بیلا کا ساون — عطیہ خالد

چھم چھم بادل برس رہا ہے۔ ٹین کی چھتوں پر ساز بُنتا، کہیں درختوں سے چھیڑ چھاڑ کرتا، پھولوں کے رنگ نکھارتا، دورکہیں پربتوں پر چنگھاڑتا، آج تو چھاجوں چھاج مینہ برس رہا ہے۔مینہ جو دھرتی میں زندگی کے دیئے جلاتا ہے۔ کلیوں اور پھولوں پھلوں میں رس بھرتا ہے۔ یکساں برستا یہ پانی سب پر ایک طرح برستا کیوں نہیں؟ راجنوتے میں گرمی خوب پڑتی ہے اورپھر ساون بھی خوب برستا ہے۔ کالی کالی گھٹاؤں کے سنگ جھوم جھوم کے… بیلا کو اور اس کے راجنوتے کے موروں کو تو ساون بہت پسندہے۔ وہ پنکھ پھیلائے ناچتے ہیں چھتوں پر، اور آنگن میں بیلا اپنی سکھیوں کے سنگ لہراتی ہے۔اس کے کھیتوں اور آموں کے باغ کی خوشی کا تو کیا ہی کہنے… آم میٹھے ہو جاتے ہیں اور رسیلے…ایسے میں برکھا کے گیت آپ بیلا کے من سے پھوٹ پڑتے ہیں۔
اس کی سب سکّھیاں دھانی چنریاں اوڑھے بارش میںنہاتی ہیں۔ موراں، نیلم، دیپا اور ارملا سب ہی اس کے آنگن میں اکٹھی ہو جاتی ہیں۔ اس کا بابا ان کے لئے دو دو جھولے ڈال دیتا ہے… وہ جھولے جھولتی ہیں اور بھوری اماں میٹھے گلگلے اور پوڑے تل تل کر ان کو دیتی جاتی ہے۔بابا آم بالٹی میں بھر کر ان کے پاس رکھ دیتا ہے…بارش ان کو ٹھنڈا کر دیتی ہے تو وہ سب مل کر آم چوستی اور گاتی ہیں۔
بجلی چمکے
بدرا گرجے
رِم جھم پڑے پھوار
کہ ساون آئیو رے
کہ ساون آئیو رے…





اب کے برس اس ساون کے بعد بیلا کا بیاہ ہو جائے گا۔ٹھاکر کی حویلی میں چلی جائے گی وہ وداع ہو کر… سُنا ہے بہت بڑی حویلی ہے، بھانیانا گاؤں کے بڑے زمین دار ہیں وہ لوگ۔ بابا کے زمین دارے سے بھی بڑا زمین دارا ہے ان کا۔ وہاں بھی امبر برستا ہو گا۔سرمئی،اودی اور کالی گھٹاؤں کا روپ دھارے، چنگھاڑتا ہوا، چھاجوںچھاج۔مائی نے بڑی بڑی پائلیں گھڑوائیں ہیں ڈھیر سارے گھنگرؤں والی۔وہ پہنا کروں گی برکھا والے دن اور بسنتی اور دھانی چوڑیاں۔ سکھیاں نہیں ہوں گی تو کیا ہوا، ٹھاکر جو ہوگا میرے سنگ۔۔۔ دھیرے سے مُسکائی پھر آنکھیں موند کر ہنس پڑی بیلا۔ٹھاکر کا نام ہی مانو گدگدی کرتا ہو اسے۔برکھا اور ٹھا کر کے خیال نے گلال مل دیا تھا اس کے گالوں پر۔جانے کب تک وہ ٹھاکر کے خیالوں میں بھیگی ہی رہتی مگر موروں کی می آؤں… می آؤں نے اسے جگا دیا۔لہراتی ہوئی باہر آئی تو دیکھا کہ موٹی موٹی بوندیں پڑنے لگی تھیں۔اس نے باہر نکل کر ارملا کو آواز دی ۔کچھ ہی دیر بعد میں سب سکھیاں جمع ہو گئیں اور لگیں اسے چھیڑنے۔
”سنا ہے بڑا گھبُرو جوان ہے ٹھاکر!” نیلم اسے کہنی مارتے ہوئے بولی۔
”تو؟” اٹھلا کر ابرو کے اشارے سے بیلا نے پوچھا،جیسے کہتی ہو میں کیا کسی سے کم ہوں اور اپنی چُنر کو اٹِھلا کر پیچھے پھینکا۔
”سنتے ہیں ہمارے راجنوتے میں کوئی بھی تو نہیں ٹھاکر جیسا!” نیلم نے بیلاکو گدگدایا۔
”بابا بھی بتا رہا تھا مائی کو اور بھوری اماں کو۔” بیلا جیسے اٹھلائی۔
”صرف وہی لگا اس کومیرے جوڑ کا تبھی تو اتّی دور بھیج رہاہے مجھے۔” بیلا بھی کب ہار ماننے والی تھی؟
اگلے ساون میں تو تو ٹھا کر کے ساتھ رہے گی ناں!” موراں کھلکھلاکر بولی۔
کون جانے اس کے سسرال میں برکھا میں گلگلے پکتے ہیں کہ نہیں، سکھیاں گیت گاتی ہیں یا بارش میں نہاتی بھی ہیں یا نہیں…بیلا من ہی من میں سوچ رہی تھی۔
وہ تو ضرو ربنائے گی پوڑے اور گلگلے۔سوجی کا میووں والا حلوہ تو وہ ضرور سیکھ کر جائے گی بھوری امّاں سے اور جب ٹھاکر کے شہری دوست آئیں گے تب بنایا کرے گی۔بابا نے جب سے بتایا تھا کہ کہ ٹھاکر کا شہر آنا جانا ہے۔اس کے شہری دوست بھی حویلی آتے ہیں تب سے بیلا کی سوچ گھوم گھما کر اس طرف بھی جا نکلتی کہ کیسے وہ اپنے سلیقے کا رعب ڈالے گی۔





سمے بھی کبھی رُکتا ہے؟ دیکھتے ہی دیکھتے بیاہ کا دن آگیا اور بیلا ٹھاکر کے ساتھ وداع ہو گئی۔ کندن کے کام سے سجا ہرا گھاگھرا،لال کرتی اور لال چنر میں ڈھیروں زیورات سے سجی،ٹھاکر کا ہاتھ پکڑے پکڑے دھیرے دھیرے وہ حویلی کی ڈیوڑھی میں داخل ہوئی۔شہنائی والوں نے سواگت (استقبال) کی دھن چھیڑ دی۔ اس کی ساس نے آگے بڑھ کر اس کا ماتھا چوما اور کتنے ہی تھال اس کے ہاتھ سے چھوا کر آگے دان کے لئے بھیجے، تب وہ دونوں آگئے بڑھے جہاں ٹھاکر کی چاچیاں، مامیاں، موسیاں، بہنیں سبھی ملن کے گیت گا رہی تھیں۔
رات دیر تک ہنسی ٹھٹھول ہو تا رہا، بیاہ کی رسمیں ہوتی رہیں پھر ٹھا کر کی بہنیں اور بھوجائی اس کو کمرے میں بٹھا گئیں۔
”چاند سورج کی جوڑی ہے دونوں کی، اب سویرے ملیں گے۔ بھیجتی ہوں دیور جی کو۔” بھوجائی جاتے ہوئے بولیں۔
ساری تھکان پر ایک لجا بھرآنند (خوشی) چھا گیا تھا۔ آہٹ پر وہ کچھ اور جُھک کر سمٹ گئی۔ چھپر کھٹ پر بیٹھتے ہوئے ٹھاکر بولا:
”سنا ہے راجنوتے کے موروں سے بھی سندر ہے ہماری دلہن، ذرا دیکھیں تو۔ دوسروں کے کہے سنے پر ذرا کم ہی وشواس (بھروسہ) کرتے ہیں ہم۔” ٹھاکر نے اس کا گھونگٹ اٹھایا اور بولا:
”غلط! با لکل غلط” وہ رُکا تو جیسے بیلا نے سانس روک کر نظر اٹھائی ایک دم… اور ٹھاکر کے چہرے پر پھیلی مسکان دیکھ کر ایک دم جھینپ گئی۔
”ہماری دلہن تو سورگ(جنت) کی اپسراؤں جیسی ہے۔اس سے تو چندرما بھی شرمائے گا۔”
مہندی رچے ہاتھوں کی باس محسوس کرتے ہوئے اس نے اس کے ہاتھوں میں جڑاؤ کنگن پہنائے اور بھید بھری بھاری آواز میں بولا:
”تم میری کسم ہو،رادھا ہو،شکنتلا ہو۔تمہاری ہر خوشی،ہر کامنا (خواہش)پوری کرنے کا وچن دیتا ہوں تم کو منہ دکھائی میں…پورے کا پورا گگن راج ٹھاکر تمہارا ہو ا…”
وہ ایسا پھیلا ہوا آکاش تھا جس نے بیلا کو پورے کا پورا ڈھانپ لیا تھا۔ وہ اس کی چھایا میں کھل اٹھی، مہک اٹھی تھی۔ ٹھاکر کا پریم اس کے لئے ہر روز نئے نئے روپ دھارتا۔ وہ پریم دیوانی چہکتی پھرتی۔ ٹھاکر کی بڑی بہنوں کے بیاہ کے بعد سونی پڑی حویلی میں جیسے جان پڑ گئی تھی۔ ہر گذرتے دن بیلا ضرور سوچتی کہ ساون آنے میں کتنے دن رہ گئے ہیں؟
اس نے اپنی زیور کی الماری میں نچلے خانے میں بسنتی اور دھانی چوڑیاں،چاندی کی چوڑی پائل،گھنگرؤں والی ماتھا پٹی اور گھنگرؤں والا گانی سیٹ بھی رکھ لیا تھا جو ٹھاکر شہر سے لایا تھا۔
ہر روز زیور بدلتے و قت وہ ان چیزوں کو دیکھ کر مُسکاتی۔ دومہینے گذرے تو ساس نے میٹھے میں ہاتھ لگوا کر سبھی چابیاں اور ذمہ داری اس کو سونپ دی۔اس نے اپنی سوجھ بوجھ سے سب کام سمجھ لیاتھا۔ سبھی رشتہ دار اور گاؤں والے اس کی ساس کو بدھائیاں دیتے کہ اس کو ایسی سوجھوان بہو ملی۔یوں تو بیلا کو ساری ہی حویلی بہت بھائی تھی۔سامنے کے سارے حصے میں میں سفید پتھر لگا ہوا تھا مگر پچھلی طرف کے ستونوں والے بر آمدے اور آنگن میں لال لا ل اینٹوں کا صحن تھا۔تو ت،بکائن اور امرود کے درخت تھے۔یہ حصہ تو اس کے سپنوں جیسا تھا۔اس نے بکائن پر دو جھولے ڈلوالئے تھے۔





ساس اس کو گھر کے کاموں میں جٹا دیکھ کر بہت خوش ہوتی اور کہتی:
”دودھوں نہاؤ،پوتوں پھلو…”ٹھا کر کے سامنے پر شنسا(تعریف) کرتی کہ بہو بہت گن وان ہے۔ ٹھا کر دھیرے سے اس کی طرف جھک کر کہتا:
”ان گنت گن تو میں جانتا ہوں…!” وہ آنکھوں میں جھوٹا غصہ لاتی،مند مند مسکاتی۔
برکھا رت آن کھڑی تھی۔آس پاس کے گاؤں میں تو بارش پڑنے لگی تھی۔چپکے چپکے بیلا نے سبھی تیاریاں کر لی تھیں۔ مہاور منگوا لیا تھا۔ دھانی گھاگھرا اور بسنتی چولی اور چنر کو ٹرنک میں سب سے اوپر رکھ لیا تھا۔جنداں کو گلگلے اور میوؤں والا حلوہ بنانا تو کبھی کا سکھا چکی تھی۔
سوموار کی صبح ٹھا کر گھر سے نکلا،اور ادھر بیلا کے من میور(مور) نے می آؤں،می آؤں کی تان لگائی مانو بر کھا کی باس پا لی ہو۔جنداں کو سبزی کاٹنے پر لگایا اور شیام کی ماں کو اصلی گھی میں سوجی بھوننے کا کہہ کر اپنے کمرے میں چلی گئی۔گنگناتے ہوئے جلدی جلدی دھانی گھاگھرا،بسنتی چولی اور چنر پہنی۔ ہاتھ بھر بھر کے بسنتی چوڑیاں، پائل، گانی، جھمکے اور گھنگرؤں والی ماتھا پٹی۔گالوں اور ہونٹوں پر لالی لگاکر آئینے میں اپنی نرالی چھب دیکھتی ہوئی نکل آئی۔
کالے کالے بادل گھر آئے تھے۔ دیکھتے ہی دیکھتے موٹی موٹی بوندیں پڑنے لگیں تھیں۔بار بار اناج کی کوٹھری سے رسوئی میں جاتی بات بے بات کھلکھلا کر ہنستی… کہیں دال چکھتی،کہیں گلگلے تلواتی وہ گھوم رہی ہے۔
اس کی مدھر ہنسی سے ساری حویلی کھلکھلا رہی ہے۔ برکھا کی بوندوں کے ساتھ اس کی پائل،چنر اور گھاگھرے کے گھنگرؤں کا سرگم مدھر تال بن رہا ہے۔
ٹھا کر جب دیکھے کا تو کیسا خوش ہو گا۔ارد کی مکھنی دال،سیم اور آلو کی بھاجی،بوندی رائتہ اور ساتھ میں سوجی کے حلوے کی سوندھی سوندھی مہک سارے گھر میں چکرا رہی ہے۔
”اری اور بہو رانی!” اس کی ساس نے بڑے پریم سے پکارا۔
”جنداں کو بول جلدی ہاتھ چلا… دیکھ تو کیسا پانی برس رہا ہے۔ سب کھالوں میں بھر جائے گا یہ پانی۔ایسے ہی کھالے میں پھسل گیا تھا ٹھاکر کا پاؤں…ایسا گرا کہ کولہے کا جوڑ ہل گیا۔ بہتیرا دوا دارو کیا، مگر لنگ رہ ہی گیا ناں،میں تو اس کی آواز سن کے دکھی ہو جاؤں ہوں۔ ”ا س کی ساس کی آواز بھیگی ہوئی تھی۔ اتنے میں ٹھاکر اندر آیا۔ لنگ والا پاؤں پہلے اندر رکھا۔ ایسا گھبرو جوان ہے، یہ لنگ تو کالا ٹیکہ ہے اس کا۔ بیلا نے سوچا ٹھاکر آج جلدی آگیا۔ برسات منانے آیا ہوگا۔ اس کا جیا دھڑ دھڑ کرنے لگا۔ جلدی سے ستو کا گلاس اور پوڑوں او ر گلگلوں کا تھال لے کر آئی تو وہ مائی سے کہہ رہا تھا:
”دیکھ مائی! آج میں جلدی آگیا کہ تو چنتا کرے گی۔” بیلا کے مہاور سے منڈے ہاتھوں سے گلاس پکڑ کر مسکرایا اور ہاتھ بڑھا کر پچھلی کھڑکی بند کر دی کہ کہیں اس کی پیاری پر پیچھے سے آتی بو چھاڑ کی کوئی چھینٹ نہ پڑ جائے۔
بیلا کے شرنگھار(سجاوٹ) کو غور سے دیکھا پھر اس کا ہاتھ پکڑ قریب ہی بٹھا لیا۔
”میگھا (بادل) کو تو نجانے کیسا غصّہ ہے جو ایسے برس رہا ہے…مانو سبھی کو بہا کر لے جائے گا…ہر طرف پانی ہی پانی ہے” ۔
اور سر جھٹک کر باہر کی طرف دیکھتے ہوئے بولا:
”بس اب یہیں اندر بیٹھی رہو ہمارے پاس۔کہیں بھیگ کر تاپ نہ چڑھ جائے۔جنداں پروس دے گی رسوئی۔جانے کب دھوپ نکلے گی اور پانی سوکھے گا۔”

٭…٭…٭




Loading

Read Previous

ماشکی — ہما شہزاد

Read Next

سال ۲۰۴۰ کی سیر —- فریحہ واحد

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!