پیر کامل صلی اللہ علیہ والہٰ وسلم — قسط نمبر ۲

ان کی اگلی ملاقات لائبریری میں ہوئی تھی۔ اس بار امامہ اسے وہاں موجود دیکھ کر بے اختیار اس کی طرف چلی گئی۔ رسمی علیک سلیک کے بعد امامہ نے کہا۔
”میں آپ کا شکریہ ادا کرنا چاہتی تھی۔”
جلال نے حیرانی سے اسے دیکھا۔”کس لیے؟”
”اس کیسٹ کے لیے جو آپ نے ریکارڈ کر کے بھجوائی تھی۔” جلال مسکرایا۔
”نہیں، اس کی ضرورت نہیں۔مجھے اندازہ نہیں تھا کہ کبھی کوئی مجھ سے ایسی فرمائش کرسکتا ہے۔”
”آپ بہت خوش قسمت ہیں۔” امامہ نے مدہم آواز میں اسے دیکھتے ہوئے کہا۔
”میں … کس حوالے سے؟” جلال نے ایک بار پھر حیران ہوتے ہوئے پوچھا۔
”ہر حوالے سے … آپ کے پاس سب کچھ ہے۔”
”آپ کے پاس بھی تو بہت کچھ ہے۔”
وہ جلال کی بات پر عجیب سے انداز میں مسکرائی۔ جلال کو شبہ ہوا کہ اس کی آنکھوں میں کچھ نمی نمودار ہوئی تھی مگر وہ یقین سے نہیں کہہ سکتا تھا۔ وہ اب نظریں جھکائے ہوئے تھی۔
”پہلے کچھ بھی نہیں تھا، اب واقعی سب کچھ ہے۔” جلال نے مدہم آواز میں اسے کہتے سنا وہ نہ سمجھنے والے انداز میں اسے دیکھنے لگا۔
”آپ اتنی محبت سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم کا نام لیتے ہیں تو میں سوچتی ہوں کہ اس نے اپنی بات ادھوری چھوڑ دی۔ جلال خاموشی سے اس کی بات مکمل ہونے کا انتظار کرتا رہا۔
”مجھے آپ پر رشک آتا ہے۔” چند لمحے بعد وہ آہستہ سے بولی۔
”سب لوگوں کو تو اس طرح کی محبت نہیں ہوتی جیسی محبت آپ کو حضرت محمد صلی اللہ علیہ و سلم سے ہے۔ ہو بھی جائے تو ہر کوئی اس طرح اس محبت کا اظہار نہیں کرسکتا کہ دوسرے بھی رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم کی محبت میں گرفتار ہونے لگیں۔ محمد صلی اللہ علیہ و سلم کو بھی آپ سے بڑی محبت ہوگی۔” اس نے نظریں اٹھائیں۔ اس کی آنکھوں میں کوئی نمی نہیں تھی۔
”شاید مجھے وہم ہوا تھا۔” جلال نے اسے دیکھتے ہوئے سوچا۔
”یہ میں نہیں جانتا، اگر ایسا ہو تو میں واقعی بہت خوش قسمت انسان ہوں۔ میں تو صرف یہ جانتا ہوں کہ مجھے واقعی حضورﷺ سے بڑی محبت ہے۔ مجھ جیسے لوگوں کے لیے اتنا ہی کافی ہے۔ ہر ایک کو اللہ اس محبت سے نہیں نوازتا۔”
وہ بڑی رسانیت سے کہہ رہا تھا۔ امامہ اس کے چہرے سے نظریں نہیں ہٹا سکی۔ اسے کبھی کسی شخص کے سامنے اس طرح کا احساس کمتری نہیں ہوا تھا، جس طرح کا احساس کمتری وہ جلال انصر کے سامنے محسوس کرتی تھی۔
”شاید میں بھی نعت پڑھ لوں۔ شاید میں بھی بہت اچھی طرح اسے پڑھ لوں مگر میں … میں جلال انصر کبھی نہیں ہوسکتی، کبھی بن ہی نہیں سکتی، کبھی میری آواز سن کر کسی کا وہ حال نہیں ہوسکتا جو جلال انصر کی آواز سن کر ہوتا ہے۔” وہ لائبریری سے نکلتے ہوئے مسلسل مایوسی کے عالم میں سوچ رہی تھی۔
٭…٭…٭





جلال انصر کے ساتھ ہونے والی چند ملاقاتوں کے بعد اِمامہ نے پوری کوشش کی تھی کہ وہ دوبارہ کبھی اس کا سامنا نہ کرے، نہ اس کے بارے میں سوچے، نہ زینب کے گھر جائے۔ حتی کہ اس نے زینب کے ساتھ اپنے تعلقات کو بھی اپنی طرف سے بہت محدود کرنے کی کوشش کی تھی۔ اس کی ہر حفاظتی تدبیر برے طریقے سے ناکام ہوتی گئی۔
ہرگزرتے دن کے ساتھ امامہ کی بے بسی میں اضافہ ہوتا جا رہا تھا اور پھر اس نے گھٹنے ٹیک دیے تھے۔
”اس آدمی میں کوئی چیز ایسی ہے، جس کے سامنے میری ہر مزاحمت دم توڑ جاتی ہے۔” اور شاید اس کا یہ اعتراف ہی تھا جس نے اسے ایک بار پھر جلال کی طرف متوجہ کر دیا تھا۔ پہلے اس کے لیے اس کی بے اختیاری لاشعوری تھی پھر اس نے شعوری طور پر جلال کو اسجد کی جگہ دے دی۔
”آخر کیا برائی ہے اگر میں اس شخص کا ساتھ چاہوں، جس کی آواز مجھے بار بار اپنے پیغمبرﷺ کی طرف لوٹنے پر مجبور کرتی رہی۔ میں کیوں اس شخص کے حصول کی خواہش نہ کروں جو حضرت محمد مصطفیﷺ سے مجھ سے بھی زیادہ محبت رکھتا ہے۔ کیا مضائقہ ہے اگر میں اس شخص کو اپنا مقدر بنائے جانے کی دعا کروں، جس کے لیے میں انس رکھتی ہوں اور جس کے کردار سے میں واقف ہوں۔ کیا برا ہے اگر میں یہ چاہوں کہ میں جلال انصر کے نام سے شناخت پاؤں۔ اس واحد آدمی کے نام سے جسے سنتے، جسے دیکھتے مجھے اس پر رشک آتا ہے۔” اس کے پاس ہر دلیل، ہر توجیہ موجود تھی۔
بہت غیر محسوس طور پر وہ ہر اس جگہ جانے لگی جہاں جلال کے پائے جانے کا امکان ہوتا اور وہ اکثر وہاں پایا جاتا۔ وہ زینب کو اس وقت فون کرتی، جب جلال گھر پر ہوتا کیوں کہ گھر پر موجود ہوتے ہوئے فون ہمیشہ وہی ریسیو کرتا تھا۔ دونوں کے درمیان چھوٹی موٹی گفتگو رفتہ رفتہ طویل ہونے لگی پھر وہ ملنے لگے۔ جویریہ، رابعہ اور زینب تینوں کو امامہ اور جلال کے درمیان بڑھتے ہوئے ان تعلقات کے بارے میں پتا نہیں تھا۔ جلال اب ہاؤس جاب کر رہا تھا اور امامہ اکثر اس کے ہاسپٹل جانے لگی۔ باقاعدہ اظہار محبت نہ کرنے کے باوجود دونوں اپنے لیے ایک دوسرے کے جذبات سے واقف تھے۔ جلال جانتا تھا کہ اِمامہ اسے پسند کرتی تھی اور یہ پسندیدگی عام نوعیت کی نہیں تھی۔ خود امامہ بھی یہ جان چکی تھی کہ جلال اس کے لیے کچھ خاص قسم کے جذبات محسوس کرنے لگا ہے۔
جلال اس قدر مذہبی تھا کہ اس نے کبھی اس بات کا تصور بھی نہیں کیا تھا کہ وہ کسی لڑکی کی محبت میں گرفتار ہوجائے گا، نہ صرف یہ کہ وہ محبت کرے گا بلکہ اس طرح اس سے ملا کرے گا… مگر یہ سب کچھ بہت غیر محسوس انداز میں ہوتا گیا تھا۔ اس نے زینب سے کبھی اس بات کا ذکر نہیں کیا کہ اس کے اور امامہ کے درمیان کسی خاص نوعیت کا تعلق تھا۔ اگر وہ یہ انکشاف کر دیتا تو زینب اسے یقینا امامہ کی اسجد کے ساتھ طے شدہ نسبت سے آگاہ کردیتی۔ بہت شروع میں ہی وہ امامہ کی ایسی کسی نسبت کے بارے میں جان لیتا تو وہ امامہ کے بارے میں بہت محتاط ہو جاتا پھر کم از کم امامہ کے لیے اس حد تک انوالو ہونے کی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا جس حد تک وہ ہوچکا تھا۔
ان کے درمیان ہونے والی ایسی ہی ایک ملاقات میں امامہ نے اسے پرپوز کیا تھا۔ اسے امامہ کی جرأت پر کچھ حیرانی ہوئی تھی کیوں کہ کم از کم وہ خود بہت چاہنے کے باوجود ابھی یہ بات نہیں کہہ سکا تھا۔
”آپ کا ہاؤس جاب کچھ عرصے میں مکمل ہوجائے گا، اس کے بعد آپ کیا کریں گے؟” امامہ نے اس دن اس سے پوچھا تھا۔
”اس کے بعد میں اسپیشلائزیشن کے لیے باہر جاؤں گا۔” جلال نے بڑی سہولت سے کہا۔
”اس کے بعد؟”
”اس کے بعد واپس آؤں گا اور اپنا ہاسپٹل بناؤں گا۔”
”آپ نے اپنی شادی کے بارے میں سوچا ہےْ” اس نے اگلا سوال کیا تھا۔ جلال نے حیران مسکراہٹ کے ساتھ اسے دیکھا۔
”امامہ! شادی کے بارے میں ہر ایک ہی سوچتا ہے۔”
”آپ کس سے کریں گے؟”
”یہ طے کرنا ابھی باقی ہے۔”
امامہ چند لمحے خاموش رہی۔ ”مجھ سے شادی کریں گے؟”
جلال دم بخود اسے دیکھنے لگا۔ اسے امامہ سے اس سوال کی توقع نہیں تھی۔ ”آپ کو میری بات بری لگی ہے؟”
جلال دم بخود اسے دیکھنے لگا۔ اسے امامہ سے اس سوال کی توقع نہیں تھی۔ ”آپ کو میری بات بری لگی ہے؟”
امامہ نے اسے گم صم دیکھ کر پوچھا۔ وہ یک دم جیسے ہوش میں آگیاْ
”نہیں، ایسا نہیں ہے۔” اس نے بے اختیار کہا۔ ”یہ سوال مجھے تم سے کرنا چاہیے تھا۔ تم مجھ سے شادی کروگی؟”
”ہاں” امامہ نے بڑی سہولت سے کہا۔
”اور آپ؟”
”میں … میں… ہاں، آف کورس، تمہارے علاوہ میں اور کس سے شادی کرسکتا ہوں۔” اس نے اپنے جملے پر امامہ کے چہرے پر ایک چمک آتے دیکھی۔
”میں ہاؤس جاب ختم ہونے کے بعد اپنے والدین کو تمہارے ہاں بھجواؤں گا۔”
وہ اس بار جواب میں کچھ کہنے کے بجائے چپ سی ہوگئی۔ ”جلال! کیا ایسا ہوسکتا ہے کہ میں آپ سے اپنے گھر والوں کی مرضی کے بغیر شادی کرلوں؟”
جلال اس کی بات پر ہکا بکا رہ گیا۔ ”کیا مطلب؟”
”ہوسکتا ہے میرے پیرنٹس اس شادی پر تیار نہ ہوں۔”
”کیا تم نے اپنے پیرنٹس سے بات کی ہے؟”
”نہیں۔”
”تو پھر تم یہ بات کیسے کہہ سکتی ہو؟”
”کیوں کہ میں اپنے پیرنٹس کو اچھی طرح جانتی ہوں۔” اس نے رسانیت سے کہا۔
جلال ایک دم کچھ پریشان نظر آنے لگا ”امامہ! میں نے کبھی یہ سوچا ہی نہیں کہ تمہارے پیرنٹس کو ہم دونوں کی شادی پر کوئی اعتراض ہوسکتا ہے۔ میں تو سمجھ رہا تھا کہ ایسا نہیں ہوگا۔”
”مگر ایسا ہوسکتا ہے۔ آپ مجھے صرف یہ بتائیں کہ کیا آپ اس صورت میں مجھ سے شادی کر لیں گے؟”
جلال کچھ دیر خاموش بیٹھا رہا۔ امامہ اضطراب کے عالم میں اسے دیکھتی رہی۔ کچھ دیر بعد جلال نے اپنی خاموشی کو توڑا۔
”ہاں، میں تب بھی تم ہی سے شادی کروں گا۔ میرے لیے یہ ممکن نہیں ہے کہ میں اب کسی دوسری لڑکی سے شادی کرسکوں۔ میں کوشش کروں گا کہ تمہارے پیرنٹس اس شادی پر رضا مند ہوجائیں۔ لیکن اگر وہ نہیں ہوتے تو پھر ہمیں ان کی مرضی کے بغیر شادی کرنی ہوگی۔”
”کیا آپ کے پیرنٹس اس بات پر رضا مند ہوجائیں گے؟”
”ہاں، میں انہیں منالوں گا۔ وہ میری بات نہیں ٹالتے۔” جلال نے فخریہ انداز سے کہا۔
٭…٭…٭
وہ ہیلو کی آواز پر پلٹی۔ اس سے چند قدم کے فاصلے پر سالار کھڑا تھا۔ وہ اپنے اسی بے ڈھنگے پن میں تھا۔ ٹی شرٹ کے سارے بٹن کھلے ہوئے تھے اور وہ خود جینز کی جیبوں میں ہاتھ ڈالے کھڑا تھا۔ ایک لمحہ کے لیے امامہ کی سمجھ میں نہیں آیا کہ وہ کس طرح کے رد عمل کا اظہار کرے۔
سالار کے ساتھ تیمور بھی تھا۔
”آؤ، اس لڑکی سے ملواتا ہوں تمہیں۔” سالار نے امامہ کو کتابوں کی دکان پر دیکھا تو قریب چلا آیا۔
تیمور نے گردن موڑ کر دیکھا اور حیرانی سے کہا۔ ”اس چادر والی سے؟”
”ہاں۔” سالار نے قدم بڑھائے۔
”یہ کون ہے؟” تیمور نے پوچھا۔
”یہ وسیم کی بہن ہے۔” سالار نے کہا۔
”وسیم کی؟ مگر تم اس سے کیوں مل رہے ہو؟ وسیم اور اس کی فیملی تو خاصی کنزرویٹو ہے۔ اس سے مل کر کیا کروگے؟” تیمور نے امامہ پر دور سے ایک نظر ڈالتے ہوئے کہا۔
”پہلی بار نہیں مل رہا ہوں، پہلے بھی مل چکا ہوں۔ بات کرنے میں کیا حرج ہے؟” سالار نے اس کی بات سنی ان سنی کرتے ہوئے کہا۔
امامہ نے میگزین ہاتھ میں پکڑے پکڑے ایک نظر سالار اور ایک نظر اس کے ساتھ کھڑے لڑکے کو دیکھا جو تقریباً سالار جیسے ہی حلیے میں تھا۔
”ہاؤ آریو؟” سالار نے اسے اپنی طرف متوجہ دیکھ کر کہا۔
”فائن۔” امامہ نے میگزین بند کرتے ہوئے اسے دیکھا۔
”یہ تیمور ہے، وسیم سے اس کی بھی خاصی دوستی ہے۔” سالار نے تعارف کرایا۔
امامہ نے ایک نظر تیمور کو دیکھا پھر ہاتھ کے اشارے سے شاپنگ سینٹر کے ایک حصے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا۔ ”وسیم وہاں ہے۔”
سالار نے گردن موڑ کر اس طرف دیکھا، جس طرف اس نے اشارہ کیا تھا، اور پھر کہا۔
”مگر ہم وسیم سے ملنے تو نہیں آئے۔”
”تو؟” امامہ نے سنجیدگی سے کہا۔
”آپ سے بات کرنے آئے ہیں۔”
”مگرمیں تو آپ کو نہیں جانتی پھر آپ مجھ سے کیا بات کرنے آئے ہیں؟”
امامہ نے سرد مہری سے کہا۔ اسے سالار کی آنکھوں سے وحشت ہونے لگی تھی۔ کاش یہ کسی سے نظر جھکا کر بات کرنا سیکھ لیتا، خاص طور پر کسی لڑکی سے۔ اس نے میگزین دوبارہ کھول لیا۔
”آپ مجھے نہیں جانتی؟” سالار مذاق اڑانے والے انداز میں ہنسا۔ ”آپ کے گھر کے ساتھ ہی میر اگھر ہے۔”
”یقینا ہے مگر میں آپ کو ”ذاتی” طور پر نہیں جانتی۔” اس نے اسی رکھائی کے ساتھ میگزین پر نظریں جمائے ہوئے کہا۔
”چند ماہ پہلے آپ نے ایک رات میری جان بچائی تھی۔” سالار نے مذاق اڑانے والے انداز میں اسے یاد دلایا۔
”میڈیکل کے اسٹوڈنٹ ہونے کی حیثیت سے یہ میرا فرض تھا۔ میرے سامنے کوئی بھی مر رہا ہوتا، میں یہی کرتی۔ اب مجھے ایکسکیوز کریں، میں کچھ مصروف ہوں۔”
سالار اس کے کہنے کے باوجود ٹس سے مس نہیں ہوا۔ تیمور نے اس کے بازو کو ہولے سے کھینچ کر اسے چلنے کا اشارہ کیا۔ اسے شاید وسیم کے حوالے سے امامہ کا لحاظ تھا مگر سالار نے اپنا بازو چھڑا لیا۔
”میں اس رات آپ کی مدد کے لیے آپ کا شکریہ ادا کرنا چاہتا تھا، حالاں کہ آپ نے مجھے پروفیشنل طریقے سے ٹریٹمنٹ نہیں دیا تھا۔”
اس بار سالار نے سنجیدگی سے کہا۔ امامہ نے اس کی بات پر میگزین سے نظریں ہٹا کر اسے دیکھا۔
”آپ کا اشارہ اگر اس تھپڑ کی طرف ہے تو ہاں وہ بالکل پروفیشنل نہیں تھا اور میں اس کے لیے معذرت کرتی ہوں۔”
”میں نے اسے مائنڈ نہیں کیا۔ میرا اشارہ اس طرف نہیں تھا۔” سالار نے لاپروائی سے کہا۔
”مجھے توقع نہیں تھی کہ آپ تھپڑ کو مائنڈ نہیں کریں گے۔” (کیوں کہ تم اسی کے مستحق تھے، اور ایک نہیں دس) اس نے جملے کا آدھا حصہ ضبط کرلیا۔
”ویسے آپ کا اشارہ کس طرف تھا؟”
”بے حد تھرڈ کلاس طریقے سے بینڈیج کی تھی آپ نے میری اور آپ کو پراپر طریقے سے بلڈ پریشر تک چیک کرنا نہیں آتا۔” سالار نے لاپروائی سے کہتے ہوئے چیونگم کی ایک اسٹک اپنے منہ میں ڈالی۔ اِمامہ کی کان کی لوئیں سرخ ہوگئیں۔ وہ پلکیں جھپکائے بغیر اسے دیکھتی رہی۔
”افسوسناک بات ہے کہ ایک ڈاکٹر کو ایسے معمولی کام نہ آتے ہوں جو کسی بھی عام آدمی کو آتے ہیں۔”
اس بار اس کا انداز پھر مذاق اڑانے والا تھا۔
”میں ڈاکٹر نہیں ہوں، میڈیکل کے ابتدائی سالوں میں ہوں، پہلی بات اور جہاں تک unprofessional ہونے کا تعلق ہے تو اگلی بار سہی، آپ نے تو ابھی اس طرح کی کئی کوششیں کرنی ہیں۔ میں آہستہ آہستہ آپ پر پریکٹس کر کے اپنا ہاتھ صاف کرلوں گی۔”
ایک لمحہ کے لیے وہ کچھ نہیں بول سکا پھر اس کے چہرے پر مسکراہٹ ابھری۔ یوں جیسے وہ اس کی بات پر محظوظ ہوا تھا مگر شرمندہ نہیں اور اس نے اس کا اظہار بھی کر دیا۔
”اگر آپ مجھے شرمندہ کرنے کی کوشش۔۔۔”
”کوشش کر رہی ہیں تو آپ اس میں ناکام ہوں گی۔ میں جانتی ہوں، آپ شرمندہ نہیں ہوتے یہ صفت صرف انسانوں میں ہوتی ہے۔” امامہ نے اس کی بات کاٹ دی۔
”آپ کے خیال میں، میں کیا ہوں؟” سالار نے اسی انداز میں کہا۔
”پتا نہیں، ایک vet اس بارے میں آپ کو زیادہ بہتر گائیڈ کرسکے گا۔” وہ اس بار اس کی بات پر ہنسا۔
”دو پیروں پر چلنے والے جانور کو ہر میڈیکل ڈکشنری انسان کہتی ہے اور میں دو پیروں پر چلتا ہوں۔”
”ریچھ سے لے کر کتے تک ہر چار پیروں والا جانور دوپیروں پر چل سکتا ہے۔ اگر اسے ضرورت پڑے یا اس کا دل چاہے تو۔”
”مگر میرے چار پیر نہیں ہیں اور میں صرف ضرورت کے وقت نہیں، ہر وقت ہی دو پیروں پر چلتا ہوں۔” سالار نے عجیب سے انداز میں اپنے لفظوں پر زور دیتے ہوئے کہا۔
”یہ آپ کی خوش قسمتی ہے کہ آپ کے چار پیر نہیں ہیں، اسی لیے میں نے آپ کو vet سے ملنے کو کہا ہے۔ وہ آپ کو آپ کی خصوصیات کے بارے میں صحیح طرح بتا سکے گا۔”
اِمامہ نے سرد آواز میں کہا۔ وہ اسے زچ کرنے میں واقعی کامیاب ہوچکا تھا۔
”ویسے جتنی اچھی طرح سے آپ جانوروں کے بارے میں جانتی ہیں، آپ ایک بہت اچھی Vetثابت ہوسکتی ہیں۔ آپ کے علم سے خاصا متاثر ہوا ہوں میں۔” امامہ کے چہرے کی سرخی میں کچھ اور اصافہ ہوگیا۔ ”اگر آپ میری vetبن جاتی ہیں تو میں آپ کے بتائے ہوئے مشورے کے مطابق آپ ہی کے پاس آیا کروں گا تاکہ آپ میرے بارے میں ریسرچ کر کے مجھے بتاسکیں۔”
سالار نے بڑی سنجیدگی سے کہا۔ وہ اس کی بات کے جواب میں کچھ نہیں کہہ سکی، صرف اسے دیکھ کر رہ گئی۔ وہ ضرورت سے کچھ زیادہ ہی منہ پھٹ تھا اور ایسے شخص کے ساتھ لمبی گفتگو کرنا آ بیل مجھے مار کے مترادف تھا اور وہ یہ حماقت کرچکی تھی۔
”ویسے آپ کیا فیس چارج کریں گی؟” وہ بڑی سنجیدگی سے پوچھ رہا تھا۔
”یہ وسیم آپ کو بتادے گا۔” امامہ نے اس بار اسے دھمکانے کی کوشش کی۔
”چلیں ٹھیک ہے، یہ میں وسیم سے پوچھ لوں گا۔ اس طرح تو خاصی آسانی ہو جائے گی۔”
وہ اس کی دھمکی کو سمجھنے کے باوجود مرعوب نہیں ہوا اور اس نے امامہ کو یہ جتا بھی دیا۔ تیمور نے ایک بار پھر اس کا بازو پکڑ لیا۔
”آؤ سالار! چلتے ہیں، مجھے ایک ضروری کام یاد آرہا ہے۔” اس نے عجلت کے عالم میں سالار کو اپنے ساتھ تقریباً گھسیٹنے کی کوشش کی مگر سالار نے توجہ نہیں دی۔
”چلتے ہیں یار! اس طرح کھینچو تو مت۔” وہ اس سے کہتے ہوئے ایک بار پھر امامہ کی طرف متوجہ ہوگیا۔
”بہرحال یہ سب مذاق تھا۔ میں واقعی آپ کا شکریہ ادا کرنے آیا تھا۔ آپ نے اور وسیم نے کافی مدد کی میری، گڈ بائے۔”
وہ کہتے ہوئے واپس مڑ گیا۔ امامہ نے بے اختیار ایک سکون کا سانس لیا۔ وہ شخص واقعی کریک تھا۔ اسے حیرت ہو رہی تھی کہ وسیم جیسا شخص کیسے اس آدمی کے ساتھ دوستی رکھ سکتا ہے۔
وہ ایک بار پھر میگزین کے ورق اُلٹنے لگی۔ ”سالار آیا تھا تمہارے پاس؟” وسیم نے اس کے پاس آکر پوچھا۔ اس نے دور سے سالار اور تیمور کو دیکھ لیا تھا۔
”ہاں۔” امامہ نے ایک نظر اسے دیکھا اور ایک بار پھر میگزین دیکھنے لگی۔
”کیا کہہ رہا تھا؟” وسیم نے کچھ تجسس سے پوچھا۔
”مجھے حیرت ہوتی ہے کہ تم نے اس جیسے شخص کے ساتھ دوستی کس طرح کرلی ہے۔ میں نے زندگی میں اس سے زیادہ بہودہ اور بدتمیز لڑکا نہیں دیکھا۔” امامہ نے اکھڑے ہوئے لہجے میں کہا۔ ”میرا شکریہ ادا کر رہا تھا اور ساتھ مجھ سے کہہ رہا تھا کہ مجھے بینڈیج تک ٹھیک طرح سے کرنی نہیں آتی، نہ میں بلڈ پریشر چیک کرسکتی ہوں۔”
وسیم کے چہرے پر مسکراہٹ آئی۔ ”اس کو دفع کرو، یہ عقل سے پیدل ہے۔”
”میرا دل تو چاہ رہا تھا کہ میں اسے دو ہاتھ اور لگاؤں، اس کے ہوش ٹھکانے آجائیں۔ منہ اٹھا کر اپنے دوست کو لے کر پہنچ گیا ہے یہاں۔ بھئی! کس نے کہا ہے تم سے شکریہ ادا کرنے کو اور مجھے تو وہ دوسرا لڑکا بھی خاصا برا لگا اور وہ کہہ رہا تھا کہ تمہاری اس کے ساتھ بھی دوستی ہے۔” امامہ کو اچانک یاد آیا۔
”دوستی تو نہیں، بس جان پہچان ہے۔” وسیم نے وضاحت پیش کی۔ ”تمہیں ایسے لڑکوں کے ساتھ جان پہچان رکھنے کی بھی ضرورت نہیں ہے۔ حلیہ دیکھا تم نے ان دونوں کا۔ نہ انہیں بات کرنے کی تمیز تھی، نہ لباس پہننے کا سلیقہ اور منہ اٹھا کر شکریہ ادا کرنے آگئے ہیں۔ بہرحال تم اس سے مکمل طور پر قطع تعلق کرلو، کوئی ضرورت نہیں ہے اس طرح کے لڑکوںسے جان پہچان کی بھی تمہیں۔”
امامہ نے میگزین رکھتے ہوئے ایک بار پھر اسے تنبیہ کی اور پھر باہر جانے کے لیے قدم بڑھا دیے۔ وسیم بھی اس کے ساتھ چلنے لگا۔
“مگر میں ایک بات پر حیران ہوں یہ جس حالت میں تھا اسے یہ کیسے یاد ہے کہ میں نے اس کی بینڈیج اچھی نہیں کی تھی یا بلڈ پریشر لینے میں مجھے دقت ہو رہی تھی۔” امامہ نے کچھ سوچتے ہوئے کہا۔
”میں یہ سمجھ رہی تھی کہ یہ ایسے ہی ہاتھ پاؤں جھٹک رہا ہے۔ مجھے یہ اندازہ نہیں تھا کہ وہ اپنے ارد گرد ہونے والی چیزوں کو بھی Observeکررہا ہے۔”
”ویسے بینڈیج واقعی خراب کی تھی تم نے اور اگر میں تمہاری مدد نہ کرتا تو۔ بلڈ پریشر کی ریڈنگ بھی تمہیں لینا نہیں آتی۔ کم از کم اس بارے میں وہ جو بھی کہہ رہا تھا ٹھیک کہہ رہا تھا۔” وسیم نے مسکراتے ہوئے کہا۔
”ہاں، مجھے پتا ہے۔” امامہ نے اعتراف کرنے والے انداز میں کہا۔ ”مگر میں اس وقت بہت نروس تھی، میں پہلی بار اس طرح کی صورت حال کا شکار ہوئی تھی پھر اس کے ہاتھ سے نکلنے والا خون مجھے اور خوف زدہ کر رہا تھا اور اوپر سے اس کا رویہ… کسی خود کشی کرنے والے انسان کو اس طرح کی حرکتیں کرتے نہیں دیکھا تھا میں نے۔”
”اور تم ڈاکٹر بننے جا رہی ہو، وہ بھی ایک قابل اور نامور ڈاکٹر، ناقابل یقین۔” وسیم نے تبصرہ کیا۔
”اب کم از کم تم اس طرح کی باتیں مت کرو۔” امامہ نے احتجاج کیا۔ ”میں نے اس لیے تمہیں یہ سب نہیں بتایا کہ تم مذاق اڑاؤ۔ وہ لوگ پارکنگ ایریا میں پہنچ گئے تھے۔
٭…٭…٭




Loading

Read Previous

پیر کامل صلی اللہ علیہ والہٰ وسلم — قسط نمبر ۱

Read Next

سراب — زارا رضوان

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!