بھیڑ چال
انعم سجیل
”ہم برتھ ڈے کا گرینڈ فنکشن رکھ لیتے ہیں،سب کو بُلا لیں گے۔“ زینب کی پہلی سال گرہ آئی تو بیگم نے کہا۔
”ارے یہ سال گرہ وغیرہ سب فضولیات ہیں۔“ میں نے منع کرنا چاہا۔
”چھوڑیں یہ سب باتیں،آج کل تو سب ہی ایسا کرتے ہیں۔“ بیگم نے سر جھٹکا اور میں نے چار و ناچار ہامی بھر لی۔
”ہم زینب کو انٹرنیشنل اسکول سسٹم میں پڑھائیں گے۔“ زینب کی اسکولنگ کی باری آئی تو بیگم نے کہا۔
”لیکن ان اسکولز کی فیس تو بہت زیادہ ہوتی ہے۔“ میں نے منع کرنا چاہا۔
”چھوڑیں یہ سب باتیں، آج کل تو سب ہی ایسا کرتے ہیں۔“ بیگم نے سر جھٹکا، میں نے ہامی بھر لی۔
”ہم زینب کو جہیز میں گاڑی بھی دیں گے۔“ زینب کی شادی پر بیگم نے فرمائش کی۔
”گاڑی کی کیا ضرورت ہے؟ اتنا کچھ تو دے رہے ہیں ۔“ میں نے منع کرنا چاہا۔
”چھوڑیں یہ سب باتیں،آج کل تو سب ہی ایسا کرتے ہیں۔“ بیگم نے سر جھٹکا، میں نے ہامی بھر لی۔
”ہم ریٹائرمنٹ کے بعد گریجوئٹی کی رقم سیونگ اکاﺅنٹ میں جمع کروا دیں گے تا کہ باقی زندگی آرام سے گزرے۔“میں نے بیگم سے کہا۔
”لیکن یہ تو سود میں آتا ہے اور حرام ہے۔“ بیگم نے منع کرنا چاہا۔
”چھوڑو یہ سب باتیں، آج کل تو سب ہی ایسا کرتے ہیں۔“میں نے سر جھٹکا، بیگم نے ہامی بھر لی۔
٭….٭….٭
6,696 views