سکرین پلے اورسکرپٹس
دونوں کے درمیان فرق سمجھئے
پوری دنیا میں انٹرٹینمنٹ انڈسٹریز میں پیش کی جانے والی تمام پراڈکٹس کے حاضرین و سامعین اور وہ لوگ جو اس انڈسٹری میں شامل ہو کر اپنا حصہ ڈالنا چاہتے ہیں اور وہ لوگ بھی جو انڈسٹری میں کام کر رہے ہیںاور جو کسی بھی طرح اس سے منسلک ہیں۔ وہ تمام چاہے دنیا کے کسی بھی کونے میں کام کر رہے ہوں، سب سکرین پلے اور سکرپٹ کی اصطلاح استعمال کرنے کے عادی ہو چکے ہیں۔ آج تحریر کو کہانی ، ڈرامہ یافلم کہنے کی بجائے یہی دو الفاظ استعمال کئے جاتے ہیں۔
یہ اصطلاح نہ صرف پیشہ ورانہ طور پر استعمال ہوتی ہے بلکہ وہ لوگ جو انڈسٹری سے وابستہ نہیں، صرف دیکھنے یا سننے کی حد تک انٹرٹینمنٹ انڈسٹری سے وابستہ ہیں، ان کے لیے بھی یہ اصطلاحات نئی نہیں، وہ بے تکلفانہ اس کا استعمال کرتے ہیں۔
آیئے آپ کو سکرین پلے اور سکرپٹس کے درمیان فرق بتاتے ہیں۔ اگرچہ دونوں الفاظ کا استعمال تحریر کے حوالے سے ہی ہے۔ دونوں تحریر یں انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے لیے ہی استعمال ہونے کے باوجود الگ الگ نام کیوں رکھتی ہیں۔
سکرین رائٹنگ Screenwriting (not screen writing)
سکرین رائٹنگ اکٹھا ایک لفظ کے طور پرلکھا جاتا ہے۔بعض اوقات اسے دولفظی بھی بنا دیا جاتا ہے۔ یہ اصطلاح پورے ہالی ووڈ میں پرانی ہو چکی ہے جب کہ دنیا کے بیش تر حصوں میں سکرین پلے رائٹنگ کے لیے سکرین رائٹنگ کی اصطلاح بہ دستور مروّج ہے۔
سکرپٹ رائٹنگ یا سکرپٹ رائٹنگ (Scriptwriting or Script Writing)
سکرپٹ رائٹنگ بھی بعض اوقات ایک لفظ اور اکثر اوقات درمیان میں واقفہ دیتے ہوئے دولفظی لکھا جاتا ہے۔ یہ اصطلاح سکرپٹ رائٹنگ کے کام کے لیے استعمال کی جاتی ہے۔
بہت سے لوگ سکرین رائٹنگ اور سکرپٹ رائٹنگ کے درمیان فرق نہیں کر سکتے۔ اگرچہ ان دونوں اصطلاحات کے مطلب میں زیادہ فرق نہیں لیکن پھر بھی یہ میڈیا رائٹنگ کے دوبالکل جدا طریقۂ کار ہیں۔
کسی بھی ٹاک شو، نیوز یا تفریحی پروگرام وغیرہ کے لیے سکرپٹ، چاہے وہ ریڈیو پر پیش ہو یا ٹی وی پر سکرپٹ ہی کہلائے گا۔ اسے ہم سکرین پلے نہیں کہہ سکتے۔
دوسری طرف کسی فلم یا ڈرامے کا سکرین پلے، وہ تحریر جس کو فلماتے ہوئے، مکالمات اور مناظر ترتیب دیئے جائیں سکرین پر پیش کیا جائے، اصطلاحی زبان میں سکرپٹ کہلاتا ہے۔
کیوں؟ کیوں کہ سکرین پلے، سکرپٹ ہی کی ایک شکل ہے اور ہیئت میں بھی کچھ زیادہ فرق نہیں۔
آئیے دیکھتے ہیں کہ بابلی ڈکشنری (Babylon dictionery) سکرین پلے سے متعلق کیا کہتی ہے؟ فلمی اصطلاحات کے لیے یہ ڈکشنری خاص طور پر مرتب کی گئی ہے۔ ”ایک خاص فارمیٹ میں ایسی تحریر جس میں فلمی انداز کے علاوہ دیگر ترتیبی عناصر مثلاً روشنیوں کی اہمیت، ایکشن سمیت ہر وہ چیز جو آپ سکرین پر دیکھنا چاہتے ہوں۔ غرض کہ ہر وہ تحریر جس میںایک فلم تمام جزئیات کے ساتھ مکمل تحریر ہو، سکرین پلے کہلاتی ہے۔ سکرین پلے کی ساخت یا ڈھانچا نیلی طباعت (blue print) سے ملتا جلتا ہوتا ہے۔”
اب دیکھتے ہیں کہ بابلی ڈکشنری سکرپٹ کی کیا تعریف دیتی ہے: ”کسی تحریر کے لیے ایک عام اصطلاح (جس کا انٹرٹینمنٹ انڈسٹری سے خاص طور پر تعلق ہو) سکرپٹ ہے۔ سکرپٹ میں کہانی کی تفصیلات، سیٹنگ اور مکالمے بھی موجود ہوتے ہیں۔ سکرپٹ، سکرین پلے کا متبادل ہو سکتا ہے۔ سکرپٹ کی شوٹنگ ہوتی ہے، اس کے مناظر لکھے جاسکتے ہیں، غرض کہ سکرپٹ ایک وسیع اصطلاح ہے۔