سکرپٹ لکھئے
سکرپٹ کی ساخت اور شکل
ایک مضبوط سکرپٹ کو معلوم ہوتا ہے کہ وہ کیا کرنے جا رہا ہے اور اُس کی مضبوطی کیا ہے!
ایک کمزور سکرپٹ کا مطلب ہے کہ آپ بوائی کے لیے تیار نہ کی گئی زمین پر بیج بو رہے ہیں۔ زمین کی اچھی طرح تیاری کے بعد ہی آپ اس پہ فصل اُگنے کی اُمید کر سکتے ہیں۔ بالکل اسی طرح جب تک آپ اپنے سکرپٹ میں موجود خامیوں کو دور نہیں کریں گے، اس کی منظوری یا کامیابی کی اُمید کیسے کر سکتے ہیں؟
سکرپٹ کی شکل سے مراد بنیادی کہانی ہے۔ آپ اپنی کہانی کی مدد سے لوگوںکو کیا پیغام دینا چاہتے ہیں یا کیا کہنا چاہتے ہیں اور ساخت سے مراد کہ آپ نے اپنا سکرپٹ کس پلیٹ فارم کے لیے تیار کیا ہے۔ جیسا کہ آپ جانتے ہیں کہ ذرائع ابلاغ کے ہر شعبے کے لیے الگ مزاج کا سکرپٹ لکھا جاتا ہے۔
لہٰذا سکرپٹ سے متعلقہ پہلا سوال یہ بنتا ہے کہ آپ کی کہانی کیا ہے؟ یہ لوگوں کو کس حد تک اپنی طرف متوجہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے؟ کیا یہ کوئی ایسا آئیڈیا ہے جو ریڈیو کے لیے موزوں ہے یعنی صدا کاری کے لیے زیادہ بہتر ہے یا فلم کے لیے؟ (بڑی سکرین کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہے؟) یا پھر ٹی وی (چھوٹی سکرین ) کے لیے یا پھر یہ آن لائن کے لیے مناسب سکرپٹ ہے (کمپیوٹر یا اُن تمام آلات کے لیے جنہیں ہم بآسانی اپنے ساتھ لے جا سکتے ہیں)۔
آپ نے کس طرح کے طبقہ¿ فکر کے لیے لکھا ہے؟
آپ نے جس میڈیم کو چنا ، کیا وہ آپ کی کہانی سے میل کھاتا ہے؟
جب ان تمام سوالات کی کسوٹی پر اپنی کہانی کو پرکھتے ہوئے آپ کسی ایک نکتے پر مطمئن ہوجائیں تو اگلا قدم اس میڈیم کے مخصوص فارمیٹ کو سامنے رکھتے ہوئے سکرپٹ لکھنا ہے۔
کیا یہ ایک مکمل سنگل ڈرامہ ہے جس کے دوران کہانی شروع ہوتی اور انجام پاتی ہے۔ اگر ایسا ہے تو کہانی کو اس کے مخصوص فارمیٹ میں ڈالیے جیسا کہ ریڈیو پر سہ پہر کو آنے والا 45 منٹ کا ڈرامہ، ٹی وی سنگل ڈرامے کی طوالت 60 سے 90 منٹ تک ہوتی ہے اور فیچر فلم کی طوالت 80 سے 120 منٹ تک ہوتی ہے۔جب آپ اپنی تحریر کے بارے میں یہ حتمی فیصلہ کر لیتے ہیں کہ فلاں میڈیم کے لیے بہترین ہے تو پھر آپ کو فارمیٹ کے مطابق کہانی کو ڈھالنا ہے۔ اگر قسط وار دینا چاہتے ہیں تو کتنی اقساط ہونی چاہئیں؟ آپ کے ناظرین کتنے ہفتے تک اسے دل چسپی سے دیکھ سکتے ہیں۔ کیا یہ سیریز کے روپ میں آئے گی، جس میں ہفتے میں ایک بار ، ایک عنوان کے تحت میں مختلف ڈرامے دکھائے جاتے ہیں جس کی طوالت ایک گھنٹہ ہوتی ہے۔ کیا یہ ڈرامہ ہے یا کامیڈی شو؟ کیا یہ ایک لمبے عرصے کے لیے مسلسل چلنے والا شو ہے؟ جیسے کہ Doctor Who، Downtown Abbey ، Shamless وغیرہ۔
ڈرامہ سیریز میں عموما ایک ڈرامے کا دورانیہ 60 منٹ، جب کہ کامیڈی شو کا دورانیہ 30 منٹ مقرر کیا جاتا ہے۔ عوامی دل چسپی کے پیشِنظر بعض اوقات ان اقساط کی تعداد میں اضافہ کر دیا جاتا ہے۔
تحریری لحاظ سے یہ طرزِ عمل مناسب نہیں کہ آپ خود سے ہی اپنے سکرپٹ کو سیریز یا سوپ میں ڈھال دیں۔ سوپ کے اپنے الگ لوازمات ہیں۔ا س میں عموماً کردار کی بھرمار، رشتے ناطے، سیٹنگ اور خاص ماحول درکار ہوتا ہے۔ اگر آپ سوپ لکھنے کے خواہش مند ہیں تو اس کا سکرپٹ طوالت کا حامل ہو گا۔ جس میں آپ کو کہانی کے بارے میں ساری تفصیلات اُجاگر کرنا ہو گی۔
سکرپٹ کی شکل سے متعلق دوسری بات جو ذہن میں رکھنا ضروری ہے کہ تمام سکرپٹس، ادب پارے کی صنف میں نہیں آتے بلکہ یہ بلیو پرنٹ یا نیلی طباعت کہلاتے ہیں۔ یہ فلمائے جانے کے لیے لکھے جاتے ہیں۔ سکرپٹ کا اگلامرحلہ پروڈکشن ہوتا ہے۔ سکرپٹ لکھنے کے بعد اسے بڑے ہی اچھے اور عمدہ انداز میں مرتب کرنا ضروری ہے تاکہ وہ دیکھنے والوں کو پُرکشش محسوس ہو۔ عمدہ اور خوب صورت فائل کور میں با ترتیب اور خوش خط سکرپٹ ایڈیٹر یا پروڈیوسر کی پسندیدگی کا سند پاتا ہے۔ بار بار کٹے پھٹے اور قلم زدہ الفاظ والا سکرپٹ یوں بھی ایڈیٹر کی توجہ حاصل کرنے میں ناکام رہتا ہے۔۔
شروع میں ڈرامے یا سکرپٹ کاعنوان قدرے بڑے الفاظ میں لکھئے جب کہ اپنے متعلق باقی سب معلومات معمول سے بھی چھوٹی لکھائی میں درج کیجیے۔ ضروری معلومات یعنی نام، پتا اور فون نمبر کے علاوہ کچھ اور مت لکھئے۔