الف لیلہٰ داستان ۲۰۱۸ ۔ قسط نمبر ۲۱

چنانچہ حسن بدر الدین کو توالی گیا اور ماموں کے اغواء کا پرچہ درج کرایا۔ اس کے بعد وہ تمام رات شہر کے ہسپتالوں میں پھرتا رہا اور ماموں کو ڈھونڈتا رہا۔ بار بار کبھی زلیخا کو فون کرتا تھا، کبھی ماموں کو ۔ زلیخا فوراً فون اٹھا لیتی تھی اور ماموں کا فون بند ملتا تھا۔
بارے صبح کے قریب حسن بھوکا پیاسا، تھکا ہارا، ناکام و نامرا د گھر آیا تو دیکھا کہ نانی کی حالت بہت زار تھی، سخت غمناک و دلفگار تھی۔ ممانی کا رنگ زرد تھا، دل سرد تھا۔ زلیخا گوکہ انہیں بہت تسلی و تشفی دیتی تھی مگر اس کا اپنا حال بھی ان سے مختلف نہ تھا۔
حسن کو ناکام آتا دیکھ کر نانی مصروفِ گریہ وزاری ہوئی، شکار ِ پریشانی و بے قراری ہوئی۔ ممانی کی آنکھوں میں بھی آنسو آگئے۔ حسن بھی آبدیدہ ہوا، رنج و الم رسیدہ ہوا۔
اتنے میں پھاٹک کی گھنٹی بجی۔ نانی اچھل پڑی بے قرار ہوکر بولی۔ ‘‘میرا زاہد آگیا۔’’
حسن باہر کو بھاگا لیکن پھاٹک پر ماموں کے بجائے ڈاکیا کھڑا تھا۔ حسن اس سے خط لے کر اندر آیا۔
نانی نے چٹھی دیکھی تو گھبرا کر چلائی۔ ‘‘ یہ ڈاکوؤں نے تاوان کا مطالبہ بھیجاہے۔ جلدی سے کھول، حسن۔ مجھے بتا کتنے پیسے مانگے ہیں۔ میں اپنا زیور بیچ دوں گی، یہ گھر بیچ دوں گی۔ بس میرا زاہد صحیح سلامت رہے۔’’
حسن نے جلدی سے لفافہ چاک کیا۔ اور خط نکالا۔ خط پر پہلی نظر ڈالتے ہی اس کارنگ فق ہوگیا، کلیجہ شق ہوگیا۔ پھٹی پھٹی نظروں سے خط کو دیکھنے لگا۔
نانی نے بے قرار ہوکر کہا۔ ‘‘بولتا کیوں نہیں حسن؟ کیا لکھا ہے خط میں؟’’
حسن نے نظریں خط سے اٹھاکر نانی کو دیکھا اور کانپتی ہوئی آواز میں کہا۔ ‘‘ماموں ۔۔۔ ماموں ۔۔۔’’
نانی نے جگر تھام لیا۔ دلدوز آواز میں چلائی‘‘ ہائے میرا زاہد۔۔۔’’
زلیخا نے لرزتی آواز میں کہا۔ ‘‘ کیا ہوا ابا کو؟’’
حسن نے ایک نظر دادی پر ڈالی، دوسری زلیخا پر۔ پھر مدھم آواز میں بولا۔ ‘‘ ماموں ۔۔۔ماموں نے نسیمہ باجی سے شادی کرلی۔’’

۔۔۔۔۔۔۔

اتنے میں شمع ء کا فوری جھلملانے لگی اور موٗذن کی صدا مسجدوں سے آنے لگی۔ شہر زاد نے کہا: ‘‘اگر حیاتِ مستعار باقی ہے اور تن میں جانِ زار باقی ہے تو کل عرض پر داز ہوں گی، ہمدم و ہمساز ہوں گی۔’’ بادشاہ نے اقرار کیا کہ:‘‘ خدا اور خدا کا رسول گواہ ہے کہ جب تک یہ پورا قصہ اور ساری کہانی تیری زبانی سن نہ لوں گا، ہر گز ہر گز قتل کا حکم نہ دوں گا۔’’

(باقی آئندہ)

Loading

Read Previous

الف لیلہٰ داستان ۲۰۱۸ ۔ قسط نمبر ۲۰

Read Next

الف لیلہٰ داستان ۲۰۱۸ ۔ قسط نمبر ۲۲

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!