استنبول سے انقرہ تک (سفرنامہ) | باب 4

تحریر:مدیحہ شاہد

”استنبول سے انقرہ تک ”  (سفرنامہ)

پاموکلے کی حیرت انگیز خوبصورتی

باب4

صبح سویرے ہم ناشتہ کرنے کے بعد برصا سے پاموکلے کے لئے روانہ ہوئے۔
پاموکلے ایک بے حد خوبصورت قصبہ نما گائوں ہے۔ جو ترکی کے صوبہ Denizilliمیں واقع ہے۔ یہاں cotton castleیعنی روئی کا قلعہ بھی موجود ہے جو دنیا بھر میں اپنی حیرت انگیز خوبصورتی کی وجہ سے مشہور ہے یہاں گرم پانی کے چشمے بہتے ہیں اور کیلشیم کاربونیٹ کے معدنی ذخائر کی وجہ سے یہاں کے فرش سفید رنگ کے ہیں۔ یہ ترکی کا مشہور سیاحتی مقام ہے سفید پہاڑوں کی یہ وادی سیاحوں کے لئے بے حد کشش رکھتی ہے۔ ہم بس کی کھڑکی کے پار نظر آتے نظارے دیکھ رہے تھے سڑک کے اطراف سرسبز کھیت تھے۔ ترکی کے گائوں اور دیہات بھی بے حد خوبصورت ہیں ہماری اگلی سیٹ پر خالدہ آنٹی اور یاسمین مشتاق براجمان تھیں، ساتھ والی سیٹ پر رضیہ آنٹی اور طاہرہ مظہر بیٹھی تھیں۔ ہماری پچھلی سیٹ پر نیئر اور شاہینہ بیٹھی تھیں اور ان کے ساتھ والی سیٹ پر فضہ اور طلعت تھیں۔ سفر کے دوران ہم باتیں کرتے رہے۔
یسریٰ نے اپنی پھپھو رضیہ صدیق کے بارے میں بتایا۔
”یہ میری پھپھو رضیہ صدیق ہیں اور یہ بڑی ہنر مند اور سلیقہ مند خاتون ہیں۔ انہیں بہت کچھ آتا ہے۔ ہمارے خاندان میں جتنی بھی تقریبات اور شادیاں ہوتی ہیں، ان سب کے لئے پھپھو ہی سب کے کپڑے ڈیزائن کرتی ہیں اور سب لوگ شاپنگ کے لئے انہیں ساتھ لے کر جاتے ہیں۔
یہ بہت باکمال ڈیزائنر ہیں اور ہر معاملے میں پھپھو سے مشورہ لیا جاتا ہے اور ان کی رائے کو اہمیت دی جاتی ہے۔ اس سے پہلے میں رضیہ پھپھو کے ساتھ اسکردو اور ہنزہ گئی تھی۔ جب مجھے ترکی جانے کے بارے میں پتا چلا تو میری خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہیں رہا اور میں نے بھی فوراً اس ٹرپ کو جوائن کرلیا۔ اس حوالے سے اکثر عائشہ سے بات ہوتی رہتی تھی مجھے اپنے ویزے کی بہت فکر تھی۔ پھپھو کے ساتھ بیٹھی طاہرہ آنٹی میری روم میٹ ہیں اور پھپھو کی عزیز سہیلی بھی ہیں۔ پھپھو کی عادت ہے کہ وہ سب کا بے حد خیال رکھتی ہیں۔ بہت محبت کرنے والی اور شفیق خاتون ہیں۔ میں نے اس کی بات سنتے ہوئے ایک نظر اس کی پھپھو کو دیکھا۔
”کاش ہماری بھی کوئی پھپھو ہوتی۔”
میں نے بے ساختہ کہا۔ یہ ہماری دلی خواہش تھی کہ ہماری بھی کوئی پھپھو ہوتی۔ نہ ہماری کوئی پھپھو تھی اور نہ ہی میرے بچوں کی کوئی پھپھو تھی۔ یہ حیرت انگیز اتفاق تھا۔
اچانک رضیہ پھپھو نے ہماری طرف دیکھا جیسے انہیں پتا چل گیا ہو کہ ہم ان کے بارے میں ہی بات کررہے ہیں۔ ہنر مندی کے علاوہ ان کی حسیات بھی تیز تھیں اور قوتِ مشاہدہ بھی کمال کی تھی۔
”پھپھو میں انہیں آپ کے بارے میں بتارہی ہوں۔ یہ حیران ہورہی ہیں کہ تمہاری پھپھو کو اتنا کچھ آتا ہے اور وہ اتنی قابل خاتون ہیں۔”
یسریٰ نے اپنی پھپھو کو دیکھتے ہوئے جواباً کہا۔
یسریٰ کی پھپھو سنجیدہ اور سوبر خاتون تھیں، سفید دوپٹہ سر پر اوڑھا ہوا تھا۔ کبھی کبھی دھیمے انداز میں مسکراتیں۔ پھپھو کا یہ روپ انوکھا اور شفیق تھا۔ ان کے ساتھ بیٹھی طاہرہ مظہر سیا ہ دوپٹہ اوڑھے ہوئے تھیں اور آنکھوں پر سیا ہ رنگ کی سن گلاسز لگائے ہوئے تھے۔ پھپھو کی نسبت وہ بارعب خاتون نظر آرہی تھیں۔ پھپھو میری طرف متوجہ ہوئیں۔
”میںنے آپ کو ترکی آنے سے پہلے کبھی نہیں دیکھا مگر میں نے آپ کے ڈرامے دیکھے ہیں آپ نے لکھنے کا آغاز کیسے کیا؟”
رضیہ پھپھو نے ہلکی مسکراہٹ کے ساتھ مجھ سے پوچھا۔
”مجھے بچپن سے ہی لکھنے کاشوق ہے۔”
میں نے مسکرا کر کہا۔ یہ کئی بار کا دہرایا ہوا جواب تھا۔
جب بھی کوئی یہ سوال پوچھتا، میرا یہی جواب ہوتا۔
دراصل ایسے سوالات کے جوابات دینا مجھے مشکل لگتا تھا۔ لکھنے کا آغاز کیسے کیا، ڈرامے کیسے لکھنا شروع کئے، ٹی وی تک کیسے چلی گئیں، یہ کیسے کیا، وہ کیسے کیا، بندہ اب ان باتوں کا کیا جواب دے۔ اکثر لوگ میسج پر مجھ سے پوچھتے کیا آپ ڈائجسٹ رائٹر والی مدیحہ شاہد ہیں، میں جواب دیتی جی ہاں، لوگ حیران ہوتے اچھا، یقین نہیں آتا، یہ حیرانی مجھے بھی حیران کردیتی ۔ میں سوچتی کہ رائٹرز بھی تو عام لوگ ہی ہوتے ہیں۔ بس یہ ہے کہ ان کا پروفیشن باقی لوگوں سے مختلف ہوتا ہے۔
ذرا توقف کے بعد یسریٰ نے پھپھو کی داستان کا سلسلہ وہیں سے جوڑا۔
”رضیہ پھپھو اپنے عہد کی ایک نامور شخصیت ہیں ۔ یوں سمجھ لیں کہ یہ ہمارے خاندان کی لیڈر ہیں۔ انہوں نے بہت سے ممالک کے سفر کئے ہیں اور رفاہِ عامہ اور سوشل ورک کے حوالے سے بے شمار کارنامے سرانجام دیئے ہیں۔ ان کے دو بیٹے ہیں دونوں شادی شدہ ہیں اور ان کے پوتے پوتیاں بھی اب جوان ہوگئے ہیں مگر یہ ابھی تک ایکٹو ہیں، ہر ایونٹ اور تقریب میں شرکت کرتی ہیں، پھپھا صدیق نے بھی ہر معاملے میں پھپھو کا ساتھ دیا ہے اور لوگ انہیں آئیڈیل کپل سمجھتے ہیں پھپھو جہاں بھی جاتی ہیں پھپھا جان کے ساتھ ہی جاتی ہیں۔ ہم نے اُن سے بہت کچھ سیکھا ہے اور سیکھ رہے ہیں۔”
اس نے مزید بتایا۔

اس سفر میں ہم رضیہ پھپھو کے متعلق باتیں کرتے رہے۔ ایسے بزرگ قابل ِ رشک ہوتے ہیں جن کی نئی نسل انہیں آئیڈیلائز کرتی ہے۔ ورنہ میں نے ایسے بہت سے معمر لوگ دیکھے ہیں جنہوں نے اپنی ساری زندگی دوسروں کو دکھ دیئے اور خاندانی سیاستوں اور سازشوں میں مصروف رہے۔ خیر پاموکلے پہنچ کر ہم نے ایک ریسٹورنٹ میں دوپہر کا کھانا کھایا جہاں ترکی کی روایتی ڈشز تھیں۔ ہم کچھ دیر وہیں بیٹھے رہے، پاموکلے کا موسم خوشگوار تھا اور سنہری دھوپ بے حد بھلی لگ رہی تھی۔ یہاں کی فضا میں تازگی تھی۔ ہر طرف رونق تھی۔
وہاں سے ہم گائیڈ کے ہمراہ اک جھیل نما تالاب کے پاس آئے جہاں لوگ تیراکی کا شوق بھی پورا کررہے تھے۔ وہاں اردگرد سبز درخت تھے اور لوگوں کے بیٹھنے کے لئے بنچ بھی موجود تھے۔ تالاب دیکھنے کے بعد ہم لوگ باہر آئے اور ہم وہاں سے پیدل ہی cotton castle کی جانب چلے۔ روئی کا وہ قلعہ جسے دیکھنے کے لئے لوگ بے تاب تھے۔ یہاں آکر لوگوں کو بہت پیدل چلنا پڑتا ہے۔ اچھی بھلی واک ہوجاتی ہے۔ یہاں کے نظارے اتنے خوبصورت تھے کہ ہمیں پیدل چلنے میں لطف آرہا تھا۔
Cotton Castleآکر ہم سب بے حد ایکسائیٹڈ تھے۔ سفید فرش پر نیلے پانی کے چشمے بہہ رہے تھے۔ کیا خوبصورت نظارے تھے، کیا رعنائی اور دلکشی تھی، سبحا ن اللہ، اللہ کی قدرت کے ایسے خوبصورت نظارے، ایسے دلکش منظر تھے۔
دیکھنے والے خوش اور حیران رہ جاتے۔
کہاجاتا ہے کہ اس پانی میں کچھ ایسی قدرتی معدنیات ہیں کہ جن میں healing properties پائی جاتی ہیں۔ یہ قدرتی پانی کے چشمے ہیں۔ انہیں دیکھنے کے لئے لوگ دور دراز سے کے علاقوں سے آتے ہیں۔ دن کے وقت یہاں بہت رش ہوتا ہے اور یہاں کا موسم بھی خوشگوار ہوتا ہے۔ دور نیلے پانی کی اک جھیل بھی نظر آرہی تھی اور اس سے آگے لوگوں کے مکانات بھی تھے، وہاں آبادی بھی تھی۔ سنہری کرنوں کا عکس پانی پر جھلملا رہا تھا۔
یہ چشمے دور تک بہتے نظر آرہے تھے۔ ان کی روانی میں ایک ردھم تھا۔ ذرا آگے لوہے کی زنجیریں بھی لگی تھیں۔ فرش پر پھسلن کی وجہ سے بہت احتیاط سے چلنا پڑتا ہے۔
لوگ پانی میں چلتے ہوئے دور تلک چلے گئے تھے۔ ہم بھی کچھ دیر پانی میں چلتے رہے پھر کنارے پر بیٹھ گئے۔ بہت تازگی محسوس ہورہی تھی۔ مجھے محسوس ہوا کہ اس پانی کو چھوتے ہی انسان کو تازگی کا احساس ہوتا ہے اور لوگ تازہ دم ہوجاتے ہیں۔
دور سے یہ سفید رنگ نے پہاڑ لگتے ہے قریب جاکر پتا چلتا ہے کہ یہ برف نہیں بلکہ سخت پتھریلی چٹانیں ہیں۔ ان پہاڑوں میں جگہ جگہ پانی کے تالاب بھی بنے ہوئے تھے۔ وہاں اک شخص رنگ برنگا طوطالئے ہوئے آیا۔ لبنیٰ نے اس طوطے کے ساتھ تصویر بنوائی۔ رضوانہ ہیٹ پہنے اپنی سیلفی اسٹک کے ساتھ نظرآئیں۔وہ چینی سیاحوں کے ساتھ ہنی خوشی تصویریں بنارہی تھیں۔
دور ایک واٹر چینل کے پاس ڈاکٹر شمیم، عالیہ ، کرن، نیئر، طاہرہ، یاسمین، شاد، شاہین بیٹھی تھیں۔ نگہت بھی پانی میں چلتے ہوئے نظر آئیں۔ مہوش بھی اپنے شوہر دانیال کے ساتھ تھی۔ عمران صاحب بھی چشمے کے پاس کھڑے نظر آئے۔
پہاڑ میں ایک جگہ تیزی سے چشمہ بہتا جارہا تھا لوگ اس کے نیچے کھڑے ہوکر پانی کا لطف اٹھا رہے تھے۔ یہاں بے فکری کے ساتھ اک آزادی بھی تھی۔ اک آزاد ماحول تھا۔ کسی کو کسی کی پرواہ نہیں تھی اور لوگ انجوائے کررہے تھے۔ پانی میں کھیل رہے تھے۔
میں کنارے پر بیٹھ کر یہ خوبصورت نظارے دیکھ رہی تھی۔ یہ چشمے قدرت کا تحفہ ہیں۔
وہاں آنے والے سیاح خوش تھے اور بے فکری سے انجوائے کررہے تھے۔ رش تھا مگر کسی طرح کی افراتفری نہیں تھی اور یہی لطف اٹھانے کا طریقہ ہوتا ہے کہ کسی کو تنگ نہ کیا جائے۔
ہم کافی دیر وہاں بیٹھے رہے۔ کچھ دیر بعد ہم وہاں سے چلے ۔ وہاں ہم نے ایک خوبصورت شام دیکھی۔
وہاں اک شادی شدہ نوبیاہتا جوڑا دولہا دلہن بھی آئے ہوئے تھے اور بے حد خوش و خرم نظر آرہے تھے۔ ترکی میں دلہنیں اپنی شادی پر سفید رنگ کا لباس پہنتی ہیں، ہلکا میک اپ کرتی ہیں اور ہلکے پھلکے زیور پہنتی ہیں۔
وہاں آئی دلہن بے حد خوبصورت تھی اور اس نے حجاب پہنا ہوا تھا۔ مغربی انداز کے طرزِ زندگی کے باوجود یہاں بھی خواتین حجاب پہنتی تھیں یہ بے حد خوش آئند بات تھی۔ اس نے ہاتھوں میں رنگ برنگے خوش رنگ پھولوں کا گلدستہ تھاما ہوا تھا۔ چہرے پر ہلکا میک اپ تھا۔ یہاں پر لوگ برائیڈیل فوٹو شوٹ کے لئے بھی آتے ہیں۔
ایک اور کپل تھا۔ لڑکی نے سفید رنگ کا خوبصورت لباس پہنا ہوا تھا۔ گلے میں ایک سنہری رنگ کا لاکٹ تھا اور بالوں میں کلپ لگے تھے ہاتھ میں سنہری کڑا تھا۔ لڑکے نے سفید رنگ اور سیاہ اور مہرون رنگ کا سوٹ پہنا ہوا تھا۔ ترکوں کے چہروں پر جو خوشی ہوتی ہے اس میں خود اعتمادی کی جھلک واضع نظر آتی ہے۔ پاکستانیوں نے اِ ن دولہا دلہن کو جالیا اور ذوق و شوق سے ان کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔
میرے پاس ایک چھتری تھی۔ جو میری بیٹی کی تھی جلدی میں میں نے وہی چھتری اپنے ساتھ رکھ لی تھی۔ اس چھتری کے ساتھ ایک بیٹی تھی عائشہ نے وہ سیٹی لے لی اور وہ سیٹی بجاتے ہوئے گروپ کے لوگوں کو اکٹھا کرنے میں آسانی ہوتی کچھ دیر بعد ہم وہاں سے روانہ ہوئے۔ پیدل کا راستہ لمبا تھا۔ ہم نے بھاگتے دوڑتے وہ راستہ طے کیا۔ بہت عرصے بعد ہم یوں بچوں کی بھاگے تھے۔ راستہ سڑک نما ٹریک تھا۔ یہ پہاڑی علاقہ تھا۔ ایک جگہ ہم سب نے گروپ فوٹوبنوایا۔
عقب میں سفید رنگ کے پہاڑ نظر آرہے تھے۔ پانی پر سنہری کرنوں کا عکس جھلملا رہا تھا۔ دور سرسبز درخت بھی نظر آرہے تھے۔ وہ بے حد خوبصورت جگہ تھی۔ اچانک سڑک کے کنارے چلتے ہوئے آرٹیکا کا پائوں پھسلا اور وہ نیچے گرگئی۔ آس پاس کے لوگ بھاگتے ہوئے اس کی طرف لپکے اسے سہارا دے کر اٹھایا مگر اسے کافی چوٹیں آئی تھیں۔ہم فوراً بس میں بیٹھے اور ہم ہوٹل Anemon چلے آئے جو کہ ایک شاندار ہوٹل تھا۔ ا س میں کسی فلورز تھے۔ ہم اپنا سامان اٹھائے اپنے اپنے کمروں میں چلے آئے۔ میرے پاس دو سوٹ کیس تھے۔ ان کے ساتھ لفٹ میں سوار ہونا پھر انہیں گھسیٹ کر کمرے تک لانا بھی دشوار تھا۔
یہاں لوگوں کو اپنا سامان خود اٹھانا اور سنبھالنا پڑتا ہے۔ اپنے جھوٹے موٹے کام بھی خود کرنے پڑتے ہیں۔ انسان کو حد سے زیادہ ذمہ دار ہونا پڑتا ہے۔
میں سامان لئے کمرے میں داخل ہوئی تو وہاں زاہدہ فاروق کے ساتھ ایک لڑکا بھی تھا۔ معلوم ہوا کہ یہ ان کا بیٹا ہے اور پاکستان سے آگیا ہے۔ زاہدہ اپنے بیٹے کی آمد پر بے حد خوش اور نہال تھیں۔ مامتاکی خوشی میں محبت کا عکس واضع نظر آتا ہے۔
”یہ میرا بیٹا حیدر ہے۔پاکستان سے آیا ہے، شکر ہے کہ خیریت سے یہاں پہنچ گیا ہے۔ مجھے اس کی بڑی فکر تھی۔”
وہ خوشی سے معمور آواز میں بولیں۔
”مبارک ہو، آپ کا بیٹا آگیا ہے۔”
میں نے مسکرا کر کہا۔
مجھے معلوم تھا کہ وہ کس شدت سے اپنے بیٹے کا انتظار کررہی تھیں۔ پاکستان فون کرتی رہتی تھیں۔ ہم لوگ ہوٹل میں چیک اِن کرتے ہی انٹرنیٹ connect کرنے کی جدوجہد میں مصروف ہوجاتے، انٹر کام پر منیجر کو فون کرتے رہتے اور ٹوٹی پھوٹی انگلش سن کر اپنی بات سمجھانے کی کوشش کرتے ہوئے مغز ماری کرتے رہتے۔ انٹرنیٹ connect ہوتے ہی سب سے پہلے پاکستان فون کرتے۔ اب میں زاہدہ کا بیٹا آگیا تھا تو مجھے کمرہ تبدیل کرنا تھا، میں نے پتا کروایا تو معلوم ہوا کہ اب مجھے ہوٹل کے دوسرے کمرے میں جانا تھا جو اس کمرے سے دور تھا۔
حیدر کے ساتھ پاکستان سے ساجدہ بھی آئی تھیں وہ بھی کسی وجہ سے لیٹ ہوگئی تھیں۔ عائشہ کے شوہر عمران صاحب بھی آگئے تھے۔ آج خوشی کا دن تھا۔ ساجدہ اب میری روم میٹ تھیں۔
”آپ ذرا میرا سامان اٹھالیں گے؟”
میں نے اس لڑکے سے کہا۔ زاہدہ کے ساتھ اپنائیت کی وجہ سے میں نے چنداں تکلف سے کام نہ لیا اور جھٹ سے یہ فرمائش نما مطالبہ کردیا۔
”جی میں؟”

Loading

Read Previous

استنبول سے انقرہ تک  (سفرنامہ) | بُرصا کے رنگ | باب 3

Read Next

استنبول سے انقرہ تک (سفرنامہ) | باب 5

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!