نیل گری — افتخار چوہدری

گہرے سرمئی بادلوں سے گرتی سفید برف نے فضا میں سحر انگیز منظر تخلیق کیا ہوا تھا اور یہ منظر پچھلے کئی دنوں سے یکسانیت کا شکار تھا جس کی وجہ سے حد نگا ہ تک پھیلی برف کی سفید چادر کئی فٹ موٹی تہ کی صورت اختیار کر چکی تھی ، مگر ابھی تک گالوں کی شکل میں گرتی برف رکنے کے کوئی آثار نظر نہیں آرہے تھے۔ درختوں کی شاخیں تک برف کے بوجھ سے دُہری ہو چکی تھیں ، جب کہ اطراف میں موجود ہر منظر دودھ میں نہایا ہوا لگ رہا تھا ،پہاڑوں پر موجود پگڈنڈیوں سے مشابہ رستے جو گرمیوں میں حقیقی وجود رکھتے تھے ، اس وقت کسی بے نشان منزل کی طرح گم ہوچکے تھے۔ ایسے میں صفدر اُنہی گمشدہ رستوں پر محض اندازے اور احتیاط سے قدم اٹھا رہا تھا۔ اس کا ہر اٹھنے والا قدم گھٹنوں تک برف میں دھنس رہا تھا جس کی وجہ سے چلنے کی رفتار نہ ہونے کے برابر تھی۔ سردی سے بچنے کے لیے اس کے جسم پر آدھے درجن سے زائد گرم ترین ملبوسات کی تہیں تھیں اور سر کو گرم ٹوپی سے ڈھانپنے کے بعد ایک اونی مفلر سے پورے چہرے کو چھپایا ہوا تھا۔ اس کی صرف آنکھیں نظر آرہی تھیں۔ اتنے حفاظتی اقدامات کے باوجود اسے سردی سے اپنی ہڈیوں میں گودا جمتا محسوس ہورہا تھا۔ گیارہ ہزار فٹ سے زائد بلندی پر ہونے کی وجہ سے آکسیجن کی مقدار انتہائی کم تھی جس کی وجہ سے وہ گہرے سانس لینے پر مجبور تھا۔ وہ اس وقت سائبیریا کے بعد دنیا کے دوسرے سر د ترین مقام دراس کی حدود میں موجود تھا۔ وہاں اس وقت درجہ حرارت منفی چالیس ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی نیچے تھا۔ وہاں سے کارگل کی مشہور پہاڑیاں اور خاص طور پر ٹائیگر ہل نامی پہاڑ بالکل متصل علاقہ تھا۔ اسی پہاڑ پر پاکستان اور اس کے ازلی دشمن انڈیا کے درمیان 1999ء میں گھمسان کا رن پڑا تھا۔ صفدر اس وقت پہاڑکے ٹاپ کی طرف جانے والے ایک تنگ سے راستے پر پھونک پھونک کر قدم اٹھا رہا تھا۔ اس تنگ راستے کے دوسری طرف ہولناک کھائیاں صدیوں سے منہ پھاڑے کسی شکار کے انتظار میں تھیں۔ پوری احتیاط سے چلنے کے باوجود اچانک اس کے پاؤں کے نیچے سے برف کسی شیشے کی طرح تڑخی اور پھر اس سے پہلے کہ وہ خود کو سنبھالتا اس کا توازن بگڑگیا اور وہ راستے کے دوسری طرف گہری کھائی میں گرتا چلا گیا۔ رستے کے کنارے پر شیڈ کی صورت آگے کو بڑھی ہوئی برف پر پاؤں رکھتے ہوئے اسے اندازہ ہی نہیں ہوا تھا کہ برف کے نیچے ٹھوس سطح کے بجائے خلا ہے۔ اندازے کی اس ایک غلطی نے اسے آزمائش میں مبتلا کر دیا تھا۔ برفیلی ڈھلانی سطح پر لڑھکنیاں کھاتا ہوا جب وہ رکا، تو اس کی آنکھوں کے سامنے نیلے پیلے ستارے گردش کر رہے تھے۔ اسے اپنے حواس مجتمع کرنے میں چند منٹ لگ گئے۔ حواس پوری طرح بحال ہونے پر اس نے اطراف کا جائزہ لیا، تو خود کو ایک پیالہ نما کھائی میں پایا جس کی گہرائی بیس فٹ سے زائد ہوگی۔ اس نے واپس اوپر چڑھنے کی کوشش کی، تو اسے جلد ہی اندازہ ہوگیا کہ برف گرنے سے ڈھلانی نظر آنے والی کھائی کی دیوار اصل میں عمودی ہے۔ اس خوفناک حقیقت کے آشکار ہونے پر اس کادل لرزنے لگا۔ وہ بار بار اوپر چڑھنے کی کوشش میں پھسل کر واپس گر رہا تھا۔ کچھ ہی دیر میں اس کا سانس دھونکنی کی طرح چلنے لگا، تو نڈھال سا ہو کر ایک طرف بیٹھ گیا جس جگہ وہ بیٹھا تھا اسے لگا جیسے اس کا پاؤں کسی نرم اور پلپلی چیز کے اوپر رکھا گیا ہو۔ اس نے کریدنے کے انداز میں وہاںسے برف ہٹائی تو اسے لگا جیسے وہاں کوئی انسانی جسم دباہوا ہے۔اس خیال سے ہی اس کے رونگٹے کھڑے ہو گئے جب کہ برف ہٹانے کی رفتار دُگنی ہوگئی۔ کچھ ہی دیر میں اس نے ایک پندرہ ،سولہ سالہ لڑکی کی لاش دریافت کر لی۔ وہ پری چہرہ لڑکی سوئی ہوئی لگ رہی تھی۔ اس کے چہرے پر موت کی تلخی کا شائبہ تک نہیں تھا۔ لباس اور حلیے سے اس کا تعلق وہیں کے کسی قبیلے سے لگ رہا تھا ۔ نہ جانے کس بد نصیب کی بچی ہے۔ اس نے دکھی دل سے سوچا اور بے بسی سے اطراف کا جائزہ لینے لگا۔ اسے خود پر اس چوہے کا گمان ہو رہا تھا جسے پنجرے سے باہر نکلنے کی کوئی راہ سجھائی نہ دے رہی ہو۔ ابھی دن میں ہی بادلوں نے اندھیرا پھیلا رکھا ہے ،کچھ دیر بعد جب رات کے اندھیرے نے اپنے سیاہ پَر پھیلا کر ہر چیز کو اپنی لپیٹ میں لے لینا ہے تب، تو یہاں سے نکلنا نا ممکن ہو جائے گا اور پھر صبح تک تو اس بے رحم موسم نے میری قلفی جما کر مجھے بھی اس لڑکی کے ساتھ ہی میں دفن کر دینا ہے۔ صفدر کے ذہن میں اس بار منفی سوچ ابھری۔ نہیں یہ نہیں ہو سکتا۔ اس کے دل نے ذہن میں ابھرنے والی سوچ کی پُر زور تردید کی اور وہ ایک بار پھر ہمت کر کے نئے عزم کے ساتھ اٹھ کھڑ ا ہوا۔ اس بار اس نے رُخ بدل کر جنونی انداز میں ہاتھ چلائے تو اچانک برف میں دبی ہوئی جھاڑی کی لمبی شاخ اس کے ہاتھ آگئی جس کے سہارے وہ باہر نکلنے میں کامیاب ہو گیا۔ تشکر بھرے جذبات کے ساتھ ساتھ یقینی موت کو پچھاڑنے کا جوش بھی اس کے چہرے سے عیاں ہورہا تھا۔اس نے مڑ کر کھائی میںجھانکا، تو حسرت ویاسیت کی تصویر بنی لڑکی کی لاش پر برف روئی کے گالوں کی طرح گر رہی تھی۔ اس نے ایک بار پھر سفر شروع کیا ، گو کے اس کا اٹھنے والا ہر قدم گھٹنوںتک برف میں دھنس رہا تھا، مگر اسے یقین تھا کے دن ڈھلنے سے پہلے وہ اپنی منزل مقصود پر پہنچ جائے گا۔
٭…٭…٭
گہرے سرمئی رنگ کے چوہے نے ایک بار پھر آٹے والی ڈرمی کے پیچھے سے سر نکال کر اپنی گول مٹول آنکھوں سے اطراف کا جائزہ لیا۔ وہ کافی دیر سے وہاں چھپا ہوا تھا اور اب واپس اپنے بِل کی طرف جانے سے ہچکچا رہا تھا۔ وہ کئی بار ہمت کر کے باہر نکلا بھی تھا، مگر ہر بار چند قدم آگے بڑھنے کے بعد ہی اس کی ہمت جواب دے جاتی اوروہ کسی شکست خوردہ فوجی کی طرح پسپا ہوتا ہوا واپس ڈرمی کے پیچھے جا چُھپتا تھا۔ اب بھی وہ اسی کشمکش میں تھا کہ واپس اپنے بِل کی طرف چلا جائے یا مزید کچھ دیر یہیں چھپ کر اپنی جان کی حفاظت کرے، اس کی چھٹی حِس اسے قر ب وجوار میں موجود کسی بڑے خطرے سے آگاہ کررہی تھی۔ بالاخر اس بار اطراف کا جائزہ لینے کے بعد اس نے اپنی ہمت مجتمع کی اور ڈرمی کے پیچھے سے نکل آیا اور پوری رفتار سے دوسری دیوار کے ساتھ رکھی ہوئی پیٹی کی طرف دوڑا۔ پیٹی کے نیچے اس کا بِل تھا جس تک پہنچنے کے لیے وہ اتاولا ہوا جا رہا تھا۔ ابھی وہ اپنی منزل سے چند فٹ دورتھا جب دروازے کے پیچھے گھات لگا کر بیٹھی ہوئی مانو ایک ہی جست میں اس کے اوپر آن گری۔ گھر کی پلی ہوئی مانو کے ایک ہی جاندار پنجے نے اس کی روح کو اس فانی دنیا سے عالمِ پائیدار میں منتقل کر دیا۔ اب مانو کے منہ میں محض گوشت کا ایک لوتھڑا باقی رہ گیا تھا جسے لیے وہ پیٹی کے نیچے گھس گئی اور پھر اس کے مضبوط جبڑوں کے نیچے آکر چوہے کی ہڈیا ں ٹوٹنے کی کریہہ آوازیں ابھرنے لگیں۔
”بھائی! امی کہہ رہی ہیں کہ اٹھ جائیں ورنہ کالج سے دیر ہو جائے گی۔” نوشی نے صفدر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تو وہ چونک کر اس کی طرف دیکھنے لگا۔ وہ کسلمندی سے چار پائی پر لیٹا ہوا بلی اور چوہے کے درمیان ہونے والی کشمکش میں حالات کو طاقتور کے حق میں پلٹا کھاتے ہوئے دیکھ کراس قدر گہری سوچ میں میں ڈوبا ہوا تھا کہ اسے نوشی کے کمرے میں داخل ہونے کا علم ہی نہیں ہوا تھا۔
”کیا امی کے نام کی دھمکی دینا ضروری ہے؟ یہ بات تم خود بھی تو مجھے کہہ سکتی ہو۔ میں تمہیں منہ میں نہیں ڈال لوں گا۔ صفدر نے بیزاری سے جواب دیا۔ تو ہمیشہ سے ڈری سہمی رہنے والی نوشی کے چہرے پر ایک رنگ آ کر گزر گیا، جیسے بھائی نے اس کا جھوٹ پکڑ لیا ہو۔ وہ جس طرح آئی تھی ویسے ہی بے آواز قدموں سے لوٹ گئی۔ صفدر ایک بھر پور انگڑائی لے کر اٹھ کھڑا ہو ا اور کچھ دیر آئینے میں خود کا تنقیدی جائزہ لینے کے بعد باتھ روم میں گھس گیا۔ جب وہ باتھ روم سے باہر نکلا، تب تک نوشی اس کے لیے ناشتا لا کر چارپائی پر رکھ چکی تھی۔ ”یہ کیا ابھی تو پراٹھے اور آملیٹ بننے کی خوشبو آرہی تھی، میرے لیے بھی وہی لاؤ۔” اس نے چنگیر میں موجود روکھی روٹی اور کٹوری میں رات کی بچی ہوئی دال دیکھ کر منہ بناتے ہوئے کہا۔ ”دیور جی! پراٹھے کھانے کا شوق ہے تو کسی کام دھندے سے لگو۔ پہلے ہی مفت کی توڑتے ہوئے نہ آنکھ شرماتی ہے اور نہ ہاتھ رکتا ہے اور رہی سہی کسر یہ فرمائشی پروگرام شروع کر کے نکالنا چاہتے ہو۔” اس سے پہلے کہ نوشی کوئی جواب دیتی، ان کی بھابی عظمیٰ نے دروازے میں نمودار ہو کر کینہ توز نظروں سے دونوں کو گھورتے ہو ئے کہا شاید وہ کہیں قریب ہی موجود تھی اور یقینا ان کی باتیں بھی سن رہی تھی۔
”بھابی! گھر چلانے کے لیے آپ کے والد ِمحترم خرچہ دے کر نہیں جاتے جو آپ ہمیں مفت کی توڑنے کا طعنہ دے رہی ہیں۔ بھائی اکرم اس گھر کا بڑا بیٹا ہے،ماں باپ کا بھی اس پر کوئی حق ہے کہ نہیں اور آپ کو یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ ابو کی ریٹائرمنٹ اور گریجوایٹی کی تمام رقم بھائی کی نوکری حاصل کرنے کے لیے بطور رشوت دی گئی تھی۔ کیا آپ میںاتنا سا بھی ظرف نہیں ہے کہ میری گریجوایشن مکمل ہونے میں چند ماہ رہ گئے ہیں اوریہ چند ماہ صبر کرلیں۔ اس کے بعد میں خود امی ابو اور بہن کی ذمہ داری سنبھال لوں گا۔” صفدر بھی کہاں چپ رہنے والا تھا۔ اس نے بھی ترنت زہر خندہ لہجے میں جواب دیا۔ جھگڑے کی فضا دیکھ کر نوشی تھر تھر کانپنے لگی۔ اسے بھائی اور بھابی کے انداز سے لگ رہا تھا کہ بات لڑائی کی طرف جارہی ہے اور وہ ہمیشہ کی ڈرپوک ایسی صورت حال سے کوسوں دور بھاگتی تھی۔
”میرے والد کا اس بات سے کیا تعلق ہے؟ کیا یہی تعلیم حاصل کر رہے ہو کہ بزرگوں کی عزتیں اچھالو۔ اب اگر تم نے اپنے گندے منہ سے میرے ابو کا نام لیا تو میں تمہارا منہ نوچ لوں گی، گھٹیا۔” عظمیٰ نے آگے بڑھ کر صفدر کا گریبان پکڑ لیا اور ہذیانی انداز میں چیخنے لگی۔ اس کی آواز اتنی بلند ہو گئی کہ آس پاس کے پڑوسی بھی متوجہ ہوگئے۔ بشیراں بی بی بیٹے اور بہو کے درمیان آگئی تاکہ جھگڑے کو بڑھنے سے روک سکے۔ اس دوران ریٹائر کلرک رحمت علی کھانستا ہوا جب کہ اکرم بھی آنکھیں ملتا ہواوہاں پہنچ گئے۔
”صبح سویرے کیا تماشا لگا رکھا ہے؟” اکرم نے پھنکارتے ہوئے پوچھا۔ اس کا رخ صفدر کی طرف ہی تھا۔ اس سے پہلے کہ وہ کوئی جواب دیتا ،رو رو کر آسمان سر پر اٹھاتی ہوئی عظمیٰ نے بات اچک لی۔
”اس بھوکے ننگے گھر میں، میں نے اپنی تمام خواہشات کا گلا گھونٹ دیا۔ تمہاری کم آمدن کے باوجود صبر و شکر سے اس گھر کی تمام ذمہ داریاں نبھا رہی ہوں۔ کئی دنوں سے میرا دل پراٹھا کھانے کو چاہ رہا تھا۔ آج ہمت کر کے ایک بنا ہی لیا تو وہ بھی ان لوگوں کو برداشت نہیں ہو رہا۔ یہ سرکاری سانڈ کہتا ہے کہ تمہارے ابا خرچہ دے کر نہیں جاتا جو پراٹھے کھاتی ہو۔” اس نے ہچکیوں کے درمیان بات کو اپنے انداز سے آگے بڑھایا۔
”بھائی! یہ جھوٹ بول رہی ہے میں نے تو…”
”بس اب تمہیں تاویلیں گھڑنے کی ضرورت نہیں ہے۔ آج کے بعد اگر تم نے بلا وجہ میری بیگم سے الجھنے کی کوشش کی تو مجھ سے بُرا کوئی نہیں ہو گا اور ویسے بھی چند دنوں کی بات ہے جیسے ہی مجھے سرکاری کوارٹر ملے گا ہم شفٹ ہو جائیں گے۔” اکرم نے عظمیٰ کے آنسوؤں کو اپنے ہاتھوں سے صاف کرتے ہوئے وارننگ دی، تو اس کی بات سن کر صفدر کا چہرہ غصے سے سرخ ہو گیا۔ اس نے ایک بار پھر کچھ کہنے کے لیے منہ کھولا ہی تھا کہ اپنے پیچھے کسی کے گرنے کی آواز سن کر مڑا، تو نوشی فرش پر گری کسی مچھلی کی طرح تڑپ رہی تھی۔ یہ منظر دیکھ کر اس کے ہاتھ پاؤں پھول گئے۔ وہ اس کی طرف دوڑا جب کہ عظمیٰ طنزیہ انداز میں سب پر نظر ڈالتے ہوئے اکرم کا ہاتھ پکڑ کر اپنے کمرے کی طرف بڑھ گئی۔ پانی کے چھینٹوں اور آیت کریمہ کے ورد سے نوشی کی حالت میں کوئی سدھار نظر نہیں آرہا تھا۔ اس کی گلابی رنگت تیزی سے پیلاہٹ میں بدلتی چلی جا رہی تھی۔
”بیٹا خدا کے لیے جلدی کچھ کرو میری بیٹی ہاتھوں سے نکلتی جا رہی ہے اسے کسی اسپتال پہنچاؤ۔” بشیراں بیگم نے بے بسی سے صفدر کے سامنے ہاتھ جوڑتے ہوئے کہا تو صفدر جو بہن کو ہوش میں لانے کے لیے جتن کر رہا تھا چونک کر ہاتھ جوڑتی ہوئی ماں کو دیکھنے لگا۔
”ہاں ماں اسے اسپتال لے چلتے ہیں۔” اس نے ماں کی تائید کی اور رکشا لینے گھر سے باہر کی طرف بھا گا۔
بزرگی کی سرحد میں داخل ہوچکے سفید باریش ڈاکٹر کے چہرے پر سوچوں سے زیادہ تفکر نے ڈیرے ڈالے ہوئے تھے۔ اس کے سامنے موجود ٹیبل پر نوشی کی مختلف رپورٹیں پڑی ہوئی تھیں جب کہ صفدر اپنے امی ابو سمیت ٹیبل کے دوسری طرف موجود کرسیوں پر براجمان تھا۔ ان سب کی نظریں ڈاکٹر پر جمی ہوئی تھیں۔
”پلیز ڈاکٹر صاحب کچھ ہمیں بھی بتائیں کے نوشی کو ہوا کیا ہے جو اسے اچانک دورہ پڑ جاتا ہے۔” صفدر نے گلوگیر لہجے میں التجا کی۔
”دیکھو بیٹا! آپ کی بہن کو ان میڈیکل رپورٹوں کے مطابق کسی قسم کی کوئی بیماری نہیں ہے مگر اس کی حا لت بتا رہی ہے کہ وہ شدید تکلیف میں ہے۔” ڈاکٹر نے ایک گہرا سانس لے کر انکشاف کیا۔
”اگر کوئی بیماری نہیںہے تو یہ ہر تھوڑی دیر کے بعد دورہ کیوں پڑ رہا ہے؟” صفدر نے حیرت سے پوچھا۔
”اس سوال کا جواب میرے پاس نہیں ہے،البتہ میرے علم میں ایک ایسا درویش صفت انسان ہے جو شایدآپ کے اس سوال کا جواب دے سکے، میں کوشش کرتا ہوں کہ وہ ایک نظر مریضہ کو دیکھ لیں۔” ڈاکٹر نے ٹیبل پر موجود ٹیلی فون کا رسیور اٹھاتے ہوئے کہا اور پھر ایک نمبر ڈائل کر دیا۔
دوسری طرف سے کال اٹنڈ ہونے پر وہ کسی چراغ شاہ سے بات کرنے میں مشغو ل ہوگیا۔
”شاہ صاحب آدھے گھنٹے تک آرہے ہیں۔” ڈاکٹر نے رسیور واپس کریڈل پر رکھتے ہوئے امید افزا خبر سنائی۔ پھر واقعی آدھے گھنٹے میں نورانی صورت والے چراغ شاہ صاحب آ گئے۔ کچھ دیر بعد وہ سب کی معیت میں مریضہ کے کمرے میں داخل ہوئے۔ جیسے ہی چراغ شاہ کی نظر بیڈ پر لیٹی مریضہ پر پڑی، تو ان کے قدم وہیں رک گئے۔ نوشی اس وقت بے ہوشی کے عالم میں تھی۔ اس کے چہرے کا رنگ نیلے کانچ کی طرح نظر آرہا تھا۔ شاہ صاحب چند ثانیے اسے غور سے دیکھتے رہے اور پھر پلٹ کر کمرے سے باہر آگئے۔
”شاہ جی کیا ہوا؟ آپ نے بچی کو نزدیک سے کیوں نہیں دیکھا؟” ڈاکٹر نے تجسس سے پوچھا۔
”کیا آپ لوگوں نے اس بچی کے لیے آنے والے کسی رشتے سے انکا رکیا ہے؟” شاہ صاحب نے ڈاکٹرکی بات کا جواب دینے کی بجائے رحمت علی سے مخاطب ہو کر پوچھا۔
”جی! ہماری بہو عظمیٰ اپنے بھائی کے لیے اس کا رشتہ مانگ رہی تھی مگر ہم نے انکار کر دیا۔” رحمت علی نے اثبات میں سر ہلاتے ہوئے جواب دیا۔
”میرے خیال میں اس بچی کو دواؤں کے بجائے دُعاوں کی زیادہ ضرورت ہے۔ اللہ تعالیٰ اس کے لیے آسانی فرمائے، اب سوائے صبر کے کچھ نہیں ہو سکتا۔” شاہ صاحب نے دھیرے سے کہا۔
”پلیز سر! آپ کھل کر بتائیں تاکہ ہمارے پلے بھی کچھ پڑ سکے۔” صفدر نے بے چینی سے کہا۔
”بیٹا! اس بچی پر نیل گری کا عمل کیا گیا ہے۔ دراس کے پہاڑی سلسلے کے سب سے اونچے پہاڑ پر بسنے والے آریائی قبیلے کے لوگ نیل گری دیوی کی پوجا کرتے ہیں اوراس علم کا عامل صرف ان کا مذہبی پروہت ہی ہوتا ہے۔ ہاں! اگر وہ اپنے کسی خاص شاگر د کو اجازت دے تو پھر وہ بھی کچھ حد تک اس علم سے لوگوں کو پریشان کر سکتا ہے۔ البتہ شاگر د اگر کسی پر یہ عمل کر دے، تو پھر اس کا تو ڑ وہ خود بھی نہیں کر سکتا۔ میں ایک شخص کو جانتا، تو ہوں جو اس عمل کو سیکھنے کے لیے دراس جاتا رہا ہے، مگر مجھے علم نہیں تھا کہ وہ اس کو سیکھنے میں کامیاب ہو گیا ہے۔ اب یہ کیس سامنے آیا ہے تو مجھے اندازہ ہوا ہے کہ اس خبیث کے پاس خواتین کا جمگھٹا کیوں لگا رہتاہے۔” انہوں نے تفصیل سے بات کرتے ہوئے کہا۔
”شاہ صاحب! مجھ بدنصیب باپ پر رحم کریں اور کسی طرح میری بیٹی کو ٹھیک کر دیں۔” رحمت علی نے باقاعدہ ہاتھ جوڑتے ہوئے منت کی، تو شاہ صاحب نے تڑپ کر ان کے ہاتھ تھام لیے۔




Loading

Read Previous

نبھانا — نعمان اسحاق

Read Next

سوءِ بار — میمونہ صدف

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!