پیر کامل صلی اللہ علیہ والہٰ وسلم — قسط نمبر ۹

امامہ نے ابھی کافی نہیں پی تھی۔ کافی بہت گرم تھی اور وہ بہت گرم چیزیں نہیں پیتی تھی۔ اس نے کسی زمانے میں میز کے دوسری جانب بیٹھے ہوئے شخص کو آئیڈیلائز کیا تھا۔ اس کا خیال تھا کہ اس میں ہر خوبی تھی، ہر وہ خوبی جو ایک مکمل مرد میں ہونی چاہئے۔ ہر وہ خوبی جو وہ اپنے شوہر میں دیکھنا چاہتی تھی۔ ساڑھے آٹھ سال گزرگئے تھے اور امامہ کو یقین تھا کہ وہ اب بھی ویسا ہی ہے۔ چہرے سے داڑھی کے ہٹ جانے کا مطلب یہ نہیں ہوسکتا تھا کہ اس کو اب حضرت محمد ﷺ سے محبت نہ رہی ہو۔ اپنے ہاسپٹل کی کامیابی کے قصیدے اس کے سامنے پڑھتے ہوئے بھی امامہ اس کی اسی آواز کو اپنے کانوں میں گونجتا محسوس کررہی تھی، جس آواز نے ایک بار اس کی زندگی کا سب سے مشکل فیصلہ آسان کردیا تھا۔
وہ اس کے منہ سے کامیاب پریکٹس اور شہرت کا سن کر مسرور تھی۔ جلال نے زندگی میں ان ہی کامیابیوں کو سمیٹنے کے لئے ساڑھے آٹھ سال پہلے اسے چھوڑدیا تھا مگر وہ خوش تھی۔ آج سب کچھ جلال انصر کی مٹھی میں تھا۔ کم از کم آج فیصلہ کرنے میں اسے کسی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔
”تم نے شادی کرلی؟” بات کرتے کرتے اس نے اچانک پوچھا۔
”نہیں۔” امامہ نے مدھم آواز میں جواب دیا۔
”تو پھر تم کہاں رہتی ہو، کیا اپنے پیرنٹس کے پاس ہو؟” جلال اس بار کچھ سنجیدہ تھا۔
”نہیں۔”
”پھر؟”
”اکیلی رہتی ہوں، پیرنٹس کے پاس کیسے جاسکتی تھی۔” اس نے مدھم آواز میں کہا۔
”آپ نے شادی کرلی؟” جلال نے کافی کا ایک گھونٹ لیا۔
”ہاں، شادی کرلی اور علیحدگی بھی ہوگئی۔ تین سال کا ایک بیٹا ہے میرا۔ میرے پاس ہی ہوتا ہے۔” جلال نے بے تاثر لہجے میں کہا۔
“Ohh I am sorry”
”نہیں، ایسی کوئی بات نہیں۔ اچھا ہوا یہ شادی ختم ہوگئی۔”
“It was not a marriage, it was a mess”(یہ شادی نہیں تھی ایک بکھیڑا تھا)۔
جلال نے کافی کا کپ ٹیبل پر رکھتے ہوئے کہا۔ کچھ دیر کمرے میں خاموشی رہی پھر اس خاموشی کو امامہ نے توڑا۔
”بہت سال پہلے ایک بار میں نے آپ کو پروپوز کیا تھا جلال؟”
جلال اسے دیکھنے لگا۔
”پھر میں نے آپ سے شادی کے لئے ریکویسٹ کی تھی۔ آپ اس وقت مجھ سے شادی نہیں کرسکے۔”
”کیا میں یہ ریکویسٹ آپ سے دوبارہ کرسکتی ہوں؟”
اس نے جلال انصر کے چہرے کا رنگ بدلتے دیکھا۔
”اب تو حالات بدل چکے ہیں۔ آپ کسی پرdependent نہیں ہیں۔ نہ ہی میرے پیرنٹس کے کسی ردِعمل کا آپ کو اندیشہ ہوگا نہ ہی آپ کے پیرنٹس اعتراض کریں گے۔ اب تو آپ مجھ سے شادی کرسکتے ہیں۔”
وہ جلال کا جواب سننے کے لئے رکی۔ وہ بالکل خاموش تھا۔ اس کی خاموشی نے امامہ کے اعصاب کو مضمحل کیا۔ شاید یہ اس لئے خاموش ہے کیونکہ اسے اپنی پہلی شادی یا بیٹے کا خیال ہوگا۔ امامہ نے سوچا۔ مجھے اسے بتانا چاہئے کہ مجھے اس کی پہلی شادی کی کوئی پروا نہیں ہے، نہ ہی اس بات پر اعتراض کہ اس کا ایک بیٹا بھی ہے۔
”جلال! مجھے آپ کی پہلی شادی پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔۔۔”
جلال نے اس کی بات کاٹ دی۔
”امامہ! یہ ممکن نہیں ہے۔”
”کیوں ممکن نہیں ہے۔ کیا آپ کو مجھ سے محبت نہیں ہے؟”
”محبت کی بات نہیں ہے امامہ! اب بہت وقت گزرچکا ہے۔ ویسے بھی ایک شادی ناکام ہونے کے بعد میں فوری طورپر دوسری شادی نہیں کرنا چاہتا۔ میں اپنے کیرئیر پر دھیان دینا چاہتا ہوں۔”
”جلال! آپ کو مجھ سے تو کوئی اندیشہ نہیں ہونا چاہئے۔ میرے ساتھ تو آپ کی شادی ناکام نہیں ہوسکتی۔”
”پھر بھی… میں کوئی رسک نہیں لینا چاہتا۔” جلال نے اس کی بات کاٹ دی۔
”میں انتظار کرسکتی ہوں۔”
جلال نے ایک گہرا سانس لیا۔
”اس کا کوئی فائدہ نہیں امامہ! میں اس پوزیشن میں نہیں ہوں کہ تم سے شادی کرسکوں۔”
وہ دم سادھے اسے دیکھتی رہی۔
”یہ شادی میں نے اپنی مرضی سے کی تھی۔ دوبارہ میں اپنی مرضی نہیں کرنا چاہتا۔ دوسری شادی میں اپنے پیرنٹس کی مرضی سے کرنا چاہتا ہوں۔”
”آپ اپنے پیرنٹس کو میرے بارے میں بتادیں۔ شاید وہ آپ کو اجازت دے دیں۔” اس نے ڈوبتے ہوئے دل کے ساتھ کہا۔
”نہیں بتاسکتا۔ دیکھو امامہ! کچھ حقائق ہیں جن کا سامنا مجھے اور تمہیں بہت حقیقت پسندی سے کرنا چاہئے۔ میں اپنے لئے تمہارے جذبات کی قدر کرتا ہوں اور اس میں کوئی شبہ نہیں کہ کسی زمانے میں، میں بھی تمہارے ساتھ انوالو تھایا یہ کہہ لو کہ محبت کرتا تھا۔ میں آج بھی تمہارے لئے دل میں بہت خاص جذبات رکھتا ہوں اور ہمیشہ رکھوں گا مگر زندگی جذبات کے سہارے نہیں گزاری جاسکتی۔”
وہ رکا۔ امامہ کافی کے کپ سے اٹھتے دھویں کے پار اس کا چہرہ دیکھتی رہی۔
”تم جب سات آٹھ سال پہلے اپنا گھر چھوڑ رہی تھیں تو میں نے تمہیں سمجھایا تھا کہ اس طرح نہ کرو لیکن تم نے اس معاملے کو اپنی مرضی کے مطابق ہینڈل کیا۔ اپنے پیرنٹس کو مجھ سے شادی کے لئے کنونیس کرنے کے بجائے تم مجھے مجبور کرتی رہیں کہ میں تم سے چھپ کر شادی کرلوں۔ میں ایسا نہیں کرسکا اور نہ ہی یہ مناسب تھا۔ مذہب کی بات اپنی جگہ، مگر مذہب کے ساتھ معاشرہ بھی تو کوئی چیز ہوتا ہے جس میں ہم رہتے ہیں اور جس کی ہمیں پروا کرنی چاہئے۔”
امامہ کو یقین نہیں آیا۔ وہ یہ سب اس شخص کے منہ سے سن رہی تھی جو۔۔۔۔۔۔
”تم تو چلی گئیں مگر تمہارے جانے کے بعد تمہارا اس طرح غائب ہوجانا کتنا بڑا سکینڈل ثابت ہوا اس کا تمہیں اندازہ نہیں۔ تمہارے پیرنٹس نے پریس میں یہ خبر آنے نہیں دی مگر پورے میڈیکل کالج کو تمہارے اس طرح چلے جانے کا پتا تھا۔ پولیس نے تمہاری بہت ساری فرینڈز اور کلاس فیلوز سے تمہارے بارے میں انوسٹی گیشن کی۔ زینب بھی اس میں شامل تھی۔ خوش قسمتی سے ہم بچ گئے۔”
وہ اٹھ کر کھڑا ہوگیا۔
”میں نے اتنے سال محنت کرکے اپنا ایک مقام بنایا ہے۔ میں اتنا بہادر نہیں ہوں کہ میں تم سے شادی کرکے لوگوں کی چہ مگوئیوں کا نشانہ بنوں۔ میرا اٹھنا بیٹھنا ڈاکٹرز کی کمیونٹی میں ہے اور امامہ ہاشم کی میری بیوی کے طورپر واپسی مجھے اسکینڈلائز کردے گی۔ تم سے شادی کرکے میں لوگوں سے نظریں نہیں چرانا چاہتا۔ تم اتنے سال کہاں رہی ہو، کیسے رہی ہو، یہ بہت اہم سوالات ہیں۔ میرے پیرنٹس کو تمہاری کسی بات پر یقین نہیں آئے گا اور مجھے لوگوں کی نظروں میں اپنا یہ مقام برقرار رکھنا ہے۔ تم بہت اچھی ہو مگر لوگ سمجھتے ہیں کہ تم اچھی لڑکی نہیں ہو اور میں کسی اسکینڈلائزڈ لڑکی سے شادی نہیں کرسکتا۔ میں برداشت نہیں کرسکتا کہ کوئی یہ کہے کہ میری بیوی کا کردار اچھا نہیں ہے۔ آئی ہوپ، تم میری پوزیشن کو سمجھ سکتی ہو۔”
کافی کا کپ سے اٹھتا دھواں ختم ہوچکا تھا مگر جلال انصر کا چہرہ ابھی کسی دھویں کے پیچھے چھپا نظر آرہا تھا یا پھر یہ اس کی آنکھوں میں اترنے والی دھند تھی جس نے جلال انصر کو غائب کردیا تھا۔
کرسی کے دونوں ہتھوں کا سہارا لیتے ہوئے وہ اٹھ کر کھڑی ہوگئی۔
”ہاں، میں سمجھ سکتی ہوں۔” اس نے اپنے آپ کو کہتے سنا۔” خدا حافظ۔”
”آئی ایم سوری امامہ!” جلال معذرت کررہا تھا۔ امامہ نے اسے نہیں دیکھا۔ وہ جیسے نیند کی حالت میں چلتے ہوئے کمرے سے باہر آگئی۔
شام کے سات بج چکے تھے، اندھیرا چھا چکا تھا۔ سڑکوں پر اسٹریٹ لائٹس اور نیون سائن بورڈز روشن تھے۔ سڑک پر بہت زیادہ ٹریفک تھی۔ اس پورے روڈ پر دونوں طرف ڈاکٹرز کے کلینک تھے۔ اسے یاد تھا کسی زمانے میں اس کی بھی خواہش تھی کہ اس کا بھی ایسا ہی کلینک ہوتا۔ اسے یہ بھی یاد تھا کہ وہ بھی اپنے نام کے آگے اسی طرح کوالی فیکشنز کی ایک لمبی لسٹ دیکھنا چاہتی تھی بالکل ویسے ہی جس طرح جلال انصر کے نام کے ساتھ تھیں۔ بالکل ویسے ہی جس طرح اس روڈ پر لگے ہوئے بہت سے ڈاکٹرز کے ناموں کے ساتھ تھی۔ یہ سب ہوسکتا تھا، یہ سب ممکن تھا، اس کے ہاتھ کی مٹھی میں تھا اگر وہ… وہ بہت سال پہلے اپنے گھر سے نہ نکلی ہوتی۔
وہ بہت دیر تک جلال کے ہاسپٹل کے باہر سڑک پر کھڑی حالی الذہنی کی کیفیت میں سڑک پر دوڑتی ٹریفک کو دیکھتی رہی۔ اس کی سمجھ میں نہیں آیا تھا کہ وہ یہاں سے کہاں جائے اس نے ایک بارپھر مڑکر ہاسپٹل کے ماتھے پر جگمگاتے الیکٹرک بورڈ پر ڈاکٹر جلال انصر کا نام دیکھا۔
”تم اچھی لڑکی ہو، مگر لوگ تمہیں اچھا نہیں سمجھتے۔”
اسے چند منٹ پہلے کہے ہوئے اس کے الفاظ یاد آئے، وہاں کھڑے اسے پہلی بار پتا چلا کہ اس نے اپنی پوری زندگی یک طرفہ محبت میں گزاری تھی۔ جلال انصر کو اس سے کبھی محبت تھی ہی نہیں۔ نہ ساڑھے آٹھ سال پہلے، نہ ہی اب… اس کو صرف امامہ کی ضرورت نہیں تھی، اس کے ساتھ منسلک باقی چیزوں کی بھی ضرورت تھی۔ اس کا لمبا چوڑا فیملی بیک گراؤنڈ… سوسائٹی میں اس کے خاندان کا نام اور مرتبہ… اس کے خاندان کے کانٹیکٹس… اس کے خاندان کی دولت… جس کے ساتھ نتھی ہوکر وہ جمپ لگا کر راتوں رات اپرکلاس میں آجاتا… اور وہ اس خوش فہمی میں مبتلا رہی کہ وہ صرف اس کی محبت میں مبتلا تھا… اس کا خیال تھا کہ وہ ایک بار بھی اس کے کردار کے حوالے سے کوئی بات نہیں کرے گا۔ وہ کم از کم یہ یقین ضرور رکھے گا کہ وہ غلط راستے پر نہیں چل سکتی مگر وہ پھر غلط تھی… اس کے نزدیک وہ ایک اسکینڈلائزڈ لڑکی تھی جس کے دفاع میں اپنی فیملی یا دوسرے لوگوں سے کچھ کہنے کے لئے اس کے پاس کوئی لفظ نہیں تھا۔ ساڑھے آٹھ سال پہلے گھر چھوڑتے ہوئے وہ جانتی تھی کہ لوگ اس کے بارے میں بہت کچھ کہیں گے۔ وہ اپنے لئے کانٹوں بھرا راستہ، زہر اگلتی زبانیں اور طنز کرتی نظریں چن رہی تھی مگر اس نے یہ کبھی نہیں سوچا تھا کہ ان لوگوں میں جلال انصر بھی شامل ہوگا۔ زہر اگلتی زبانوں میں ایک زبان اس کی بھی ہوگی۔ وہ زندگی میں کم از کم جلال انصر کو اپنے کردار کے اچھا ہونے کے بارے میں کوئی صفائی یا وضاحت نہیں دینا چاہتی تھی۔ وہ اس کو کوئی صفائی دے ہی نہیں سکتی تھی۔ اس کے لفظوں نے ساڑھے آٹھ سال بعد پہلی بار اسے صحیح معنوں میں حقیقت کے تپتے ہوئے صحرا میں پھینک دیا تھا۔ وہ معاشرے کے لئے ایک outcastبن چکی تھی۔
”تو امامہ ہاشم یہ ہے تمہاری اوقات، ایک اسکینڈلائزڈ اور Stigmatized(داغ دار) لڑکی اور تم اپنے آپ کو کیا سمجھے بیٹھی تھیں۔”
وہ فٹ پاتھ پر چلنے لگی۔ ہر بورڈ، ہر نیون سائن کو پڑھتے ہوئے… وہاں لگے ہوئے بہت سے ڈاکٹروں کے ناموں سے وہ واقف تھی۔ ان میں سے کچھ اس کے کلاس فیلوز تھے۔ کچھ اس سے جونیئر، کچھ اس سے سینئر اور وہ خود کہاں کھڑی تھی کہیں بھی نہیں۔
”تم دیکھنا امامہ! تم کس طرح ذلیل وخوار ہوگی۔ تمہیں کچھ بھی نہیں ملے گا، کچھ بھی نہیں۔”
اس کے کانوں میں ہاشم مبین کی آواز گونجنے لگی تھی۔ اس نے اپنے گالوں پر سیال مادے کو بہتے محسوس کیا۔ آس پاس موجود روشنیاں اب اس کی آنکھوں کو اور چندھیانے لگی تھیں۔ جلال انصر برا آدمی نہیں تھا۔ بس وہ، وہ نہیں تھا جو سمجھ کر وہ اس کی طرف گئی تھی۔ کیسا دھوکا تھا جو اس نے کھایا تھا۔ جان بوجھ کر کھلی آنکھوں کے ساتھ، وہ بھی ایک مادہ پرست تھا مکمل مادہ پرست۔ صرف اس کا یہ روپ اس نے پہلی بار دیکھا تھا اور اس کے لئے یہ سب ناقابل یقین تھا۔ وہ برا آدمی نہیں تھا، اس کی اپنی اخلافیات تھیں اور وہ ان کے ساتھ جی رہا تھا۔ امامہ ہاشم کو آج اس نے وہ اخلاقیات بتادی تھیں۔ اس نے ایسی تضحیک اور تحقیر آٹھ سالوں میں پہلی بار دیکھی تھی اور وہ بھی اس شخص کے ہاتھوں جسے وہ خوبیوں کا مجموعہ سمجھتی رہی تھی اور خوبیوں کے اس مجموعے کی نظروں میں وہ کیا تھی؟ گھر سے بھاگی ہوئی ایک اسکینڈلائزڈ لڑکی۔ آنسوؤں کا ایک سیلاب تھا جو اس کی آنکھوں سے امڈرہا تھا اور اس میں سب کچھ بہہ رہا تھا، سب کچھ اس نے بے رحمی کے ساتھ آنکھوں کو رگڑا۔ اپنی چادر کے ساتھ گیلے چہرے کو خشک کرتے ہوئے ایک رکشے کو روک کر وہ اس میں بیٹھ گئی۔
دروازہ سعیدہ اماں نے کھولا تھا۔ وہ سرجھکائے اس طرح اندر داخل ہوئی کہ اس کے چہرے پر ان کی نظر نہ پڑی۔
”کہاں تھیں تم امامہ…! رات ہوگئی۔ میرا تو دل گھبرارہا تھا۔ ساتھ والوں کے گھرجانے ہی والی تھی میں کہ کوئی تمہارے آفس جاکر تمہارا پتا کرے۔”
سعیدہ اماں دروازہ بند کرکے تشویش کے عالم میں اس کے پیچھے آئی تھیں۔
”کہیں نہیں اماں…! بس آفس میں کچھ کام تھا اس لئے دیر ہوگئی۔”
اس نے ان سے چند قدم آگے چلتے ہوئے پیچھے مڑے بغیر ان سے کہا۔
”پہلے تو کبھی تمہیں آفس میں دیر نہیں ہوئی۔ پھر آج کیا کام ہوا کہ رات ہوگئی۔ آخر آج کیوں اتنی دیر روکا انہوں نے تمہیں؟” سعیدہ اماں کو اب بھی تسلی نہیں ہورہی تھی۔
”اس کے بارے میں، میں کیا کہہ سکتی ہوں۔ آئندہ دیر نہیں ہوگی۔” وہ اسی طرح اپنے کمرے کی طرف جاتے ہوئے بولی۔
”کھانا گرم کردوں یا تھوڑی دیر بعد کھاؤگی؟” انہوں نے اس کے پیچھے آتے ہوئے پوچھا۔
”نہیں، میں کھانا نہیں کھاؤں گی۔ میرے سر میں درد ہورہا ہے۔ میں کچھ دیر کے لئے سونا چاہتی ہوں۔”
اس نے اپنے کمرے میں داخل ہوتے ہوئے کہا۔
”درد کیوں ہورہا ہے؟ کوئی دوائی دے دوں یا چائے بنادوں؟” سعیدہ اماں کو اور تشویش لاحق ہوئی۔
”اماں! پلیز مجھے سونے دیں۔ مجھے کسی چیز کی ضرورت نہیں ہے۔ اگر ہوئی تو میں آپ سے کہہ دوں گی۔”
اس کے سر میں واقعی درد ہورہا تھا۔ سعیدہ اماں کو شاید اندازہ ہوگیا کہ ان کی تشویش اس وقت اسے بے آرام کررہی ہے۔
”ٹھیک ہے تم سوجاؤ۔” وہ جانے کے لئے پلٹیں۔
امامہ نے اپنے کمرے کی لائٹ آن نہیں کی، اس نے اسی طرح اندھیرے میں دروازے کو بند کیا اور اپنے بستر پر آکر لیٹ گئی۔ اپنا کمبل کھینچ کر اس نے سیدھا لیٹتے ہوئے اپنی آنکھوں پر بازو رکھ لیا۔ وہ اس وقت صرف سونا چاہتی تھی۔ وہ کچھ بھی یاد نہیں کرنا چاہتی تھی نہ جلال انصر سے ہونے والی کچھ دیر پہلے کی گفتگو نہ ہی کچھ اور… وہ رونا بھی نہیں چاہتی تھی۔ وہ اپنے مستقبل کے بارے میں سوچنا بھی نہیں چاہتی تھی۔ اس کی خواہش پوری ہوگئی تھی۔ اسے نیند کیسے آگئی یہ وہ نہیں جانتی تھی مگر وہ بہت گہری نیند سوئی تھی۔
٭…٭…٭




Loading

Read Previous

کیوئیں جاناں میں کون — مصباح علی سیّد

Read Next

معصوم سوال — ناہید حیات

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!