معین اختر:صدائے ظرافت اب نہ آئیں گے پلٹ کر۔۔۔ ۔ شاہکار سے پہلے

لوز ٹاک اور ٹی وی شو

اے آر وائی ڈیجیٹل پر ایک شو شروع ہوا جس کا نام لوز ٹاک تھا۔ شعیب چوکلہ اس پروگرام کے ہدایت کار تھے۔ انور مقصود اس کے میزبان تھے اور انہوں نے ہی اس کا سکرپٹ لکھا تھا مگر جو کردار ان کے سامنے بیٹھا ہوتا وہ سب سے مختلف تھا۔ ۔وہ روزانہ ایک نئے چہرے اور ایک نئے انداز میں شائقین کے سامنے آتا اور ہنسی مذاق میں معاشرے کی سچائیاں، برائیاں، حکومت کی ناکامیاں, اور سیاستدانوں کی چالاکیاں پیش کرتا۔ وہ معین اختر تھا جس نے اس پروگرام کی چار سو سے زائد اقساط میں چار سو مختلف کردار نبھائے اور حیرت کی بات یہ تھی کہ ہر کردار کا مختلف روپ تھا۔ الگ آواز تھی، اور مختلف لہجہ تھا۔ اس شخص نے اس شو میں کمال کر دکھایا۔
لوز ٹاک کا سکرپٹ کبھی معین اختر کو پہلے نہیں دیا جاتا تھا۔ وہ جیسے ہی اسٹوڈیو پہنچتا وہاں موجود انورمقصود اسے ایک سکرپٹ پکڑا دیتے اور وہ صرف ایک یا دو گھنٹوں میں مکمل سکرپٹ پڑھ کر، میک اپ کرکے شائقین کے سامنے پہنچ جاتے۔ وہ اپنے ہر کردار میں ڈوب جاتے تھے۔ اس حوالے سے ان کا کہنا تھا۔
‘‘اگر میرا موڈ پروگرام کرنے کا نہ ہو تو میں انور بھائی سے کہہ دیتا ہوں، وہ کہتے ہیں آج شو نہیں کریں گے کیونکہ موڈ نہیں تو کردار ٹھیک سے نبھایا نہ جاسکے گا۔’’ اس شو نے بھی معین اختر کے ہر شو کی طرح مقبولیت کے ریکارڈ توڑ دئیے۔ اس شو کی کچھ اقساط بیرون ممالک میں بھی شوٹ کی گئی تھیں۔ معین اختر نے اس شو کے بارے میں کہا تھا:
‘‘اپنے کئے کی تعریف نہیں کی جاتی مگر جب میں لوگوں کی زبانی اس کی تعریف سنتا ہوں اور پھر اسے دیکھتا ہوں تو میں صرف یہ سوچتا ہوں کہ مجھے خدا کی طرف سے یہ صلاحیت تحفے میں ملی ہے۔’’
لوز ٹاک کو اس کے تھیم کی وجہ سے بہت پسند کیا جاتا تھا۔ اے آر وائی کو اوائل دنوں میں مقبول چینل بنانے میں لوز ٹاک کا بڑا ہاتھ ہے۔
لوز ٹاک کے علاوہ سلمان اقبال کی فرمائش پرمعین اختر نے اے آر وائی پر ایک اور پروگرام کیا جس کا نام تھا ‘‘کیا آپ بنیں گے کروڑ پتی؟’’ اس شو پر تنقید کی گئی کہ یہ انڈین شو ‘‘کون بنے گا کروڑ پتی’’کی کاپی ہے مگر معین اختر نے ہمیشہ یہی جواب دیا کہ ۔۔۔
‘‘معین اختر اور امیتابھ بچن میں فرق ہے۔ وہ اپنا شو کرتا ہے میں اپنا کرتا ہوں۔’’
اس کے علاوہ معین اختر نے جو باقاعدہ ٹی وی شو کئے وہ مندرجہ ذیل ہیں۔
٭یس سر ،نوسر
٭آپ کا انور مقصود
٭معین اختر شو
٭ہاف پلیٹ
٭فیملی93
٭ہیلو ہیلو
٭ڈالر مین
٭ٹی وی کامیڈی شو (بکرا قسطوں پہ)

معین اختر ،انور مقصود، اور بشریٰ انصاری، یہ تین چہرے ایک زمانے میں ٹی وی کی جان سمجھے جاتے تھے۔ معین اختر اور بشریٰ انصاری کی جوڑی تو اتنی مشہور تھی کہ جب یہ اسٹیج پر ہوتے تو کسی کو بولنے کی ہمت نہ تھی۔
پاکستان میں تو یہ سب تھا ہی مگر انڈیا میں بھی اکشے کمار اور جونی لیور جیسے مشہور اداکار معین اختر کو استاد مانتے تھے۔ چونکہ معین اختر کو کئی زبانوں پر عبور حاصل تھا جن میں انڈیا کی علاقائی زبانیں بھی شامل تھیں اس لئے معین کو انڈیا میں بہت عزت ملی مگر انہوں نے وہاں کسی بھی فلم میں اداکاری کرنے سے انکار کردیا۔

٭٭٭

Loading

Read Previous

ولیم شیکسپیئر ۔ شاہکار سے پہلے

Read Next

 محمد علی ۔ شاہکار سے پہلے

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!