”اب کیسا ہے تمہارا دوست؟ گئے تھے تم اس کی خیریت دریافت کرنے؟ امامہ وسیم کے ساتھ مارکیٹ جا رہی تھی کہ اچانک اسے سالار کا خیال آیا۔
”پہلے سے تو حالت کافی بہتر ہے اس کی۔ شاید کل پرسوں تک ڈسچارج ہوجائے۔” وسیم نے اسے سالار کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔ ”تم چلوگی واپسی پر اس کو دیکھنے؟” وسیم کو اچانک خیال آیا۔
”میں؟” امامہ حیران ہوئی۔ ”میں کیا کروں گی جاکر۔۔۔۔”
”خیریت دریافت کرنا اور کیا کرنا ہے تمہیں۔” وسیم نے سنجیدگی سے کہا۔
”اچھا۔” امامہ نے کچھ تامل سے کہا۔
”چلو ٹھیک ہے، چلیں گے۔ حالاں کہ اس طرح کے مریض کی عیادت کرنا فضول ہے۔” اس نے لاپروائی سے کندھے اچکاتے ہوئے کہا۔
”ویسے مجھے توقع تھی کہ اس کے پیرنٹس ہمارے گھر آئیں گے، شکریہ وغیرہ ادا کرنے کہ ہم نے ان کے بیٹے کی جان بچالی۔ کس قدر بر وقت مدد کی تھی ہم نے، مگر انہوں نے تو بھولے سے ہمارے گھر کا رُخ نہیں کیا۔” اِمامہ نے تبصرہ کیا۔
”تم ان بے چاروں کی کنڈیشن کا اندازہ ہی نہیں کرسکتیں۔ کس منہ سے وہ شکریہ ادا کرنے آئیں اور پھر اگر کوئی یہ پوچھ بیٹھے کہ آپ کے بیٹے نے ایسی حرکت کیوں کی ہے تو وہ دونوں کیا جواب دیں گے۔ کیا یہ کہیں گے کہ شوق کے ہاتھوں … وہ بے چارے عجیب مشکل میں پھنسے ہوئے ہیں۔”
وسیم نے قدرے افسوس کرنے والے انداز میں کہا۔ ”ویسے اس کے پیرنٹس نے میرا بہت شکریہ ادا کیا ہے اور امی اور بابا جب پرسوں ہاسپٹل میں اس کی خیریت دریافت کرنے گئے تھے تو انہوں نے وہاں بھی ان دونوں کا بہت شکریہ ادا کیا ہے۔ یہ تو امی اور بابا کی سمجھ داری تھی کہ انہوں نے ان سے کوئی سوال نہیں کیا سالار کے بارے میں، ورنہ تو ادھر بھی خاصی خفت کا سامنا کرنا پڑتا انہیں۔” وسیم نے گاڑی موڑتے ہوئے کہا۔
”مگر آخر تمہارے اس دوست کا مسئلہ کیا ہے، کیوں بیٹھے بٹھائے اس طرح کی احمقانہ حرکتیں کرنے لگتا ہے؟” امامہ نے پوچھا۔
”تم مجھ سے اس طرح پوچھ رہی ہو جیسے وہ مجھے سب کچھ بتا کر یہ سب کرتا ہوگا۔ مجھے کیا پتا، وہ کس لیے یہ سب کرتا ہے یا کیوں کرتا ہے۔”
”تمہارا اتنا گہرا دوست ہے، تم پوچھتے کیوں نہیں اس سے؟”
”اتنا گہرا دوست بھی نہیں ہے کہ ایسی باتوں کے بارے میں بھی مجھے بتانے لگے اور ویسے بھی میں کیوں اتنا کریدوں، ہوگا کوئی مسئلہ اس کا۔”
”تو پھر بہتر نہیں ہے کہ تم ایسے دوستوں سے کچھ فاصلے پر رہو، ایسے لوگوں سے دوستی اچھی نہیں ہوتی۔ اگر کل کو تم نے بھی اسی طرح کی حرکتیں شروع کردیں تو …؟”
”ویسے تم نے اس دن جو حرکت کی تھی وہ اگر اسے یاد رہی تو ہماری دوستی میں خود ہی خاصا فرق آجائے گا۔” وسیم نے کچھ جتانے والے انداز میں کہا۔
”میں نہیں سمجھتی کہ اسے وہ تھپڑ یاد ہوگا۔ وہ صحیح طور پر ہوش میں تو نہیں تھا۔ تم سے ذکر کیا اس نے اس بارے میں؟” امامہ نے پوچھا۔
”نہیں، مجھ سے کہا تو نہیں مگر ہوسکتا ہے کہ اسے یاد ہو۔ تم نے اچھا نہیں کیا تھا۔”
”اس نے حرکت ہی ایسی کی تھی۔ ایک تو اپنا ہاتھ کھینچ رہا تھا دوسرے گالیاں دے رہا تھا اور اوپر سے میرا دو پٹہ بھی کھینچ لیا۔”
”اس نے دو پٹہ نہیں کھینچا تھا، اس کا ہاتھ لگا تھا۔” وسیم نے سالار کا دفاع کرتے ہوئے کہا۔
”جو بھی تھا، اس وقت تو مجھے بہت غصہ آیا تھا مگر بعد میں مجھے بھی افسوس ہوا تھا اور میں نے تو اللہ کا بہت شکریہ ادا کیا کہ وہ بچ گیا۔ اگر کہیں وہ مر جاتا تو مجھے تو بہت ہی پچھتاوا ہوتا اپنے اس تھپڑ کا۔” امامہ نے قدرے معذرت خواہانہ انداز میں کہا۔
”چلو تم آج جار ہی ہو تو معذرت کرلینا۔” وسیم نے مشورہ دیا۔
”کیوں ایکسیکیوز کروں، ہوسکتا ہے اسے کچھ یاد ہی نہ ہو پھر میں خوامخواہ گڑے مردے اکھاڑوں۔ اسے یاد دلاؤں کہ میں نے اس کے ساتھ ایسا کیا تھا۔” امامہ نے فوراً کہا۔
”اور فرض کرو اسے سب کچھ یاد ہوا تو …؟”
”تو … تو کیا ہوگا… وہ کون سا ہمارا رشتے دار ہے کہ اس سے تعلقات خراب ہوجائیں گے یا میل جول میں فرق پڑے گا۔” امامہ نے لاپروائی سے کہا۔
شاپنگ کرنے کے بعد وسیم اسے کلینک لے آیا جہاں سالار زیر علاج تھا۔
وہ دونوں اس کے کمرے میں داخل ہوئے اس وقت وہ سوپ پینے میں مصروف تھا۔
سالار نے وسیم کے ساتھ آنے والی لڑکی کو دیکھا اور فوراً پہچان لیا تھا۔ اگرچہ اس رات اس حالت میں وہ اسے شناخت نہیں کرسکا تھا مگر اس وقت اسے دیکھتے ہی وہ اسے پہچان گیا تھا۔ اپنی ممی سے یہ بات وہ پہلے ہی جان چکا تھا کہ وسیم کی بہن نے اسے فرسٹ ایڈ دی تھی مگر اسے وہ فرسٹ ایڈ یاد نہیں تھی، بس وہ زناٹے دار تھپڑ یاد تھا جو اس رات اسے پڑا تھا، اس لیے امامہ کو دیکھتے ہی وہ سوپ پیتے پیتے رک گیا۔
اس کی چبھتی ہوئی نظروں سے امامہ کو اندازہ ہوگیا کہ اسے یقینا اس رات ہونے والے واقعات کسی نہ کسی حد تک یاد تھے۔
رسمی علیک سلیک کے بعد اس کی ممی امامہ کا شکریہ ادا کرنے لگیں، جب کہ سالار نے سوپ پیتے ہوئے گہری نظروں سے اسے دیکھا۔ وسیم سے اس کی دوستی کو کئی سال گزر چکے تھے اور اس نے وسیم کے گھر میں امامہ کو بھی کئی یار دیکھا تھا مگر اس نے پہلے کبھی توجہ نہیں دی تھی۔ اس دن پہلی بار وہ اس پر قدرے تنقیدی انداز میں غور کر رہا تھا۔ اس کے دل میں امامہ کے لیے تشکر یا احسان مندی کے کوئی جذبات نہیں تھے۔ اس کی وجہ سے اس کے سارے پلان کا بیڑا غرق ہوگیا تھا۔
امامہ اس کی ممی سے گفتگو میں مصروف تھی مگر وہ وقتاً فوقتاً اپنے اوپر پڑنے والی اس کی نظروں سے بھی واقف تھی۔ زندگی میں پہلی بار اسے کسی کی نظریں اتنی بری لگی تھیں۔
ایک لمحہ کے لیے اس کا دل چاہا تھا، وہ اٹھ کر وہاں سے بھاگ جائے۔ سالار کے بارے میں اس کی رائے اور بھی خراب ہوگئی تھی۔ وہ اپنے اس تھپڑ کے لیے معذرت کے ارادے کے ساتھ وہاں آئی تھی مگر اس وقت اس کا دل چاہا تھا اسے دو چار اور تھپڑ لگا دے۔
تھوڑی دیر وہاں بیٹھنے کے بعد فوراً ہی وہ واپس جانے کے لیے اٹھ کھڑی ہوئی اور واپس جاتے ہوئے اس نے سالار کے ساتھ علیک سلیک کا تکلف بھی نہیں کیا تھا۔ وہ صرف اس کی ممی کے ساتھ سلام دعا کے بعد سالار کی طرف دیکھے بغیر باہر نکل آئی تھی اور باہر آکر اس نے سکون کا سانس لیا تھا۔
”اس طرح کے دوست بنائے ہوئے ہیں تم نے؟” اس نے باہر نکلتے ہی وسیم سے کہا جس نے کچھ حیرانی سے اسے دیکھا۔
”کیوں، اب کیا ہوا ہے؟”
”اسے دیکھنے تک کی تمیز نہیں ہے۔ اس بات کا احساس تک نہیں ہے کہ میں اس کے دوست کی بہن ہوں اور اس کے دوست کے ساتھ اس کے کمرے میں موجود ہوں۔”
‘وسیم اس کی بات پر کچھ خفیف سا ہوگیا۔
”یہ آدمی اس قابل نہیں ہے کہ اس کی عیادت کے لیے جایا جائے اور تم اس کے ساتھ میل جول بند کرو۔”
”اچھا ٹھیک ہے، میں محتاط رہوں گا۔ اب تم بار بار اس بات کو نہ دہراؤ۔” وسیم نے موضوع گفتگو بدلنے کی کوشش کرتے ہوئے کہا۔ امامہ دانستہ طور پر خاموش ہوگئی مگر سالار اس کے ناپسندیدہ افراد کی لسٹ میں شامل ہوچکا تھا۔
یہ ایک اتفاق ہی تھا کہ وہ ان دنوں کچھ چھٹیاں گزارنے اسلام آباد آئی ہوئی تھی ورنہ شاید سالار سے اس کا اتنا قریبی اور اتنا ناپسندیدہ تعارف اور تعلق کبھی پیدا نہ ہوتا۔
٭…٭…٭
اسلام قبول کرنے کے بعد اس نے پہلی بار جلال انصر کو تب قریب سے دیکھا جب ایک دن وہ چاروں کالج کے لان میں بیٹھی گفتگو میں مصروف تھیں، وہ وہاں کسی کام سے آیا تھا۔ رسمی سی علیک سلیک کے بعد وہ زینب کے ساتھ چند قدم دور جاکھڑا ہوا تھا۔ امامہ اس کے چہرے سے نظریں نہیں ہٹا سکی۔ ایک عجیب سے مسرت اور خوشی کا احساس اسے گھیرے میں لے رہا تھا۔
وہ چند منٹ زینب سے بات کرنے کے بعد وہیں سے چلا گیا۔ امامہ اس کی پشت پر نظریں جمائے اس وقت تک اسے دیکھتی رہی جب تک وہ نظروں سے اوجھل نہیں ہوگیا۔ اس کے ارد گرد بیٹھی اس کی فرینڈز کیا باتیں کر رہی تھیں، اسے اس وقت اس کا کوئی احساس نہیں تھا جب وہ اس کی نظروں سے اوجھل ہوا تو یکدم جیسے دوبارہ اپنے ماحول میں واپس آگئی۔
جلال انصر سے اس کی دوسری ملاقات زینب کے گھر پر ہوئی تھی۔ اس دن وہ کالج سے واپسی پر زینب کے ساتھ اس کے گھر آئی تھی۔ زینب کچھ دنوں سے ان سب کو اپنے ہاں آنے کے لیے کہہ رہی تھی۔ باقی سب نے کوئی نہ کوئی بہانہ بنا دیا تھا، مگر امامہ اس دن اس کے ساتھ اس کے گھر چلی آئی تھی۔ اس کے گھر آکر اسے عجیب سے سکون کا احساس ہوا تھا۔ شاید اس احساس کی وجہ جلال انصر کی اس گھر سے نسبت تھی۔
وہ ڈرائنگ روم میں بیٹھی ہوئی تھی اور زینب چائے تیار کرنے کے لیے کچن میں گئی تھی۔ جب جلال ڈرائنگ روم میں داخل ہوا۔ اِمامہ کو وہاں دیکھ کر کچھ چونک گیا۔ شاید اسے امامہ کو وہاں دیکھنے کی توقع نہیں تھی۔
”السلام علیکم۔ کیا حال ہے آپ کا؟” جلال نے شاید اس طرح بے دھڑک اندر داخل ہونے پر اپنی جھینپ مٹانے کے لیے کہا۔ امامہ نے رنگ بدلتے چہرے کے ساتھ اس کا جواب دیا۔
”زینب کے ساتھ آئی ہیں آپ؟” اس نے پوچھا۔
”جی۔”
”زینب کہاں ہے، میں در اصل اس کو ڈھونڈتے ہوئے یہاں آگیا۔ مجھے پتا نہیں تھا کہ اس کی کوئی دوست یہاں موجود ہے۔” کچھ معذرت خواہانہ انداز میں کہتے ہوئے وہ پلٹ گیا۔
”آپ بہت اچھی نعت پڑھتے ہیں۔” اِمامہ نے بے ساختہ کہا۔ وہ ٹھٹک گیا۔
”شکریہ۔” وہ کچھ حیران نظر آیا۔ ”آپ نے کہاں سنی ہے”
”ایک دن میں نے زینب کو فون کیا تھا جب تک فون ہولڈ رہا مجھے آپ کی آواز آتی رہی، پھر زینب سے آپ کے بارے میں پتا چلا۔ میں اس نعتیہ مقابلے میں بھی گئی تھی جہاں آپ نے وہ نعت پڑھی تھی۔”
وہ بے اختیار کہتی چلی گئی۔ جلال انصر کی سمجھ میں نہیں آیا وہ حیران ہو یا خوش۔
”بہت اچھی تو نہیں، بس پڑھ لیتا ہوں۔ اللہ کا کرم ہے۔” اس نے حیرت کے اس جھٹکے سے سنبھلتے ہوئے سفید چادر میں لپٹی اس دبلی پتلی دراز قامت لڑکی کو دیکھا جس کی گہری سیاہ آنکھیں کوئی بہت عجیب سا تاثر لیے ہوئے تھیں۔ اپنی آواز کی تعریف وہ بہت سوں سے سن چکا تھا مگر اس وقت اس لڑکی کی تعریف اس کے لیے قدرے غیر معمولی تھی اور جس انداز میں اس نے یہ کہا تھا وہ اس سے بھی زیادہ عجیب۔
”وہ پلٹ کر ڈرائنگ روم سے باہر نکل گیا۔ وہ ویسے بھی لڑکیوں سے گفتگو میں مہارت نہیں رکھتا تھا۔ اور پھر ایک ایسی لڑکی سے گفتگو جس سے وہ صرف چہرے کی حد تک واقف تھا۔
امامہ ایک عجیب سی مسرت کے عالم میں وہاں بیٹھی ہوئی تھی۔ اسے یقین نہیں آرہا تھا کہ اس نے جلال انصر سے بات کی تھی۔ اپنے سامنے … خود سے اتنے قریب وہ ڈرائنگ روم کے دروازے کے کچھ آگے کارپٹ پر اس جگہ کو دیکھتی رہی جہاں وہ کچھ دیر پہلے کھڑا تھا۔ تصور کی آنکھ سے وہ اسے ابھی بھی وہیں دیکھ رہی تھی۔
٭…٭…٭
ان کی اگلی ملاقات ہاسپیٹل میں ہوئی۔ پچھلی دفعہ اگر اِمامہ دانستہ طور پر زینب کے گھر گئی تھی تو اس بار یہ ایک اتفاق تھا۔ امامہ، رابعہ کے ساتھ وہاں آئی تھی جسے وہاں اپنی کسی دوست سے ملنا تھا۔ ہاسپٹل کے ایک کوریڈور میں فائنل ایئر کے اسٹوڈنٹس کے ایک گروپ میں اس نے جلال انصر کو دیکھا۔ اس کی ایک ہارٹ بیٹ مس ہوئی۔ کوریڈور میں اتنا رش تھا کہ وہ اس کے پاس نہیں جاسکتی تھی اور اس وقت پہلی بار امامہ کو احساس ہوا کہ اسے سامنے دیکھ کر اس کے لیے رک جانا کتنا مشکل کام تھا۔ رابعہ کی دوست کے ساتھ بیٹھے ہوئے بھی اس کا دھیان مکمل طور پر باہر ہی تھا۔
ایک ڈیڑھ گھنٹے کے بعد وہ رابعہ کے ساتھ اس کی دوست کے کمرے سے باہر آئی تھی۔ اب وہاں فائنل ایئر کے اسٹوڈنٹس کا وہ گروپ نہیں تھا۔ امامہ کو بے اختیار مایوسی ہوئی۔ رابعہ اس کے ساتھ باتیں کرتے ہوئے باہر نکل رہی تھی جب سیڑھیوں پر ان دونوں کا سامنا جلال سے ہوگیا۔ امامہ کے جسم سے جیسے ایک کرنٹ سا گزر گیا تھا۔
”السلام علیکم۔ جلال بھائی! کیسے ہیں آپ؟” رابعہ نے پہل کی تھی۔
”اللہ کا شکر ہے۔”
اس نے سلام کا جواب دیتے ہوئے کہا۔
”آپ لوگ یہاں کیسے آگئے؟ اس بار جلال نے امامہ کو دیکھتے ہوئے پوچھا۔
”میں اپنی ایک فرینڈ سے ملنے آئی تھی اور اِمامہ میرے ساتھ آئی تھی۔” رابعہ مسکراتے ہوئے بتا رہی تھی جب کہ امامہ خاموشی سے اس کے چہرے پر نظریں جمائے ہوئے تھی۔
دستگیری میری تنہائی کی تونے ہی تو کی
میں تو مر جاتا اگر ساتھ نہ ہوتا تیرا
اس کی آواز سنتے ہوئے وہ ایک بار پھر کسی ٹرانس میں آرہی تھی۔ اس نے بہت کم لوگوں کو اتنے شستہ لہجے میں اردو بولتے ہوئے سنا تھا، جس لہجے میں وہ بات کر رہا تھا۔ پتا نہیں کیوں ہر بار اس کی آواز سنتے ہی اس کے کانوں میں اس کی پڑھی ہوئی وہ نعت گونجنے لگتی تھی۔ اسے عجیب سا رشک آرہا تھا اسے دیکھتے ہوئے۔
جلال نے رابعہ سے بات کرتے ہوئے شاید اس کی محویت کو محسوس کیا تھا، اسی لیے بات کرتے کرتے اس نے امامہ کی طرف دیکھا اور مسکرایا۔ امامہ نے اس کے چہرے سے نظریں ہٹالیں۔ بے اختیار اس کا دل چاہا تھا وہ اس شخص کے اور قریب چلی جائے۔ جلال سے نظریں ہٹا کر ارد گرد گزرتے ہوئے لوگوں کو دیکھتے ہوئے اس نے تین بار لاحول پڑھی۔ ”شاید اس وقت شیطان میرے دل میں آکر مجھے اس کی طرف راغب کر رہا تھا۔” اس نے سوچا مگر لاحول پڑھنے کے بعد بھی اس کے اندر کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ وہ اب بھی جلال کے لیے ویسی ہی کشش محسوس کر رہی تھی۔
اسجد سے اتنے سالوں کی منگنی کے بعد بھی کبھی اس نے اپنے آپ کو اس کے لیے اس طرح بے اختیار ہوتے نہیں دیکھا تھا جس طرح وہ اس وقت ہو رہی تھی۔ وہاں کھڑے اسے پہلی بار جلال سے بہت زیادہ خوف آیا۔ میں کیا کروں گی اگر میرا دل اس آدمی کو دیکھ کر اسی طرح بے اختیار ہوتا رہا، آخر اسے دیکھ کر مجھے …اس نے جیسے بے بسی کے عالم میں سوچا۔ میں اتنی کمزور تو کبھی بھی نہیں تھی کہ اس جیسے آدمی کو دیکھ کر اس طرح … اس نے اپنے وجود کو موم کا پایا۔
٭…٭…٭
”بھائی! آپ فارغ ہیں۔” اس رات زینب دروازے پر دستک دے کر جلال کے کمرے میں داخل ہوئی۔
”ہاں، آجاؤ۔” اس نے اسٹڈی ٹیبل پر بیٹھے بیٹھے گردن موڑ کر زینب کو دیکھا۔
”آپ سے ایک کام ہے۔” زینب اس کے پاس آتے ہوئے بولی۔
”کیا نام ہے؟”
”آپ ایک کیسٹ میں اپنی آواز میں کچھ نعتیں ریکارڈ کردیں۔” زینب نے کہا۔ جلال نے حیرت سے اس کی فرمائش سنی۔
”کس لیے؟”
”وہ میری دوست ہے امامہ اس کو آپ کی آواز بہت پسند ہے، اس لیے … اس نے مجھ سے فرمائش کی اور میں نے ہامی بھرلی۔” زینب نے تفصیل بتائی۔
جلال اس فرمائش پر مسکرایا۔ امامہ سے کچھ دن پہلے ہونے والی ملاقات اسے یاد آگئی۔
”یہ وہی لڑکی ہے جو اس دن یہاں آئی تھی؟ ” جلال نے سرسری انداز میں پوچھا۔
”ہاں، وہی لڑکی ہے۔ اسلام آباد سے یہاں آئی ہے۔”
”اسلام آباد سے؟ ہاسٹل میں رہ رہی ہے؟” جلال نے کچھ دلچسپی لیتے ہوئے پوچھا۔
”جی ہاسٹل میں رہ رہی ہے۔ کافی اچھا خاندان ہے اس کا، بہت بڑے انڈسٹریلسٹ ہیں اس کے فادر … مگر امامہ سے مل کر ذرا محسوس نہیں ہوتا۔” زینب نے بے اختیار امامہ کی تعریف کی۔
”کافی مذہبی لگتی ہے۔ میں نے اسے ایک دوبار تمہارے ساتھ کالج میں بھی دیکھا ہے۔ کالج میں بھی چادر اوڑھی ہوتی ہے اس نے۔ یہاں کالج کی ”آب و ہوا” کا ابھی تک اثر نہیں ہوا اس پر۔” جلال نے کہا۔
”بھائی! اس کی فیملی بھی خاصی مذہبی ہے کیوں کہ وہ جب سے یہاں آئی ہے اسی طرح ہی ہے۔میرا خیال ہے کہ خاصے کنزرویٹو لوگ ہیں، لیکن یہ ضرور ہے کہ اس کی فیملی خاصی تعلیم یافتہ ہے۔ نہ صرف بھائی بلکہ بہنیں بھی۔ یہ گھر میں سب سے چھوٹی ہے۔” زینب نے تفصیل بتاتے ہوئے کہا۔ ”تو پھر آپ کب ریکارڈ کر کے دیں گے؟” زینب نے پوچھا۔
”تم کل لے لینا۔ میں ریکارڈ کردوں گا۔” جلال نے کہا۔ وہ سر ہلاتے ہوئے کمرے سے نکل گئی جلال کچھ دیر کسی سوچ میں ڈوبا رہا پھر وہ دوبارہ اس کتاب کی طرف متوجہ ہوگیا جسے وہ پہلے پڑھ رہا تھا۔
٭…٭…٭