خربوزہ کہانی — عائشہ تنویر

آم پھلوں کا بادشاہ ہے اسی لیے سب کا راج دلارا ہے۔ امیر، غریب سب کی آنکھوں کا تارا ہے۔ اسی لئے سخن کے بادشاہ مرزا غالب نے پھلوں کے بادشاہ کے بارے میں کہا تھا کہ آم میں دو خصوصیات ہونی چاہئیں۔ ایک یہ کہ میٹھا ہو، اور دوسرا یہ کہ زیادہ۔ اپنی اسی ہر دل عزیزی کے باعث اس کا مزاج اور ریٹ آسمان سے باتیں کرتا ہے اور اعلیٰ کوالٹی کا آم مغرور حکمرانوں کی طرح اپنے ملک کی عوام سے ملنے کی بجائے زرمبادلہ کے بہانے باقی دنیا کی سیر کو چلا جاتا ہے۔ اور زیادہ تو دور کی بات، عوام تو تھوڑے کی پہنچ سے بھی ایسے دور ہیں جیسے بچوں کی پہنچ سے دوائیں۔ عوام بے چاری محبت سے بے قرار جو جیسا ملے اس پر ہی اکتفا کرتی ہے۔
لیکن اب زمانہ بدل گیا ہے۔ جمہوریت آچکی ہے اور پھلوں میں بھی آم کی آمریت ختم ہو چکی ہے۔ اب وقت ہے آم سے عوام تک کے سفر کاجی ہم بات کر رہے ہیں عوامی پھل خربوزے کی۔ جو آم جیسی چمکتی زرد رنگت تو نہیں رکھتا، لیکن اس کا پھیکا پیلا پن بھی کچھ لوگوں کو بہت بھاتا ہے۔
آم نے اگر محاوروں میں جگہ بنائی ہے اور ”آم کھائو پیڑ نہ گنو، آم کے آم گٹھلیوں کے دام” سننے میں آتا رہتا ہے تو ہمارا خربوزہ بھی کسی سے پیچھے نہیں۔ ”خربوزے کو دیکھ کر خربوزہ رنگ پکڑتا ہے” اور ”چھری خربوزے پر گرے یا خربوزہ چھری پر کٹتا خربوزہ ہی ہے” بھی آپ نے سن ہی رکھا ہوگا۔
خربوزہ غریبوں کا عوامی پھل ہے، اسی لئے دوا بھی کہلاتا ہے اور غذا بھی۔ اپنے عوامی مزاج کی وجہ سے یہ آم کی طرح خوشبو پھیلاتا اپنی آمد کا اعلان کرتا نہیں آتا، اسے چھپ کر بھی کھا لیا جائے تو گھر میں فساد کا سبب نہیں بنتا اور کسی کو پوچھ بھی لیں تو وہ سارا چٹ کرنے کی حسرت نہیں رکھتا ۔





درحقیقت خربوزہ لڑکیوں کا پسندیدہ پھل ہے۔ نا یہ آم کی طرح جسم کو موٹاپے کی طرف مائل کرتا ہے اور نہ ہی چاند جیسے چہرے پر داغ کی صورت پمپلز پیدا کرتا ہے ۔آم کی طرح یہ مکھیوں کو دعوتِ عام دے کر گھر کی صفائی پر حرف بھی نہیں اٹھاتا۔ سب سے بڑی بات یہ کہ اس کے اچار، چٹنی، مربے کی فرمائش کر کے نازک اندام حسینائوں کو امتحان میں نہیں ڈالا جا سکتا۔
آم کی طرح خربوزے کی گٹھلی بھی اٹ کر آپ کے کپڑوں پر نہیں گرتی۔ یہ آم کی طرح آپ کا منہ بھی پیلا نہیں کرتا، جس سے آپ کے مہذب ہونے کا بھرم بھی رہ جاتا ہے۔ زندگی اور خربوزے میں یہ قدر مشترک ہے کہ پھیکا بھی نکل آئے تو پھینکے نہیں جا سکتے۔ ہم کہتے ہیں پھینکنے کی ضرورت ہی کیا ہے۔
بھئی سکرین کا انجکشن صحیح نہیں لگ پایا تو یہ خربوزے والے کا قصور ہے، اس میں بے چارے خربوزے کی کیا غلطی؟ زندگی میں رنگ بھرنا بھی ہماری محنت کا ہی نتیجہ ہوتا ہے اور خربوزے کو ذائقہ بھی ہم اپنی مرضی سے دے سکتے ہیں۔ چاہے تو چینی ڈال کر کھائیں، چاہے نمک… کوئی سلیقہ مند بی بی تو آپ کو اس کی ترکاری بھی بنا دیں گی۔
خربوزے کا ایک فائدہ یہ بھی ہے کہ اس کے بیج بھی کھائے جاتے ہیں۔ سو اگر یہ پھیکا نکل بھی آئے تو آپ گھاٹے میں نہیں رہے۔ اگر آپ نے گھر میں بکری یا مرغی پالی ہے تو اس کے کھانے کا انتظام چھلکوں اور بیج سے ہو جائے گا، ورنہ کسی حکیم کو دے دیں تو وہ خشک کر کے دوا میں استعمال کرلیں۔
ہمارے ایک جاننے والے خربوزے کے رسیا ہیں، خربوزہ اس قدر رغبت سے کھاتے ہیں کہ خربوزہ بھی اپنی قسمت پر رشک کرتا ہے ۔کسی وقت بھی آپ انہیں کہیں وہ خربوزے کے فوائد اور آم کے نقصانات پر تقریر کر سکتے ہیں۔ اس کی ایک وجہ شاید ان کی ذیابیطس ہو جو انہیں آم سے دور ہی رہنے پر مجبور رکھتی ہے۔ کھانے سے پہلے وہ خربوزہ کھاتے ہیں کہ اس سے بھوک کھلتی ہے۔ پھر وہ خربوزہ کھاتے ہیں پیٹ بھرنے کے لئے اور کھانے کے بعد وہ خربوزہ یہ کہہ کر کھاتے ہیں کہ ذرا ہاضمہ ہو جائے۔
خربوزے میں پانی کی بہت بڑی مقدار شامل ہوتی ہے، سو کھانے کے وقفوں میں جسم میں پانی پورا کرنے کے لیے بھی خربوزہ کھایا جاتا ہے۔
خربوزے کا ایک بڑا فائدہ یہ بھی ہے کہ یہ ہر مشکل کا ساتھی ہے۔ جب دل چاہے کھا لیں، چاہے تو تکیہ بنا کر سر کے نیچے رکھ لیں ، لمبے سفر میں ساتھ لے جائیں تو کھانے کے جھنجھٹ سے جان چھوٹے اور راہ میں کسی سے جھگڑا ہو جائے تو اٹھا کر سامنے والے کے سر پر مار دیں، مزے کی بات یہ کہ کسی چیک پوسٹ پر یہ ہتھیار روکا بھی نہیں جاتا بلکہ اگر روک بھی لیا جائے تو یہ اپنی نوعیت کا واحد ہتھیار ہے جسے سامنے والے کو پیش کر کے آپ کی جان بھی چھوٹ سکتی ہے، بلکہ الٹا اگلا آپ کا احسان مند بھی ہو جاتا ہے۔
جب سے ون ڈش کا غلغہ اٹھا ہے، ہماری رائے میں تو شادیوں میں خربوزہ ہی رکھ دینا چاہئے۔ چاہے کوئی پیٹ بھرنے کو کھائے یا چینی ڈال کر میٹھا سمجھ کر، میزبان تو بری الذمہ ہوں۔
میزبانی سے یاد آیا، جب آپ کسی کے ہاں دعوت پر جائیں تو آپ اسے بہ طور تحفہ بھی لے کر جاسکتے ہیں۔ چوں کہ یہ سائز میں بڑا ہوتا ہے، اس لیے کم تعداد میں آپ کا شاپر بھی بھر جائے گا اور آپ خرچے سے بچ جائیں گے۔
اسی طرح بڑی بڑی میزیں خربوزوں کے ڈھیر سے بھر کر میزبان کھانے کی کثرت پر بہ آسانی فخر کر سکتے ہیں اور بریانی کی طرح اسے شاپر میں ڈال کر پار کرنا بھی آسان نہیں ہے۔ سو بے فکر رہیں، آپ کا کھانا کم نہیں پڑے گا ۔
ہمیں یقین ہے کہ ہماری خربوزہ کہانی سے متاثر ہو کر آپ ایک آدھ خربوزہ تو کھا ہی لیں گے اور ہم نے جو خربوزے کا کھیت لیا ہے وہ نقصان میں نہیں جائے گا۔

٭…٭…٭




Loading

Read Previous

عدل — بشریٰ خان

Read Next

انجان راستہ — ثاقب رحیم خان

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!