پیر کامل صلی اللہ علیہ والہٰ وسلم — قسط نمبر ۹

س نے گھر سے بھاگتے ہوئے بھی سعد کو اپنے ساتھ لے آنے کا سوچا تھا مگر یہ کام ناممکن تھا۔ وہ نہیں چاہتی تھی کہ وہ اسے لاتے ہوئے خود بھی پکڑی جائے۔ وہ اسے وہاں چھوڑ کر آئی تھی اور اب ڈاکٹر سبط علی کے ہاں پہنچ جانے کے بعد اسے اس کا بار بار خیال آتا اگر وہ کسی طرح اسے وہاں لے آتی تو وہ بھی اس دلدل سے نکل سکتا تھا مگر ان تمام سوچوں، تمام خیالوں نے اپنے گھروالوں کے لئے اس کی محبت کو کم نہیں کیا نہ اپنے گھر والوں کے لئے، نہ جلال انصر کے لئے۔
وہ ان کا خیال آنے پر جو رونا شروع ہوتی تو ساری رات روتی ہی رہتی۔ شروع کے دنوں میں وہ ایک الگ کمرے میں تھی اور مریم کو اس کا اندازہ نہیں تھا مگر ایک رات وہ اچانک اس کے کمرے میں اپنی کوئی کتاب لینے آئی۔ رات کے پچھلے پہر اسے قطعاً یہ اندازہ نہیں تھا کہ امامہ جاگ رہی ہوگی اور نہ صرف جاگ رہی ہوگی بلکہ رورہی ہوگی۔
امامہ کمرے کی لائٹ آف کئے اپنے بیڈپر کمبل اوڑھے رورہی تھی جب اچانک دروازہ کھلا تو اس نے کمبل سے چہرے کو ڈھانپ لیا۔ وہ نہیں جانتی تھی مریم کو کیسے اس کے جاگنے کا اندازہ ہوا تھا۔
”امامہ! جاگ رہی ہو؟”
اس نے امامہ کو آواز دی۔ امامہ نے حرکت نہیں کی مگر پھر مریم اس کی طرف چلی آئی اور اس نے کمبل اس کے چہرے سے ہٹادیا۔
”میرے اللہ… تم رورہی ہو… اور اس وقت…؟”
وہ اس کے پاس ہی تشویش کے عالم میں بیڈ پر بیٹھ گئی۔ امامہ کی آنکھیں بری طرح سوجی ہوئی تھیں اور اس کا چہرہ آنسوؤں سے بھیگا ہوا تھا، مگر اسے سب سے زیادہ ندامت اس طرح پکڑے جانے کی تھی۔
”اس لئے تمہیں راتوں کو نیند نہیں آتی کیونکہ تم روتی رہتی ہو اور صبح یہ کہہ دیتی ہوکہ رات کو سونے میں دقّت ہوئی اس لئے آنکھیں سوجی ہوئی ہیں۔ بس تم آج سے یہاں نہیں سوؤگی۔ اٹھو میرے کمرے میں چلو۔”
اس نے کچھ برہمی کے عالم میں اسے کھینچ کر اٹھایا۔ امامہ ایک لفظ نہیں بول سکی۔ وہ اس وقت بے حد شرمندہ تھی۔
مریم نے اس کے بعد اسے اپنے کمرے میں ہی سلانا شروع کردیا۔ راتوں کو دیر تک رونے کا وہ سلسلہ ختم ہوگیا مگر نیند پر اس کا اب بھی کوئی اختیار نہیں تھا۔ اسے نیند بہت دیر سے آتی تھی۔
کئی بار مریم کی عدم موجودگی میں اس کی میڈیکل کی کتابیں دیکھتی اور اس کا دل بھر آتا۔ وہ جانتی تھی سب کچھ بہت پیچھے رہ گیا تھا۔
صبح مریم اور ڈاکٹر سبط علی کے گھر سے چلے جانے کے بعد وہ سارا دن آنٹی کے ساتھ گزار دیتی یا شاید وہ سارا دن اس کے ساتھ رہنے کی کوشش کرتی تھیں۔ وہ اسے اکیلا نہ رہنے دینے کی کوشش میں مصروف رہتی تھیں مگر ان کے ساتھ ہوتے ہوئے بھی وہ پتا نہیں کن کن سوچوں میں ڈوبی رہتی تھی۔
اس نے سالار کے ساتھ دوبارہ رابطہ کرنے کی کوشش نہیں کی تھی۔ وہ جانتی تھی اس کا کوئی فائدہ نہیں تھا۔ اس کی ذہنی پریشانی میں اضافے کے علاوہ اس رابطے سے اسے کچھ حاصل نہیں ہونے والاتھا۔
٭…٭…٭
اسے ڈاکٹر سبط علی کے ہاں آئے تین ماہ ہوگئے تھے جب ایک دن انہوں نے رات کو اسے بلایا۔
”آپ کو اپنا گھر چھوڑے کچھ وقت گزرگیا ہے۔ آپ کے گھروالوں نے آپ کی تلاش ابھی تک ختم تو نہیں کی ہوگی مگر چند ماہ پہلے والی تندی و تیزی نہیں رہی ہوگی اب… میں جاننا چاہتا ہوں کہ آپ اب آگے کیا کرنا چاہتی ہیں۔”
انہوں نے مختصر تمہید کے بعد کہا۔
”میں نے آپ کو بتایا تھا میں اسٹڈیز جاری رکھنا چاہتی ہوں۔”
وہ اس کی بات پر کچھ دیر خاموش رہے پھر انہوں نے کہا۔
”امامہ! آپ نے اپنی شادی کے بارے میں کیا سوچا ہے؟” وہ ان سے اس سوال کی توقع نہیں کر رہ تھی۔
”شادی…؟ کیا مطلب…؟” وہ بے اختیار ہکلائی۔
”آپ جن حالات سے گزررہی ہیں ان میں آپ کے لئے، سب سے بہترین رشتہ شادی ہی ہے کسی اچھی فیملی میں شادی ہوجانے سے آپ اس عدم تحفظ کا شکار نہیں رہیں گی جس کا شکار آپ ابھی ہیں۔ میں چند اچھے لڑکوں اور فیملیز کو جانتا ہوں میں چاہتا ہوں ان میں سے کسی کے ساتھ آپ کی شادی کردی جائے۔”
وہ بالکل سفید چہرے کے ساتھ انہیں چپ چاپ دیکھتی رہی۔ وہ ان کے پاس آنے سے بہت پہلے اپنے لئے اسی حل کو منتخب کرچکی تھی اور اسی ایک حل کو ڈھونڈتے ڈھونڈتے وہ سالار سکندر سے نکاح کی حماقت کرچکی تھی۔
اس وقت اگر وہ سالار سکندر سے نکاح نہ کرچکی ہوتی تو وہ بلاحیل وحجت ڈاکٹر سبط علی کی بات ماننے پر تیار ہوجاتی۔ وہ جانتی تھی ان حالات میں کسی اچھی فیملی میں شادی اسے کتنی اور کن مصیبتوں سے بچاسکتی تھی۔ اس نے آج تک کبھی خود مختار زندگی نہیں گزاری تھی۔ وہ اپنی ہر چیز کے لئے اپنی فیملی کی محتاج رہی تھی اور وہ یہ تصور کرتے ہوئے بھی خوفزذہ رہتی تھی کہ آخر وہ کب اور کس طرح صرف اپنے بل بوتے پر زندگی گزارسکے گی۔
مگر سالار سے وہ نکاح اس کے گلے کی ایسی ہڈی بن گیا تھا جسے وہ نہ نگل سکتی تھی اور نہ اگل سکتی تھی۔
”نہیں میں شادی کرنا نہیں چاہتی۔”
”کیوں؟” اس کے پاس اس سوال کا جواب موجود تھا، مگر حقیقت بتانے کے لئے حوصلہ نہیں تھا۔ ڈاکٹر سبط علی اس کے بارے میں کیا سوچتے یہ کہ وہ ایک جھوٹی لڑکی ہے جواب تک انہیں دھوکا دیتے ہوئے ان کے پاس رہ رہی تھی۔
یا یہ کہ شاید… وہ سالار سے شادی کے لئے ہی اپنے گھر سے نکلی تھی اور باقی سب کچھ کے بارے میں جھوٹ بول رہی تھی۔
اور اگر انہوں نے حقیقت جان لینے پر اس کی مدد سے معذرت کرلی یا اسے گھر سے چلے جانے کا کہا تو…؟ اور اگر انہوں نے اس کے والدین سے رابطہ کرنے کی کوشش کی تو…؟” وہ تین ماہ سے ڈاکٹر سبط علی کے پاس تھی۔ وہ کتنے اچھے انسان تھے وہ بخوبی جانتی تھی لیکن وہ اس قدر خوفزدہ اور محتاط تھی کہ وہ کسی قسم کا رسک لینے پر تیار نہیں تھی۔
”میں پہلے اپنی تعلیم مکمل کرنا چاہتی ہوں تاکہ کسی پر بھی بوجھ نہ بنوں۔ کسی پر بھی… شادی کر لینے کی صورت میں اگر مجھے بعد میں کبھی کسی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا تو میں کیا کروں گی۔ اس وقت تو میرے لئے شاید تعلیم حاصل کرنا بھی ممکن نہیں رہے گا۔”
اس نے ایک لمبی خاموشی کے بعد جیسے کسی فیصلہ پر پہنچتے ہوئے ڈاکٹر سبط علی سے کہا۔
”امامہ! ہم ہمیشہ آپ کی مدد کرنے کے لئے موجود رہیں گے۔ آپ کی شادی کردینے کا مطلب یہ نہیں ہوگا کہ میرے گھر سے آپ کا تعلق ختم ہوجائے گا یا میں آپ سے جان چھڑانا چاہتا ہوں… آپ میرے لئے چوتھی بیٹی ہیں۔”
امامہ کی آنکھوں میں آنسو آگئے۔
”میں آپ پر کوئی دباؤ نہیں ڈالوں گا جو آپ چاہیں گی وہی ہوگا یہ صرف میری ایک تجویز تھی۔”
ڈاکٹر سبط علی نے کہا۔
”کچھ سال گزرجانے دیں اس کے بعد میں شادی کرلوں گی۔ جہاں بھی آپ کہیں گے۔” اس نے ڈاکٹر سبط علی سے کہا” مگر ابھی فوری طورپر نہیں۔”
ابھی مجھے سالار سکندر سے جان چھڑانی ہے۔ ا س سے طلاق لینے کا کوئی راستہ تلاش کرنا ہے۔” وہ ان سے بات کرتے ہوئے سوچ رہی تھی۔
”کس شہر میں پڑھنا چاہتی ہیں آپ؟”
ڈاکٹر سبط علی نے اس پر مزید کوئی دباؤ نہیں ڈالا۔
”کسی بھی شہر میں، میری کوئی ترجیح نہیں ہے۔” اس نے ان سے کہا۔
٭…٭…٭
وہ اپنے گھر سے آتے ہوئے، اپنے سارے ڈاکومنٹس اپنے پاس موجود زیورات اور رقم بھی لے آئی تھی۔ جب ڈاکٹر سبط علی نے اس گفتگو کے چند دن بعد اسے بلاکر ملتان میں اس کے ایڈمیشن کے فیصلے کے بارے میں بتانے کے ساتھ اس کے ڈاکومنٹس کے بارے میں پوچھا تو وہ اس بیگ کولے کر ان کے پاس چلی آئی اس نے ڈاکومنٹس کا ایک لفافہ نکال کر انہیں دیا پھر زیورات کا لفافہ نکال کر بھی ان کی میز پر رکھ دیا۔
”میں یہ زیورات اپنے گھر سے لائی ہوں۔ یہ بہت زیادہ تو نہیں ہیں مگر پھر بھی اتنے ہیں کہ انہیں بیچ کر کچھ عرصہ میں آسانی سے اپنی تعلیم کے اخراجات اٹھاسکتی ہوں۔”
”نہیں، یہ زیورات بیچنے کی ضرورت نہیں ہے۔ یہ آپ کی شادی میں آپ کے کام آئیں گے جہاں تک تعلیمی اخراجات کا تعلق ہے تو آپ کو پتا ہونا چاہئے کہ آپ میری ذمہ داری ہیں۔ آپ کو اس سلسلے میں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔”
وہ بات کرتے کرتے چونکے۔ ان کی نظر اس کے ٹیبل پر رکھے چھوٹے سے کھلے بیگ کے اندر تھی۔ امامہ نے ان کی نظروں کا تعاقب کیا۔ وہ بیگ میں نظر آنے والے چھوٹے سے پستول کو دیکھ رہے تھے۔ امامہ نے قدرے شرمندگی کے عالم میں اس پسٹل کو بھی نکال کر ٹیبل پر رکھ دیا۔
”یہ میرا پسٹل ہے۔ میں یہ بھی گھر سے لائی ہوں، میں نے آپ کو بتایا تھا مجھے سالار سے مدد لینی تھی اور وہ اچھا لڑکا نہیں تھا۔”
وہ انہیں اس کے بارے میں مزید نہیں بتاسکتی تھی۔ ڈاکٹر سبط علی پستول کو اٹھاکر دیکھ رہے تھے۔
”چلانا آتا ہے آپ کو اسے؟”
امامہ نے افسردہ مسکراہٹ کے ساتھ اثبات میں سرہلایا۔
”کالج میں این سی سی کی ٹریننگ ہوتی تھی۔ میرا بھائی وسیم بھی رائفل شوٹنگ کلب میں جایا کرتا تھا کبھی کبھار مجھے بھی ساتھ لے جاتا تھا۔ میں نے اپنے بابا سے ضد کرکے خریدا تھا۔ یہ گولڈ پلٹیڈ ہے۔”
وہ ان کے ہاتھ میں پکڑے ہوئے پستول کو دیکھتے ہوئے مدھم آواز میں کہہ رہی تھی۔
”آپ کے پاس اس کا لائسنس ہے؟”
”ہے مگر وہ ساتھ لے کر نہیں آئی۔”
”پھر آپ اسے یہیں پر رہنے دیں۔ ملتان ساتھ لے کر نہ جائیں۔ زیورات کو لاکر میں رکھوا دیتے ہیں۔” امامہ نے سرہلادیا۔
٭…٭…٭
وہ چند ماہ کے بعد ملتان اپنی اسٹڈیز کے سلسلے کو ایک بارپھر جاری رکھنے کے لئے آگئی تھی۔ ایک شہر سے دوسرے شہر، دوسرے شہر سے تیسرے شہر… ایک ایسا شہر جس کے بارے میں اس نے کبھی خواب میں بھی نہیں سوچا تھا، مگر اس نے تو خواب میں اور بہت کچھ بھی نہیں سوچا تھا۔ کیا اس نے کبھی یہ سوچا تھا کہ وہ بیس سال کی عمر میں ایک بارپھر بی ایس سی میں داخلہ لے گی۔ اس عمر میں جب لڑکیاں بی ایس سی کر چکی ہوتی ہیں…
کیا اس نے کبھی یہ سوچاتھا کہ وہ اپنی مرضی سے میڈیکل کالج چھوڑدے گی۔
کیا اس نے کبھی یہ سوچا تھا کہ وہ اپنے والدین کے لئے کبھی اس قدر تکلیف اور شرمندگی کا باعث بنے گی۔
کیا اس نے کبھی یہ سوچا تھا کہ وہ اسجد کے بجائے کسی اور سے محبت کرے گی اور پھر اس سے شادی کے لئے یوں پاگلوں کی طرح کوشش کرے گی۔
کیا اس نے کبھی یہ سوچا تھا کہ ان کوششوں میں ناکامی کے بعد وہ سالار سکندر جیسے کسی لڑکے کے ساتھ اپنی مرضی سے نکاح کرلے گی۔
اور کیا اس نے یہ سوچا تھا کہ ایک بارگھر سے نکل جانے کے بعد اسے ڈاکٹر سبط علی کے گھرانے جیسا گھر مل سکے گا۔
اسے باہر کی دنیا میں پھرنے کی عادت نہیں تھی اور اسے باہر کی دنیا میں پھرنا نہیں پڑا تھا۔ اپنے گھر سے نکلتے وقت اس نے اللہ سے اپنی حفاظت کی بے تحاشا دعائیں مانگی تھیں۔ اس نے دعائیں کی تھیں کہ اسے دربدرنہ پھرنا پڑے۔ وہ اتنی بولڈ نہیں تھی کہ وہ مردوں کی طرح ہر جگہ دندناتی پھرتی۔
اور واقعی نہیں جانتی تھی کہ جب اسے اپنے چھوٹے چھوٹے کاموں کے سلسلے میں خود جگہ جگہ پھرنا پڑے گا۔ ہر طرح کے مردوں اور لوگوں کا سامنا کرنا پڑے گا تو وہ کیسے کرے گی۔ وہ بھی اس صورت میں جب کہ اس کے پیچھے فیملی بیک گراؤنڈ نام کی کوئی چیز نہیں رہی تھی۔
اپنی فیملی کے سائے کے نیچے لاہور آکر میڈیکل کالج میں پڑھنا اور آگے تعلیم حاصل کرنے کے لئے باہر جانے کے خواب دیکھنا اور بات تھی… تب اس کے لئے کوئی مالی مسائل نہیں تھے اور ہاشم مبین احمد کے پاس اتنی دولت اور اثرورسوخ تھا کہ صرف ہاشم مبین احمد کے نام کا حوالہ کسی بھی شخص کو اس سے بات کرتے ہوئے مرعوب اور محتاط کردینے کے لئے کافی تھا۔
گھر سے نکلنے کے بعد اسے جس ماحول کے سامنے کا خدشہ تھا اس ماحول کا سامنا اسے نہیں کرنا پڑا تھا۔ پہلے سالار سکندر اسے بخریت لاہور چھوڑگیا تھا اور اس کے بعد ڈاکٹر سبط علی تک رسائی جس کے بعد اسے اپنے چھوٹے بڑے کسی کام کے لئے کسی دِقت کا سامنا نہیں کرنا پڑا تھا۔
ڈاکو منٹس میں نام کی تبدیلی، ملتان میں ایڈمیشن… ہاسٹل میں رہائش کا انتظام… اس کے تعلیمی اخراجات کی ذمہ داری… وہ اس ایک نعمت کے لئے اللہ کا جتنا شکرادا کرتی وہ کم تھا۔ کم از کم اسے کسی برے ماحول میں بقا کی جنگ لڑنے کے لئے جگہ جگہ دھکے کھانے نہیں پڑے تھے۔
٭…٭…٭
وہ ملتان چلی آئی، یہ اس کے لئے زندگی کے ایک نئے دور کا آغاز تھا۔ ایک مشکل اور تکلیف دہ دور… وہ ہاسٹل میں رہ رہی تھی اور وہ عجیب زندگی تھی۔ بعض دفعہ اسے اسلام آباد میں اپنا گھر اور خاندان کے لوگ اتنی شدت سے یاد آتے کہ اس کا دل چاہتا وہ بھاگ کر ان کے پاس چلی جائے۔ بعض دفعہ وہ بغیر کسی وجہ کے رونے لگتی۔ بعض دفعہ اس کا دل چاہتا وہ جلال انصر سے رابطہ کرے۔ اسے وہ بے تحاشا یاد آتا۔ وہ بی ایس سی کررہی تھی اور اس کے ساتھ بی ایس سی کرنے والی لڑکیاں وہی تھیں جو ایف ایس سی میں میرٹ لسٹ پر نہیں آسکی تھیں اور اب وہ ایس سی کرنے کے بعد میڈیکل کالج میں جانے کی خواہش مند تھیں۔
”میڈیکل کالج… ڈاکٹر” اس کے لئے بہت عرصے تک یہ دونوں الفاظ نشتر بنے رہے۔ کئی بار وہ اپنے ہاتھ کی لکیروں کو دیکھ کر حیران ہوتی رہتی۔ آخر وہاں کیا تھا جو ہر چیز کو مٹھی کی ریت بنارہا تھا۔ کئی بار اسے جو یریہ سے کی جانے والی اپنی باتیں یاد آتیں۔
”میں اگر ڈاکٹر نہیں بن سکی تو میں تو زندہ ہی نہیں رہ سکوں گی۔ میں مرجاؤں گی۔”
وہ حیران ہوتی، وہ مری تو نہیں تھی۔ اسی طرح زندہ تھی۔
”پاکستان کی سب سے مشہور آئی اسپیشلسٹ؟”
سب کچھ ایک خواب ہی رہا تھا… وہ ہر چیز کے اتنے پاس تھی وہ ہر چیز سے اتنا دور تھی۔
اس کے پاس گھر نہیں تھا۔
اس کے پاس گھر والے نہیں تھے۔ اس کے پاس اسجد نہیں تھا۔ میڈیکل کی تعلیم نہیں تھی۔
جلال بھی نہیں تھا، وہ زندگی کی ان آسائشوں سے ایک ہی جھٹکے میں محروم ہوگئی تھی جن کی وہ عادی تھی اور اس کے باوجود وہ زندہ تھی۔ امامہ کو کبھی اندازہ نہیں تھا کہ وہ اس قدر بہادر تھی یا کبھی ہوسکتی تھی مگر وہ ہوگئی تھی۔
وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس کی تکلیف میں کمی ہونا شروع ہوگئی تھی۔ یوں جیسے اسے صبر آرہا تھا۔ اللہ کے بعد شاید زمین پر یہ ڈاکٹر سبط علی تھے جن کی وجہ سے وہ آہستہ آہستہ سنبھلنے لگی تھی۔
مہینے میں ایک بار ویک اینڈ پروہ ان کے پاس لاہور آتی۔ وہ وقتاً فوقتاً اسے ہاسٹل فون کرتے رہتے، اسے کچھ نہ کچھ بھجواتے رہتے۔ ان کی بیٹیاں اور بیوی بھی اس کا بہت خیال رکھتے تھے۔ وہ ان کے نزدیک ان کے گھر کا ایک فرد بن چکی تھی اگر یہ لوگ نہ ہوتے تو میرا کیا ہوتا۔ وہ کئی بار سوچتی۔
٭…٭…٭
ملتان میں اپنے قیام کے دوران بھی اس نے سالار سکندر کو کبھی اپنے ذہن سے فراموش نہیں کیا تھا۔ تعلیم کا سلسلہ باقاعدہ طورپر شروع کرنے کے بعد وہ ایک بار اس سے رابطہ کرنا چاہتی تھی اور اگر وہ پھر اسے طلاق دینے سے انکار کردیتا تو وہ اب بالآخر ڈاکٹر سبط علی کو اس تمام معاملے کے بارے میں بتادینا چاہتی تھی۔
اور سالار سے رابطہ اس نے بی ایس سی کے امتحانات سے فارغ ہونے کے بعد لاہور آنے سے پہلے کیا۔ اپنے پاس موجود سالار کے موبائل کا استعمال وہ بہت پہلے ترک کرچکی تھی۔
وہ نہیں جانتی تھی کہ دوسال کے عرصہ میں سالار دوبارہ اسی موبائل نمبر کو استعمال کرنا شروع کرچکا ہے یا پھر اس نئے نمبر کو استعمال کررہا تھا، جو اس نے اسے اپنا موبائل دے دینے کے بعد دیا تھا۔
ایک پی سی اوسے اس نے سب سے پہلے اس کا نیا نمبر ڈائل کیا۔ وہ نمبر کسی کے استعمال میں نہیں تھا، پھر اس نے اپنے پاس موجود موبائل کے نمبر کو ڈائل… وہ نمبر بھی کسی کے استعمال میں نہیں تھا۔ اس کا واضح مطلب یہی تھا کہ اب وہ کوئی تیسرا نمبر لئے ہوئے تھا اور وہ نمبر اس کے پاس نہیں تھا۔
اس نے بالآخر اس کے گھر کا نمبر ڈائل کیا کچھ دیر تک بیل ہوتی رہی، پھر فون اٹھالیا گیا۔
”ہیلو…!” کسی عورت نے دوسری طرف سے کہا۔
”ہیلو… میں سالار سکندر سے بات کرنا چاہتی ہوں۔” امامہ نے کہا۔
”سالار صاحب سے…! آپ کون بول رہی ہیں۔”




Loading

Read Previous

کیوئیں جاناں میں کون — مصباح علی سیّد

Read Next

معصوم سوال — ناہید حیات

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!