تخلیقی نان فکشن کے اہم عناصر ۔ نان فکشن ۔ کمرشل رائٹنگ

تخلیقی نان فکشن کے اہم عناصر

تخلیقی نان فکشن، جسے غیر افسانوی تخلیقی ادب بھی کہا جاتا ہے، تحریر کی ایک انتہائی خوبصورت صنف ہے۔ اس میں کسی بھی نان فکشن تحریر یعنی اخبار کی خبر، سوانح عمری، کسی حقیقی واقعے کی داستان کو ایسے پیرائے میں بیان کیا جاتا ہے جہاں حقیقت کا روکھا پن غائب اور فکشن کا تخیل تحریر میں ڈھیر سارے رنگ بکھیر دیتا ہے۔

نان فکشن تحاریر کو ایک نیا انداز دینے اور انہیں دلچسپ بنانے کے لیے اس صنف کا بہت استعمال کیا جاتا ہے۔ قارئین میں اس طرزِ تحریر کی پذیرائی کی خاص وجہ یہ ہے کہ حقیقی افراد کے بارے میں افسانوی اور ماورائی پیرائے میں ذکر ملتا ہے جو پڑھنے والے کو فکشن کی فضا سے قریب تر کر دیتا ہے۔

آئیے جانتے ہیں کہ اس طرزِ تحریر کے خاص اسلوب کے نمایاں عناصر کیا ہیں:

خاکہ

نان فکشن تحریرایک ایسی صنف ہے، جس کے لیے آپ کو کسی خاص خاکے یا بہائو یا موضوع کی ضرورت نہیں ہوتی۔ آپ کسی بھی چیز کے بارے میں کسی بھی طرح سے، کسی بھی طوالت کی تحریر لکھ سکتے ہیں۔ فکشن میں یہ آزادی نہیں ہے، فکشن کے تین ایکٹس میں آپ کو  پوری کہانی بیان کرنی ہوتی ہے،کردار اپنے مخصوص دائرے سے باہر نہیں نکل سکتے، کہانی اپنا بہائو نہیں روک سکتی اور اختتام کا ایک مخصوص مقام ہے۔

نان فکشن لکھتے ہوئے ایسی کوئی پابندی نہیں اور تخلیقی نان فکشن لکھتے ہوئے یہ آزادی مزید بڑھ جاتی ہے۔ آپ ممتاز مفتی کی لبیک پڑھیں۔ اس ایک کتاب میں تاریخ، مذہب، فلاسفی، حب الوطنی، صوفی ازم، سفر نامہ، آپ بیتی، اور نجانے کتنی اصناف موجود ہیں۔ اچھے تخلیقی نان فکشن کی یہی خاصیت ہے۔ لکھاری کو کھل کر اپنے جوہر دکھانے کا موقع ملتا ہے۔ ایک ہی تحریر میں ایک دوسرے سے جڑے کئی موضوعات پر بات کی جا سکتی ہے اور پھر کسی ایک مشترکہ تھیم کے دھاگے سے کہانی کو جوڑا جا سکتا ہے، جیسے کتاب لبیک میں یہ مشترکہ تھیم حج کا سفر ہے۔ 

مصنف کی موجودگی

فکشن کے برعکس، جہاں لکھاری خود پیچھے ہٹتے ہوئے اپنی کہانی کو نمایاں جگہ دیتا ہے، تخلیقی نان فکشن لکھاری کی ایک مضبوط اور پُر اثر موجودگی کو یقینی بناتا ہے۔یہ ایک ایسا موقع ہوتا ہے جو لکھاری کو پوری آزادی دیتا ہے کہ وہ اپنی ایک مخصوص آواز اور شخصیت کو اپنی تحریر میں پیش کر سکیں۔مثال کے طور پر جب آپ شہاب نامہ پڑھیں تو آپ کو قدرت اللہ شہاب کی زندگی کے واقعات کے ساتھ ان کی ایک بالکل مختلف شخصیت سے بھی آگاہی ہوتی ہے۔ آپ کو ان کے حسِ مزاح کے بارے میں پتا چلتا ہے، ان کی بہادری، اصول پسندی، ماں سے محبت، غرض کہ ان کی شخصیت کی تمام تر نمایاں خصوصیات اس تحریر کے ذریعے سامنے آتی ہیں۔

بیانیہ زبان

تخلیقی نان فکشن کی زبان بیانیہ ہے یعنی مکالمات کم اور تقریباً تمام تر  تحریر ایک بیان ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ تخلیقی نان فکشن میں جب آپ اپنی اصل زندگی کے واقعات بیان کرتے ہیں تو آپ کہانی کے واحد متحرک کردار ہیں، اس لیے تمام کہانی آپ ہی کو بیان کرنا ہے۔ اس لیے آپ دیکھیں گے زیادہ تر تخلیقی نان فکشن کی تحریریں بیانیوں پر مشتمل ہوتی ہیں۔ اس تحریر میں اکثر لفظی تحریروں کا استعمال کیا جاتا ہے، یعنی ایسے لفظ استعمال کیے جائیں، جو بس چند حروف میں ہی پورا منظر آپ کے سامنے لے آئیں۔اس طرزِ تحریر میں تشبہیات و استعارات سے بھی تحریر کے حسن میں اضافہ کیا جاتا ہے۔

منظر نگاری

چوںکہ یہ طرزِ تحریر فکشن اور نان فکشن کا امتزاج ہے، اس لیے تحریر کی خوب صورتی کو بڑھانے کے لیے اس میں فکشن کی منظر نگار ی کا بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ کوئی حقیقی واقعہ بیان کرتے کرتے اسے ایک کہانی کے سین کی طرح بیان کرنا شروع کر دیں۔ مکالمے، تمہید، تاثرات۔۔۔یہ سب عناصر مل کر آپ کی تخلیقی نان فکشن تحریر میں چار چاند لگا سکتے ہیں۔ 

Loading

Read Previous

قاری کو پسند آنے والی نان فکشن تحریروں کے راز ۔ نان فکشن ۔ کمرشل رائٹنگ

Read Next

سکرین پلے اورسکرپٹس ۔ سکرین پلے ۔ کمرشل رائٹنگ

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!