ثانوی کرداروں کی اہمیت کو سمجھیں
تمام کردار برابر نہیں ہوتے۔
یہ گُر اگر آپ نے سمجھ لیا ہے تو جان لیجیے کہ آپ نے اپنے سفر کا کامیاب آغاز کر دیا ہے۔ ہر کہانی چاہے وہ صفحے پر ہو یا سکرین پر، اس کے کچھ کردار مرکزی ہوتے ہیں،اور کچھ ثانوی۔ مرکزی کردار وہ ہوتے ہیں جو پوری کہانی پر حاوی ہوتے ہیں، جن کی وجہ سے کہانی ”ہوتی ” ہے۔ ثانوی کردار صرف اور صرف مرکزی کردار کی مدد اور کبھی کبھار پلاٹ کو کسی خاص مقام تک پہنچانے کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔ اس سے کہیں آپ یہ نہ سمجھ لیں کہ ثانوی کردار عام نوعیت کے ہوتے ہیں۔ حقیقت اس سے بالکل بر عکس ہے۔ اگر آپ ایک عمدہ اور اعلیٰ معیار کی تحریر لکھنا چاہتے ہیں تو آپ کا ہر کردار اہم اور ضروری ہونا چاہیے۔ ہر کردار چاہے وہ مرکزی ہو یا ثانوی اس کی ایک کہانی ہونی چاہیے۔ ۔۔ایک بیک سٹوری۔
جے کے رولنگ نے جب ہیری پوٹر لکھنا شروع کی تو اس کا پہلا جملہ لکھنے سے پہلے سات سال تک وہ صرف اس پوری کہانی کے بارے میں سوچتیں رہیں اور ہر کردار کی پس پردہ کہانی تخلیق کرتی رہیں۔ اگر آپ اس موضوع پر تفصیل سے پڑھیں تو آپ جانیں گے کہ اس پوری سیریز کے ہر چھوٹے سے چھوٹے کردار کی بھی بیک سٹوری ان کے پاس لکھی ہوئی محفوظ تھی۔
اگر آپ بھی کچھ ایسا لکھنا چاہتے ہیں جو سالوں یاد رہ جائے اور شاہکار بن جائے تو اس کے لیے کڑی محنت شرط ہے۔یہ محنت آپ کو اپنے ثانوی اور مرکزی کرداروں میں تفریق کے لیے بھی کرنی ہو گی۔ جہاں یہ بہت ضروری ہے کہ آپ اپنے ثانوی کرداروں کو بھی مضبوط بنائیں وہیں یہ بات لازمی ہے کہ آپ کا ثانوی کردار آپ کے مرکزی کردار پر حاوی نہ ہو سکے۔ مرکزی کردار کو مجموعی طور پر ایک زیادہ دلچسپ، اچھے اور پرکشش انسان کے طورپر پیش کرنا ضرور ی ہے۔
یہاں آپ کے سامنے کچھ ایسے ثانوی کرداروں کی فہرست پیش کی جا رہی ہے جو اکثر کہانیوں کا حصہ ہوتی ہے۔ان کرداروں کو پلاٹ آگے بڑھانے یا مرکزی کرداروں کی شخصیتوں کے مختلف پہلوئوں کو سامنے لانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
١۔ مرکزی کردار کا بہترین دوست:
ثانوی کرداروں میں یہ کردار بہت عام ہے۔ ہر کسی کا کوئی نہ کوئی بہترین دوست ہوتا ہے اور ہیرو یا ہیروئن کے بہترین دوست کا یہ کردار کئی جگہوں پر مرکزی کرداروں اور کہانی کی مدد کرنے کے لیے دستیاب ہو تا ہے۔ کچھ مشہور مثالیں: ڈاکٹر فرقان (پیرِ کامل)، کاشف ( میں ہوں شاہد آفریدی) اور Samwise Gamgee(لارڈ آف دا رنگز) ۔
٢۔ ولن کا چیلا:
جس طرح ہیرو کا ایک بہترین دوست ہوتا ہے، اسی طرح ولن کا بھی ایک دوست (یا درست اصطلاح میں ، چیلا) ہوتا ہے۔ اس کردار کا کام ولن کو نت نئی چال بازیوں سے طرف راغب کرنا اور ہیرو کے لیے مزید پریشانیاں کھڑی کرنا ہے۔ یہ چیلا احمق بھی ہو سکتا ہے (اگر آپ اپنی کہانی کو کہیں کہیں مزاح کا رنگ دینا چاہ رہے ہیں) یا بہت ہی چالاک بھی ہو سکتا ہے، اتنا چالاک کہ اپنی چال بازیوں میں ولن کو بھی پیچھے چھوڑ جائے۔۔لیکن جس طرح ہیرو کا بہترین دوست ہیرو سے آگے نہیں نکل سکتا ، اس طرح یہ چیلا بھی اپنے استاد سے آگے نہیں بڑھ سکتا۔ لیکن ایک با ر پھر، پلاٹ کو آگے بڑھانے اور تحریر کو گہرائی دینے کے لیے یہ کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
٣۔ ایک مشکوک حامی(مخالف):
یہ ایک بہت دلچسپ کردار ہے۔ یہ کردار درحقیقت نہ تو ہیرو سے ہمدری رکھتا ہے نہ ولن سے۔ ولن کی طرح یہ جان بوجھ کر ہیرو کی زندگی مشکل بنانے میں دلچسپی نہیں رکھتا، لیکن اسے ہیرو کے مقصد سے بھی کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ اس کا ہر عمل اس کی اپنی ہی کسی وجہ سے ہے۔ اس کی بہت مشہور مثال ہیری پوٹر سیریز میں ہیری پوٹر کی خالہ، خالو اور اس کا کزن ہیں۔ انہیں نہ ہیری سے ہمدردی ہے نہ ولڈرماٹ سے۔پوری کہانی میں وہ صرف اپنے ایجنڈے کے مطابق عمل کرتے ہیں۔
اس طرح کے کردار سے آپ کہانی کے کئی مختلف جہتیں سامنے لا سکتے ہیں۔ ہیرو کی زندگی کی ناانصافی دکھا سکتے ہیں، ولن کے بارے میں ایک ایسے شخص کے غیر جانبارانہ تاثرات دکھا سکتے ہیں جسے ولن سے کوئی خطرہ محسوس نہیں ہوتا۔ کہانی کو نیا موڑ بھی دے سکتے ہیں، جیسے ہیری پوٹر اپنے خاندان والوں کی بے اعتنائی کی وجہ سے گرمیوں کی چھٹیاں اپنے دوست کے گھر گزارنا پسند کرتا ہے۔
٤۔ ڈرائیور:
اس کردار کا نام یہ اس لیے رکھا گیا ہے کہ یہ ہیرو کو آگے بڑھانے میں اور خود میں تبدیلیاں لانے میں اہم کردارادا کرتا ہے۔ ڈرائیور کی وجہ سے ہیرو کو اپنے سفر میں آگے جانے اور رسک لینے میں ہمت ملتی ہے۔ عام طور پر یہ کردار ایک استاد، کوچ، خاندان کا کوئی بزرگ، پروفیشنل زندگی کا کوئی کامیاب انسان یا ان سے ملتے جلتے کرداروں کی مدد سے ادا کیا جاتا ہے۔ اس کردار کا مقصد ہیرو کے خوف کم کرنا اور اسے راستہ دکھانا ہے۔ ضروری نہیں کہ یہ کردار ہیرو کی تمام مشکلات کا حل اس کے سامنے رکھ دے، لیکن یہ کردار ان راستوں پر ہیرو کی رہنمائی کرتا ہے جہاں سے ہیرو کو اپنے سوالوں کے جواب مل سکتے ہیں۔
چند اہم ثانوی کرداروں کی یہ فہرست کسی طرح بھی مکمل نہیں ہے، لیکن آپ کو ان کرداروں کو سمجھنے اور نتیجتاً انہیں بہتر طور پر تخلیق کرنے میں ضرور مدد فراہم کرے گی۔ ہمیں اپنی رائے سے آگاہ کرنا نہ بھولیے گا۔