پی ٹی وی کے شروع کے دور میں جب ریکارڈنگز کی بجائے سب کچھ لائیو آیا کرتا تھا تو رات کا خبرنامہ بڑی اہمیت کا حامل ہوتا۔اس وقت سب لوگ رات نو بجے خبرنامہ سننے ٹی وی کے سامنے بیٹھ جاتے۔ایسے ہی اک دن پی ٹی وی کے اسٹوڈیو میں کھلبلی مچ گئی جب نیوز کاسٹر غائب تھا اور نو بجنے میں بس ایک دو منٹ کا وقت تھا۔ڈائریکٹر صاحب اِدھر اُدھر بھاگ رہے تھے اور کوئی ایسا شخص دکھائی نہ دے رہا تھا جو خبریں سناتا۔ایسے میں ان کی نظر ننھا پر پڑی۔انہوں نے دور سے آواز لگائی۔
”اوئے ننھے۔ بھاگ کر آ۔“ننھا اپنی موج میں تھا۔اپنے مخصوص انداز میں چلتا ہوا اس کے پاس آیا۔
”ہاں جی؟“
”بھاگ کر ادھر جا۔ خبریں پڑھ کر سنا۔ آج نیوز کاسٹر نہیں آیا۔“ ان کی بات سن کر ننھا مسکرایا اور بولا۔
”خبریں تو سنا دوں گا پر یقین کوئی نہیں کرے گا خبروں کا۔“
٭……٭……٭
موت:اک معمہ
ننھا حالات کی جنگ کب ہار گیا۔اس بات سے سب بے خبر رہے۔علی اعجاز سے آخری رات بات کرنے کے بعد ننھا نے لاہور میں اپنے گھر رات کو خود کو گولی مار لی۔2جون 1986ء کو کی جانے والی اس خودکشی کو ایک معمہ قرار دیا جاتا ہے اور مختلف روایات ملتی ہیں۔ بیانات میں بھی تضاد دکھائی دیتا ہے۔جنید ظفر، ایک پرڈیوسر جو اس خودکشی کے بعد ننھا کے کمرے میں گئے تھے ان کے مطابق وہاں ہر طرف خون ہی خون تھا اور یہ ایک خوفناک منظر تھا جبکہ علی سفیان آفاقی لکھتے ہیں جس صوفے پر ننھا پڑا تھا وہاں خون کا کوئی قطرہ موجود تھا نہ ہی پورے کمرے میں خون دکھائی دیا۔ننھا بھی اپنے گاؤن میں بڑے آرام دہ انداز میں صوفے پر لیٹے ہوئے تھے۔
پولیس نے کئی ماہ تفتیش کی مگر نتیجہ صفر رہا۔ خدا ہی جانے دو جون کی رات حقیقت میں کیا ہوا تھا۔ ہم تو صرف یہ بات جانتے ہیں کہ ایک بہترین اداکار اور شخصیت اس دنیا سے رخصت ہوگئی۔ ’پسوری بادشاہ‘ننھا کی آخری فلم ثابت ہوئی۔ ننھا کو اپنی ماں کے پہلو میں کریم بلاک قبرستان، اقبال ٹاؤن لاہور دفن کیا گیا۔
ازالہ نہ کر سکیں جن کا
لوگ ایسے بھی ہم نے کھوئے ہیں
٭……٭……٭
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
ایوارڈز
ننھا نے تین سال بہترین کامیڈین کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔
٭1977میں نگار ایوارڈ
٭1978میں نگار ایوارڈ
٭1983میں نگارایوارڈ
دنیا نے رفتہ رفتہ رفیع خاور کو بھلا دیا مگر دنیا کبھی ننھا کو نہ بھول سکی۔
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ