بل ہے کہ مانتا نہیں — سید محسن علی

تپتی دھوپ میں شیخ حسام الدین گھر میں داخل ہوئے تو بُری طرح پسینے میں شرابور تھے ۔ ذرا دم لینے کے لیے پنکھے کے نیچے بیٹھے ہی تھے کے ان کی بیگم زبیدہ خالہ نے اُن کے آگے بجلی کا بل کردیا۔
”ہائیں اتنا بل۔” وہ بل دیکھ کر اچھل پڑے۔
”ارے میں کتنا کہتا ہوں کے احتیاط سے بجلی استعمال کیا کرو ، لیکن تم لوگ…”
”ارے موئی بجلی ہوتی ہی کب ہے جو احتیاط کریں، ہر دوگھنٹے بعد ایک گھڑی بھر کے لیے آتی ہے کیا احتیاط کریں اور کون سے تم نے گھر میں اے سی لگوا رکھے ہیں، اب کیا بچے پنکھے کے نیچے بھی نہ بیٹھیں۔” جواب میں خالہ نے بھی جب شیخ صاحب پر چڑھائی کردی تو وہ کچھ پیچھے ہٹے۔
”تم تو ہر بات کا اُلٹا ہی جواب دینا ، میرا یہ مطلب تھوڑی تھا، میں کہہ رہا تھا کے…”
”کیا مطلب نہیں تھا، دیکھ لو ہم اتنی احتیاط سے بجلی استعمال کرتے ہیں اور یہ بل آتا ہے اور دوسروں کو دیکھو سب کے گھروں میں اے سی چل رہے ہیں لیکن بس تمہیں ہی ایمانداری کا بھوت سوار ہے۔ ” خالہ نے شیخ صاحب کی بات کاٹ کر کہا۔
”تم پھر شروع ہوگئیں، ہزاربار کہہ چکا ہوں کے اگر دوسرے غلط کا م کررہے ہیں تو لازمی نہیں میں بھی اپنی آخرت خراب کروں ، ارے کیا ان ایئر کنڈیشنوں سے پہلے لوگ سکون سے نہیں سوتے تھے؟”
”لو موئی پھر چلی گئی لائٹ ، منحوس ابھی تو تین گھنٹے بعد آئی تھی۔ ارے کیڑے پڑیں ان بجلی والوں کو…”
قبل اس کے ، کہ ان کی بحث ایک جنگ کا روپ اختیار کرتی اچانک لائٹ چلی گئی اور خالہ کی مغلظات کا رخ شیخ صاحب سے مڑکر بجلی والوں کی جانب ہوگیا۔
وہ بل تو جسے تیسے شیخ صاحب نے جمع کروادیا گو کے اس کی بدولت اس ماہ ان کا ہاتھ خاصا تنگ رہا لیکن پھر انہوں نے حتی الامکان کوشش کی کے گھرمیں کہیں بھی کوئی فالتو بجلی استعمال نہ ہو جس پر ان کی کئی بار خالہ سے تو تومیں میں بھی ہوئی مگر معاملہ کچھ عجیب اور یہ سلسلہ دراز ہوتا گیا۔ ہر دو تین ماہ بعدتوقع سے کئی گنا زیادہ بل آنے لگاجسے دیکھ کر شیخ صاحب کی پریشانی میں اضافہ ہوجاتا۔ اس دن نماز سے واپس آتے ہوئے شیخ صاحب نے اپنے پڑوسی عرفان صاحب سے دریافت کیا کے ان کا بل کتنا آتا ہے تو وہ اطمینان سے بولے:
” بس ہزار بارہ سو ۔”
”ہائیں عرفان صاحب آپ کے گھر میں تو دو دو اے سی چلا رہے ہیں پھر بھی؟” شیخ صاحب نے آنکھیں پھاڑ کے سوال کیا۔
”ارے بھائی اب آپ سے کیا پردہ ۔ ایک لائن مین ہے اصغر اس سے سیٹنگ کی ہوئی ہے پھر ساری لائن کی سیٹنگ اس نے خود ہی کی ہے مگر ١یک ہزار روپے لیتا ہے مہینے کے پھر جتنا مرضی اے سی چلاؤ۔ پڑوسیوں کے حقوق تو ویسے بھی ہم پر فرض ہیں، میں ایسا کرتا ہوں کے آپ کی بھی بات کروادیتا ہوں۔”
”لاحول وللہ عرفان صاحب ، یہ تو آپ ہمیں حرام کام کا مشورہ دے رہے ہیں یاد رکھیے حرام کی بجلی میں کیا ہوا ہر کام بھی حرام ہوتا ہے ۔” شیخ صاحب نے غصے سے کہا۔
”ارئے آپ کس صدی میں جی رہے ہیں شیخ صاحب ، یہ تو آج کل ضروری ہوگیاہے، نہیں کروگے تو ویسے بھی زیادہ بل کی چٹنی لگادیں گے یہ لوگ اور جو ایک بار ان کے جال میں پھنس گیا سمجھو گیا۔”
عرفان صاحب نے کسی جہاندیدہ کے مانند شیخ صاحب کو سمجھاتے ہوئے کہا۔
”بہت بہت شکریہ آپ کے مشورے کا، میں خودہی نمٹ لوں گااس مسئلے سے۔”
شیخ صاحب نے ساری عمر اپنی سرکاری نوکری اتنی ایمانداری اور دیانتداری کے ساتھ کی تھی کے آج بھی سب لوگ سوائے خالہ کے، ان کی راست گوئی کی مثال دیا کرتے تھے وہ بھلا اپنے نئے پڑوسی عرفان صاحب کی بات کیوںکر برداشت کرتے اسی لیے بھڑک گئے۔
”کمال ہے میں تو آپ کی مدد کررہا تھا، خیر شوق سے خود ہی بھگتیے، نیکی کا تو زمانہ ہی نہیں رہا۔ ” عرفان صاحب نے ناگواری سے جواب دیا اور شیخ صاحب نے بڑبڑاتے ہوئے گھر کی راہ لی۔
آئے روز کے زائد بلوں کے خلاف شیخ صاحب تلملاتے ہوئے اگلے روز ہی واپڈا کے مقامی دفتر جاپہنچے اور دفتر کے ایک کمرے میں گھس کر وہاں بیٹھے ملازمین سے احتجاجی لہجے میں اپنے ساتھ ہونے والی ناانصافی کا سبب دریافت کرنے لگے لیکن ان پر رتی برابر بھی اثر نہ ہوا بلکہ ساری روداد سننے کے بعدایک کلرک نے اپنی پرانی سی ٹیبل کے سائیڈ میں پڑے گندے سے ڈسٹ بن میں میم پوری تھوکی اور ہتھیلی سے منہ صاف کرکے شیخ صاحب کو بولا:
”ارے ا نکل یہاں نئے میٹر کی درخواستیں جمع ہوتی ہیں آپ برابروالے کمرے میں جائیں۔”
دوسرے کمرے میں صرف شیخ صاحب ہی نہیں بلکہ ہردوسرا بندہ اپنے زائد بل کے جھوٹے سچے دکھڑے رو رہا تھااور وہاں موجود عملہ روزانہ کے اس عمل سے اکتا کر نہایت بے حسی سے ان کی دکھ بھری داستانیں ایک کان سے سن کردوسرے سے اڑا کر انہیں ہی مورود الزام ٹھہرا رہاتھا کہ حضرات بجلی بھی تو آپ نے ہی استعمال کی ہے ، نا کے ہم نے۔ اگر سننے والامخاطب کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر ثابت قدمی سے اپنے ساتھ ہونے والی زیادتی پر نوحہ کناں رہتا تو وہ اسے حکام بالا کے نام پر درخواست دائر کرنے کا مشورہ دیتا تاکہ کارروائی کی جاسکے۔





شیخ صاحب نے بھی جب اپنا مؤقف پیش کیا تو ایک خداترس بندے نے ان کی درویش صورت دیکھتے ہوئے ان پر یہ حقیقت آشکار کی کے جناب آپ کے بل پر تو ڈیڈکشن لگی ہوئی ہیں۔
”لیکن بھائی کس بات کی ڈیڈکشن ؟”
”ممکن ہے عملے نے آپ کے میٹر میں کوئی گڑبڑ دیکھی ہو یا کوئی اور ناجائز چیز ، اب تو آپ کو یہ جرمانہ بھرنا پڑئے گا ۔”
”کیا بات کررہے ہو میاں، ہم نے ساری عمر ایمانداری سے بجلی کا بل ادا کیا ہے ہم یہ حرام کام کیوں کرنے لگے۔” شیخ صاحب سے غصے سے جواب دیا۔
” چاچا یا تو آپ یہ اماؤنٹ جمع کرادیں یا آپ صاحب کے نام درخواست جمع کرادیں تاکہ کارروائی ہو۔ ٹیم خود ہی آپ کے گھر آکر چیک کرلے گی کے کوئی بات تو نہیں ہے ۔ ” اس نے شیخ صاحب کو سمجھاتے ہوئے جواب دیا اور دوسرے صارفین بلکہ متاثرین کی جانب متوجہ ہوگیا۔
حیران و پریشان شیخ صاحب وہاں سے سیدھے اپنے پرانے دوست عزیز صاحب کے پاس پہنچے اور ڈیڈکشن کی اصطلاح کے متعلق اپنی الجھن کا ماجرا بیان کیا۔
”کیا بتاؤں حسام بھائی برا حال ہے ہر طرف لوٹ مچی ہے۔ لوگ بھی ڈھڑلے کے ساتھ بجلی چوری کر رہے ہیں۔ بہت سی جگہوں پر یوں ہورہا ہے جو لوگ ہر ماہ لائن مینوں کو پیسے دیتے ہیں وہ بچ جاتے ہیں اور جو نہیں دیتے اُن کے بلوں میں اسی طرح ڈیڈکشن لگاکرخسارہ پورا کیا جاتا ہے۔”
ان کے دوست نے ان کی معلومات میں اضافہ کرتے ہوئے کہا۔
”توکیا یہ بات اعلیٰ افسران کو معلوم نہیں۔” شیخ صاحب نے تعجب سے پوچھا۔
” ارے بھائی تم تو ہمیشہ کے بدھو ہی رہوگے سب ملی بھگت ہوتی ہے بھائی میرے ، جب اوپر سے بہت سختی ہوتی ہے چھاپے پڑنے شروع ہوجاتے ہیں چوریاں بھی پکڑی جاتی ہیں ، لیکن چند دنوں بعدمعاملہ ٹھنڈا ہونے پر پھروہی دھندے شروع ہوجاتے ہیں۔ ”
ان کے دوست شیخ صاحب کے بھولے پن پر مسکرا کر بولے۔
”ارے پھر بھی کوئی اس ظلم کے خلاف آواز تو اٹھانے والا ہونا چاہیے نا، تم تو مجھے جانتے ہی ہو۔ دیکھومیں کیسے ان لوگوں کے خلاف شکایات درج کرواتا ہوں۔” شیخ صاحب نے ایک عزم سے کہا اورعزیز صاحب دل میں ہمدردی کے جذبات لیے اپنے سادہ لوح دوست کی کامیابی کے لیے دعاگو ہوئے ۔
اس کے بعد شیخ صاحب کے واپڈا آفس کے چکر لگنے شروع ہوگئے۔ چوں کہ نوکری سے حال ہی میں ریٹائر ہوئے تھے اس لیے اب گھرمیں فارغ بیٹھنے پر طبیعت بھی مائل نہیں تھی تو پوری توانائی سے اپنے ساتھ ہونے والی ناانصافی کے خلاف مستقل مزاجی سے ڈٹ گئے۔ کبھی کسی افسر کے انتظار میں بیٹھے ہوتے کبھی کسی کے سامنے اپنا کیس پیش کررہے ہوتے لیکن زیادہ تر افسروں کے پاس ٹائم نہیں ہوتااور جو ٹائم دیتا وہ کسی ماتحت کے حوالے کردیتا ۔ سب درخواست منگواتے اور رکھ لیتے ہاں چند لوگ اتنی مہربانی ضرور کرتے کے بل کی قسط کرواکر شیخ صاحب کو تھما دیتے کہ جناب پہلے اسے جمع کروادیجیے پھر کام ہوتا رہے گا۔ یہاں کوئی کسی کا پرسان حال نہیں تھا اور شیخ صاحب کا بل ان کے بس سے باہر ہوتا جارہا تھا۔ اکثر تو یوں بھی ہوا کے شیخ صاحب جب دفتر پہنچے تو عوام کی ایک بڑی تعداد کو وہاں لوڈ شیڈنگ کے باعث احتجاج کرتے پایا۔ ایک بار تو گھر واپسی پر بھی راستے میں، ان کے ساتھ والے محلے کے لوگوں کی جانب سے ٹرانسفارمر میں خرابی کے سبب دو دن سے لائٹ نہ ہونے کے باعث ہنگامہ آرائی کی جارہی تھی اور مشتعل مظاہرین نے حکام کی عدم دلچسپی اور مطلوبہ فنی سہولت نہ ہونے کے باعث سڑک پر جلاؤ گھیراؤ کرکے راستہ بند کیا ہوا تھا۔ شیخ صاحب کافی دیر بے بسی کے عالم میں ٹریفک میں پھنسے رہنے کے بعد ایک لمبے متبادل راستے کو طے کرکے گھر پہنچے۔
کافی عرصہ محکمہ پانی وبجلی کے دفاتر کے چکر لگانے کے بعد شیخ صاحب کے علم میں کئی چیزوںکا گراں قدر اضافہ ہوا کے ایک تو متعلقہ عملہ اپنے مقررہ وقت پر کبھی نہیں پہنچتا سوائے چند ایک کے جو واقعی اپنے فرائض منصبی نہایت ایمانداری اور ذمہ داری سے ادا کررہے تھے ۔ دوسرا وہاں صرف وہ ہی نہیں ان جیسے نہ جانے کتنے زائد بلوں کے ستائے مو جود تھے لیکن ان میں اکثریت ایسے لوگوں کی تھی جو واقعی بجلی کی چوری میں ملوث بھی تھے جیسے ان کے گھر کام کرنے والا مستری اور پلمبر بھی، مستری کے گھر بھی دو دو اے سی چل رہے تھے لیکن وہ بضد تھا کے وہ تو ڈائریکٹ چل رہے ہیں میٹر کا بل تو غلط آیا ہے نہ، اور شیخ صاحب لاحول پڑھ کر خاموش ہوجاتے۔ کچھ ایسے ہوتے کے سارا مہینہ غیر ذمہ داری سے بجلی استعمال کرتے اور بل آنے پر اپنا دکھڑا رونے پہنچ جاتے۔ کسی کے گھر پر کرائے داروں کے چلے جانے کے بعد بھی ہر ماہ بل آرہا ہوتا ، کوئی بے چارہ خالی گھر میں بل آنے کا دکھڑا رو رہا ہوتا۔ کچھ کے میٹر ہی بند پڑے تھے اور انہوں نے ڈائریکٹ کھمبوں پر سے تار جوڑے ہوئے تھے۔ شیخ صاحب کو ایسے ایسے ، اپنے شعبوں میں طاق ہر فن مولا حضرات سے بھی سلام دعا کا شرف حاصل ہوا جو بجلی کے میٹر کی ریڈنگ پیچھے کرنے کے خفیہ گر جانتے تھے اور معقول معاوضہ پر اپنی خدمات پیش کرتے تھے۔
چند ایک نے تو شیخ صاحب کو اشارہ بھی دیا کے صاحب کسی کو کچھ دے دلا کر معاملے کودرست کروادیجیے تاکے اس جھنجھٹ سے جان چھوٹے لیکن شیخ صاحب نے رشوت دینے کے خیال ہی سے انکار کردیا۔
ایک من چلا تو ایسا بھی ملا جو شیخ صاحب کو اپنا تجربہ سنانے لگا۔ ” میرے گھر بھی جب دیکھو ڈیٹیک شن ( ڈیڈکشن ) ٹھوک جاتے تھے میں نے بل جمع کرانا ہی چھوڑ دیا، میں دہاڑی دار آدمی اپنا گھر چلاؤں یا ان ڈیٹیک شن کی پھٹیکوں کو بھروں، میں نے بل جمع کرانا ہی چھوڑ دیا۔ لے گئے میرا میٹر اتار کے میں نے کہالے جاؤ بیٹا، اگلے دن ہی ڈائریکٹ تار ڈلوالیااب کیا لے جائیں گے زیادہ سے زیادہ تار لے جائیں گے نہ، میں پھر لاکے لگالوں گا، کیسا؟”
وہ اپنی بپتا سنانے کے بعد مسکراتے ہوئے شیخ صاحب کو تعریف طلب نگاہوں سے دیکھنے لگا اور شیخ صاحب اپنے دل کی بات کو دل ہی میں دبائے اک شان بے نیازی سے اسے نظرانداز کرتے ہوئے ایک بار پھر عزیز صاحب کے پاس دل کا بوجھ ہلکا کرنے چلے گئے۔ عزیز صاحب نے شیخ صاحب کی پریشانی دیکھتے ہوئے اپنے ایک جان پہچان والے سینئر کلرک سے شیخ صا حب کا رابطہ کروایا۔ شیخ صاحب ان کے سامنے بھی حاضر ہوئے اور اپنا مدعا بیان کیا۔ وہ صاحب خاصے صاف گو واقع ہوئے تھے ہنستے ہوئے بولے:
”جناب ٥٠ ، ٤٠ ہزار کی ڈیڈکشن لگنا اب معمول کی بات ہوگئی ہے ۔ آپ آہستہ آہستہ قسطیں جمع کرواکر بل تو ادا کرتے رہیے اور درخواست جمع کروادیجیے، آہستہ آہستہ خود ہی ختم ہوجائیں گی۔”
لیکن درخواست جمع کرائے تو کافی عرصہ ہوگیا کچھ ہوتا ہی نہیں، سب ہمیں ہی شک کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔” شیخ صاحب نے بے چارگی سے جواب دیا۔
” بات یہ ہے شیخ صاحب کے آج کل سب ہی چوربن گئے ہیں کیا حکومت کیا عوام جس کو جہاں موقع مل رہا ہے لوٹ رہا ہے۔ اب کسی کے ماتھے پر تو نہیں لکھا ہوتا نہ’ آپ کو ایک بات بتاؤں خود میرے گھر کے میٹر پر بھی ڈیڈکشن لگی ہوئی ہے، ہاہاہاہا۔ ‘ ‘ انہوں نے بے تکلفی سے شیخ صاحب کی ران پر ہاتھ مارتے ہوئے کہا۔
”لیکن جناب کوئی حل تو بتائیے نا، ایسا ہوتا رہا تو میں جلد ہی لاکھوں روپے کا مقروض ہوجاؤں گا کہیںنیب میں کیس نہ چلا جائے ۔”
”ارے گھبرائیے نہیں ، نیب والے کوئی بدمعاش تھوڑی ہیں۔ خیر آپ چاہیں تو دوچیزیں کرسکتے ہیں یا تو کسی سے سیٹنگ کروالیجیے، کچھ دے دیاکیجیے پھر بھلے اے سی بھی لگالیں گھرمیںاور اگر واقعی آپ نے کبھی بجلی چوری نہیں کی تو وفاقی محتسب کے نام درخواست دائر کرادیجیے ۔” انہوں نے معنی خیز مسکراہٹ سے شیخ صاحب کو دیکھتے ہوئے کہا۔
اور شیخ صاحب بھی کہاں ہمت ہارنے والے تھے انہوں نے بھی وفاقی محتسب کے دفتر کیس داخل کروادیا۔ کارروائی شروع ہوئی اور کچھ عرصے میں ثابت ہوگیا کے شیخ صاحب کے گھر پر لگائی گئی تمام ڈیڈکشنز غلط ہیں۔ وفاقی محتسب کی طرف سے شیخ صاحب کے لیے واپڈا کے حکام کو احکامات جاری کردیے گئے کے صارف پر لگائے گئے تمام جرمانے فوری ختم کیے جائیں ۔
اتنی خواری کے بعد فتح کے آثار دیکھ کر شیخ صاحب نے فخر سے اس لیٹر کی کاپی تمام جاننے والوں کو دکھائی خاص طور پر اپنے پڑوسی عرفان صاحب کو ، لیکن وہ یہ سب طنزیہ مسکراہٹ سے دیکھتا ہوا چلا گیا۔
اپنی فتح کے نشے میں چور شیخ صاحب انتظار کرتے رہے کے اب کے مہینے اُن کے بل سے سارے جرمانے رفع ہوجائیں گے لیکن دلی دور است۔ ایک طرف لوڈ شیڈنگ تھی جو ختم ہونے کا نام ہی نہ لے رہی تھی۔
اکثر ساری ساری رات بجلی غائب ہوتی تو کبھی کوئی گرڈ اسٹیشنوں میں خرابی ہوجاتی اوروولٹیج اتنے کم ہوتے کے شیخ صاحب سارے گھر کی اہم چیزوں کوبند کروادیتے۔ حالاں کہ حکومت نے دعویٰ کیا تھا کہ اس سال کے اختتام تک لوڈ شیڈنگ مکمل ختم ہوجائے گی لیکن سال ختم ہوگیا انتظار ختم نہ ہو ا یہاں تک کے بجلی کے بحران کو ہمیشہ کے لیے ختم کرنے کے وعدوں پر عوام سے ووٹ بٹورنے والے خود مال بٹور کر اپنی مدت پوری کرکے چلے گئے لیکن لوڈ شیڈنگ ختم نہ ہوئی۔ گرمیوں میں منسٹر صاحب یہ توجیح پیش کرتے رہے کے خشک سالی کی وجہ سے دریاؤں میں پانی نہیں ہے اس لیے زائد لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے اور سردیوں میں گویا ہوتے کہ سردی کی وجہ سے دریاؤں کا پانی جم گیا ہے اس لیے پانی کی کمی بھی لوڈشیڈنگ کا سبب ہے ۔ اس پر سونے پر سہاگہ کبھی ابر رحمت برس جائے تو عوام کو اس زحمت سے دوچار کیا جاتا کے دو بوندوں کے برستے ہی عاشقانہ مزاج شاعری کرنے والے لوگ بھی بارش کے بعد توبہ کرتے نظر آتے، بادلوں کے گرجتے ہی لائٹ بند ہوجاتی حتیٰ کہ بادل برس کر بھی چلے جاتے اور آسمان پر تارے جگمگانے لگتے لیکن لائٹ عید کا چاند ہوجاتی اور پھر ان تاروں کی روشنی میں ہی رات کالی ہوتی۔ زندگی بنا بجلی کے جیسے تیسے گزر ہی جاتی ہے لیکن بنا پانی کے یہ زندگانی کتنی کٹھن ہوتی ہے اس کا اندازہ شیخ صاحب کو اس دن ہوا جب اچانک ہونے والی برسات کے سبب لائٹ غائب ہوئی سو ہوئی لیکن پانی کی موٹر نہ چلنے کے سبب ٹینکی میں پانی ختم ہوگیا۔ اس پر ستم یہ کے شیخ صاحب کا پیٹ سخت خراب اور گھر میں پانی کی ایک بوند موجود نہیں جس سے حوائج ضروریہ کا انتظام کیا جائے۔ وہ دبے لفظوں خالہ کی کفایت شعاری نہ کرنے کی عادت کو جواز بناکر تنقید کرنے لگے کے اگر باورچی خانے میں رکھے ڈرم میں آڑے وقت کے لیے کچھ پانی بچا کر رکھ لیا ہوتا تو ابھی یوں رسوا نہ ہونا پڑ رہا ہوتا۔ اس وقت شیخ صاحب کو اپنی ہی مثال سے اس بات کی اہمیت کا اور اندازہ ہوگیا کے ملک کے لیے ڈیم بننا کتنا ضروری ہے ۔ ادھر ان کے بیٹے کی پھرتی کام آئی جو محلے کے کسی سخی انسان کے گھر سے چند پانی کی بالٹیاں بھر لایا لیکن جب شیخ صاحب کے علم میں یہ بات آئی کے انہیں پانی کی بالٹیاں عطیہ کرنے والامحسن کوئی اور نہیں ان کا پڑوسی عرفان صاحب ہی ہے تو پہلے پہل ان کا اس پانی کے استعمال کے لیے دل ہی آمادہ نہیں ہوالیکن پھر یہ سوچ کر خود کو آمادہ کرلیا کے یہ پانی باوقت مجبوری بیت الخلا میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔
اصل میں جب سے شیخ صاحب کے علم میں یہ بات آئی تھی کے ان کے پڑوسی عرفان صاحب بجلی کے اتنے بڑے چور ہیں تب سے وہ ان کے دل سے ہی اتر سے گئے تھے اسی لیے ١٢ ربیع الاوّل کے موقع پر جہاں سارا محلہ عرفان صاحب کے گھر کی شاندار لائٹنگ دیکھ کر سبحان اللہ کہہ رہا تھا وہیں شیخ صاحب بار بار عرفان صاحب کے گھر کی جانب نظر کرکے لاحول ولا کی تسبیح کا ورد کرتے رہے تھے۔
اس سب کے باوجود شیخ صاحب اس گتھی کو سلجھانے سے قاصر تھے کے اگر بجلی کی پیداوار میں اتنی ہی کمی آگئی ہے تو یہ کمبخت بجلی کے بل کی افزائش میں کمی واقع کیوں نہیں ہورہی ۔ جائز بجلی کے استعمال کے نرخ بھی اس ناجائز حد تک بڑھا دیے گئے ہیں کے ایک غریب آدمی کے لیے ممکن نہ رہا ہے کے یا تو وہ بجلی کا بل ادا کردے یا اپنے بال بچوں کو پال پوس لے ۔ اسی دوران رمضان کا مقدس مہینہ بھی آگیا تو شیخ صاحب کے لیے ممکن نہ رہا کے اس عمر میں روزے کی حالت میں اپنے بل کے لیے خواری کرتے پھریں۔ انہوں نے بل کے معاملے کو ایک ماہ کے لیے مؤخر کر کے گویا احترام رمضان میں دشمن کے خلاف جنگ بندی کا اعلان کیا، لیکن ماہ رمضان میں بھی جب روزے دار بجلی والوں کے عتاب کا شکار ہوئے تو ہر قسم کے حالات میں صبر و شکر اور قناعت کا دامن نہ چھوڑنے والے شیخ صاحب بھی بلبلااٹھے اور صرف اسی وقت شکر ادا کرتے دکھائی دیتے جب لائٹ جاکر واپس آجاتی۔ جب کے خالہ لائٹ بند ہوتے ہی بجلی والوں کو بددعائیں دینا شروع کردیتیں تو شیخ صاحب اور جھلا جاتے۔
”ارے نیک بخت کیوں اپنی زبان خراب کرتی ہو ، اگر ایسے بددعائیں دینے سے بجلی والوں کا کچھ ہوتا تو آج کوئی بھی زندہ نہیں ہوتا۔”
”ارے میں تو دوں گی بد دعائیں ، موؤں نے زندگی جو اجیرن بنادی ہے اور ایک تم ہو ، زمانے بھر کے ایماندار۔ ” خالہ بھی شیخ صاحب کی دکھتی رگ پر ہاتھ رکھ دیتیں۔
”پھر شروع ہوگئی تمہاری وہی بیکار کی رٹ کیا میں لوڈ شیڈنگ کروارہا ہوں ۔ ” شیخ صاحب غصے سے کہتے۔
”بس تم غصے میں ہی آجانا بات کو سمجھنا نہیں۔ میرا مطلب ہے دیکھ لو بجلی ہوتی نہیں ہے اور اللہ مارے کتنا بل بھیجے جاتے ہیں جیسے یہاں خزانے دفن ہوں۔ اب تو تم بھی ریٹائر ہوگئے ہو ، خیر سے دونوں بچے بھی ابھی کمانے جوگے نہیں ہوئے ، کہاں سے پورے کریں گے اخراجات؟ ”
آنے والے وقت کی ذمہ داری کا سن کر ایک لمحے کے لیے شیخ صاحب خاموش ہوجاتے اور خالہ شیخ صاحب پراپنی باتوں کا اثر ہوتے دیکھ آخری وار کرتیں۔
”اب دیکھو گھر میں اے سی لگ جائے گا تو کچھ پل سکون سے گزر جائیں گے بغیر بجلی کے روزہ رکھنا کتنا مشکل ہوتا جارہا ہے۔ اکثر تو سحری بھی اندھیرے میں کرنی پڑتی ہے۔ ”
”ہاں یہ تو ہے لیکن نیک بخت اچھی نیت کا اجر اللہ ضرور دیتا ہے۔ آج ہی مولوی صاحب فرما رہے تھے کے لوڈ شیڈنگ میں رکھے ہوئے روزوں کا زیادہ ثواب ہوتا ہے۔ ”
یہ سننے کے بعد خالہ چند لمحوں کے لیے بنا کچھ بولے شیخ صاحب کو گھورتی رہتیں اور پھر پہلے سے کہیں قوت کے ساتھ بجلی والوں کو کوسنے دینے شروع کردیتیں۔
ہاں عید آئی تو عوام کو کم سے کم تینوں دنوں کے لیے بناکسی بندش کے بجلی کی عیاشی دے دی گئی ۔ سب سکون میں رہے لیکن عید ختم ہوتے ہی لوڈشیڈنگ کا چاند یوں نظر آیا کے پچھلے تینوں دنوں کی کسر برابر ہوگئی ۔ چند دن بعد ہی بجلی کے بل بھی آگئے اور یہ دیکھ کر شیخ صاحب سجدہ شکر بجالائے کے ان کے بل سے تما م ڈیڈکشن ختم کردی گئی تھیں گویا انہیں ان کی کڑی تپسیہ کا پھل مل گیا۔
ایک دن خالہ نے دیکھا شیخ صاحب کچھ بے چین سے دکھائی پڑتے ہیں فوراً بھانپ گئیں کہ ہو نہ ہوکوئی پریشانی ہے۔ انہوں نے پاس آکر مزاج پرسی کرتے ہوئے سبب دریافت کیا۔
” ہاں بیگم جانے آج کیا ہوگیا ہے صبح سے لائٹ ہی نہیں گئی خدا خیر کرے۔ ”
یہ سننا تھا کے خالہ غصے سے لال پیلی ہوگئیں اور ان کا عرصے سے شیخ صاحب کی دماغی حالت پرہونے والا شک یقین میں بدلنے لگا۔
” ارے کیا سٹھیا گئے ہو ، لائٹ نہیں گئی تو شکر ادا کرو خدا کا، کیوں منہ لٹکا کر منحوس باتیں کررہے ہو ؟”
” ارے کم عقل عورت کتنی بھاری قیمت بھی تو دینی پڑتی ہے اس عیاشی کی ، چند گھنٹے لائٹ نہیں جاتی توپھر بعد میں پورا پورا دن فنی خرابی کے نام پر لائٹ بند کرکے اپنا اگلا پچھلا سارا حساب سود سمیت وصول کرلیتے ہیں یہ لوگ۔ ”
” تم اگلی بار جاؤگے نہ واپڈا کے دفتر، تو بڑے افسر سے یہ بھی شکایت کردینا کے بھیا کسی کے گھر کی لائٹ جائے یا نہ جائے ، میرے گھر کی لائٹ سب سے پہلے بند کردیا کرو ، نوازش ہوگی۔”
خالہ نے بھی تنک کے وہ جواب دیا کہ شیخ صاحب کو خاموش ہوتے ہی بن پڑی۔
اس کے کوئی پانچ ماہ کے بعد کے بات ہے شیخ صاحب کا بیٹا چپ چاپ گھر میں داخل ہوا اور ان کے آگے بجلی کا بل کردیا ۔ انہوں نے جب بل دیکھا تو ایک بار پھر سر پکڑ کر بیٹھ گئے کیوں کہ اس ماہ ان کے بل میں نئی ڈیڈکشن لگی ہوئی تھی۔ بیٹے نے بل دکھانے کے بعد ان کے ہاتھ سے بل واپس لیا اورگھر سے باہر کی جانب جانے لگا۔
”ارے کہاں جارہے ہو ، اس وقت سب جاچکے ہوں گے واپڈا آفس سے ، میں کل پھر جاؤں گا۔”
” ابا میں واپڈا آفس نہیں جارہا ذرا پڑوس میں عرفا ن صاحب سے مل کر آرہا ہوں ۔ ” بیٹے نے جاتے ہوئے آواز لگائی۔
” اچھا۔” شیخ صاحب نے تھکے لہجے میں جواب دیا پھر اچانک انہیں کچھ یاد آگیا اور وہ بیٹے کے پیچھے ڈانٹتے ہوئے لپکے ۔
” ارے عرفان کے پاس کیوں جارہے ہو تم ، کوئی ضرورت نہیں اس کے پاس جانے کی میں خود دیکھ لوں گا ان سب کو ، وفاقی محتسب کی عدالت میں پھر سے گھسیٹ لوں گا ان کو، اب کے باقاعدہ اپنا وکیل کرکے کیس کردوں گا ان سب پر دیکھنا جج صاحب کیا کرتے ہیں ان کا… ”

٭…٭…٭




Loading

Read Previous

سنی کا خوف — نورالسعد

Read Next

میزانِ بریّہ — راؤ سمیرا ایاز

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!