۔ والیم اونچا کرتے ہوئے وہ ٹی وی دیکھنے لگا جہاں اب بھی راہ گیر کو گولی مارنے کا واویلا جاری تھا۔ ظہیر کے ماتھے پر شکنیں نمودار ہوئیں:
”کیا حالات ہوگئے ہیں جہاں دیکھو ڈکیتی، جب دیکھو قتل، گولی تو ایسے مارتے ہیں جیسے یہ کوئی بات ہی نہیں۔”
احمد پھر یک ٹک ٹی وی دیکھنیلگا تھا۔ سعدیہ نے ایک مرتبہ پھر اس کا چہرہ گھما کر کتاب کی طرف کیا اور بات بدل دی۔
”چائے لائوں آپ کے لیے؟” اس نے ظہیر سے پوچھا۔
”ہاں ذرا strongسی۔” اس نے بے دھیانی میں جواب دیا۔
سعدیہ اٹھ کر کچن میں چلی آئی۔ ساس کی غیرموجودگی میں اسے کچن میں کام کرنے کا بہت مزہ آتا تھا۔ اب تو ویسے بھی دونوں ساس سسر عمرے پر گئے ہوئے تھے لمبی چھٹی تھی سعدیہ کی۔ ہر روز یومِ آزادی تھا۔
وہ اپنے خیالوں میں گم مسکراتے ہوئے چائے کا پانی رکھ کر پتی کا ڈبا نکالنے لگی۔ اسی وقت ظہیر بڑی بے فکری سے آستینیں چڑھاتا ہوا اس کے برابر آکھڑا ہوا۔ سعدیہ نے حیران ہوکر اسے دیکھا، کچن میں تو وہ کبھی نہیں آتا تھا۔
”زیور کہاں پڑا ہے تمہارا؟” ظہیر نے پانی میں جھانکتے ہوئے بڑے عامیانہ انداز میں پوچھا۔سعدیہ کو ایک مرتبہ پھر حیرت ہوئی۔
”آپ جانتے تو ہیں امی کی طرف پڑا ہے، سیف لاکر میں۔” اس نے ظہیر کو یاد دلایا۔
”او ہاں! زیور لے آئو تم کل جاکر۔” اس نے بڑے آرام سے کہا۔ سعدیہ ایک بار پھر مسکرا دی۔
”ٹھیک ہے۔ کوئی شادی ہے کیا؟” اس نے پوچھا۔
”نہیں شادی نہیںہے، بیچنا ہے زیور۔ مجھے ضرورت ہے پیسوں کی۔” کھولتے پانی میں پتی ڈالتے سعدیہ کے ہاتھ جہاں تھے، وہیںتھم گئے۔
”بیچا ہے؟ آپ میرا زیور بیچیں گے؟” اس نے بے یقینی سے کہا۔
”ہاں! تو؟ اتنے زیور کا کرنا کیا ہے تم نے؟اس وقت ضرورت ہے مجھے ،ایسے وقت کے لیے ہی ہوتا ہے زیور۔”ظہیر نے ماتھے پر بل ڈال کر کہا۔
”آپ اپنی طرف کا زیور تو پہلے ہی بیچ چکے ہیں۔” اس نے پتی ڈالتے ہوئے پھیکی سی ہنسی سے کہا۔
”ہاں تو میری چیز تھی میں نے بیچ دی۔” اسے ظہیر کے لہجے میں وہ جھلاہٹ نظر آئی جو برہمی کا پیش خیمہ تھی۔ وہ برہمی جو اشتعال کا ہر اول دستہ تھی، وہ اشتعال جس سے سعدیہ کی جان نکلتی تھی۔ اس نے ہمت مجتمع کرکے کہا:
”لیکن میں اپنا زیور نہیں بیچوں گی۔ میرے ماں باپ کی نشانی ہے وہ۔”
سعدیہ کے دل نے اسے ٹھیک وارننگ دی تھی۔ ظہیر نے درشتی سے سعدیہ کا بازو پکڑ کر اسے جھٹکے سے اپنی طرف موڑا۔ سعدیہ کے ہاتھ سے پتی کا ڈبا گرتے گرتے بچا۔ اپنے آپ کو کھولتے پانی کے برتن سے بچاتے سعدیہ کی نظر احمد پر پڑی جو لائونج کے کھلے دروازے سے انہیں دیکھ رہا تھا۔ اس کی آنکھوں میں حیرت، خوف، تجسس سب کچھ تھا۔ سعدیہ نے ظہیر کی آنکھوں میں دیکھا، وہاں اسے شعلے بھڑکتے نظر آئے۔
”تو پھر تم بھی جائو گی اپنی ماں کے پاس۔” اس نے سعدیہ کے بازو کو جھٹکا دے کر کہا۔
”مجھے نہیں چاہیے ایسی بیوی جو آڑے وقت میرے کام ہی نہ آئے۔” غصے سے اس کے نقوش بگڑ رہے تھے۔ سعدیہ ڈر کر اپنے آپ میں سمٹ گئی۔
”کل صبح جا کر زیور لے کر آئو ورنہ میں تمہیں طلاق دے دوں گا۔” ظہیر نے اس کے بازو کو ایک مرتبہ پھر جھٹکا دیا اور اسے وہیں کھڑا چھوڑ کر چلا گیا۔ طلاق کا لفظ سعدیہ کو گولی کی طرح لگا۔ کتنی مرتبہ سن چکی تھی وہ یہ لفظ، یہ جملہ ”طلاق دے دوں گا۔” ہر مرتبہ اسے یوں لگتا جیسے اس کے دل میں کسی نے نئے سرے سے چھری گھونپ دی ہے۔ ہر مرتبہ اس لفظ کو سننے کی ذلت اسے اذیت کی نئی کھائی میں پھینک دیتی تھی۔ وہاں کھڑے کھڑے سعدیہ کو وہ تمام مواقع یاد آنے لگے جب اسے طلاق کی دھمکی دی گئی تھی۔ اس نے ان یادوں سے پیچھا چھڑانے کی کوشش کی مگر وہ کسی بلا کی طرح اسے چمٹ گئیں۔
اس کی نئی نئی شادی ہوئی تھی۔ اسے اچھی طرح یاد تھا ابھی صرف ایک ہفتہ ہی گزرا تھا ان کی رخصتی کو۔ اس کا دل ابھی تک ماں کے گھر میں اٹکا تھا۔ اس روز امی نے انہیں رات کے کھانے پر بلایا تھا اور دبی زبان سے اسے رات رکنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔ وہ بھی رکنا چاہتی تھی۔ اس نے ظہیر سے کہا، وہ خاموش ہوگیا۔ وہ تو کم عمر تھی، ظہیر کے موڈ کو نہ پہچان سکی مگر امی سمجھ گئیں۔ اس کے بعد انہوں نے اسے رات رکنے کا نہ کہا۔ وہ بھی اپنی دھن میں مگن خوش خوش امی کے گھر سے واپس۔
”کتنا دل تھا میرا آج امی کے گھر رکنے کا۔” اس نے چوڑیاں اتارتے ہوئے کہا:
”آپ نے رکنے ہی نہیں دیا۔”
ظہیر قدم بڑھا کر اس کے پیچھے آکھڑا ہوا۔ سعدیہ نے سر اٹھا کر مسکراتے ہوئے ڈریسنگ ٹیبل کے آئینے میں اسے دیکھا۔ اس کے تاثرات دیکھ کر اس کی مسکراہٹ منجمد ہوگئی۔
”اتنا ہی شوق ہے ماں کے گھر رہنے کا تو پھر جائو، وہیں رہو… یہاں آنے کی کیا ضرورت تھی؟”
”میں نے یہ تو نہیں کہا۔” سعدیہ نے اٹکتے ہوئے کہا۔
”نہیں نہیں! کہہ دو بے شک۔” ظہیر نے طنز سے کہا۔
”میں اور میرا گھر پسند نہیں، ماں بہن سے بہت پیار ہے تو بے شک چھوڑ دو مجھے۔ طلاق لے لو اور چلی جائو۔”





اس لفظ کو سننے کی تکلیف سعدیہ اب بھی محسوس کرسکتی تھی۔ وہ تیزی سے ظہیر کی طرف پلٹی۔
”آپ طلاق دے سکتے ہیں مجھے؟” اس نے کانپتی آواز میں بے یقینی سے پوچھا۔
”ہاں! مجھے کوئی پرابلم نہیں یہ تمہاری چوائس ہے۔” ظہیر نے سرد لہجے میں کہا۔ سعدیہ روتے ہوئے ظہیر سے لپٹ گئی۔
”نہیں مجھے طلاق نہیں چاہیے۔ میں پیار کرتی ہوں آپ سے۔ مجھے کبھی طلاق مت دینا۔” اس نے روتے ہوئے کہا۔
اور اس التجا کے ساتھ اس نے اپنی دکھتی رگ ظہیر کے ہاتھ میں دے دی۔ اس کے بعد اسے کتنی مرتبہ طلاق کی دھمکی سننا پڑی، اب تو وہ گنتی بھی بھول گئی تھی۔ مگر یادیں تھیں کہ اسے وہ تکلیف بھولنے کا موقع نہیں دیتی تھیں۔
اسے وہ دن یاد آیا جب اس کی شادی کے تین مہینے بعد ظہیر کی ماموں زاد بہن کی شادی آئی۔ سعدیہ نے اپنے جہیز کا سب سے خوب صورت سوٹ نکالا، اپنے سارے کپڑوں میں سے یہ اس کا پسندیدہ سوٹ تھا۔ اس نے بیسیوں چکر لگائے کام والے درزی کے پاس، پھر کہیں جا کر اس کی مرضی کا سوٹ بنا۔ قریبی شادی تھی اس لیے اس نے بڑے چائو سے یہ سوٹ اور میچنگ جیولری نکالی۔ اسی وقت اس کی نند فریحہ کسی کام سے اس کے کمرے میں آئی۔
”ہائے! کتنا خوب صورت ڈریس ہے بھابھی” اس نے فدا ہوکر کہا۔
”ہے نا؟ میں نے خود ڈیزائن کیا ہے۔” سعدیہ خوش ہوگئی۔
”میرا تو مسئلہ حل ہوگیا بھابھی۔ اتنے دنوں سے اس فکر میں تھی کہ فرسٹ کزن کی شادی میں میرے کپڑے سب سے اچھیہونے چاہئیں۔ اب یہ پہنوں گی… دے دیں گی نا آپ؟” فریحہ نے خوشی سے پوچھا۔ سعدیہ کی مسکراہٹ پھیکی پڑ گئی۔ اس نے مدد طلب نگاہوں سے بستر پر نیم دراز ظہیر کو دیکھا۔
”ہاں ہاںچ یہ بھی کوئی پوچھنے کی بات ہے؟تم رکھ لو یہ ڈریس فریحہ بلکہ سعدیہ اس کے ساتھ کی جیولری بھی دے دو فریحہ کو۔” ظہیر نے فراخ دلی سے کہا۔فریحہ خوشی سے کھل اٹھی۔ اس نے سعدیہ کے ہاتھ سے ڈریس لے لیا۔
”تھینک یو بھائی، جیولری ابھی آکر لے لوں گی، امی کو سوٹ دکھا آئوں۔”
فریحہ دروازہ کھول کر نکل گئی۔ سعدیہ دھواں دھواں چہرے کے ساتھ وہیں کھڑی رہ گئی۔
”تم نے منہ کیوں بنا لیا؟ اتنا چھوٹا دل ہے تمہارا؟ ایک سوٹ کے پیچھے موڈ دکھا رہی ہو؟” ظہیر نے ناگواری سے کہا۔سعدیہ نے مسکرانے کی کوشش کی:
”نہیں تو، کوئی بات نہیں۔”ظہیر نے سر ہلایا اور سختی سے کہا:
” میرے لیے ماں باپ اور بہن بھائی ہر چیز سے بڑھ کر ہیں۔ تمہیں اگر یہ معمولی چیزیں ان سے زیادہ عزیز ہیں تو اس گھر میں تمہاری کوئی جگہ نہیں۔ طلاق لو اور چلی جائو واپس۔”
یہ ان ٹھوکروں کی ابتدا تھی جو اس سفر میں قدم قدم پر سعدیہ کی منتظر تھیں۔ ان ٹھوکروں میں اس کی ساس نے بھی بہ قدر توفیق حصہ ڈالا تھا۔
”دو گھنٹے بیٹھی رہی رضیہ خالہ،تمہاری بیوی نے اپنے کمرے سے قدم تک نہیں نکالا۔” سعدیہ کے کانوں میں اپنی ساس کی آواز گونجی۔ ظہیر کے دفتر سے آتے ہی وہ عدالت لگا کر کھڑی ہو جاتی تھیں۔
ظہیر نے غصے میں سعدیہ کو خشمگیں نظروں سے گھورا۔ سعدیہ سہم گئی۔ بڑی بری عادت تھی اس کی ذرا سی بات پر سہم جاتی تھی۔ ذرا سی دھمکی سے ڈر جاتی تھی۔ اس نے معذرت خواہانہ انداز میں اپنی صفائی پیش کی۔
”امی مجھے تو پتا نہیں تھا کہ وہ آئی ہوئی ہیں، مجھے کسی نے نہیں بتایا۔”اس نے ڈرے ڈرے لہجے میں کہا۔
”ہاں تو یہ تمہارا فرض نہیں کہ گھر میں آئے گئے کا خیال رکھو؟ تمہیں دعوت نامے بھیجے جائیں کہ مہارانی آئو، مہمانوں کو اپنی زیارت کرائو؟” اس کی ساس نے ڈپٹ کر کہا۔سعدیہ نے لجاجت سے کہا:
”امی آپ مجھے بتا دیتیں تو…”اس کی بات پوری نہ ہوسکی، اس کی ساس نے تیوریاں چڑھا کر کہا:
”لو!… اب یہ میرا قصورہے، دیکھ رہے ہو ظہیر اپنی بیوی کا رویہ؟ یہ کرتی ہے یہ ہمارے ساتھ۔”
سعدیہ روہانسی ہوگئی
”میں نے تو…”
”معافی مانگو امی سے!”ظہیر نے غصے سے اس کی بات کاٹ دی۔
سعدیہ پھٹی پھٹی نگاہوں سے اسے دیکھتی رہی، پھر کم زور سے لہجے میں بولی:
”ظہیر میں اوپر اپنے کمرے میں تھی، مجھے مہمانوں کے آنے کا پتا نہیں چلا، مجھے کسی نے بتایا ہی نہیں۔”
”معافی مانگو۔” ظہیر نے دھاڑ کر کہا،سعدیہ کی روح فنا ہوگئی۔
”سوری… سوری امی۔” اس نے کانپتی ہوئی آواز میں کہا لیکن ظہیر کا غصہ ابھی ٹھنڈا نہیں ہوا تھا۔ اس نے چیخ کر کہا:
”آئندہ شکایت نہ ملے مجھے ورنہ طلاق لے کر گھر جائو گی۔”
کتنی عجیب بات تھی، اسے حکم دیا جاتا تھا کہ اس گھر کو اپنا گھر سمجھ کر رہے اور پھر بات بات پر اسے گھر بھیجنے کی دھمکی دی جاتی تھی۔
اس کے میکے یا دوستوں کی طرف سے کوئی بلاوا آتا تو ایک ہی جملہ سننے کو ملتا:
”جائو! واپس نہ آنا۔”
آہستہ آہستہ اس نے ہر جگہ جانا چھوڑ دیا۔ پھر طعنہ ملنے لگا تم آلسی ہو، باہر کی لڑکیاں تو بڑی طرح دار ہیں۔ تمہیں طلاق دے دوں گا، ان میں سے کوئی گھر لے آئوں گا۔” اس کا دل چاہا کہ پوچھے:
”گھر لا کر ان کے ساتھ بھی یہی سلوک کرو گے؟” لیکن برا ہو اس ڈر کا جو اسے قدرت نے بے حساب عطا کیا تھا۔ وہ ڈرتی تھی، وہ ڈراتا تھا۔
”گرم کھانا کھانے کی عادت ہے مجھے۔ بندہ سارے دن کا تھکا ہاراگھر آئے اور ٹھنڈا کھانا کھائے؟” وہ طیش میں آکر کہتا۔
ایک دن اس کے انتظار میں اس کی آنکھ لگ گئی۔ ان دنوں ویسے بھی اس کا آٹھواں مہینہ تھا، وہ خود اپنے آپ سے بے زار تھی۔ کھانا ٹھنڈا ہوگیا، وہ بھوکی ہی سو گئی۔
”کھانا گرم کھانے کی عادت ہے مجھے۔” ظہیر نے آکر اسے اٹھایا اور غصے سے اسے تنبیہہ کی۔
”سوری! میری آنکھ لگ گئی تھی۔” وہ سوتے سے اٹھتی ہوئی مجرمانہ انداز میں بولی۔
”سارا دن کرتی کیا ہو تم؟کیا فائدہ ایسی بیوی کا جو مجھے تازہ روٹی تک نہ دے سکے؟ ایسی بیوی کو تو گھر بھیج دینا چاہیے۔” ظہیر نے دھاڑتے ہوئے کہا۔
”پلیز ظہیر! چھوٹی چھوٹی باتوں پر اتنا غصے میں نہ آیا کریں۔” اس نے تھکن سے چور التجائیہ انداز میں کہا۔




Loading

Read Previous

میں بے زباں —- رفا قریشی

Read Next

آم کے آم — فہمیدہ غوری

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!