پی ٹی وی
معین اختر کو سٹیج پر شو کرتے ایک سال بیت گیا تھا۔ اب یہ اس کیلئے باقاعدہ ایک کمائی کا ذریعہ بن چکا تھا۔ یہی نہیں بلکہ وہ ایسے ایونٹس کا ایک جانا پہچانا چہرہ تھا۔ انہی دنوں معین کی ملاقات سنتوش رسول سے ہوئی۔ وہ معین کے ٹیلنٹ سے بہت متاثر ہوا۔اس نے اسے ٹی وی پر کام کرنے کی دعوت دی اور معین کو پی ٹی وی کے پروڈیوسر اور ڈائریکٹر سید امیر امام سے متعارف کروایا اور کہا:
‘‘معین ایک زبردست اسٹیج آرٹسٹ ہے۔ آپ اسے موقع دیں بلکہ اداکاری کروائیں۔’’۔سید امیر امام نے معین کو چانس دیا اور کیمرے کے سامنے آڈیشن دینے کا کہا۔ ان دنوں اداکاروں کی نقالی کرنے والے فنکاروں کو زیادہ اہمیت نہیں دی جاتی تھی۔ 1967ء میں پہلی بار معین نے کیمرہ دیکھا۔ وہ صرف سولہ سال کا تھا۔ اسے سمجھ نہیں آئی وہ کیا بولے۔اس نے اپنا مخصوص ٹیلنٹ دکھانا شروع کردیا۔ پہلے وحید مراد کی نقل اتاری پھر محمد علی کی۔ سید امیر امام کا موڈ بگڑ گیا۔ انہوں نے میز پر زور سے ہاتھ مارکرکہا:
‘‘میں نے تمہیں یہ دکھانے کیلئے یہاں نہیں بلایا۔ اگر مجھے وحید کی ضرورت ہوئی میں اسے بلاؤں گا، اگر مجھے محمد علی کی ضرورت ہوئی میں اسے بلاؤں گا۔ تمہیں وحید یا محمد علی بننے کی ضرورت نہیں۔’’ا س کے ساتھ انہوں نے کئی سخت باتیں معین کو سنا دیں مگروہ چپ چاپ برداشت کر گیا اور صرف اتنا کہا:
‘‘سوری سر، میں کیمرے کے سامنے پہلی بار آیا ہوں اور مجھے نہیں پتہ کیا کرنا ہے۔ آپ سمجھا دیں۔’’ وہ نرم پڑ گئے اور بولے:
‘‘اپنا ٹیلنٹ دکھاؤ۔ اپنی اداکاری دکھاؤ۔ یہ نقالی کی ضرورت نہیں۔’’ لیکن معین اپنے اسی ٹیلنٹ کو ظاہر کرناچاہتا تھا اس لئے اگلے کئی برس تک وہ پی ٹی وی پر بس کامیڈی شو کرتا رہا۔ اس کا پہلا ڈرامہ ‘‘انتظار فرمائیے’’ 1975ء میں پی ٹی وی کی پروڈکشن میں بنا جسے اطہر شاہ خان نے لکھا۔ اس ڈرامے میں اطہر شاہ خان کا کردار”مسٹر جیدی” بہت مشہور ہوا اور وہ اسی نام سے جانے جاتے تھے۔ معین اختر نے اس ڈرامے میں راجہ پہلوان کا کردار ادا کیا تھا۔ اس کے بعد معین نے اداکاری میں باقاعدہ اپنے جوہر دکھائے۔ انہوں نے کئی مشہور پی ٹی وی ڈراموں میں کام کیا۔ وہ اپنے مزاحیہ ڈراموں کی وجہ سے ہر طرف جانے جاتے تھے۔ پاکستان میں ہی نہیں بلکہ انڈیا میں بھی ان کی شہرت پہنچ چکی تھی۔ انہوں نے جو جدوجہد کی تھی خدا نے اس کا صلہ دیا تھا۔ 1990ء تک انہوں نے بہت سے ڈراموں میں کام کیا مگر 1990ء میں انہوں نے ایک ایسے ڈرامے میں کام کیا جس میں انہوں نے سب کو حیران کر دیا۔ یہ ڈرامہ ان کے منفرد کردار کی وجہ سے مدتوں یاد رکھا جائے گا۔
٭٭٭