بے غیرت — دلشاد نسیم

پورے گاؤں کو سانپ سونگھ گیا۔ پنچایت کا فیصلہ تھا ہی ایسا… شاید ہی کوئی گھر ہو جس کا چولہا جلا ہو۔ ہر طرف سناٹا ہی سناٹا تھا۔ نہ اس شام پیپل کے درختوں کے نیچے حقہ گرم ہوا نہ کسی نے ہیر گائی۔ جمع سب ہوئے لیکن ’’ہک ہا‘‘ کہہ کر ایک دوسرے کو دیکھتے، ہاتھ ملتے رہے اور بس۔
رخشی کا رو رو کر برا حال تھا۔ زلیخاں اس کو غصے سے گھورتی دانت پہ دانت جما کر کہہ رہی تھی:
’’مرن جوگے ایسا نہ ہو تیرا باپ صفیہ کے ساتھ ساتھ تجھے بھی جان سے مروا دے۔‘‘
’’تو مروا دے… مجھے کیوں نہیں مرواتا میں بھی تو عبداللہ سے محبت کرتی ہوں۔‘‘ رخشی نے تنک کر جواب دیا۔
’’بکواس نہ کر۔‘‘ ماں نے زور دار تھپڑ رخشی کے گال پہ مارا۔ لیکن وہ اپنی جگہ سے ہلی تک نہیں۔
’’کیوں؟ میں نبی بخش کی بیٹی ہوں اس لیے مجھے کاری کی سزا نہیں ملے گی؟‘‘
’’بے وقوفے تو عبداللہ کی بچپن کی منگ ہے، اس لیے یہ محبت و حبت کا بھوت اتار دے سرسے۔‘‘ ماں نے ماتھا پیٹتے ہوئے کہا۔
رخشی نے ماں کے غضب کے تیور دیکھے تو نرمی سے بولی:
’’اماں تیرے سینے میں تو عورت کا دل ہے ناں! ذرا دل پہ ہاتھ رکھ اور بتا… یہ کہاں کا انصاف ہے کہ ایک لڑکی کو کسی پاگل کے پلے باندھ دیا جائے اور وہ احتجاج بھی نہ کرے۔ یہ نہ سوچ وہ پاگل تیرا بیٹا ہے۔ خدا کے لیے آپا کو بچالے اماں…‘‘ اس نے ہاتھ جوڑے مگر ماں نے اس کو قہرآلود نظروں سے دیکھا۔ اس وقت وہ محض عورت نہیں تھیں، زلیخاں نہیں تھیں صرف ایک پاگل بیٹے لاڈلے کی ماں تھیں۔ نبی بخش کی بیوی تھیں۔ زمین دار نبی بخش کی بیوی، جس کی پنچایت کا فیصلہ الٰہی مہر ہوتا تھا۔ کسی نے کبھی اس فیصلے کی حکم عدولی نہیں کی تھی تو زلیخاں کی کیا مجال تھی، گائوں بھر میں پھیلے سناٹے کی چاپ کو زلیخاں اپنی حویلی کی راہ داری میں محسوس کررہی تھیں۔ نوکر اسی طرح اپنے کاموں پر معمور تھے۔ مگر خاموش اور غم زدہ برسوں پرانی ملازمہ ماسی خیراں نے آج کھانا بھی نہیں کھایا تھا۔
زلیخاں کو شبہ تھا کہ خیراں نے کھانا کیوں نہیں کھایا۔ اس نے پوچھا تو خیراں نے اپنی جھریوں والی آنکھیں میچیں اور دکھ سے بولیں:
’’برسوں حویلی کا نمک کھایاپر دل پتھر نہیں ہوا۔ پتھر ہوتا تو کچھ کھا لیتی…‘‘
’’خیراں تم بیمار رہتی ہو… دوا کھانی ہو گی۔‘‘ اماں نے فکرمندی سے کہا۔
’’خیراں کی خیر ہے زلیخا بی بی… اسے کیا ہونا ہے۔‘‘ خیراں نے سرد آہ بھر کر کہا۔





’’یہ دوا دارو سارے ایویں ہیں، جب مولا نے لے کے جانا ہے تو لے جانا ہے، اس نے کون سی عمر شمر دینی ہے۔ کسی کی موت کا کبھی کوئی حیلہ بن جاتا ہے اور کبھی کوئی وسیلہ بن جاتا ہے۔‘‘ زلیخاں خیراں کی بات سمجھ گئی تھی اس کے تن بدن میں آگ لگ جاتی ہے کہ اس کو ستانے کے لیے ایسا کہہ رہی ہے مگر خیراں عمر کے جس حصے میں تھی اس کو اب یہ فکر نہیں رہی تھی کہ اس کا کاٹ دار باتوں سے کوئی نقصان ہو گا۔ وہ بولے گئی۔
’’بہت مہربانی دھیے، ورنہ ہم غریبوں کا کون خیال کرتا ہے۔‘‘
زلیخاں نے کچھ کہا نہیں، رنگین کرسی جس پر شیشے کا کام ہوا تھا، یہ کرسی ایسی جگہ پر رکھی تھی جہاں حتی الامکان حویلی کو دیکھا جاسکتا تھا۔ زلیخاں ہول ناک خاموشی سے گھبرا کر بولی:
’’بہت خاموشی ہے خیراں… لاڈلا سو گیا کیا؟
’’جی سو گیا… فرید کہہ رہا تھا آج اس نے بہت تنگ کیا تھا۔ دوائی دی تب سویا تھا۔‘‘ خیراں سپاٹ لہجے میں اسے بتا رہی تھی۔
زلیخاں کے چہرے پہ دکھ کے نمایاں تاثرات تھے۔ اس نے افسردگی سے کہا:
’’سوچا تھا صفیہ آجائے گی تو میری فکر بانٹ لے گی، مگر اس نے تو ایسا چاند چڑھایا کہ بس! مرحوم اللہ بخش بھائی کی روح تڑپ گئی ہو گی…‘‘ خیراں نے سر ہلایا۔ کہا کچھ نہیں۔ زلیخاں بے چین ہوکر اٹھی۔ وہ آہستہ آہستہ چلتی جارہی تھی… جیسے روح پھر رہی ہو۔ نبی بخش ابھی مرنے سے واپس نہیں آیا تھا۔
لاڈلے کے کمرے کے باہر فرید پہرا دیا کرتا تھا۔ لاڈلے کا کیا بھروسہ کب اُٹھ جائے اور شور مچا دے؟ کب اس کو کچھ کھانے کو دل چاہے اور کب…؟
فرید نے ایک طرف ہوکر ادب سے سرجھکا کر زلیخا کو راستہ دیا۔ لاڈلا معصومیت کی تصویر بنا آنکھیں بند کیے پڑا تھا۔ چھبیس سال کے نوجوان کا ذہن سات آٹھ سال کے بچے سے زیادہ نہیں تھا۔ وہ کبھی کبھی سوتے میں سسکنے لگتا اور اس کا سارا جسم ہل جاتا۔ زلیخاں کی ممتاز تڑپ اٹھتی۔
’’کاش میں تیرے لیے خوشیاں خرید کے لا سکتی میرے لاڈلے۔ کاش اللہ نے مجھے ایسی آزمائش میں نہ ڈالا ہوتا۔ تو بھی عام لڑکوں کی طرح پڑھ لکھ کر پنچایت میں بیٹھتا۔ پھر تو خاص ہو جاتا۔ نبی بخش کا بازو، میری جان! تجھے لاڈلا کوئی نہ کہتا تو حبیب اللہ ہوتا… چودھری حبیب اللہ۔‘‘
زلیخاں کے آنسو بسکٹی چادر کی تہوں میں ڈوب گئے۔
صفیہ سے تیرا ہاتھ مانگتی تو چراغاں ہو جاتا، وہ تیری دلہن بن جاتی۔ پورے گائوں میں بتاشے بانٹتی تو… تو…‘‘ زلیخاں کی آواز بھرا گئی۔ اس نے لاڈلے کے بال سنوارے اور اٹھ گئی۔
٭…٭…٭
رات گہری ہوتی جارہی تھی۔ صفیہ نے اپنے پیروں کو دیکھا اور سوچا۔
’’جو زنجیر آج میرے پیروں میں بندھی ہے کوئی وقت کے پیروں میں بھی باندھ دے۔ میں اپنے راجے بھائی عبداللہ کے پاس دوچار گھڑیاں اور گذار لوں۔‘‘ صفیہ کی آنکھوں میں آنسو آگئے۔ اس نے عبداللہ کے بالوں میں اپنی انگلیوں سے کنگھی کی اور کہا:
’’یہ کبھی نہ سوچنا کہ تُو نے آپا کو مار دیا ہے، بلکہ یہ سوچنا کہ غیرت نے بے غیرتی کو ماردیا۔ میں نے کوئی اچھا کام تھوڑی کیا ہے، روایت توڑی ہے… روایت! چاچے کے پاگل بیٹے سے بچپن کی منگنی توڑ کے ماسٹر جیسے سمجھ دار کے ساتھ بھاگ کر شادی کے خواب دیکھے، یہ تو گناہ ہے… سزا تو ملنی تھی۔‘‘
عبداللہ خاموش تھا۔ صفیہ کی گود میں سر رکھے وہ کسی اور دنیا میں تھا جب کہ صفیہ کا چہرہ آنسوئوں سے تر تھا۔ چوبیس سال کی صفیہ اور صرف چوبیس منٹوں کی مہمان کی تھی دنیا میں… موت کے چوبیس منٹ بہت بھاری تھے۔ اسے یہ بھی دکھ تھا کہ اس کے جانے کے بعد اس کے بھائی کا کیا ہو گا۔
اس لیے تو وہ عبداللہ سے کہہ رہی تھی کہ رخشی سے شادی کر لینا۔ عبداللہ کی آنکھوں سے آنسو نکلا اور محبت کرنے کے جرم میں کاری ہونے والی بہن کی گود میں گر گیا۔
صفیہ نے محبت سے بوجھل اور موت کے غم سے ٹوٹتی آواز میں کہا تھا:
’’رخشی تیرا بہت خیال رکھے گی، کیا ہوا جو وہ لاڈلے کی بہن ہے۔ یہ تو قسمت کی بات ہے عبداللہ کہ میں تیرے سہرے کے گیت نہیں گاسکوں گی۔ تیرا ماتھا چوم کر سدا خوش رہ نہیں کہہ سکوں گی… پر میرے بعد اگر کوئی تجھے چاہتا ہے تو… تو…‘‘ صفیہ کی آواز بھرا گئی اور وہ سانس لے کر بولی:
’’وہی تو ہے، وہی جانتی ہے میرے بھائی کو کیا پسند ہے اور کیا ناپسند۔‘‘ مگر عبداللہ کچھ اور ہی سوچ رہا تھا۔
’’میں آپا کو کیسے گولی مار سکتا تھا… کیسے؟ اپنی آپا کو اپنے سامنے کیسے تڑپتا دیکھ سکتا تھا۔‘‘
عبداللہ نے سر اٹھا کر دیکھا آپا کی آنکھیں خشک تھیں۔ اس نے بے ساختہ صفیہ کا ہاتھ چوم لیا۔
’’آپا… مجھے معاف کردینا، تیرے ہاتھوں کا لگا پودا ہوں۔ تیرا طفیل… مجھے تو اماں ابا کا چہرہ تک یاد نہیں… تو ہی میرے لیے ماں ہے، تو ہی باپ۔ مگر یہ پنچایت کا فیصلہ ہے، مجھے معاف کردینا۔‘‘ صفیہ کمال ضبط سے مسکرا رہی ہے۔
’’آپا مجھے یاد ہے جب بہت چھوٹا سا تھا تو میرے لیے ہینڈ پمپ چلاتی اور میں شرارت سے ہاتھ پر پانی کی دھار دیکھتا رہتا… پانی کا فوارہ بنتا اور میں ہنستا۔ تو نے کبھی نہیں کہا بس کر عبداللہ میرا ہاتھ تھک گیا ہے۔‘‘ وہ اب بھی روتے ہوئے کہہ رہا تھا۔
صفیہ بھی اس ہینڈ پمپ کے فوارے کے چکر میں گم ہوگئی۔ رات کی سیاہی میں جانے کس نقطے میں صفیہ کھو گئی۔ کہنے لگی:
’’وہ کبھی تھکتی تو کہتی اور وہ یاد ہے جب میں توے کو چولہے سے اتارتی اور تم چمٹے کو الٹے توے پر لگا کر کہتے دیکھو آپا ستارے بن گئے ہیں۔‘‘ صفیہ نے آنکھیں بند کرلیں اور دکھ سے بولی:
’’اب وہ تو سارے ستارے آنسو بن گئے ہیں اور کیسے نہ بنتے جب ہم اصولوں کے خلاف چلیں گے، قانون قدرت کو للکاریں گے تو غضب تو ڈھایا جائے گا ناں۔‘‘
عبداللہ اٹھ کر بیٹھ گیا۔
’’کون سا غضب… کیسا قانون… آپا…؟‘‘
صفیہ خاموش رہی اور مسکرا دی
’’ابھی تو چھوٹا ہے بڑا ہو جائے گا تو تجھے بھی یقین آجائے گا تو نے جو کیا اچھا کیا۔ میرا مرجانا ہی اچھا ہے میری جان اور باتیں کرتے کرتے مگر اس کی سوچوں میں اٹھارہ سال کی صفیہ آگئی جس کو اپنی گڑیا سے بہت پیار تھا، جو اس کے دکھ سکھ کی ساتھی تھی۔ وہ چہرے پہ عشق کا نور اور آنکھوں میں محبوب کی محبت سے جدا ہونے کا دھڑکا گنگنایا کرتی تھی۔
دل وج شوق ملن دا
تیرے دی چڑھی
کنڈے اتے مہر ماں وے میں کدوں دی کھڑی… کھڑی
وہ گڑیا کو سینے سے لگائے مسلسل ایک ہی لفظ کی گردان کیے جارہی تھی۔
دل وچ شوق ملن دا
ہنیری عشق دی چڑھی
عبداللہ نے شرارت سے آکر گڑیا جھپٹی اور ہنسنے لگا۔
صفیہ نے جلدی سے اس کے ہاتھ سے گڑیا لینی چاہی تھی مگر عبداللہ کے لیے وہ بے جان سی گڑیا کے علاوہ کیا تھی بھلا؟ مگر صفیہ کی تو وہ سہیلی تھی۔
’’دیکھ اس کو کچھ مت کہنا یہ میری سہیلی ہے۔ میرے دکھ درد کی ساتھی…‘‘ صفیہ چیخ کر بولی۔
چھوٹا سا عبداللہ رک گیا، پریشان ہوگیا اور آپا سے روہانسی انداز میں پوچھنے لگا۔
’’آپا تجھے کیا درد ہے، کبھی تو نے بتایا ہی نہیں۔‘‘ صفیہ کی آنکھیں نم ہوگئیں۔
’’سارے درد بتانے والی تھوڑی ہوتے ہیں۔ جس کو سہے جائو۔ سہے جائو۔ ٹھیک تھوڑی ہوتے ہیں۔‘‘
عبداللہ کے چہرے پر غضب ناک غصہ تھا۔
’’مجھے معلوم ہے…تجھے لاڈلے کی وجہ سے پریشانی رہتی ہوگی۔ دیکھنا میں اس پاگل سے تیری شادی نہیں ہونے دوں گا۔ کبھی بھی نہیں۔‘‘ اس نے انگلی اٹھا کر کہا۔معصوم نے اپنی دانست میں بہت عقل کی بات کی تھی۔
صفیہ حیران رہ گئی۔ اس نے لاڈلے کے بارے میں کبھی سوچا ہی نہیں تھا۔ وہ تو عشق کے سمندر میں ڈوبی ہوئی تھی۔ اسے یاد ہی نہیں یہ روگ بھی تو اس کے جان کو لگا ہوا ہے۔
’’آپا میں تیری شادی لاڈلے سے نہیں ہونے دوں گا۔ دیکھنا تو دل چھوٹا نہ کر۔ دفع کر گڑیا کو۔ اس کو دکھ درد کہنے کا کیا فائدہ۔ لاڈلا؟ واقعی بڑی دوراندیشی کی باتیں کر رہا تھا۔ یہ کوئی صلاح تھوڑی دے سکتی ہے۔ دکھ اس سے کہہ جو بتائے… بتائے کہ درد کا علاج کیا ہے۔‘‘صفیہ کا دل بھر گیا۔
’’ہائے میرا بھائی اتنا سیانا ہوگیا ہے۔ ‘‘عبداللہ خوش ہوکر چوڑا ہوگیا۔
صفیہ نے پیار سے عبداللہ کو گلے لگایا اور پاس بٹھا کر کہنے لگی:
’’مجھے ڈر لگتا ہے۔ میں نے درد کہہ دیے تو یہ زیادہ نہ ہو جائیں۔




Loading

Read Previous

حاضری — کنیز نور علی

Read Next

آبِ حیات — قسط نمبر ۶ (حاصل و محصول)

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!