روزمرہ بنیادوں پر کیسے لکھیں؟
روزانہ کچھ وقت لکھنے کے لئے وقف کرنا ایک لکھاری کی زندگی میں اہم سنگ میل ہوتا ہے اور ایک شخص جس قدر جلد اس معمول پر عمل شروع کر دیتا ہے، اتنی ہی تیزی سے ترقی کی منازل طے کرتا ہوا وہ بامِ عروج پر جا پہنچتا ہے۔تو سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ روزانہ لکھنے کی عادت کیسے ڈالی جائے؟
٭ عموماً ایسا ہوتا ہے کسی سینئر لکھاری کی ہدایات سننے یا کوئی لکھنے سے متعلق آرٹیکل پڑھنے کے بعد نوآموز رائٹر ان پر عمل کرنے کا ارادہ تو کرلیتا ہے مگر سستی و کاہلی کی بنا پر خود سے کیا جانے والاوعدہ وفا نہیں کر پاتا۔اس رویے کی وجہ صرف اور صرف آج کا کام کل پر چھوڑنا ہے۔ لہٰذا آپ یہ بات طے کر لیں کہ آج ہی سے لکھنا شروع کرناہے اور نہ صرف ارادہ کریں بلکہ اس پرعمل پیرا بھی ہوں۔
٭ لکھنے کے لئے روزانہ ایک خاص وقت مقرر کریں۔ یہ مخصوص وقت صرف اور صرف انوکھے خیال سوچنے اور انہیں لکھنے میں صرف کریں، تخلیقی کام کے علاوہ باقی تمام کام چھوڑ دیں۔ہو سکتا ہے کہ شروع میں آپ کا ذہن کام نہ کرے یا آپ کو سستی آ گھیرے مگر رفتہ رفتہ آپ عادی ہو جائیں گے اور پھر آپ کا دل ہی نہیں چاہے گا کہ قلم رکھ کر کوئی اور کام کریں۔
٭ لکھنے کے عمل کو ایک ذہنی بوجھ یا کوئی مشکل کام سمجھ کر کرنے کی بجائے بہ طورِ تفریح سرانجام دیں۔ پھر آپ دیکھیں گے کہ کس طرح آپ کا ذہن کھلتا ہے ۔ الغرض بہترین آئیڈیاز گویا آپ کے دماغ میں اُمڈتے چلے آئیں گے۔آپ کے لئے لکھنا ایک کھیل بن جائے گا۔ کھیل بہت اعصاب شکن ہونے کے باوجود بھی ذہن کو تروتازہ کر دیتا ہے ، اورکہانی لکھتے ہوئے بھی آپ کی بعینہ یہی کیفیت ہونی چاہئے۔
تو پھر کب سے شروع کر رہے ہیں آپ باقاعدگی سے لکھنا؟