خاکہ بنانے کے فوائد ۔ سکرین پلے ۔ کمرشل رائٹنگ

خاکہ بنانے کے فوائد

لکھاری عموماً دو طرح کے ہوتے ہیں۔ ایک وہ جو کچھ بھی قلم بند کرنے سے پہلے اُس کا ایک خاکہ بناتے ہیں اور دوسرے وہ جو ایسا کرنا غیر ضروری سمجھتے ہیں اور قلم اٹھاتے ہی ذہن میں آئے خیالات کو صفحے پر اتارتے چلے جاتے ہیں۔ خاکہ بنانے کا ایک فائدہ تو یہ ہے کہ اس طرح آپ مسودہ از سرِ نو لکھنے کی کوفت سے بچ جاتے ہیں۔ لیکن یہ بات ذہن میں رکھیں کہ اچھا خاکہ بنانے کے لیے بھی چند مراحل ہیں:

٭  بنیادی خیال

جب ہم کچھ لکھنے بیٹھتے ہیں تو کہانی کی ساخت اور کرداروں کے حوالے سے بہت سے خیالات اپنے ذہن میں جمع کر لیتے ہیں۔ ان بکھرے خیالات کو ایک لڑی میں پرونے کے لیے بہت ضروری ہے کہ سب سے پہلے آپ یہ سوچیں کہ آپ کی کہانی کا بنیادی خیال کیا ہے؟ یعنی ایک ایسا جملہ جس میں پوری کہانی کا نچوڑ ہو۔ ایسا کرنے سے کہانی لکھنے کے دوران آپ کی توجہ اُس کے پلاٹ پر ہی رہے گی۔

٭  ابتدائی خاکہ

ابتدائی طور پر کہانی کا خاکہ بناتے ہوئے آپ اپنے طور پر ذہن میں آنے والے ہر خیال کو کاغذ پر اتار لیں چاہے وہ خیال آپ کو کتنا ہی مضحکہ خیز کیوں نہ لگے۔ پھر ان تمام بکھرے ہوئے خیالات کا تعلق آپس میں جوڑتے ہوئے ایک خلاصہ تشکیل دیں۔ اس کے بعد اپنے لکھے ہوئے خلاصے کو تنقیدی نظر سے دیکھتے ہوئے اُس میں جھول تلاش کریں کہ  کردار کا رویہ ایسا کیوں ہے؟ وہ  اپنے ماضی کو لے کر اتنا لاتعلق کیوں ہے؟ اس  نے ایسا رویہ کیوں اختیار کیا؟ مطلب یہ کہ اپنے ہی لکھے ہوئے کو ایک ناقد کی حیثیت سے پرکھیں۔

٭  کردار نگاری

کہانی کے پلاٹ میں پائے جانے والے جھول یعنی (loop holes) دور کرنے کے بعد کردار نگاری کی طرف آئیں۔ یاد رکھیں کہ ہر کردار کے پس منظر میں ایک کہانی ہوتی ہے جو آپ کو یہ بتاتی ہے کہ ایک کردار کسی  مخصوص صورتِ حال میں کیا اور کیسا  طرزِ عمل اختیار کرے گا۔ اسی لیے ضروری ہے کہ اپنے ہر کردار کا ماضی آپ کے سامنے ہو۔ چاہے وہ کردار مرکزی نوعیت کا ہو یا ثانوی نوعیت کا۔

٭  تفصیلی خاکہ

اب بات ہوتی ہے کہانی کے تفصیلی پلاٹ کی جسے تشکیل دینے کے لیے ہر چیز کی تفصیل ابتدائی خاکے میں شامل کرتے جائیں۔ یہ کام مکالمے یا مکمل سین (scene) لکھے بغیر بھی ہو سکتا ہے۔ یاد رکھیں کہ تفصیلی خاکہ ترتیب دینے میں آپ کو کئی ماہ بھی لگ سکتے ہیں لیکن دراصل سب سے دل چسپ مرحلہ بھی یہی ہے۔

٭  مختصر خاکہ

یہ بات انتہائی ضروری ہے کہ تفصیلی خاکہ کو مختصراً لکھا جائے۔ تاکہ جب آپ کہانی لکھنے بیٹھیں تو آپ کو بار بار لمبی چوڑی تفصیلات سے نہ گزرنا پڑے۔

اگر کسی ناول یا کہانی پر کام کرتے ہوئے آپ کو اندازہ نہیں ہوتا کہ کہانی کو آگے کیسے بڑھایا جائے تو بہتر ہے کہ پہلے خاکہ بنانے کی عادت ڈالیں۔ آپ کو اپنی کہانی میں نمایاں پیش رفت نظر آئے گی۔

نوٹ: (وہ تمام مصنفین جو خاکہ سازی کئے بغیر اپنی تحریر لکھتے ہیں ہمیں یقین ہے کہ یہ مضمون پڑھنے اور اس پر عمل کرنے کے بعد ان کا اندازِ تحریر تبدیل ہو جائے گا۔)

Loading

Read Previous

کرداروں کے جذبات قاری تک پہنچانے کے 3 طریقے  ۔ سکرین پلے ۔ کمرشل رائٹنگ

Read Next

نفسِ مضمون: کہانی کا پس منظر بیان کرنے کا فن ۔ سکرین پلے ۔ کمرشل رائٹنگ

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!