پیر کامل صلی اللہ علیہ والہٰ وسلم — قسط نمبر ۸

سڑک پر گہما گہمی تقریباً نہ ہونے کے برابر تھی۔ رات بہت تیزی سے گزرتی جارہی تھی۔ گہری دھند ایک بار پھر ہر چیز کو اپنے حصار میں لے رہی تھی۔
سڑک پر جلنے والی اسٹریٹ لائٹس کی روشنی دھند کو چیرتے ہوئے اس بالکونی کی تاریکی کو دور کرنے کی کوشش کررہی تھی جہاں منڈیر کے پاس ایک اسٹول پر سالار بیٹھا ہوا تھا۔ منڈیر پر اس کے سامنے کافی کا ایک مگ پڑا ہوا تھا، جس میں سے اٹھنے والی گرم بھاپ دھند کے پس منظر میں عجیب سی شکلیں بنانے میں مصروف تھی اور وہ… وہ سینے پر دونوں ہاتھ لپیٹے یک ٹک نیچے سنسان سڑک کو دیکھ رہا تھا جو دھند کے اس غلاف میں بہت عجیب نظر آرہی تھی۔
رات کے دس بج رہے تھے اور وہ چند منٹ پہلے ہی گھر پہنچا تھا۔ سعیدہ اماں کے گھر نکاح کے بعد وہ وہاں رکا نہیں تھا۔ اسے وہاں عجیب سی وحشت ہورہی تھی۔ وہ گاڑی لے کر بے مقصد شام سے رات گئے تک سڑکوں پر پھرتا رہا۔ اس کا موبائل آف تھا۔ وہ بیرونی دنیا سے اس وقت کوئی رابطہ نہیں کرنا چاہتا تھا۔ موبائل آن ہوتا فرقان اس سے رابطہ کرتا۔ بہت سی وضاحتیں دینے کی کوشش کرتا یا ڈاکٹر سبط علی رابطہ کرتے، اس کا شکریہ ادا کرنا چاہتے۔
وہ یہ دونوں چیزیں نہیں چاہتا تھا۔ وہ اس وقت مکمل خاموشی چاہتا تھا۔ اٹھتی ہوئی بھاپ کو دیکھتے ہوئے اس نے ایک بارپھر چند گھنٹے پہلے کے واقعات کے بارے میں سوچا۔ سب کچھ ایک خواب کی طرح لگ رہا تھا۔ کاش خواب ہی ہوتا۔ اسے وہاں بیٹھے کئی ماہ پہلے حرم پاک میں مانگی جانے والی دعا یاد آئی۔
”تو کیا اسے میری زندگی سے نکال دینے کا فیصلہ ہوا ہے؟” اس نے تکلیف سے سوچا۔
”تو پھر یہ اذیت بھی تو ختم ہونی چاہئے۔ میں نے اس اذیت سے رہائی بھی تو مانگی تھی۔ میں نے اس کی یادوں سے فرار بھی تو چاہا تھا۔” اس نے منڈیر پر رکھا گرم کافی کا کپ اپنے سرد ہاتھوں میں تھام لیا۔
تو امامہ ہاشم بالآخر تم میری زندگی سے ہمیشہ کے لئے نکل گئیں۔
اس نے کافی کی تلخی اپنے اندر اتاری۔
”اور اب کیا میں پچھتاؤں کہ کاش میں کبھی سعیدہ اماں کو اس سڑک پر نہ دیکھتا یا میں ان کو لفٹ نہ دیتا۔ ان کا گھر مل جاتا اور میں انہیں وہاں ڈراپ کرکے آجاتا، ان کو اپنے گھر نہ لاتا، نہ روابط بڑھتے، نہ وہ اس شادی پر مجھے بلاتیں یا پھر کاش میں آج کراچی میں ہی نہ ہوتا۔ یہاں ہوتا ہی نہیں یا میں موبائل آف کرکے سوتا۔ فون کا ریسیور رکھ دیتا۔ فرقان کی کال ریسیو ہی نہ کرتا یا پھر کاش میں ڈاکٹر سبط علی کو نہ جانتا ہوتا کہ ان کے کہنے پر مجھے مجبور نہیں ہونا پڑتا یا پھر شاید مجھے یہ تسلیم کرلینا چاہئے کہ امامہ میرے لئے نہیں ہے۔” اس نے کافی کا مگ دوبارہ منڈیر پر رکھ دیا۔ اس نے دونوں ہاتھ اپنے چہرے پر پھیرے، پھر جیسے کوئی خیال آنے پر اپنا والٹ نکال لیا۔ والٹ کی ایک جیب سے اس نے ایک تہ شدہ کاغذ نکال کر کھول لیا۔
ڈئیر انکل سکندر!
مجھے آپ کے بیٹے کی موت پر بہت افسوس ہوا۔ چند سال پہلے میری وجہ سے آپ کو بہت تکلیف اٹھانی پڑی۔ میں اس کے لئے معذرت خواہ ہوں۔ مجھے سالار کو کچھ رقم ادا کرنی تھی وہ اب میں آپ کو بھیج رہی ہوں۔
خدا حافظ
امامہ ہاشم
اس نے نو ماہ میں کتنی بار اس کاغذ کو پڑھا تھا اسے یاد نہیں تھا۔ اس کاغذ کو چھوتے ہوئے اسے اس کاغذ میں امامہ کا لمس محسوس ہوتا۔ اس کے ہاتھ سے لکھا ہوا اپنا نام… کاغذ پر تحریر ان چند جملوں میں اس کے لئے کوئی اپنائیت نہیں تھی۔ وہ یہ بھی جانتا تھا کہ امامہ کو اس کی موت کی خبر پر بھی کوئی افسوس نہیں ہوا تھا۔ وہ خبر اس کے لئے ڈھائی سال بعد رہائی کا پیغام بن کر آئی تھی۔ اسے کیسے افسوس ہوسکتا ہے لیکن اس کے باوجود وہ چند جملے اس کے لئے بہت اہم ہوگئے تھے۔
اس نے کاغذ پر لکھے جملوں پر اپنی انگلیاں پھیریں۔ اس نے آخر میں لکھے امامہ ہاشم کے نام کو چھوا… پھر کاغذ کو دوبارہ اسی طرح تہ کرکے والٹ میں رکھ لیا۔
منڈیر پر کافی کا مگ سرد ہوچکا تھا۔ سالار نے ٹھنڈی کافی کے باقی مگ کو ایک گھونٹ میں اپنے اندر انڈیل لیا۔
ڈاکٹر سبط علی ایک ہفتے تک لندن سے واپس پاکستان پہنچ رہے تھے اور اسے ان کا انتظار تھا۔ امامہ ہاشم کے بارے میں جو کچھ وہ اتنے سالوں سے انہیں نہیں بتاسکا تھا وہ انہیں اب بتانا چاہتا تھا۔ اپنے ماضی کے بارے میں جو کچھ وہ انہیں نہیں بتا پایا تھا اب وہ ان سے کہہ دینا چاہتا تھا۔ اسے اب پروا نہیں تھی۔ وہ اس کے بارے میں کیا سوچیں گے۔
٭…٭…٭





رمضان کی چار تاریخ تھی، جب ڈاکٹر سبط علی واپس آگئے تھے۔ وہ رات کو کافی دیر سے آئے تھے اور سالار نے اس وقت انہیں ڈسٹرب کرنا مناسب نہیں سمجھا۔ وہ رات کو ان کے پاس پہلے کی طرح جانا چاہتا تھا مگر دوپہر کو خلافِ توقع بینک میں ان کا فون آگیا۔ سالار کے نکاح کے بعد یہ ان کا سالار کے ساتھ تیسرا رابطہ تھا۔ وہ کچھ دیر اس کا حال احوال دریافت کرتے رہے اور پھر انہوں نے اس سے کہا۔
”سالار! آپ آج رات کو نہ آئیں، شام کو آجائیں۔ افطاری میرے ساتھ کریں۔”
”ٹھیک ہے، میں آجاؤں گا۔” سالار نے حامی بھرتے ہوئے کہا۔
کچھ دیر ان کے درمیان مزید گفتگو ہوتی رہی پھر ڈاکٹر سبط علی نے فون بند کردیا۔
وہ اس دن بینک سے کچھ جلدی نکل آیا۔ اپنے فلیٹ پر کپڑے تبدیل کرنے کے بعد وہ جب ان کے ہاں پہنچا اس وقت افطاری میں ایک گھنٹہ باقی تھا۔
ڈاکٹر سبط علی کا ملازم اسے اجتماع والے بیرونی کمرے کے بجائے سیدھا اندر لاؤنج میں لے آیا تھا۔
ڈاکٹر سبط علی نے بڑی گرم جوشی کے ساتھ اس سے بغلگیر ہونے کے بعد بڑی محبت کے ساتھ اس کا ماتھا چوما۔
”پہلے آپ ایک دوست کی حیثیت سے یہاں آتے تھے، آج آپ گھر کا ایک فرد بن کر یہاں آئے ہیں۔”
وہ جانتا تھا ان کا اشارہ کس طرف تھا۔
”آیئے بیٹھئے۔” وہ اسے بیٹھنے کا اشارہ کرتے ہوئے خود دوسرے صوفہ پر بیٹھ گئے۔
”بہت مبارک ہو۔ اب تو آپ بھی گھر والے ہوگئے ہیں۔”
سالار نے خاموش نظروں اور پھیکی مسکراہٹ کے ساتھ انہیں دیکھا۔ وہ مسکرا رہے تھے۔
”میں بہت خوش ہوں کہ آپ کی شادی آمنہ سے ہوئی ہے۔ وہ میرے لیے میری چوتھی بیٹی کی طرح ہے اور اس رشتے سے آپ بھی میرے داماد ہیں۔”
سالار نے نظریں جھکا لیں۔ اس کی زندگی میں امامہ ہاشم کا باب نہ لکھا ہوا ہوتا تو شاید ان کے منہ سے یہ جملہ سن کر وہ اپنے آپ پر فخر کرتا مگر سارا فرق امامہ ہاشم تھی۔ سارا فرق وہی ایک لڑکی پیدا کر رہی تھی وہ جو تھی اور نہیں تھی۔
ڈاکٹر سبط علی کچھ دیر اسے دیکھتے رہے پھر انہوں نے کہا۔
”آپ اتنے سالوں سے میرے پاس آ رہے ہیں آپ نے کبھی مجھے یہ نہیں بتایا کہ آپ نکاح کرچکے ہیں۔ تب بھی نہیں جب ایک دو بار آپ سے شادی کا ذکر ہوا۔”
سالار نے سر اٹھا کر انہیں دیکھا۔
”میں آپ کو بتانا چاہتا تھا مگر …” وہ بات کرتے کرتے چپ ہوگیا۔
”سب کچھ اتنا عجیب تھا کہ میں آپ کو کیا بتاتا۔” اس نے دل میں کہا ”کب ہوا تھا آپ کا نکاح؟” ڈاکٹر سبط علی دھیمے لہجے میں پوچھ رہے تھے۔ ”ساڑھے آٹھ سال پہلے۔ تب میں اکیس سال کا تھا۔” اس نے کسی شکست خوردہ معمول کی طرح کہا، پھر وہ آہستہ آہستہ انہیں سب کچھ بتاتا گیا۔ ڈاکٹر سبط علی نے اسے ایک بار بھی نہیں ٹوکا تھا۔ اس کے خاموش ہونے کے بعد بھی بہت دیر تک وہ چپ رہے تھے۔
بہت دیر بعد انہوں نے اس سے کہا تھا۔
”آمنہ بہت اچھی لڑکی ہے اور وہ خوش قسمت ہے کہ اسے ایک صالح مرد ملا ہے۔”
ان کی بات سالار کو ایک چابک کی طرح لگی۔
”صالح؟ میں صالح مرد نہیں ہوں ڈاکٹر صاحب! میں تو … اسفل السافلین ہوں۔ آپ مجھے جانتے ہوتے تو میرے لئے کبھی یہ لفظ استعمال کرتے نہ اس لڑکی کے لئے میرا انتخاب کرتے جسے آپ اپنی بیٹی کی طرح سمجھتے ہیں۔”
”ہم سب اپنی زندگی کے کسی نہ کسی مرحلے پر ”زمانۂ جاہلیت” سے ضرور گزرتے ہیں، بعض گزر جاتے ہیں، بعض ساری زندگی اسی زمانے میں گزار دیتے ہیں۔ آپ اس میں سے گزر چکے ہیں۔ آپ کا پچھتاوا بتا رہا ہے کہ آپ گزر چکے ہیں۔ میں آپ کو پچھتاوے سے روکوں گا نہ توبہ اور دعا سے، آپ پر فرض ہے کہ آپ اپنی ساری زندگی یہ کریں، مگر اس کے ساتھ ساتھ یہ شکر بھی ادا کریں کہ آپ نفس کی تمام بیماریوں سے چھٹکارا پا چکے ہیں۔
اگر دنیا آپ کو اپنی طرف نہیں کھینچتی اگر اللہ کے خوف سے آپ کی آنکھوں میں آنسو آجاتے ہیں، اگر دوزخ کا تصور آپ کو ڈراتاہے، اگر آپ اللہ کی عبادت اس طرح کرتے ہیں، جس طرح کرنی چاہئے، اگر نیکی آپ کو اپنی طرف راغب کرتی ہے اور برائی سے آپ رُک جاتے ہیں تو پھر آپ صالح ہیں۔ کچھ صالح ہوتے ہیں، کچھ صالح بنتے ہیں، صالح ہونا خوش قسمتی کی بات ہے، صالح بننا دودھاری تلوار پر چلنے کے برابر ہے۔ اس میں زیادہ وقت لگتاہے۔ اس میں زیادہ تکلیف سہنی پڑتی ہے۔ میں اب بھی یہی کہتا ہوں کہ آپ صالح ہیں کیونکہ آپ صالح بنے ہیں، اللہ آپ سے بڑے کام لے گا۔”
سالار کی آنکھوں میں نمی آگئی۔ انہوں نے ایک بار پھر امامہ ہاشم کے بارے میں کچھ نہیں پوچھا تھا، کچھ نہیں کہا تھا۔کیا اس کا مطلب تھا کہ وہ ہمیشہ کے لئے اس کی زندگی سے نکل گئی؟ کیا اس کا مطلب تھا کہ وہ آئندہ بھی کبھی اس کی زندگی میں نہیں آئے گی؟ اسے اپنی زندگی آمنہ کے ساتھ ہی گزارنی پڑے گی؟ اس کا دل ڈوبا۔ وہ ڈاکٹر صاحب کے منہ سے امامہ کے حوالے سے کوئی تسلی، کوئی دلاسا، کوئی امید چاہتا تھا۔
ڈاکٹر صاحب خاموش تھے۔ وہ چپ چاپ انہیں دیکھتا رہا۔
”میں آپ کے اور آمنہ کے لئے بہت دعا کروں گا بلکہ میں بہت دعا کرکے آیا ہوں خانہ کعبہ میں… روضۂ رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر۔” وہ لندن سے واپسی پر عمرہ کرکے آئے تھے۔ سالار نے سر جھکا لیا۔ دور اذان کی آواز آرہی تھی۔ ملازم افطار کے لئے میز تیار کر رہاتھا۔ اس نے بوجھل دل کے ساتھ ڈاکٹر سبط علی کے ساتھ بیٹھ کر روزہ افطار کیا پھر وہ اور ڈاکٹر سبط علی نماز پڑھنے کے لئے قریبی مسجد میں چلے گئے۔ وہاں سے واپسی پر اس نے ڈاکٹر سبط علی کے ہاں کھانا کھایا اور پھر اپنے فلیٹ پر واپس آگیا۔
٭…٭…٭
”کل میرے ساتھ سعیدہ اماں کے ہاں چل سکتے ہو؟”
اس نے ڈاکٹر سبط علی کے گھر سے واپسی کے بعد دس بجے کے قریب فرقان کو فون کیا۔ فرقان ہاسپٹل میں تھا۔ اس کی نائٹ ڈیوٹی تھی۔
”ہاں، کیوں نہیں۔ کوئی خاص کام ہے؟”
”میں آمنہ سے کچھ باتیں کرنا چاہتا ہوں۔”
فرقان کچھ دیر بول نہیں سکا۔ سالار کا لہجہ بہت ہموار تھا۔ وہاں کسی تلخی کے کوئی آثار نہیں تھے۔
”کیسی باتیں؟”
”کوئی تشویش ناک بات نہیں ہے۔” سالار نے جیسے اسے تسلی دی۔
”پھر بھی۔” فرقان نے اصرار کیا۔
”تم پھر اِمامہ کے بارے میں بات کرنا چاہتے ہو؟”
”تم پہلے مجھے یہ بتاؤ کہ میرے ساتھ چلوگے؟”
سالار نے اس کی بات کا جواب دینے کے بجائے پوچھا۔
”ہاں، چلوں گا۔”
”تو پھر میں تمہیں کل ہی بتاؤں گا کہ مجھے اس سے کیا بات کرنی ہے۔”
اس سے پہلے کہ فرقان کچھ کہتا، فون بند ہوگیا۔
٭…٭…٭
”تم اس سے اِمامہ کے بارے میں بات کرنا چاہتے ہو؟” فرقان نے گاڑی ڈرائیو کرتے ہوئے سالار سے پوچھا۔
”نہیں، صرف امامہ کے بارے میں نہیں اور بھی بہت سی باتیں ہیں جو میں کرنا چاہتا ہوں۔”
”فار گاڈسیک سالار! گڑے مردے اکھاڑنے کی کوشش مت کرو۔” فرقان نے ناراضی سے کہا۔
”اس کو میری ترجیحات اور مقاصد کا پتہ ہونا چاہئے۔ اب اسے ساری زندگی گزارنی ہے میرے ساتھ۔”
سالار نے اس کی ناراضی کی پروا کئے بغیر کہا۔
”پتا چل جائے گا اسے، سمجھ دار لڑکی ہے وہ اور اگر کچھ بتانا ہی ہے تو گھر لاکر بتانا، وہاں پینڈورا باکس کھول کر مت بیٹھنا۔”
”گھر لا کر بتانے کا کیا فائدہ، جب اس کے پاس واپسی کا کوئی راستہ ہی نہ ہو۔میں چاہتا ہوں وہ میری باتوں کو سنے، سمجھے، سوچے اور پھر کوئی فیصلہ کرے۔”
”اب کوئی فیصلہ نہیں کرسکتی وہ۔ تمہارا اور اس کا نکاح ہوچکاہے۔”
”رخصتی تو نہیں ہوئی۔”
”اس سے کیا فرق پڑتا ہے۔”
”کیوں نہیں پڑتا۔ اگر اس کو میری بات پر اعتراض ہوا تو وہ اس رشتے کے بارے میں نظر ثانی کر سکتی ہے۔ ”سالار نے سنجیدگی سے کہا۔
فرقان نے چبھتی ہوئی نظروں سے اسے دیکھا۔
”اور اس نظر ثانی کے لئے تم کس طرح کے حقائق اور دلائل پیش کرنے والے ہو اس کے سامنے؟”
”میں اسے صرف چند باتیں بتانا چاہتا ہوں جس کا جاننا اس کے لئے ضروری ہے۔” سالار نے دو ٹوک انداز میں کہا۔
”وہ ڈاکٹر سبط علی کی رشتے دار ہے، میں اس حوالے سے اس کی بہت عزت کرتا ہوں۔ ڈاکٹر صاحب نے مجھ سے نہیں کہا ہوتا تو یہ رشتہ قائم بھی نہیں ہوتا لیکن میں۔۔۔”
فرقان نے اس کی بات کاٹ دی۔
”ٹھیک ہے، تم کو اس سے جو کہنا ہے، کہہ لینا لیکن امامہ کے ذکر کو ذرا کم ہی رکھنا کیونکہ اگر وہ کسی بات سے ہرٹ ہوئی تو وہ یہی بات ہوگی، باقی چیزوں کی پروا وہ شاید نہ کرے۔ آفٹر آل۔ دوسری بیوی ہونا یا کہلانا آسان نہیں ہوتا۔”
فرقان نے اسے سمجھانے کی کوشش کی۔
”اور میں چاہتا ہوں، وہ یہ بات محسوس کرے، سوچے، اس کے بارے میں… ابھی تو کچھ بھی نہیں بگڑا۔ تم کہتے ہو، وہ خوب صورت ہے، پڑھی لکھی ہے، اچھی فیملی سے تعلق ہے اس کا۔۔۔۔”
فرقان نے ایک بار پھر اس کی بات کاٹی۔
”ختم کرو اس موضوع کو سالار! تم کو اس سے جو کہنا ہے اسے جو سمجھانا ہے جاکر کہہ لینا۔۔۔”
”میں اس سے اکیلے میں بات کرنا چاہتا ہوں۔” سالار نے کہا۔
”میں سعیدہ اماں سے کہہ دوں گا۔ وہ تمہیں اکیلے میں اس سے بات کروادیں گی۔”
فرقان نے اس کی بات پر سر ہلاتے ہوئے کہا۔
وہ آدھ گھنٹہ میں سعیدہ اماں کے ہاں پہنچ گئے تھے۔ دروازہ سعیدہ اماں نے ہی کھولا تھا اور سالار اور فرقان کو دیکھ کر وہ جیسے خوشی سے بے حال ہوگئی تھیں۔ وہ ان دونوں کو اسی بیٹھک نما کمرے میں لے گئیں۔
”سعیدہ اماں! سالار، آمنہ سے تنہائی میں کچھ باتیں کرنا چاہتا ہے۔”
فرقان نے کمرے میں داخل ہوتے ہوئے کہا۔ سعیدہ اماں کچھ الجھیں۔
”کیسی باتیں؟” وہ اب سالارکی طرف دیکھ رہی تھیں جو خود بھی بیٹھنے کے بجائے فرقان کے ساتھ ہی کھڑا تھا۔
”ہیں چند باتیں، جو وہ اس سے کرنا چاہتا ہے مگر پریشانی والی کوئی بات نہیں۔” فرقان نے انہیں تسلی دی۔
سعیدہ اماں ایک بار پھر سالار کو دیکھنے لگیں۔ اس نے نظریں چرالیں۔
”اچھا… پھر تم میرے ساتھ آجاؤ بیٹا! آمنہ اندر ہے۔ ادھر آکر اس سے مل لو۔”
سعیدہ اماں کہتے ہوئے دروازے سے باہر نکل گئیں ۔ سالار نے ایک نظر فرقان کو دیکھا پھر وہ خود بھی سعیدہ اماں کے پیچھے چلا گیا۔
بیٹھک بیرونی دروازے کے بائیں جانب تھی۔ دائیں جانب اوپر جانے والی سیڑھیاں تھیں۔ بیرونی دروازے سے کچھ آگے بالکل سامنے کچھ سیڑھیاں چڑھنے کے بعد لکڑی کا ایک اور پرانی طرز کا بہت بڑا دروازہ تھاجو اس وقت کھلاہوا تھا اور وہاں سرخ اینٹوں کا بڑا وسیع صحن نظر آرہا تھا۔
سعیدہ اماں کا رخ ان ہی سیڑھیوں کی طرف تھا۔ سالار ان سے کچھ فاصلے پر تھا۔ سعیدہ اماں اب سیڑھیاں چڑھ رہی تھیں۔ وہ جب سیڑھیاں چڑھ کر صحن میں داخل ہوگئیں تو سالار بھی کچھ جھجکتا ہوا سیڑھیاں چڑھنے لگا۔




Loading

Read Previous

بھکاری — صبا خان

Read Next

کیوئیں جاناں میں کون — مصباح علی سیّد

One Comment

  • 👍

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!