لکھنے کے لیے وقت نکالیے ۔ فکشن ۔ کمرشل رائٹنگ

لکھنے کے لیے وقت نکالیے

کیا آپ کو کبھی ایسا محسوس ہوا ہے کہ آپ بہت اچھی کہانی لکھ سکتے ہیں مگر وقت کی کمی آپ کے راستے میں حائل ہے۔ یقینی طور پراکثر قارئین کا جواب اثبات میں ہو گا۔ ہر شخص کے اندر تخلیقی صلاحیت موجود ہوتی ہے مگر زندگی کی مصروفیات سے ہاتھ کھینچ کر چند لمحات لکھنے کے کام پر صرف کرنے سے قاصر رہتا ہے۔ وہ روز عزم کرتا ہے کہ جیسے ہی اسے فراغت میسر آئی، وہ فوری طور پر اپنے خیالات کو قرطاس و قلم کے حوالے کرتا چلا جائے گا مگر اسے کبھی ایسا موقع میسر نہیں آتا۔ ہر شخص اسی پریشانی سے دو چار ہے۔ مصروفیات نے جینا دوبھر کر رکھا ہے اور زندگی ایک مشینی انداز میں گزرتی چلی جارہی ہے۔ اگر آپ نے ایک مخصوص طرز پر رواں دواں زندگی سے وقت نکالنے کا ہنر نہ سیکھا تو آپ کبھی بھی ایک اچھے رائٹر نہیں بن پائیں گے۔ اس مضمون میں آپ کو کچھ ایسے سنہری اصول ملیں گے جن پر عمل کرتے ہوئے آپ کے لئے لکھنا بے حد آسان ہو جائے گا۔

٭ اپنے پاس ہمہ وقت ایک ڈائری رکھیں

جیب یا بیگ میں ہر وقت ایک ڈائری یا نوٹ بک کی موجودگی ایک رائٹر کے لئے بہت ضروری ہے۔ آپ کو جب بھی دورانِ سفر کچھ وقت میسر آئے تو وہ لمحات اپنے خیالات کو ڈائری پر منتقل کرنے میں صرف کریں۔ اس کا دوہرا فائدہ ہو گا۔ اول یہ کہ آپ کا فارغ وقت تخلیقی کام میں استعمال ہو جائے گا اور دوم یہ کہ آپ دورانِ سفر جن مشاہدات و تجربات کو فوری طور پر محفوظ کر یں گے وہ بعد میں ایک کہانی کے پلاٹ کو ترتیب دینے میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔ یہ ڈائری آپ کی ادبی زندگی میں ایک بہترین کردار ادا کرے گی۔

٭موبائل فون کو لکھنے کے لئے استعمال کریں

دورِ جدید میں موبائل فون نے زندگی میں بے حد آسانی پیدا کر دی ہے، کسی بھی ان جان جگہ پر آپ کو کسی مخصوص مقام کی تلاش ہو تو موبائل میں موجود نقشہ آپ کی مدد کرتا ہے اور اگر آپ نے کسی یادگار لمحے کو محفوظ کرنا ہو تب بھی موبائل کا کیمرہ ہی آپ کے کام آتا ہے۔ اسی طرح جب کبھی آپ سفر میں ہوں، یا کسی ایسی جگہ جہاں خیالات کو محفوظ کرنے کے لئے کاغذ قلم دستیاب نہ ہو تو آپ اپنے موبائل ہی میں ان خیالات کو بہ ذریعہ ڈرافٹ میسج یا نوٹ محفوظ کر سکتے ہیں۔ جدید موبائلز میں تو ایسی ایپلی کیشنز بھی موجود ہیں جن میں کی بورڈ یا ٹچ پیڈ کی بہ جائے ڈائریکٹ ٹچ ہی کی مدد سے اپنی لکھائی میں کچھ بھی لکھا جاسکتا ہے۔ یہ ان لوگوں کے لئے بہت بڑی نعمت ہے جو اپنے پاس ہر وقت ڈائری رکھنے کے جھنجٹ میں نہیں پڑنا چاہتے۔ اس کے علاوہ جن لوگوں کو اینڈرائیڈ یا آئی فون کی سہولت میسر نہیں، وہ اپنے خیال کو میسج کی صورت میں لکھیں اور اپنے ہی نمبر پر بھیج دیں۔ اس طرح آپ کسی بھی وقت اس خیال کو کسی اور محفوظ جگہ پر اتار سکتے ہیں۔

٭وائس کی بورڈ استعمال کریں

ایسے کئی سافٹ ویئرز یا ایپس موجود ہیں جن کے ذریعے صرف بولنے پر ہی آپ کے الفاظ خود بہ خود سکرین پر ٹائپ ہوتے چلے جاتے ہیں۔ یہ ان لوگوں کے لئے بہت اہم ہیں جن کی زندگی بہت مصروف گزرتی ہے اور وہ لکھ نہیں سکتے۔ وائس کی بورڈ کے ذریعے وہ کسی بھی ساعت اپنے خیالات کو محفوظ کر دیتے ہیں اور کسی ویک اینڈ یا چھٹی کے دن ان خیالات کو کہانی کا پلاٹ بنانے میں استعمال کرسکتے ہیں۔ لیکن مسئلہ یہ ہے کہ یہ کی بورڈ صرف انگریزی الفاظ ہی ٹائپ کر سکتا ہے۔ توقع کی جاتی ہے کہ بہت جلد اردو وائس کی بورڈ بھی منظرِ عام پر آجائے گا۔

Loading

Read Previous

فکشن لکھنے کے دس اصول ۔ فکشن ۔ کمرشل رائٹنگ

Read Next

نان فکشن کیا ہے؟ ۔ کمرشل رائٹنگ

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!