خواب لے لو خواب — سائرہ اقبال

کمرے میں گھُپ اندھیرا چھایا ہوا تھا۔ وہ کھڑکیاں دروازے سب بند کئے ایک کونے میں سمٹی بال بکھیرے بیٹھی تھی ۔ اس کے کانوں میں ایک ہی صدا گونج رہی تھی،
”خواب لے لو ۔۔ خواب” وہ کبھی کانوں پہ ہاتھ رکھتی تو کبھی اُٹھ کر کھڑکی سے باہر جھانکنے کی کوشش کرتی مگر باہر کچھ نظر نہ آتا کیوں کہ کھڑکی کو کالے کپڑے سے ڈھک دیا گیا تھا۔ کپڑا ہٹانے کی گنجائش تھی نہ باہر جھانکنے کی۔ دیوانوں کی طرح کمرے میں ادھر سے اُدھر گھُومتی رہتی، کبھی جھٹ سے پیچھے مُڑ کر دیکھتی۔ اُسے کوئی بھاری بھرکم ہاتھ اپنی جانب آتا ہوا دکھائی دیتا۔ وہ اس ہاتھ سے بچ کر کبھی پلنگ کے نیچے چھُپتی تو کبھی صوفے کے پیچھے۔
”خواب لے لو ۔۔ خواب۔۔” اس کے کانوں میں مُسلسل ایک ہی صدا گونجتی تھی ۔
”یہ۔۔۔ یہ کتنے کے ہیں ؟؟” ایک اور صدا اس کے کانوں میں گونجی۔
”سو روپے۔” وہ ہنسنے لگی ، قہقہے لگانے لگی۔
”بس! سو روپے ۔۔ اتنے سستے خواب ۔۔ لے لو۔۔ لے لو۔۔ تُم بھی لے لو” اب وہ ہنس رہی تھی اور خوشی سے جھُوم رہی تھی۔





پھر یک دم خاموش ہو گئی۔
”اتنے سستے خواب ۔۔۔اتنے سستے؟”’یہ پری وش کدھر ہے ؟؟ ‘ پری وش کی خالا اُسے سارے گھر میں ڈھونڈ رہی تھیں ۔
”ہو گی اپنی کال کوٹھری میں۔ کچھ سمجھ نہیں آتی اس لڑکی کی ،اٹھارویں سال میں لگی ہے اور مجال ہے کسی چیز میں دل چسپی لے ۔دماغ خراب ہے اُس کا۔” پری وش کی ماں نے چیختے ہوئے کہا ۔
”اچھا بس کرو آپا، میں ذرا اس کا دوپٹہ لینے آئی ہوں ۔ زارا کا سکول میں فنکشن ہے، اس کا نیلا دوپٹہ چاہئے ۔ ‘ خالا سیڑھیاں چڑھتی اپنے آنے کی وجہ بتانے لگیں۔
‘لے لو بہن! اس کے کس کام کا؟ کوئی نیا جوڑا پہنتی ہے نہ کوئی سجنا سنورناہے اس کا۔ اس کی عمر میں لڑکیاں تو کیا کیا جتن نہیں کرتیں! اس کو تو بس ایک ہی چیز کا پتا ہے، لے دے کہ ایک ہی سوال پوچھتی ہے۔ ”کتنے کے ہیں؟؟”
اتنے میں پری وش کمرے سے باہر نکلی۔
”’یہ لو۔۔ آگئی آواز۔” پری وش کی ماں کپڑے دھو رہی تھی اور ساتھ ساتھ اس کی تقریر الگ جاری تھی۔
”ارے پگلی، کیا کتنے کا ہے؟” پری وش کی خالا اس کے گال سہلاتے ہوئے اس کے کمرے میں داخل ہو گئیں۔
”خواب۔۔!” پری وش کی ماں نے کپڑے تار پر پھیلاتے ہوئے تنک کرکہا۔
پری وش کی خالا الماری سے دوپٹہ نکال کر باہر آ گئیں۔
”خوابوں کی بھی کوئی قیمت ہوتی ہے بھلا ؟ پگلی خواب تو انمول ہوتے ہیں۔” خالا نے جواب دیا اور باہر چلی گئیں۔
”پری بٹیا یہ کل شام میں دے جائوں گی ۔ ‘ خالا نے دروازے پہ کھڑے ہو کر کہا۔ پری گُم صُم پریشاں صحن میں آکر پلنگ پر بیٹھ گئی۔
”کُھل گئی آنکھ مہارانی کی؟” ماں نے پوچھا۔
”سوئی کب تھی؟” پری وش نے منہ پر پانی کی چھینٹے مارتے ہوئے کہا۔ وہ ایک دم پھر سے ڈر گئی۔ اُسے وہ ہاتھ اپنے کاندھے پر دکھائی دیا۔
”ناشتہ بنا کر رکھا ہے کر لینا، میں بازار سے سبزی لے آئوں۔” پری وش کی ماں نے چادر اوڑھتے ہوئے کہا۔
”اور ہاں! دروازہ بند کر لینا۔” اُس نے مُڑ کر تاکید کی ۔
”یہاں ہے ہی کیا۔۔۔خواب تو ہیں بس۔۔۔؟’ اُس نے منہ بناتے ہوئے کچھ کہنا چاہا۔
”اکیلی عورت کھُلی تجوری کی طرح ہوتی ہے۔” ماں نے نصیحت کرتے ہوئے کہا۔
”اور بچی؟؟” اس نے سوال کیا ۔
”اچھا دروازہ بند کر۔۔” ماں نے تنگ آ کر کہا۔
٭…٭…٭





وہ کبھی دائیں کبھی بائیں کروٹیں بدل رہی تھی ۔چہرہ پسینے سے شرابور تھا۔ وہ ایک دم اُٹھی اور صوفے کے پیچھے جا بیٹھی۔ وہ بھاری سا مردانہ ہاتھ بھی اس کا پیچھا کرتا یک دم کہیں غائب ہو گیا ۔ وہ ہانپ رہی تھی ۔ رات کا آخری پہر تھا ۔ پانی پینے کی غرض سے وہ نیچے کچن میں گئی۔
کولر سے پانی گلاس میں اُنڈیلتے ہوئے اس نے گہری خاموشی کو پریشان کر دیا ۔ گلاس میں پانی گرنے کی آواز ایسی تھی جیسے سارے خواب ایک کوزے میں گِر رہے ہوں اور وہ ایک ننھی بچی کی طرح ان خوابوں کو تتلیاں سمجھ کر جمع کر رہی ہو۔ پانی کا گلاس بھر جاتا ہے، گلاس بھر گیا اور پانی نیچے گرنے لگا۔ پانی بہنے کی آواز ایسے معلوم ہوتی ہے جیسے سارے خواب بہ رہے ہوں ۔ ایک دریا سے سمندر کی جانب سفر طے کر رہے ہوں اور اپنی منزل سے آشنا نہ ہوں ۔ پانی بہتا جا رہا تھا، گویا اس کے خواب بہتے جا رہے تھے۔ وہ آہستہ آہستہ اس سارے واقعے سے لُطف اندوز ہونے لگی ۔ وہ مُسکرا رہی تھی اور ہلکا ہلکا گُنگنا رہی تھی ۔ ”خوا ب لے لو خواب ۔۔۔”
پانی کے بہنے کی آواز کے ساتھ ساتھ اس نے اپنی سُریلی آواز بھی اس میں شامل کی اور گنگناتی رہی ”خواب لے لو ۔۔ خواب۔”
اس نے ایک ٹھنڈی آہ بھری اور کہا، ”خواب۔۔” خوابوں کا کوزہ گر گیا ، چکنا چُور ہو گیا۔ گلاس ٹوٹنے سے ایک شور فضا میں بلند ہوا۔ چھن کی سی آواز ، ایک ہلکی سی چھنکار ۔ وہ بوجھل آنکھوں سے کرچیوں کی طرف دیکھنے لگی ۔ خواب تو بکھر چُکے تھے وہ اب بکنے کے قابل نہیں رہے تھے۔
”خوب لے لو خواب۔۔” وہ چِلا رہی تھی۔
پری وش کی ماں فوراً اُٹھ کر باہر آئی ۔ بڑی بہن بھی آنکھیں ملتی ہوئی وہاں آ نکلی ۔
”یہ کیا مذاق ہے پری وش؟ رات کے اس پہر بھی تُمہیں سکون نہیں؟” اس کی بہن نے اسے جھڑکتے ہوئے کہا۔
پری وش سہمی سی ایک کونے میں لگ کے کھڑی رہی۔
”میں تو ۔۔ پانی پینے۔۔” اُس نے کچھ کہنا چاہا۔
”امی کیا تماشے ہیں اِس کے۔۔ سمجھائیں خود ہی اسے کچھ۔۔” علینا نے چڑ کر کہا اور واپس اپنے کمرے میں چلی گئی۔
”آجائو۔۔ آج میرے کمرے میں سو جائو۔۔” امی نے پری وش کو نرم لہجے میں کہا۔
”نہیں! میں اُوپر ہی ٹھیک ہوں ۔ مجھے کہیں اور نیند نہیں آتی۔” پری وش یہ کہتے ہوئے واپس اوپر چلی گئی۔
کمرے میں جاتے ہی وہ صوفے سے ٹیک لگا کر بیٹھ گئی، پھر ہنسنے لگی۔
”نیند تو کہیں بھی نہیں آتی ، بس تُم سے باتیں کرنی ہوتی ہیں ۔اب تُمہیں میں نے اپنا دوست بنا لیا ہے اب نہیں ڈروں گی۔” وہ انجانے میں خود کی جانب بڑھنے والے ہاتھ سے باتیں کرنے لگی۔
”اور بتائو؟ تُم بھی خواب بیچتے ہو؟ کون کون خریدتا ہے؟ مجھ سے تو کوئی بھی نہیں لیتا ۔ اب میں کروں بھی کیا ان خوابوں کا ۔ میرے تو کسی کام کے بھی نہیں ۔ خواب بُن بُن کے تھکتی رہی اور کسی نے پل میں خواب توڑ دئے ۔ ایسا کیوں ہوتا ہے۔” وہ اب اس ہاتھ سے باتیں کررہی تھی۔
وہ باتیں کرتے کرتے کھڑکی کی جانب بڑھی ۔ وہی کھڑکی جو اُس نے خود کالے پردوں سے ڈھک رکھی تھی ۔ آج جی چاہا تو اس کو ہٹانے کی کوشش کی۔ کیوں کہ اب اُس ہاتھ سے اُس نے دوستی کر لی تھی۔ اُس نے جیسے ہی پردے سے باہر جھانکنے کی کوشش کی، سامنے گلی میں کسی گھر کے کچن پر اس کی نظر پڑی۔ صاف کچھ نہ تھا، بس ایک سایہ تھا۔۔۔ ایک نہیں دو۔۔ نہیں ایک آدمی اور ایک کوئی بچہ شاید۔۔۔ ہاں یہ بچہ ہی ہے۔۔ لیکن بچے اور جوان کی کُشتی کا کیا مقصد؟ وہ بھی اس وقت۔۔ اس کے کانوں میں پھر آواز گونجنے لگی۔ ”خواب لے لو۔۔ خواب۔۔۔” کہیں کوئی خواب بِک رہے ہیں۔۔۔ کہیں نہیں۔۔ یہیں۔۔ سامنے والے گھر میں ۔۔۔ ”یہ والے کتنے کے ہیں۔۔۔؟ بس سو روپے۔۔” وہ پھر سے ہنسنے لگی۔
٭…٭…٭





وہ وہیں زمین پر دیوار کے ساتھ ٹیک لگا کر بیٹھی بیٹھی سو گئی ۔ صبح جب دروازہ کُھلنے پر روشنی اس کے چہرے پر پڑی تو اس کی آنکھ کُھلی ۔
”پری۔۔۔ آپ اُٹھی نہیں؟ وقت دیکھئے۔” پری کے خالو کمرے میں داخل ہوتے ہوئے بولے۔
”جی جی۔۔” پری کے کانوں میں آواز پھر سے گُونجی، ”خواب لے لو۔۔۔ خواب۔۔۔”
وہ آنکھیں ملتی ہوئی اُٹھی اور بھاگتی بھاگتی نیچے چلی گئی ۔ علینا آفس کے لئے تیار ہو رہی تھی اور دودھ کا گلاس ہاتھ میں تھامے کھڑی تھی۔ وہ گلاس ہونٹوں سے لگانے ہی لگی کہ پری وش بھاگتی ہوئی کچن میں آئی اور علینا سے ٹکرا گئی۔ گلاس دھڑام سے نیچے گرا ، کچھ چھینٹے کپڑوں پر پڑیں اور باقی زمین پر گِر گیا۔ گلاس ٹوٹنے کی آواز نے پھر سے پری وش کو خوابوں کے چکنا چُور ہونے کا احساس دِلایا ۔ اِس سے پہلے کہ کوئی اور آواز اس کی سماع خراشی کا باعث بنتی ، علینا نے چِلانا شروع کر دیا ۔
”مجھے پہلے ہی دیر ہو رہی ہے، اور پھر اِس نے میرے کپڑے بھی خراب کر دیئے۔ کوئی ڈھنگ کا کام نہیں تُمہارے پاس؟ تُم۔۔ تُم آ خر چاہتی کیا ہو؟” علینا اپنی ہی دُھن میں چیخے چلے جا رہی تھی۔ پری وش ہر چیز سے بے پروا، ایسے جیسے کچھ سُنا ہو نہ دیکھا ہو ، ماں کے پاس گئی اور کہا: ”کیا خالو آئے تھے؟”
”نہیں بیٹا، تُم خالو کی خوشی میں بھاگتی بھاگتی آئی ہو۔ میری پاگل بیٹی۔۔” ماں نے اسے دیکھتے ہوئے کہا۔
”نہیں آئے؟ مجھے آواز آئی تھی۔” پری وش نے زور دے کر کہا۔
‘خالو اگلے مہینے آئیں گے، کل ہی زبیدہ نے بتایا ۔ بڑی خوش تھی، کیوں نہ ہو۔۔ پورے چھے سال بعد آ رہا ہے اس کا شوہر۔” ماں نے توے پر پراٹھا ڈالتے ہوئے کہا۔
”ہاں یاد ہے ، ابا کا چالیسواں تھا، جس دِن ان کی فلائٹ تھی۔” پری وش نے گلاس کو ٹیبل پر گُھماتے ہوئے کہا۔
”بڑا روئی تھی زارا، باپ کے جانے پر۔” ماں نے کچھ یاد کرتے ہوئے کہا۔
”زارا کیوں روئی؟ رونا تو مجھے چاہئے تھا۔” اس نے کہا اور شیشے کے مٹکے میںموجود مچھلیوں کو گھُورنے لگی ۔
”ناشتہ کرو گی؟” ماں نے اس کی بات نظر انداز کرتے ہوئے پوچھا۔
”نہیں ، ٹھہر کے کروں گی۔’ ‘ پری وش نے مچھلیوں کو اُس طرح گھورتے ہوئے کہا۔
٭…٭…٭
وہ صحن میں موجود ماربل کے ڈبوں میں چھلانگیں لگانے لگی ۔ مٹی کی ایک ٹھیکر ڈبے میں پھینکتی اور پھر ایک ٹانگ کے سہارے اُچھلنے لگتی ۔پھر گنتی گنتی۔۔ ”ایک، دو، تین۔۔۔”
ایک دم اس کی آنکھوں کے سامنے اندھیرا چھانے لگا۔۔
”یہ لو۔۔ ایک سو روپے ۔۔ایک ۔۔ دو ۔۔ تین ۔۔ !!! کسی سے کچھ نہ کہنا۔۔۔ خاموش۔۔۔”
وہ وہیں زمین پر بیٹھ گئی ۔ دوپہر کا کھانا تیار تھا۔ ماں نے آواز دی:
”پری۔۔ پری ۔۔ کہاں رہ گئی ہو؟ کھانا کھا لو بیٹا۔۔”
اتنے میں خالا گھر میں داخل ہوئیں۔
دروازے کے سامنے سے پردہ ہٹاتے ہوئی بولیں: ”ارے بھئی السلام و علیکم۔۔ کیسے ہو سب؟”
‘آئو آئو۔۔ اللہ کا کرم ہے۔’ ماں نے انہیں دیکھ کر خوشی سے کہا۔




Loading

Read Previous

کچی کاگر — افشاں علی

Read Next

رحمت — شاذیہ ستار نایاب

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!