اشتیاق احمد بچوں کے جاسوسی ناولوں کا ایک بے حد بڑا نام ہے، ان کے لکھے گئے ناول بچوں اور بڑوں دونوں میں یکساں مقبول تھے۔ انہوں نے آٹھ سو سے زائد ناول لکھے جو اردو زبان اور کسی اور زبان میں کسی مصنف کے ہاتھوں لکھے گئے ناولوں کی سب سے بڑی تعداد ہے۔انہوں نے اپنا تحریری سفر بچوں کے لئے کہانیاں لکھنے سے آغاز کیااور اپنا پہلا ناول ١٩٧٣ء میں لکھا۔ ان کی مشہور ترین سیریز انسپکٹر جمشید سیریز ہے ، اس کے علاوہ انہوں نے انسپکٹر کامران سیریز اور شوکی برادرز کے ناولز بھی لکھے لیکن انسپکٹر جمشید سیریز کو قارئین میں بے حد پذیرائی ملی۔
انسپکٹر جمشید سیریز ایک جاسوس انسپکٹر جمشید اور ان کے تین بچوں محمود، فاروق اور فرزانہ کے گرد
اشتیاق احمد کا انتقال ٢١٠٦ء میں ہوا اور انتقال سے کچھ عرصہ پہلے ہی ان کا آخری ناول '' عمران کی واپسی'' شائع ہوا تھا جو لوگوں میں بے حد پسند کیا گیا تھا۔
انسپکٹر جمشید اور ان کے بیوی بچے باقر گنج کے ہوٹل میں بیٹھے باتیں کر رہے تھے۔ ویٹر ان کی میز پر ناشتا لگا رہا تھا۔ جونہی ویٹر پیچھے ہٹا، فاروق بڑھ بڑھ کر ناشتے پر ہاتھ صاف کرنے لگا۔ دوسرے بھی ناشتا شروع کر چکے تھے۔ اچانک ان کے منہ کھلے کے کھلے رہ گئے اور ہاتھ درمیان ہی میں اُٹھے رہ گئے۔
چار آدمی ایک چارپائی اپنے کندھوں پر اٹھائے ہوٹل میں داخل ہو رہے تھے۔ چارپائی خالی نہیں تھی۔ اس پر کوئی چادر سر سے پاﺅں تک اوڑھے لیٹا تھا۔ ہوٹل میں موجود لوگوں میں چند ایک کے منہ سے نکلا:
”بھوتوں کا نیا شکار!“
وہ کل ہی یہاں پہنچے تھے۔ یہ ایک چھوٹا سا پہاڑی مقام تھا۔ شہر سے صرف ستر میل کے فاصلے پر تھا اور بہت ہی پرفضا خیال کیا جاتا تھا۔ ان کا پروگرام بس اچانک ہی بن گیا تھا۔ ہوا یہ کہ اسکول گرمیوں کی چھٹیوں کے سلسلے میں بند ہو گئے تھے اور محمود، فاروق اور فرزانہ شہر میں کچھ زیادہ ہی بوریت محسوس کر رہے تھے۔ آخر ایک دن تنگ آکر فرزانہ کے منہ سے نکل ہی گیا۔
”ابا جان! ہم سخت بور ہو رہے ہیں۔“
”کیوں؟ کیا بات ہے؟“
”میرا مطلب ہے کیا یہ تمام چھٹیاں یوں ہی گزر جائیں گی؟“
فرزانہ نے محمود اور فاروق کو مدد کا اشارہ کرتے ہوئے کہا۔
”تم کیا کہنا چاہتی ہو؟“ انسپکٹر جمشید نے اس کے اشارے کو بھانپتے ہوئے پوچھا۔
”کیوں نا اس مرتبہ کہیں جانے کا پروگرام بنایا جائے۔“ محمود بول اٹھا۔
”بھئی تم بڑی خوشی سے کہیں جانے کا پروگرام بنا سکتے ہو۔ کیا چھٹیاں پروفیسر داﺅد کے گھر گزارنا چاہتے ہو یا پھر خان رحمان کے ہاں جانا چاہتے ہو؟“
”جی نہیں!“
”ارے! تو پھر بتاﺅ نا۔ کہاں جانا ہے؟“
”باقر گنج!“ فرزانہ کے منہ سے نکلا۔
”کیا؟ باقر گنج؟ گویا تم شہر سے باہر جانا چاہتے ہو؟“
”جی ہاں! یہاں گرمی بہت ہے۔“
”لیکن میں تم تینوں کو باقر گنج جانے کی اجازت نہیں دے سکتا۔“
”تو ہم کب کہتے ہیں آپ اجازت دیں۔“ فرزانہ شوخ انداز میں مسکرائی۔
”کیا مطلب؟“ انسپکٹر جمشیڈ چونکے۔
”آپ اور امی ہمارے ساتھ چلیں۔“
”یہ کیسے ہو سکتا ہے؟“ انسپکٹر جمشید نے تیز لہجے میں کہا۔
”کیوں؟ کیوں نہیں سکتا؟“ بیگم جمشید بھی بول پڑیں۔
”ہائیں! کیا تم نے مل کر میرے خلاف سازش کی ہے؟ بیگم! تم بھی ان کا ساتھ دے رہی ہو۔“
”ہر سال بچے یہیں چھٹیاں گزارتے ہیں۔ اس مرتبہ انہیں جانا ہی ہو گا۔“
”اچھا سوچوں گا۔“
”ابا جان!“ فرزانہ بولی۔
”کیا بات ہے بیٹا؟“
”آپ کب تک سوچ لیں گے؟“
”یہی ایک دو روز تک۔“ وہ دراصل ٹالنا چاہتے تھے۔
”جی اچھا۔ دو دن بعد سہی۔“
دو دن بعد پھر فرزانہ نے انہیں جا پکڑا۔
”ابا جان! وہ آپ کے دو دن پورے ہو گئے۔ امید ہے کہ آپ نے سوچ لیا ہو گا۔“
”کیا سوچ لیا ہو گا۔ تم کیا کہہ رہی ہو؟“ انسپکٹر جمشید انجان بن گئے۔
”جی وہی! باقر گنج جانے کے بارے میں۔“
”اوہ۔ اوہ۔ بھئی وہ تو میں بھول ہی گیا۔“ ان کے اس فقرے پر تینوں کے منہ لٹک گئے۔
”کیوں ان بچوں کو مایوس کرتے ہیں۔ پہلی بار تو انہوں نے کوئی خواہش کی ہے۔“ بیگم جمشید بولیں۔
”معلوم ہوتا ہے بچوں سے زیادہ آپ کا جی چاہ رہا ہے۔“
”چلئے! اب میرے پیچھے پڑ گئے۔“
”مجھے چھٹی نہیں ملے گی۔“
”کیوں نہیں ملے گی۔ بیس سال کی ملازمت کے دوران آپ نے کبھی چھٹی نہیں کی۔ محکمہ ہنسی خوشی آپ کو چھٹی دے گا۔“
”اچھا میں چھٹی کی درخواست دے دیتا ہوں۔ اگر منظور ہو گئی تو چلے چلیں گے۔“
”ٹھیک ہے! ہمیں منظور ہے۔“
شام کو فرزانہ نے ان سے پوچھا۔
”کیا چھٹی کی درخواست منظور ہو گئی؟“
انسپکٹر جمشید نے اسے تیز نظروں سے گھورا۔ پھر محمود اور فاروق کو گھورا او رتیز لہجے میں بولے۔
”معلوم ہوتا ہے تم باز نہیں آﺅ گے۔“
”جی! آجائیں گے۔ اگر آپ کی یہی خواہش تو باز آجاتے ہیں۔“ محمود نے رونی صورت بنا کر کہا۔ انسپکٹر جمشید ہنس پڑے۔
”چھٹی منظور ہو گئی ہے۔ ہم کل باقر گنج چل رہے ہیں۔“
”وہ مارا!“ تینوں چلائے اور بیگم جمشید مسکرانے لگیں۔
٭….٭….٭
گاڑی سے اتر کر وہ ایک ٹیکسی کی طرف آئے۔ انسپکٹر جمشید نے ڈرائیور سے کہا:
”ہمیں کسی اچھے سے ہوٹل تک لے چلو۔“ ڈرائیور ان کی بات سن کر مسکرایا۔
”صاحب یہاں تو ہوٹل ہی صرف ایک ہے۔“
”کیا؟ اس پورے علاقے میں صرف ایک ہوٹل ہے؟“
”جی ہاں! اس کے علاوہ چھوٹی چھوٹی سرائیں ہیں۔ مکانات بھی کرائے پر مل جاتے ہیں لیکن یہ سرائیں اور مکانات ڈھنگ کے نہیں ہیں سوائے ایک مکان کے۔ لیکن….“
”لیکن کیا؟“ انسپکٹر جمشید نے پوچھا۔
”جی! جی کچھ نہیں۔ آپ تشریف رکھیے۔ میں آپ کو ہوٹل تک پہنچا دیتا ہوں۔“
وہ ٹیکسی میں بیٹھ گئے۔ سڑک کے دونوں طرف چھوٹی چھوٹی پہاڑیاں تھیں جن پر لدا ہوا سبزہ اور اونچے اونچے درخت عجیب بہار دے رہے تھے۔ پندرہ منٹ کے سفر کے بعد ٹیکسی ایک ہوٹل کے سامنے رکی۔
”آبگینہ ہوٹل!“ فرزانہ نے ہوٹل کا نام پڑھا۔
”بھئی واہ! نام تو بہت اچھا ہے۔“
”ہوٹل بھی نام کی طرح خوب صورت ہے۔“
پانچوں نیچے اتر آئے ہوٹل کا ایک ملازم تیزی سے ان کی جانب لپکا اور ٹیکسی کے اوپر سے سوٹ کیس اٹھا لیا۔ انسپکٹر جمشید کاﺅنٹر کی طرف بڑھے۔ وہاں ایک پتلا دبلا آدمی بیٹھا تھا۔ ناک بہت لمبی، آنکھیں اندر کو دھنسی ہوئیں اور ان پر عینک تھی۔ انہیں دیکھ کر وہ اس طرح اکڑ کر بیٹھ گیا جیسے وہی اس پوری وادی کا مالک ہو۔
”جی فرمائیے!“ انسپکٹر جمشید کے قریب پہنچنے پر اس نے پوچھا۔
”دیکھئے ہمیں ایک ڈبل کمرہ چاہیے۔“
”آپ ڈبل کی بات کرتے ہیں۔ یہاں تو سنگل کمرہ بھی نہیں بچا۔“
”کیا؟ کوئی کمرہ نہیں بچا؟“ انسپکٹر جمشید نے ہوٹل کے ہال کا جائزہ لیتے ہوئے کہا۔
”جی ہاں! اس وقت کوئی کمرہ خالی نہیں ہے۔“
”پھر کوئی اور بندوبست بھی ہے یا نہیں۔“
”آج کل تو شاید کوئی مکان بھی خالی نہیں ملے گا۔ البتہ کسی سرائے میں جگہ مل جائے تو میں کہہ نہیں سکتا۔“
”سرائے میں۔“
”جی ہاں! لیکن وہ جگہ آپ جیسے لوگوں کے شایانِ شان نہیں ہے۔“
”تو پھر کوئی حل بتاﺅ پیارے۔ کیا ہم اتنی دور آکر مایوس لوٹ جائیں گے؟“
”صرف ایک ہی صورت ہے۔“ عینک والا بولا۔
”اور وہ کیا؟“
”یہاں سے تھوڑے سے فاصلے پر ایک بہت خوبصورت مکان ہے۔ لیکن….“ وہ کچھ کہتے کہتے رک گیا۔
”لیکن کیا؟“ انسپکٹر جمشید نے چونک کر پوچھا۔ کیوں کہ ٹیکسی ڈرائیور نے بھی مکان کا ذکر بیچ میں ہی چھوڑ دیا تھا۔
عینک والے کے ہونٹ کچھ کہنے کے لئے ہلے ہی تھے کہ پیچھے سے ایک چہکتی ہوئی آواز آئی:
”ارے! یہ میں کیا دیکھ رہا ہوں۔ کہیں میری آنکھیں دھوکا تو نہیں کھا رہی ہیں۔“ انسپکٹر جمشید چونک کر مڑے۔
”ارے واصف تم! تم یہاں کہاں؟“
”میں چھٹیاں یہاں گزار رہا ہوں۔ تم سناﺅ۔ کیا ابھی آرہے ہو؟“
”ہاں! اور شاید ابھی واپس جانا پڑے۔“
”کیوں کیوں؟ اوہ! سمجھا۔ کوئی کمرہ خالی نہیں ہو گا۔ دراصل یہاں ٹھہرنے کے لئے چھ ماہ پہلے ہی کمرہ بک کرنا پڑتا ہے۔“
”بھئی میں تو پہلی مرتبہ آیا ہوں۔ اب مجھے کیا معلوم تھا کہ یہاں یہ صورت حال سامنے آئے گی۔“
”خیر تم فکر نہ کرو۔ میں آج واپس جا رہا ہوں۔ تم اپنا سامان میرے کمرے میں لے چلو۔“
”کیا مطلب؟ ابھی تو تم کہہ رہے تھے کہ چھٹیاں یہاں گزار رہے ہو۔“
”ہاں! گزار چکا ہوں۔ آج تو واپس جا رہا ہوں۔“
”اچھا! اس کا مطلب یہ ہے کہ ہمارا کام بن گیا۔“
”کیوں نہیں! مسٹر یوسف خان۔ میرا کمرہ آج سے ان کے نام لکھ دو۔“ واصف عینک والے کی طرف مڑا پھر ان سے بولا۔
”یہ مسٹر یوسف ہی اس ہوٹل کے مالک ہیں اور بہت اچھے آدمی ہیں۔“
”اچھا یہی مالک ہیں۔“
”ہاں! اور تم کیا تنہا ہی آئے ہو؟“
”وہ سامنے دیکھ رہے ہو نا، میرے بیوی بچے ہیں۔“
”ارے تو پہلے کیوں نہیں بتایا۔“ واصف ایک طرف کھڑے ہوئے محمود، فاروق، فرزانہ اور بیگم جمشید کی طرف تیزی سے بڑھا۔
”السلام علیکم بھابی اور پیارے بھتیجو تم کیسے ہو۔ آپ لوگ مجھے نہیں جانتے نا۔ خیر میں تعارف کرائے دیتا ہوں۔ میرا نام واصف ہے، پروفیسر ہوں اور جمشید کا بچپن کا دوست ہوں، اسکول کے زمانے کا۔ آج ایک زمانے کے بعد اسے دیکھا ہے۔ دراصل جو آدمی پولیس میں ملازمت کرے، وہ کسی کا دوست نہیں رہتا۔ اب دیکھ لیں، ایک ہی شہر میں رہتے ہوئے کبھی ملاقات نہیں ہوئی۔“
”اب تو ہو گئی نا۔ یہاں سے واپس جائیں گے تو آپ کے ہاں ضرور آئیں گے۔“ بیگم جمشید نے مسکرا کر کہا۔
”کس کی باتوں میں آگئی ہو۔ یہ حضرت کبھی گھر ملتے ہی نہیں۔ ملاقات کیسے ہو سکتی ہے۔“ انسپکٹر جمشید کاﺅنٹر پر پیشگی کرایہ ادا کرنے کے بعد ان کے پاس آکھڑے ہوئے تھے۔
”اچھا یہ باتیں تو ہوتی رہیں گی۔ چلو میں کمرہ دکھا دوں۔“
ہوٹل کے ملازم نے ان کا سوٹ کیس اٹھایا اور وہ سیڑھیاں چڑھنے کے بعد کمرے کے سامنے پہنچ گئے۔ واصف نے جیب سے چابی نکال کر دروازہ کھولا اور چابی انسپکٹر جمشید کو دیتے ہوئے بولا:
”آج سے یہ چابی تمہاری۔ ویٹر! تم میرا سوٹ کیس اٹھا کر نیچے لے چلو۔“
”ہاں امید ہے کہ اس کمرے میں گزارہ ہو جائے گا۔“
”ہوں! کمرہ تو کافی بڑا ہے۔ اگر اس میں ایک بیڈ اور ڈال دیا جائے تو گزارہ بخوبی ہو سکے گا۔“
”میں مسٹر یوسف سے کہتا جاﺅں گا۔ وہ بیڈ کا بندوبست کر دیں گے۔“
”تم کچھ دیر تو بیٹھو ہمارے پاس۔“ انسپکٹر جمشید نے کہا۔
”نہیں بھئی میں پہلے بہت لیٹ ہو چکا ہوں۔ اچھا خدا حافظ۔“
”خداحافظ۔“ ان کے منہ سے نکلا۔
واصف کمرے سے نکل گیا۔
٭….٭….٭
”مجھے بے وقوف سمجھتا ہے۔ الو کہیں کا۔“ انسپکٹر جمشید نے واصف کے جانے کے بعد کہا۔
”کیا مطلب؟“ محمود نے چونک کر پوچھا۔
”دراصل اس نے ہمیں ہوٹل کے اندر داخل ہوتے ہوئے دیکھ لیا تھا۔ اسے یہ بھی معلوم تھا کہ ہوٹل میں کوئی کمرہ خالی نہیں ہے۔ یہاں ہر سال آتا ہے جب اس نے تم لوگوں کو بھی میرے ساتھ دیکھا تو اپنا کمرہ ہمیں دینے کا پروگرام بنا لیا اور میں بتاﺅں یہ یہاں سے جائے گا نہیں۔ نہ ہی اس کا جانے کا پروگرام تھا۔“
”اس کا مطلب ہے انہوں نے ہماری وجہ سے کمرہ خالی کر دیا۔ اب وہ خود کہاں جائیں گے؟“ فرزانہ نے پریشان ہو کر پوچھا۔
”وہ یہاں ہر سال آتا ہے۔ اس پورے علاقے سے واقف ہے۔ کوئی جگہ ڈھونڈ ہی لے گا۔ میں نے اس کی یہ قربانی اس لئے قبول کر لی کہ تم لوگ میرے ساتھ تھے اور تمہاری پریشانی کی وجہ سے میں نے اس کے جھوٹ کو جان بوجھ کر سچ سمجھ لیا۔“
”ہماری وجہ سے انہیں پریشانی ہوئی۔“
”کل اس سے معذرت کر لیں گے۔“ انسپکٹر جمشید مسکرائے۔
”کل؟ وہ کیسے! کیا وہ کل یہاں آئیں گے؟“
”کیوں نہیں۔ کھانا تو اسی ہوٹل سے کھائے گا۔“
”لیکن آپ سے یہ کہنے کے بعد وہ یہاں سے جا رہے ہیں پھر کیسے یہاں آسکتے ہیں؟“ بیگم جمشید نے پوچھا۔
”تم اسے نہیں جانتیں وہ بہت شیطان ہے۔ کل کھانے کی میز پر آئے گا اور کہے گا یار مجھے بہت افسوس ہے ایک ضروری کام کی وجہ سے جا نہیں سکا۔“
”عجیب ہے آپ کا یہ دوست۔“
”نہیں! عجیب نہیں، پرخلوص کہو۔ آج کل ایسے دوست کہاں ملتے ہیں۔“
”مجھے تو رہ رہ کر یہی خیال آرہا ہے وہ کہاں جائیں گے۔“ فرزانہ نے کہا۔
”تم اس کی فکر نہ کرو اور سوٹ کیس سے کپڑے وغیرہ نکال لو۔ ہم تھوڑی دیر آرام کریں گے۔ پھر شام کو سیر کرنے نکلیں گے۔“
”ابا جان! آپ نے ایک بات تو بتائی نہیں۔“ فاروق کو کچھ خیال آیا۔
”وہ کیا؟“
”آپ کتنی چھٹیاں لے کر آئے ہیں۔“
”صرف تین۔“
”جی؟ کیا کہا؟ صرف تین؟“ تینوں دھک سے رہ گئے۔
”ہاں بھئی! تین ہی چھٹیاں ملی ہیں۔“
”تب پھر یہاں آنے کی ضرورت ہی کیا تھی۔“ فرزانہ نے منہ لٹکا لیا۔
”اس سے تو ہم اپنے شہر میں ہی اچھے تھے۔“ محمود کی آواز بجھ گئی۔
”انکل واصف کو بھی یونہی تکلیف دی۔“ فاروق بولا۔
”کیا ضرورت تھی آخر یہاں آنے کی۔ اب پرسوں یہاں سے واپس جانا ہو گا۔ اگر مجھے پہلے معلوم ہوتا کہ صرف تین دن کی چھٹی ملی ہے تو کبھی نہ آتی۔“ بیگم جمشید نے غصے سے کہا۔
”تو اب واپس چلی جاﺅ۔“ انسپکٹر جمشید مسکرائے۔
”آپ تو بس مسکرائے جاتے ہیں اور یہاں ہمارا جی جل رہا ہے۔“ بیگم جمشید بولیں۔
”کس نے کہا ہے کہ تم سے جی جلانے کو، خوش رہو۔ ہنسو، کھیلو،کودو، گاﺅ، ناچو، کیوں کہ میں پورے پندرہ دن کی چھٹی لے کر آیا ہوں۔“
”کیا!“ چاروں ان کے آخری جملے پر خوشی سے اچھل پڑے۔
واصف سیڑھیاں اتر کر سیدھا کاﺅنٹر کی طرف آیا۔ یوسف خان اسے دیکھتے ہی بولا:
”میں حیران ہوں مسٹر واصف یہ آپ نے کیا کیا۔ آپ کا ارادہ تو یہاں پورے ایک ماہ اور رہنے کا تھا۔“
”ہاں۔ ایک ماہ ہی رہوں گا۔“
”بھئی وہ میرا بچپن کا دوست ہے۔ اس کے بیوی بچے ساتھ تھے۔ لہٰذا میں نے اپنا کمرہ ان کے لئے خالی کرنے کا پروگرام انہیں دیکھتے ہی بنا لیا۔“
”لیکن اب آپ کیا کریں گے؟ کہاں جائیں گے؟ اس وقت تو شاید کسی سرائے میں ہی جگہ ملے۔“
”میں تمہارے اس خوب صورت مکان میں ٹھہروں گا۔“
واصف مسکرایا۔
”کیا؟ آپ کیا کہہ رہے ہیں؟“
”جو تم سن رہے ہو۔“
”نہیں! یہ نہیں ہو سکتا۔“
”کیوں نہیں ہو سکتا؟“
”آپ جانتے ہی ہیں۔ مکان آسیب زدہ ہے۔ برسوںسے اس پر بھوتوں کا قبضہ ہے۔“
”میں جانتا ہوں۔“
”اور پھر بھی آپ جانا چاہتے ہیں۔“
”ہاں! میں بھوتوں کو نہیں مانتا۔“
”لیکن اس سے پہلے بھی ضدی گاہک وہاں ٹھہر کر نقصان اٹھا چکے ہیں۔“
”وہ ڈرپوک ہوں گے۔“
”ان میں بڑے بڑے دلیر تھے۔“
”کچھ بھی ہو، میں ایک ماہ اسی مکان میں گزاروں گا۔ تم مکان کا کرایہ بتاﺅ۔“
”نہیں نہیں! یہ نہیں ہو سکتا۔“
”کیوں نہیں ہو سکتا۔ تم اپنا کرایہ وصول کرو۔ اس کے بعد جو کچھ ہو گا۔ اس کی ذمہ داری مجھ پر ہو گی۔“
”آپ میرے مستقل گاہک ہیں۔ خدا کے لئے اپنے ارادے سے باز آجائیں۔“
”میں ایک بار جو ارادہ کر لیتا ہوں پھر پیچھے نہیں ہٹتا۔ لاﺅ مکان کی چابی، کرایہ جو جی چاہے میرے حساب میں لکھ لینا۔“
”اس کا کرایہ تین ہزار ماہوار ہے۔“ آخر یوسف خان نے تنگ آکر کہا۔
”مجھے منظور ہے۔“
”میں آپ کو ایک بار پھر منع کرتا ہوں۔“
”اور میں ایک بار پھر کہتا ہوں مجھے منع نہ کرو۔“ واصف ہنسا۔
”اچھا آپ کی مرضی۔ لیکن یاد رکھیئے، ساری ذمہ داری آپ پر ہو گی۔ آج تک نہ جانے کتنے آدمی وہاں سے بدحواس ہو کر نکلتے ہوئے دیکھے گئے ہیں۔ بہت سے مکان سے باہر نکلتے ہی بے ہوش ہو گئے اور کئی کئی دن ہوش میں نہیں آئے۔ چند ایک تو دماغی توازن ہی کھو بیٹھے اور کئی ماہ کے علاج کے بعد صحت یاب ہوئے۔“
”میں سب جانتا ہوں۔ تم بے فکر رہو۔ آج کے بعد کوئی اس مکان سے پاگل ہو کر نہیں نکلے گا۔ بس یوں سمجھو کہ اب بھوتوں کے دن گئے۔ میں ان سے باقاعدہ کُشتی لڑوں گا۔ دیکھوں گا کہ کتنے طاقت ور ہیں۔ اب انہیں یہاں سے بھاگتے ہی بنے گی اور تمہارا مکان ہمیشہ کے لئے بھوتوں سے پاک ہو جائے گا۔ پھر تم اسے تین ہزار تو کیا چھ ہزار روپے کرائے پر دے سکو گے۔ اس میں تمہارا ہی بھلا ہے۔“
”آمین!“
”مجھ سے زیادہ تم یہ دعا کر رہے ہو گے کہ مکان سے بھوتوں کا قبضہ ختم ہو جائے۔ تم فکر نہ کرو۔ میرے پاس بھی ایسے ایسے منتر ہیں کہ بھوت جل کر خاک ہو جائیں گے۔“
”خدا کرے ایسا ہی ہو۔“ یوسف خان نے فکرمندانہ لہجے میں کہا۔
”اچھا! خداحافظ۔ اور ہاں! کیا کسی ملازم کو وہاں صفائی کے لئے بھیج سکتے ہو؟“ واصف جاتے جاتے رک گیا۔
”کوئی ملازم وہاں جانے کے لئے تیار نہیں ہو گا۔“ یوسف خان نے افسوسناک لہجے میں کہا۔
”اچھا! خیر کوئی بات نہیں۔ میں خود ہی صفائی کر لوں گا۔“
”مجھے افسوس ہے آپ کو بہت تکلیف ہو گی۔“
”نہیں کوئی بات نہیں۔“
یہ کہتے ہوئے واصف اپنا سوٹ کیس اٹھا کر چابی انگلی پر گھماتے ہوئے باہر نکل گیا۔
٭….٭….٭
شام کی سیر نے انہیں اتنا تھکا دیا تھا کہ واپس آکر کھانا کھاتے ہی سو گئے اور پھر صبح ہی ان کی آنکھ کھلی۔
”ناشتا یہاں ہی منگوایا جائے یا ہال میں؟“ انسپکٹر جمشید نے بچوں سے پوچھا۔
”ہال میں ہی ٹھیک رہے گا۔“
”تو پھر چلو۔ نیچے چلنے کی تیاری کرو۔“
نہا دھو کر وہ نیچے ہال میں آبیٹھے۔ زیادہ تر میزیں پُر تھیں۔ لوگ ناشتے پر ٹوٹے پڑ رہے تھے۔ جلد ہی ناشتا چن دیا گیا۔
”جگہ تو واقعی بہت پیاری ہے۔ جیسا سنا تھا اس سے بڑھ کر پایا۔“
بیگم جمشید نے چائے کی پیالی اٹھاتے ہوئے ذرا بلند آواز میں کہا کیوں کہ ہال میں چمچوں اور پلیٹوں کی کھنکھناہٹ گونج رہی تھی۔
”امی جان! اب تو ہم ہر سال یہاں آیا کریں گے۔“ فرزانہ نے کہا۔
”بشرطیکہ تمہارے ابا جان کو یہ بات منظور ہو۔“
”کیوں ابا جان۔ آپ کا کیا خیال ہے؟“ فرزانہ نے پوچھا۔
”اگلا سال جب آئے گا اس وقت سوچوں گا ابھی کچھ کہہ نہیں سکتا ہوں۔ خدا جانے ان دنوں حالات کیا ہوں۔“ انسپکٹر جمشید نے جواب دیا۔
”حالات کیا ہوں گے۔ ہر سال حالات ایک جیسے ہی رہتے ہیں۔“ بیگم جمشید بولیں۔
”خیر چھوڑیے اس بات کو۔ اگلا سال جب آئے گا دیکھا جائے گا۔ فی الحال تو ناشتے کی طرف توجہ دیں۔“ فاروق نے کہا۔
”ہاں یہ ٹھیک ہے۔“ انسپکٹر جمشید نے کہا۔
”نا جانے بے چارے واصف کا کیا بنا ہو گا۔خدا جانے رات کہاں گزاری ہو گی۔“
”وہ بڑے مزے سے سویا ہو گا۔ تھوڑی دیر بعد یہاں مسکراتا ہوا آجائے گا۔ بے فکر رہو۔“
”انکل واصف شہر میں کہاں رہتے ہیں؟“ فاروق نے پوچھا۔
”مسلم آباد میں۔“
”ہم ان کے ہاں ضرور جائیں گے۔“ فرزانہ نے کہا۔
”ہاں ہاں! کیوں نہیں۔ وہ میرا بہت اچھا دوست ہے۔“
”اس میں کیا شک ہے۔“ بیگم جمشید نے کہا۔
”ابا جان! فاروق کو دیکھ رہے ہیں کس تیزی سے ہاتھ چلا رہا ہے۔“ محمود نے کہا۔
”بہت بھوک لگی ہے۔ کیا کروں؟“
”پھر بھی آہستہ آہستہ کھانا چاہیے۔“ انسپکٹر جمشید نے کہا۔
”جی بہتر!“ فاروق نے کہا اور بہت ہی آہستہ آہستہ منہ چلانے لگا۔ یہاں تک کہ ایک ہی لقمے کو چباتے ہوئے دو منٹ گزر گئے۔ چاروں کو اس کی حرکت پر ہنسی آگئی۔
”بیٹا! کچھ رفتار تیز کر لو ورنہ نقصان میں رہو گے۔“
بیگم جمشید نے ہنستے ہوئے کہا۔
”جی اچھا!“ فاروق نے کہا اور ایک بار پھر بڑھ بڑھ کر ہاتھ مارنے لگا۔
دفعتاً وہ چونک اٹھے۔ چار آدمی ایک بیڈ اپنے کندھے پر اٹھائے ہوٹل میں داخل ہو رہے تھے۔ چارپائی خالی نہیں تھی۔ اس پر کوئی لیٹا ہوا تھا۔ اسے سر سے پاﺅں تک چادر اوڑھا دی گئی تھی۔ ہوٹل میں موجود کچھ لوگوں نے لاپروائی سے کہا۔
”بھوتوں کا نیا شکار!“
انسپکٹر جمشید کے لئے سب سے حیرت ناک بات یہ تھی کہ ہوٹل کے ہال میں بیٹھے ہوئے لوگوں میں سے کسی نے اس طرف دھیان نہیں دیا تھا۔انہوں نے قریب کھڑے ویٹر کو بلا کر پوچھا:
”یہ سب کیا ہے؟“
”کوئی آدمی بھوتوں کا شکار ہو گیا ہے۔“
”جی ہاں۔“
”صاف صاف بتاﺅ۔ میں نہیں سمجھا۔“
”کیا آپ کل شام ہی آئے ہیں؟“ بیرے نے پوچھا۔
”ہاں۔“
”اسی لئے پوچھ رہے ہیں۔ بات دراصل یہ ہے کہ یہاں ایک خوب صورت مکان ہے۔“
”پھر وہی مکان!“ فرزانہ بڑبڑائی۔
”ہاں تو پھر؟ “ انسپکٹر جمشید نے پوچھا۔
”اس مکان پر بھوتوں کا قبضہ ہے۔“
”تمہارا مطلب ہے مکان آسیب زدہ ہے۔“
”جی ہاں۔“
”آگے بتاﺅ۔“
”اس مکان کو کوئی نہ کوئی شخص ضد کر کے کرائے پر حاصل کر لیتا ہے، جسے کوئی کمرہ یا مکان کرائے پر نہ ملے اور پھر اگلی صبح وہ مکان کے باہر بے ہوش پایا جاتا ہے۔“
”بے ہوش پایا جاتا ہے۔“ انسپکٹر جمشید نے حیران ہو کر کہا۔
”ہاں!“
”تو کیا یہ لوگ اس جگہ سے کسی بے ہوش آدمی کو اٹھا کر لائے ہیں؟“
”جی ہاں!“
”لیکن یہاں کیوں لائے ہیں ہسپتال میں کیوں نہیں لے گئے؟“
”یہاں کوئی ہسپتال نہیں ہے۔ ہوٹل کا ایک ڈاکٹر ہے۔ اس لئے بے ہوش ہونے والوں کو یہاں ہی لایا جاتا ہے۔“
”ہوں! دیکھنا چاہیے۔“
چارپائی کو کاﺅنٹر کے پاس ہی رکھ دیا گیا تھا۔ انسپکٹر جمشید اٹھے اور چارپائی کی طرف بڑھے۔ ان کے پیچھے محمود اور فاروق بھی تھے۔ بیگم جمشید اور فرزانہ میز پر ہی بیٹھی رہیں۔ انسپکٹر جمشید نے قریب جا کر بے ہوش آدمی کے چہرے سے چادر الٹ دی۔ دوسرے ہی لمحے وہ تینوں بری طرح اچھلے۔
بے ہوش آدمی واصف کے علاوہ کوئی نہ تھا۔
٭….٭….٭
”یہ سب کیا ہے؟“ انسپکٹر جمشید ہوٹل کے مالک یوسف خان کی طرف مڑے۔
”میں نے ایک آدمی بھیج دیا ہے۔ ڈاکٹر ابھی آتا ہی ہو گا۔“
”لیکن یہ سب ہے کیا؟ اسے کیا ہوا ہے؟“
”یہ ضد کر کے آسیب زدہ مکان میں چلے گئے تھے۔“
”کیا تم ہی اس مکان کے مالک ہو؟“
”ہاں۔“
”پھر تم اسے کرائے پر کیوں دیتے ہو۔“
”میں کہاں دیتا ہوں جناب۔ لوگ زبردستی اسے کرائے پر حاصل کر لیتے ہیں۔“
”ہوں! ڈاکٹر بھی ابھی تک نہیں آیا۔“
”بس آنے والا ہی ہے۔“
ہال میں باقی لوگ بے فکری سے اپنی اپنی میزوں پر بیٹھے کھانے پینے میں مصروف رہے، کسی نے اٹھ کر دیکھنے کی کوشش نہیں کی۔
”تم یوں کرو کہ اسے میرے کمرے میں پہنچا دو۔ ڈاکٹر وہیں آجائے گا۔“ آخر تنگ آکر انسپکٹر جمشید بولے۔
”جی اچھا۔“
ایک بار پھر چار آدمیوں نے مل کر واصف کو اٹھایا اور اسے اوپر کمرے میں لے آئے۔
انسپکٹر جمشید بھی بیوی بچوں سمیت کمرے میں آگئے۔
”یہ ہماری وجہ سے اس مصیبت میں گرفتار ہوا ہے۔“
”ہاں! اگر مجھے معلوم ہوتا کہ یہاں کوئی اس قسم کا مکان ہے اور واصف اسے کرائے پر لے گا تو کبھی اسے ایسا نہ کرنے دیتا۔“
اسی وقت دروازے پر دستک ہوئی۔ محمود نے اٹھ کر دروازہ کھولا۔ ڈاکٹر اندر داخل ہوا، وہ منہ ہی میں بڑبڑا رہا تھا۔
”بے وقوف کہیں کے۔ جب سب کو معلوم ہے کہ مکان آسیب زدہ ہے تو وہاں جا کر رہتے ہی کیوں ہیں۔ روز روز کی مصیبت سے میں تو تنگ آگیا ہوں۔“ پھر وہ واصف پر جھک گیا۔ اس کی آنکھوں کے پپوٹے اٹھا کر ان میں جھانکا پھر نبض دیکھی۔ اس کے بعد اس نے واصف کو ایک انجکشن دیا۔
”یہ پندرہ بیس منٹ تک ہوش میں آجائے گا۔“ اس نے لاپروائی سے کہا اور کمرے سے باہر جانے لگا۔
”شکریہ ڈاکٹر صاحب۔ آپ نے اپنا تعارف نہیں کروایا۔“ انسپکٹر جمشید نے کہا۔
ڈاکٹر چونک کر مڑا۔ اب پہلی بار اس نے ان سب کو ذرا توجہ سے دیکھا اور بولا:
”تعارف؟ تعارف کیا بس ہوٹل کا ڈاکٹر ہوں۔“
”آپ کا نام۔“
”مجھے ڈاکٹر ریاض کہتے ہیں۔ کیوں آپ نے میرا نام کیوں پوچھا؟“
”بس یونہی! آپ کا چہرہ کچھ جانا پہچانا سا لگ رہا ہے۔“
”کیا آپ شہر میں بھی پریکٹس کرتے رہتے ہیں؟“
”شہر میں۔ جی۔ جی نہیں تو۔ میں تو ایک مدت سے یہیں کام کرتا ہوں۔“
”اوہ! شاید مجھے ہی غلط فہمی ہوئی۔“ انسپکٹر جمشید بولے۔
”مجھے سرور بیگ کہتے ہیں۔“ انسپکٹر جمشید نے کہا اور محمود، فاروق اور فرزانہ انہیں حیرت سے دیکھنے لگے۔
”اچھا تو مسٹر سرور میں اب چلتا ہوں۔ کل پھر آکر مریض کو دیکھ جاﺅں گا۔ اگر اسے دو گھنٹے تک ہوش نہ آئے تو مجھے دوبارہ بلا لیجئے گا۔“
”شکریہ!“
”آپ نے اپنا نام غلط کیوں بتایا؟“ بیگم جمشید نے پوچھا۔
”بس یونہی! اصل نام بتانے کی ضرورت ہی کیا ہے۔ لوگ عجیب عجیب نظروںسے دیکھتے ہیں۔“
”تو کیا ہوٹل کے رجسٹر میں بھی آپ نے اپنا یہی نام لکھا ہے۔“
”ہاں!“
وہ دو گھنٹے تک بیٹھے باتیں کرتے رہے۔ ٹھیک دو گھنٹے بعد واصف نے آنکھیں کھول دیں۔ پہلے تو بے خیالی میں اِدھر اُدھر دیکھتا رہا پھر اس کی نظریں انسپکٹر جمشید کے چہرے پر ٹک گئیں۔
”ہیلو واصف! کیا حال ہے؟ اب تمہاری طبیعت کیسی ہے؟“
”کیوں؟ مجھے کیا ہوا ہے؟“
”کچھ نہیں! کچھ بھی تو نہیں۔“
”میں کہاں ہوں؟ ارے میں تو رات کو اس مکان میں سویا تھا۔ پھر یہاں کیسے پہنچ گیا؟ یہ سب کیا ہے؟“
”تم رات کو اس مکان میں سوئے تھے؟“ انسپکٹر جمشید نے پوچھا۔
”ہاں!“
”پھر رات کے وقت وہاں کیا واقعات پیش آئے۔“
”واقعات؟ اوہ!“ اچانک اس کی آنکھیں دہشت سے پھیل گئیں۔ پھر وہ تھر تھر کانپنے لگا۔
”واصف! تمہیں کیا ہوا ہے۔ ہوش میں آﺅ۔“
اس کی حالت چند منٹ بعد معمول پر آگئی۔ آخر وہ بولا:
”میں نے بہت بھیانک رات بسر کی۔ مگر میں یہاں کیسے پہنچ گیا۔ اوہ! سمجھ گیا۔ مجھے ضرور چار آدمی چارپائی پر ڈال کر لائے ہوں گے۔“
”ہاں! کیا تم اس خوفناک مکان سے ڈر کر بھاگ نکلے تھے؟“ انسپکٹر جمشید نے پوچھا۔
”بھاگ نکلا تھا؟ نہیں تو، میں تو شاید مکان کے اندر بے ہوش ہو گیا تھا۔“
”آخر تمہیں وہاں کیا نظر آیا؟“
”کیا نظر آیا؟“ واصف سوچنے لگا اور ایک بار پھر اس پر کپکپی طاری ہو گئی۔
”نن۔ نہیں! میں نہیں بتا سکتا۔ نہیں بتا سکتا۔“
”اچھا نہ بتاﺅ۔ آرام سے لیٹ جاﺅ۔ بلکہ سو جاﺅ۔ تم اتنا تو بتاﺅ کہ تمہارا سامان کہاں ہے؟“
”سامان۔ سامان تو وہیں تھا۔ اسی مکان میں۔“
”تمہارے پاس نقد رقم تو نہیں تھی۔“
”تھی۔ کیوں نہیں۔ میرے پاس پچیس ہزار روپے تھے۔“ واصف نے بتایا۔
”وہ کہاں ہیں؟“
”وہیں ہوں گے۔ اس مکان میں ہی۔“
”وہ تم نے کہاں رکھے تھے۔“
”اپنے سوٹ کیس میں۔“
”اور سوٹ کیس کہاں رکھا تھا؟“
”جس کمرے میں میں سویا تھا، اس میں ایک الماری تھی اسی میں سوٹ کیس رکھا تھا۔“
”اچھا! میں وہ سوٹ کیس جا کر لے آتا ہوں۔“
”نہیں نہیں! ہرگز نہیں۔“
”کیا مطلب؟“
”وہ۔ وہ۔ وہ تم وہاں نہ جاﺅ۔ ہرگز نہیں۔“
”کیوں؟ ارے بھئی سامان تو وہاں سے لانا ہی ہو گا۔“
”نہیں نہیں۔ وہاں نہ جانا۔ خدا کے لئے وہاں نہ جانا وہاں جانا خطرے سے خالی نہیں۔“
”آخر تم نے وہاں کیا دیکھا تھا؟“
”کچھ یاد نہیں آتا۔ میں بھول گیا ہوں۔ یاد کرنے کی کوشش کرتا ہوں تو ڈر لگنے لگتا ہے۔“
”اچھا۔ میں وہاں نہیں جاﺅں گا۔ تم بے فکر رہو۔ کیا اس مکان کی چابی تمہارے پاس ہے۔“
”پتا نہیں۔ میری جیب میں ہو گی۔“ یہ کہہ کر واصف نے اپنی پتلون کی جیبیں ٹٹولیں لیکن چابی نہ ملی۔
”نہیں! چابی میری جیبوں میں نہیں ہے۔“
”کیا تم نے جیب میں رکھی تھی؟“
”ہاں!“
”ٹھیک ہے۔ تم سو جاﺅ۔“
واصف نے آنکھیں بند کر لیں۔ وہ اسے حیرت سے دیکھ رہے تھے۔ تھوڑی دیر بعد انسپکٹر جمشید نے اسے آواز دی مگر اس کی طرف سے کوئی جواب نہ ملا۔
”میں ذرا جا کر اس کا سوٹ کیس لے آﺅں۔“ انسپکٹر جمشید بولے۔
”مجھے تو ڈر لگ رہا ہے۔ آپ کو وہاں نہیں جانا چاہیے۔“
”ڈرنے کی بھلا کیا ضرورت ہے۔ دن کے وقت کوئی خطرہ نہیں ہو سکتا۔“
”تو ابا جان ہمیں بھی ساتھ لے چلئے۔“ فرزانہ نے کہا۔
”ڈرو گی تو نہیں؟“
”بالکل نہیں۔“
”تو آﺅ۔“
”ذرا ٹھہریئے ابا جان۔ کیا آپ ہمیں ڈرپوک سمجھتے ہیں؟ ہم بھی آپ کے ساتھ چلیں گے۔“
”چلو بھئی چلو میں جانتا ہوں۔ تم تینوں قطعاً ڈرپوک نہیں ہو۔“
”میں واصف کے پاس ٹھہرتی ہوں۔“ بیگم جمشید بولیں۔
”ہاں ٹھیک ہے۔“
”چاروں سیڑھیاں اترتے ہوئے کاﺅنٹر پر آئے۔ یوسف خان نے انہیں اپنی عینک میں سے دیکھا۔
”مسٹر یوسف! مجھے اس مکان کی چابی چاہیے۔“
”چابی؟ اس آسیب زدہ مکان کی چابی؟“
”ہاں۔“
”کیوں؟ آپ کیا کریں گے اس کا؟“ یوسف خان نے حیران ہو کر پوچھا۔
”میرے دوست واصف کا سامان وہیں رہ گیا ہے۔“
”آپ وہاں نہ جائیں تو بہتر ہے۔“
”کیوں اس میں کیا حرج ہے؟“
”اس سے پہلے بھی جو لوگ وہاں سے ڈر کر بھاگے یا بے ہوش پائے گئے، اپنا سامان وہاں چھوڑ کر آچکے ہیں۔ ان میں سے چند ایک کے دوست اور رشتہ دار جب وہاں سامان لینے پہنچے تو سر پر پاﺅں رکھ کر خالی ہاتھ وہاں سے بھاگتے ہوئے آئے۔ آج تک بھوتوں کے کسی شکار کا سامان وہاں سے نہیں لایا گیا۔“
”حیرت ہے۔ پھر وہ سامان کہاں جاتا ہے؟“
”جاتا کہاں ہو گا۔ سب کا سامان وہیں پڑا ہو گا۔“
”کیا تم نے بھی کبھی وہاں جا کر دیکھا؟“ انسپکٹر جمشید نے پوچھا۔
”میں نے؟ میری تو وہاں جانے کے نام سے روح لرزتی ہے۔“
”آخر تم وہاں کسی کو ٹھہرنے ہی کیوں دیتے ہو؟“
”لوگ زبردستی کرتے ہیں۔“
”کیا پولیس کو ان حادثات کی اطلاع دی ہے؟“
”ہاں! شروع شروع میں دو تین مرتبہ پولیس والے بھی آئے تھے لیکن روز روز کون آئے۔ آخر انہوں نے آنا بند کر دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ لوگ وہاں ٹھہرتے ہی کیوں ہیں۔“
”آج کے حادثے کی اطلاع پولیس کو دی گئی؟“ انہوں نے پوچھا۔
”نہیں! اب میں نے اطلاع دینی چھوڑ دی ہے۔“
”کیوں؟“
”اطلاع دینے کا فائدہ ہی کیا ہوتا ہے۔ پولیس والے بھی تو اس مکان میں داخل ہونے سے گھبراتے ہیں۔“
”کیا آج تک کوئی پولیس والا مکان میں داخل ہوا ہے؟“
”جی ہاں! ایک اے ایس آئی یہاں نیا نیا آیا تو اسے ان حادثات کی اطلاع ملی۔ وہ بہت اکڑتا ہوا مکان میں داخل ہوا لیکن دیکھنے والوں نے اسے بدحواس ہو کر نکلتے دیکھا، پھر وہ باقر گنج ہی چھوڑ کر چلا گیا۔“
”ہوں! آج تک جتنے بھی حادثات ہوئے ہیں۔ یعنی بھوتوں کے کسی شکار نے بتایا بھی کہ اسے کیا واقعات پیش آئے۔ یا اس نے مکان میں کیا دیکھا۔“
”یہی تو سب سے بڑی حیرانی کی بات ہے۔ آج تک کوئی بھی نہیں بتا سکا کہ اندر اس کے ساتھ کیا ہوا یا اس نے کیا دیکھا۔“ یوسف خان نے بتایا۔
”حیرت ہے۔“
”کوئی ایسی ویسی حرکت۔ میں تو سوچ سوچ کر پاگل ہونے لگتا ہوں۔“
”کوئی شخص آج تک مرا تو نہیں؟“ انسپکٹر جمشید نے پوچھا۔
”جی نہیں۔ خدا کا شکر ہے کہ ایسی کوئی بات نہیں ہوئی۔“
”مہینے میں کتنے آدمی بھوتوں کا شکار ہو جاتے ہوں گے؟“
”جی! بات دراصل یہ ہے کہ باقر گنج میں سیروتفریح کے لئے مقامی اور غیرملکی لوگ سارا سال ہی آتے رہتے ہیں اور کوئی نہ کوئی اس مکان کو خالی پاکر پوچھتا پاچھتا میرے پاس آ جاتا ہے۔ لاکھ سمجھانے پر بھی جب وہ نہیں مانتا تو میں تنگ آکر اسے مکان کرائے پر دے دیتا ہوں۔“
”ہوں! اچھا خیر مہربانی فرما کر تم مجھے مکان کی چابی دے دو۔“
”میں پھر کہتا ہوں آپ کو وہاں نہیں جانا چاہیے۔“
”میرے دوست پر یہ مصیبت میری وجہ سے آئی ہے۔ اس لئے میں وہاں جا کر اس کا سامان ضرور لاﺅں گا۔“
”اچھا! جیسے آپ کی مرضی۔ لیکن ساری ذمہ داری آپ کی ہو گی۔ میں نے آپ کو خبردار کر دیا ہے۔“
”ہاں! ہاں! تم بے فکر رہو۔ میں تمہیں کوئی الزام نہیں دوں گا۔“
”تو یہ لیجئے چابی۔ خدا آپ کو ہر مصیبت سے بچائے۔“
”شکریہ! ایک بات رہ جاتی ہے۔ مکان ہے کس طرف؟“
”یہ سیدھی سڑک جا رہی ہے۔ آگے جا کر دائیں ہاتھ مڑیئے گا۔ آپ کو مکان دور سے نظر آجائے گا۔“
”اس مکان کو تالا کون لگاتا ہے جب کہ قیام کرنے والا وہاں سے بھاگ کھڑا ہوتا ہے یا مکان سے باہر بے ہوش ملتا ہے؟“ انسپکٹر جمشید نے سوال کیا۔
”یہی تو سب سے عجیب بات ہے۔“ یوسف نے کہا۔
”کیا مطلب؟“
”صبح سویرے تالا لگا ہوا ملتا ہے۔“
”تمہارا مطلب ہے بھوت مکان کو تالا لگا دیتے ہیں۔“
”اس کے علاوہ اور کیا کہا جا سکتا ہے۔“
”ہوں! ٹھیک ہے۔ آﺅ بچو۔“
”ارے! کیا آپ ان بچوں کو بھی ساتھ لے جا رہے ہیں؟“ یوسف نے حیرت سے آنکھیں پھاڑ کر پوچھا۔
”ہاں۔“
”کیا آپ ہوش میں ہیں؟“
”ہاں! میں ہوش میں ہوں۔“
”خدا کے لئے ان بچوں کو ساتھ نہ لے جائیں۔“
”خدا آپ کے حال پر رحم کرے۔“
وہ ہوٹل سے باہر نکل آئے۔ یوسف خان انہیں اس طرح آنکھیں پھاڑ پھاڑ کر دیکھ رہا تھا جیسے وہ کسی دوسری دنیا کی مخلوق ہوں۔
”بہتر یہی ہو گا کہ تم میرے ساتھ نہ جاﺅ۔“ انسپکٹر جمشید نے باہر آکر کہا۔ حالاں کہ وہ جانتے تھے بچے ہرگز اس پر آمادہ نہیں ہوں گے۔
”کیوں؟“ محمود نے پوچھا۔
”تم نے یوسف خان کی باتیں نہیں سنیں؟ ان حالات میں تمہارا وہاں جانا ٹھیک نہیں۔“
”کیا آپ سمجھتے ہیں کہ وہاں سچ مچ بھوت رہتے ہیں؟“
فرزانہ بولی۔
”نہیں! خیر میں یہ تو نہیں سمجھتا۔“
”تب پھر ہمیں وہاں لے جانے میں کیا حرج ہے؟“
”ہو سکتا ہے کہ وہاں کوئی اور خطرہ ہو۔“
”کچھ بھی ہو، ہم ساتھ جائیں گے۔“ فاروق نے اٹل لہجے میں کہا۔
”میں جانتا تھا تم نہیں مانو گے۔“ انسپکٹر جمشید مسکرائے۔
”تو پھر آپ کیوں کہہ رہے تھے؟“
”صرف تمہیں آزما رہا تھا کہ کہیں ہوٹل کے مالک کی باتیں سن کر ڈر تو نہیں گئے۔“
”ابھی تک تو نہیں ڈرے۔ آگے خدا بہتر جانتا ہے۔“
”لو بھئی! سڑک کا موڑ آگیا ہے۔ یہاں سے دائیں طرف مڑنا ہے۔“
وہ دائیں ہاتھ مڑ گئے۔ مڑتے ہی انہیں ایک شاندار مکان دکھائی دیا۔ اس وقت دن کے دس بج رہے تھے۔ ہر طرف دھوپ پھیل چکی تھی اور پہاڑیاں دھوپ میں سونے کی مانند چمک رہی تھیں۔ ہوا میں خنکی تھی۔
”یہی معلوم ہوتا ہے۔“ فرزانہ بولی۔
”ہاں! آس پاس کوئی اور مکان نہیں ہے۔“ فاروق بولا۔
”معلوم ہوتا ہے تمہیں ڈر لگ رہا ہے۔“ محمود نے مسکراتے ہوئے کہا۔
”رنگ تو اڑا ہوا ہے تمہارے چہرے کا۔“ فرزانہ بولی، اس کے ہونٹوں پر شدید مسکراہٹ تھی۔
”اور تمہاری ٹانگیں لرز رہی ہیں۔“ فاروق نے جل کر کہا۔
”کتنی سنسان جگہ ہے۔ دور دور تک کسی آدمی کا نام و نشان تک دکھائی نہیں دیتا۔“ انسپکٹر جمشید چاروں طرف دیکھتے ہوئے بولے۔
”وہ لوگ جو یہاں قیام کرنے کی ضد کر بیٹھتے ہیں، کتنے دلیر ہوتے ہوں گے پھر بھی انہیں یہاں سے بھاگنا ہی پڑتا ہے۔“
”آس پاس کوئی اور مکان بھی تو نہیں ہے۔“ فاروق نے کہا۔
”اور اردگرد کی پہاڑیاں بالکل جنوں اور دیوﺅں کی مانند ہیں۔ جیسے یہ اس مکان کی محافظ ہوں۔“
”ویسے مکان ہے بہت خوب صورت، مکان دکھائی ہی نہیں دیتا۔“ فرزانہ بولی۔
”پھر کیا خیال ہے کیا ہم ہوٹل سے اس مکان میں منتقل ہو جائیں۔“ محمود نے پوچھا۔
”مجھے تو کوئی اعتراض نہیں۔ البتہ فاروق شاید اس پر تیار نہیں ہو گا۔“ محمود نے پوچھا۔
”کیوں؟ میں کیوں تیار نہیں ہوں گا؟“
”ڈرپوک جو ٹھہرے۔“
”اچھا! یہ بات ہے۔ تو ہم آج ہی اس مکان میں منتقل ہو جائیں گے۔ ابا جان میں یہ طعنہ برداشت نہیں کر سکتا۔“
”تو تم جو طعنہ برداشت کر سکتے ہو وہ ہمیں بتا دو۔“ محمود انسپکٹر جمشید کے کچھ کہنے سے پہلے بولا۔
”ہم اس کے متعلق بعد میں فیصلہ کریں گے۔ سب سے پہلے تو ہمیں واصف کا سوٹ کیس یہاں سے نکال کر اس کے حوالے کرنا ہے۔“
”جی ہاں۔ ٹھیک ہے۔“ تینوں ایک ساتھ بولے۔
اب وہ مکان کے بالکل سامنے پہنچ گئے تھے۔ مکان کا رنگ خون کی مانند سرخ تھا۔ البتہ دروازوں اور کھڑکیوں کو نیلا رنگ کیا گیا تھا۔ سرخ اور نیلے رنگ کا ملاپ واقعی کچھ ڈراﺅنا سا منظر پیش کر رہا تھا۔ انسپکٹر جمشید نے دروازے کے پاس پہنچ کر جیب سے یوسف خان کی دی ہوئی چابی نکالی تو انہوں نے چابی تالے کے سوراخ میں داخل کی۔ دوسرے ہی لمحے تالا کھٹاک کی آواز کے ساتھ کھل گیا۔ انہوں نے دروازہ اندر کی طرف دھکیلا تو تیز چڑچڑاہٹ کی آواز کے ساتھ کھلتا چلا گیا۔ دروازے کی آواز نے تینوں کو سہما دیا۔
”اُف توبہ! کس قدر خوف ناک چڑچڑاہٹ تھی۔“ محمود بولا۔
”بس ابھی سے ڈر گئے۔“ فاروق نے کہا۔ غالباً وہ ہنس کر اپنا خوف دور کرنا چاہتا تھا۔
”ڈرکون کمبخت رہا ہے۔“ محمود نے اکڑ کر کہا۔
”میرا خیال ہے تم تینوں باہر ہی ٹھہرو میں اندر جا کر سوٹ کیس لے آتا ہوں۔“
”جی نہیں! ہم آپ کے ساتھ چلیں گے۔“
”دیکھو ضد نہ کرو۔“
”ہم آپ کو تنہا اندر نہیں جانے دیں گے۔“ محمود نے اٹل لہجے میں کہا۔
”اچھا آﺅ۔“ یہ کہہ کر انسپکٹر جمشید دروازے میں داخل ہو گئے۔ ان کے پیچھے تینوں بھی اندر داخل ہو گئے۔
اور عین اسی وقت دروازہ اسی قسم کی تیز چڑچڑاہٹ کے ساتھ یک دم بند ہو گیا۔ ساتھ ہی مکان کے اندر ایک طویل خوف ناک قہقہہ گونجا:
”ہاہاہا۔ہاہا۔ ہا۔“
قہقہے کی آواز اس قدر خوف ناک تھی کہ ان کے رونگٹے کھڑے ہو گئے۔ تینوں کی ٹانگیں کانپنے لگیں۔ یوں بھی دروازہ بند ہوتے ہی مکان میں گھپ اندھیرا چھا گیا تھا۔
”ابا جان! دروازہ خود بخود بند ہو گیا۔“ محمود چلایا۔
”پرواہ نہ کرو۔ بجلی کا سوئچ تلاش کرو۔ میں دائیں طرف دیکھتا ہوں۔ تم بائیں طرف دیکھو۔“
”قہقہہ ابھی تک جاری تھا۔ کسی طرح ختم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہا تھا۔“
”سن رہے ہو؟“ فاروق بولا۔
”کیا؟“ محمود کے منہ سے نکلا۔
”بھوت کا قہقہہ۔ اُف توبہ کس قدر لمبا ہے یہ قہقہہ۔ بھوت بھی اتنا ہی لمبا ہو گا جتنا قہقہہ۔“ فرزانہ کی کپکپاتی ہوئی آواز آئی۔
اچانک قہقہے کو جیسے بریک لگ گیا اورمکان میں مکمل سناٹا چھا گیا۔ یہ سناٹا بھی انہیں بے حد خوف ناک لگا۔
”اس خاموشی سے تو وہ قہقہہ ہی اچھا تھا۔“ محمود نے تلملا کر کہا۔
”تو تم خود کیوں نہیں شروع کر دیتے۔“ فاروق نے مشورہ دیا۔
”اسی وقت بجلی کا بلب روشن ہو گیا۔ وہ مکان کے برآمدے میں کھڑے تھے۔ محمود کو روشنی ہونے کے بعد سب سے پہلے دروازے کا خیال آیا۔ وہ دروازے کی طرف جھپٹا۔
دروازے کا ہینڈل پکڑ کر اپنی طرف کھینچا لیکن وہ ٹس سے مس نہ ہوا۔
”ابھی کھولنے کی ضرورت ہی کیا ہے۔ آﺅ اندر چلیں۔“
تینوں ایک لمحے کے لئے ہچکچائے۔ پھر ان کے پیچھے چل پڑے۔ جوں ہی انہوں نے قدم بڑھائے۔ کسی کے بھاری بھرکم قدموں کی زور دار آہٹ آنے لگی۔
”بھوت ہمارے ساتھ چل رہے ہیں۔“ فرزانہ نے گھٹی گھٹی آواز میں کہا۔
”نت۔ تو۔ تم تمہاری جان کیوں نکل رہی ہے۔“ محمود ہکلایا۔
”اور تم کیوں ہکلا رہے ہو؟“ فاروق بولا۔
”میں۔ مم۔ میں تو بھوتوں کا دل رکھنے کے لئے ہکلا رہا ہوں تاکہ انہیں مایوسی نہ ہو۔“ محمود بولا۔
”بہت خیال ہے تمہیں بھوتوںکا۔“ فاروق نے کہا۔
”ہمارے میزبان جو ٹھہرے۔“
”آہا! تو کیا ہم بھوتوں کے مہمان ہیں۔“ فرزانہ بولی۔
”ہاں! میں نے کسی سے سنا تھا کہ بھوت بہت مہمان نواز ہوتے ہیں۔ اپنے مہمانوں کی خوب آﺅ بھگت کرتے ہیں۔ ابا جان۔“ محمود نے انسپکٹر جمشید کو ایک کمرے میں داخل ہوتے دیکھ کر کہا۔ پھر وہ تینوں بھی تیزی سے اس کمرے میں داخل ہو گئے۔ اس کے ساتھ ہی بھوتوں کے قدموں کی آوازیں رک گئیں۔
”لو بھئی! آواز رک گئی۔ معلوم ہوتا ہے بھوت صاحبان بھی اس کمرے میں داخل ہو چکے ہیں۔“ محمود بولا۔
”خبردار ان کرسیوں پر نہ بیٹھنا۔“ فاروق نے بلند آواز میں کہا۔
”کیوں؟“ فرزانہ نے حیران ہو کر پوچھا۔
”ہو سکتا ہے، بھوت ان کرسیوں پر ہم سے پہلے ہی بیٹھ چکے ہوں۔“ فاروق کی بات پر تینوں کو بے تحاشہ ہنسی آگئی۔
”کمرے میں بستر لگا ہوا ہے۔ الماری بھی ہے۔ واصف ضرور یہیں سویا ہو گا۔“ انسپکٹر جمشید بولے۔
”تو الماری کھول کر دیکھئے نا۔ اس میں سوٹ کیس ہو گا۔“ فرزانہ نے کہا۔
انسپکٹر جمشید نے الماری کے پٹ کھول ڈالے۔ دوسرے ہی لمحے چاروں کے منہ سے بے ساختہ چیخیں نکل گئیں۔ الماری میں سے بیسیوں چمگاڈریں پھڑپھڑاتی ہوئی نکلی تھیں اور اب وہ کمرے میں چکر لگا رہی تھیں۔
الماری خالی تھی!
٭….٭….٭
تینوں بچے چمگاڈروں کو ڈری ڈری حالت میں دیکھ رہے تھے۔ چمگاڈروں کی آوازیں بھی لمحہ بہ لمحہ تیز ہوتی جا رہی تھیں۔
”مم۔ معلوم ہوتا ہے بھوتوں نے چمگاڈروں کا روپ بدل لیا ہے۔“ فاروق کپکپاتی آواز میں بولا۔
”تمہاری آواز کیوں رو رہی ہے؟“ محمود نے پوچھا۔
”میں چمگاڈروں کی آواز میں آواز ملا رہا ہوں۔“ فاروق نے جملہ چست کیا۔
”کیا دوسرے کمرے دیکھیں گے؟“
”ہاں! وہ تو دیکھنے ہی پڑیں گے۔“
چاروں اس کمرے سے نکل آئے اور دروازہ بند کر دیا اس کمرے کے ساتھ ہی ایک دوسرا کمرہ تھا۔ انسپکٹر جمشید نے اس کا دروازہ کھولا۔ دروازہ کھلتے ہی ایک بلی کی تیز اور دردناک چیخ فضا میں ابھری۔ ساتھ ہی ایک سیاہ اور موٹی تازی بلی انسپکٹر جمشید پر جھپٹی۔ انسپکٹر جمشید اس حملے کے لئے تیار نہیں تھے۔ پھر بھی انہوں نے خود کو بڑی پھرتی سے ایک طرف کر لیا۔ بلی اپنے زور میں دیوار سے ٹکرائی۔ وہ اٹھی اور پھر ان کی طرف آئی۔ اس مرتبہ انسپکٹر جمشید نے اسے پاﺅں کی ایک ٹھوکر رسید کی لیکن یہ دیکھ کر ان کی حیرانی کی انتہا نہ رہی کہ بلی ایک بار پھر اسی جوش و خروش کے ساتھ ان پر حملہ کر رہی ہے۔ آخر تنگ آکر انہوں نے جیب سے پستول نکالا اور اس پر فائر کر دیا۔ فائر کی آواز کے ساتھ ایک بار پھر وہی خوفناک طویل قہقہہ شروع ہو گیا۔ بلی کمرے کے درمیان پڑی تڑپ رہی تھی اور قہقہہ تینوں بچوں کے ہوش اڑائے دے رہا تھا۔
اس کمرے میں بھی انہیں سوٹ کیس نہ ملا۔ تیسرے کمرے کا دروازہ کھلتے ہی ایک خوف ناک دھمک کی آواز سنائی دینے لگی۔ جیسے دور بہت دور جنگلی قبائلیوں کا کوئی قبیلہ کسی شخص کی قربانی دینے سے پہلے بڑے بڑے ڈھول بجا رہا تھا۔ یہ دھمک کی آواز اس قدر پراسرار تھی کہ ان کے رونگٹے کھڑے ہو گئے۔
”بھوت۔ ڈھ۔ ڈھول بجا رہے ہیں۔“ فاروق کے منہ سے نکلا۔
”ہاں۔ شش۔ شاید کسی بھوت کی شادی ہو رہی ہے؟“
”ہم۔ ہم بھی دعوت کھا کر جائیں گے۔“ فرزانہ کی پرسکون آواز سنائی دی۔
”آﺅ! یہاں بھی کچھ نہیں ہے۔“ انسپکٹر جمشید بولے۔
”دھمک اس وقت تک جاری رہی جب تک کہ کمرے کا دروازہ بند نہیں کر دیا گیا۔ نچلی منزل پر صرف تین ہی کمرے تھے۔ انسپکٹر جمشید زینے پر چڑھے لیکن اس کے دروازے پر تالا لگا ہوا تھا۔
”اس کا مطلب یہ ہے کہ واصف انہی تین کمروں میں سے کسی میں سویا ہو گا۔ کیوں کہ نچلی منزل میں صرف یہی تین کمرے سونے کے ہیں۔ کیا خیال ہے ڈرائنگ روم بھی دیکھ لیا جائے؟“
”جی ہاں! ضرور۔ لیکن کیا واصف چچا ڈرائنگ روم میں سوئے ہوں گے؟“
”نہیں! پھر بھی دیکھ لینے میں کیا حرج ہے؟“
”جی! حرج تو کچھ نہیں۔ لیکن ہو سکتا ہے بھوت ڈرائنگ روم میں کوئی پرائیویٹ میٹنگ کر رہے ہوں۔“ فاروق بولا۔
”آﺅ بھئی! دیکھیں گے ان بھوتوں کو بھی پہلے سوٹ کیس تو دیکھ لیں۔“
”تو چلئے! بسم اللہ کیجئے۔“ محمود بولا۔
وہ ڈرائنگ روم کے دروازے پر پہنچے۔ دروازہ کھولا اور اندر داخل ہو گئے۔ اس مرتبہ تو کسی چمگاڈر نے انہیں پریشان کیا، نہ ہی سیاہ بلی نے حملہ کیا۔ کوئی خوف ناک دھمک بھی سنائی نہیں دی۔ ان سب باتوں کے باوجود وہ سب دھک سے رہ گئے۔ ان کے اٹھتے قدم لڑکھڑا گئے محمود فاروق اور فرزانہ کسی طرح بھی اپنے منہ سے نکلنے والی چیخوں کو نہ روک سکے۔ صحیح معنوں میں وہ اس مرتبہ خوفزدہ ہوئے تھے۔ ورنہ اس سے پہلے تو وہ مذاق ہی کرتے رہے تھے۔ کمرے کے بیچوں بیچ ایک انسانی ڈھانچہ رسی سے لٹکا ہوا تھا۔ رسی چھت سے لگے لوہے کے ایک کنڈے سے باندھی ہوئی تھی اور اس کا دوسرا سرا ڈھانچے کی گردن سے لپٹا ہوا تھا۔ ایسا معلوم ہوتا تھا جیسے اس شخص کو برسوں پہلے اس کمرے میں پھانسی دی گئی تھی۔
”اُف میرے خدا! یہ تو سچ مچ کسی آدمی کا ڈھانچہ ہے۔“
”بھوتوں کا شکار!“ فرزانہ کے منہ سے نکلا۔
”معلوم ہوتا ہے اسے برسوں پہلے پھانسی دی گئی تھی اور اس وقت سے یہ جوں کا توں لٹکا ہوا ہے۔“ محمود نے خیال ظاہر کیا۔
”ہاں! اور ان کئی برسوں میں اس کا گوشت گل سڑ گیا ہو گا۔ اب تو کمرے میں کسی قسم کی بو بھی نہیں ہے۔“
”تم تینوں واقعی بہت دلیر ہو جو اس ماحول میں کھڑے باتیں کر رہے ہو ورنہ کوئی عام آدمی تو شاید اپنے ہوش میں بھی نہیں رہ سکتا۔ آﺅ چلیں۔ یہاں کوئی سوٹ کیس نہیں ہے۔“
”لیکن ابھی آپ نے تلاش ہی کہاں کیا ہے؟“
”کیا تم چاہتے ہو میں کمرے کی الماریاں بھی دیکھ ڈالوں؟“
”جی ہاں!“ محمود بولا۔
”کمال ہے! تمہیں ڈرگ نہیں لگ رہا ہے۔“
”ڈر؟ آپ ساتھ ہیں نا۔ اس لئے ڈر نہیں لگ رہا ہے۔“
”اچھا تم تینوں یہیں ٹھہرو۔ میں الماریاں دیکھ لیتا ہوں۔“
”لیکن ابا جان….“ فاروق کچھ کہتا کہتا رک گیا۔
”کہو۔ کیا بات ہے؟“
”سوٹ کیس اس کمرے میں ہرگز نہیں ہو سکتا ہے۔“
”لو فرزانہ! اسے ڈر لگ رہا ہے۔“ محمود ہنسا۔
”نہیں! یہ بات نہیں۔ صاف ظاہر ہے کہ واصف چچا اس کمرے کے دروازے سے آگے بڑھنے کی جرا¿ت نہیں کر سکے ہوں گے۔ واصف چچا ہی کیا۔ کوئی بھی شخص اس کمرے میں داخل نہیں ہو سکا ہو گا۔“
”بہت خوب: میں یہی دیکھنا چاہتا تھا تاکہ تم میں سے یہ خیال پہلے کس کو آتا ہے۔ اسی لئے میں نے کہا یہاں سوٹ کیس نہیں ہو سکتا۔“
”تو پھر چلئے واپس چلیں۔“
جونہی وہ واپس مڑے ایک بار پھر وہی بھیانک قہقہہ کمرے میں گونجنے لگا۔ اس مرتبہ آواز بہت زیادہ تیز تھی۔ وہ چونک کر مڑے اور اس وقت چاروں نے صاف محسوس کیا۔
آواز اس ڈھانچے کے منہ سے آرہی تھی۔
٭….٭….٭
قہقہہ کسی طرح رکنے کا نام ہی نہیں لے رہا تھا۔ آخر انسپکٹر جمشید بولے۔
”آﺅ چلیں۔ سوٹ کیس یہاں بھی نہیں ہے۔“
چاروں دروازے کی طرف بڑھے۔ دروازہ بدستور بند تھا۔ انسپکٹر جمشید نے اسے کھولنے کے لئے ہینڈل پکڑ کر اپنی طرف کھینچا لیکن وہ اپنی جگہ سے نہ ہلا۔
”دروازہ شاید باہر سے بند ہو گیا ہے۔“ وہ بولے۔
”کسی بھوت نے بند کر دیا ہو گا۔“ فرزانہ بولی۔
”پھر اب کیا ہو گا کیا ہم یہیں قید ہو کر رہ جائیں گے؟“ محمود نے کہا۔
”تم تینوں باری باری دروازہ کھولنے کی کوشش کرو۔“ تینوں نے زور لگانا شروع کیا مگر ناکام رہے۔
”ابا جان! کیوں نہ کوئی کھڑکی آزمائی جائے۔“ فاروق نے کہا۔
”ہاں! ٹھیک ہے۔“
انہوں نے ایک بار پھر پہلے کمرے کا رخ کیا۔ یہاں اب کوئی چمگاڈر چکر نہیں لگا رہی تھی۔
”معلوم ہوتا ہے چمگاڈریں پھر الماری میں چلی گئی ہیں۔“ فاروق نے کہا۔
”یا پھر بھوتوں کی صورت اختیار کر لی ہو گی انہوں نے۔“ فرزانہ نے خیال ظاہر کیا۔
”کیوں نہ الماری کھول کر دیکھا جائے۔“ محمود نے تجویز پیش کی۔
یہ کہہ کر انسپکٹر جمشید نے کھڑکی کی چٹخنیاں گرا دیں لیکن یہ دیکھ کر ان کی مایوسی کی کوئی حد نہ رہی کہ اس میں لوہے کی سلاخیں لگی تھیں۔
تینوں کمرے کی کھڑکیاں سلاخوں والی تھیں۔ وہ تھک کر برآمدے میں آکھڑے ہو گئے۔ مکان میں ایک بار پھر مکمل طور پر سناٹا چھا گیا تھا۔ یہ سناٹا انہیں حد درجے ڈراﺅنا لگا۔ آخر محمود بولا:
”اب کیا کیا جائے۔ یہاں سے نکلنے کی کیا صورت ہو سکتی ہے؟“
”اب صرف ایک ہی صورت باقی ہے۔“ انسپکٹر جمشید نے کچھ سوچتے ہوئے کہا۔
”اور وہ کیا؟“
”دروازے کو توڑ دیا جائے۔“
”لیکن دروازہ کیسے ٹوٹے گا؟“ محمود نے پوچھا۔
”میں اسے توڑ دوں گا۔“ انسپکٹر جمشید بولے۔
”آپ توڑیں گے؟ لیکن کیسے؟“
”اپنا کندھا مار کر۔“
”یہ بہت مشکل کام ہو گا۔“
”اب اس کے سوا چارہ بھی کیا ہے؟“ وہ بولے۔
”آپ کے کندھے پر چوٹ لگے گی۔“
”تم فکر نہ کرو، مجھے اس کام کی کافی مشق ہے، اس سے پہلے بھی کئی دروازے توڑ چکا ہوں۔“
”لیکن یہ دروازہ بہت مضبوط ہے۔“
”پروا نہیں۔ آﺅ چلیں۔“
”کیوں نہ اس مکان میں کوئی کلہاڑی تلاش کی جائے۔“
”نہیں ملے گی۔ میں نے چاروں کمروں کو بغور دیکھا ہے اور اوپر والی منزل کے زینے پر تو تالا ہی لگا ہوا ہے۔“
یہ کہہ کر وہ دروازے کی طرف چل پڑے۔ تینوں ان کے پیچھے تھے۔ جونہی وہ دروازے کے سامنے پہنچے، حیرت سے ان کی آنکھیں پھٹی رہ گئیں۔
دروازے کے دونوں پٹ چوپٹ کھلے تھے۔
٭….٭….٭
پندرہ منٹ بعد وہ پھر ہوٹل کے کاﺅنٹر کے پاس کھڑے یوسف خان سے باتیں کر رہے تھے۔ وہ جس وقت وہاں پہنچے، یوسف خان نے انہیں ایسی نظروں سے دیکھا تھا جیسے وہ خود بھوت ہوں۔
”خدا کا شکر ہے کہ آپ خیریت سے واپس آگئے۔ کہیے کیسا رہا؟“
”ہمیں مکان میں کوئی سوٹ کیس نہیں ملا؟“
”کیا؟ وہاں کوئی بھی سوٹ کیس نہیں ملا۔ کسی اور کا بھی نہیں؟“
”نہیں!“
”حیرت ہے۔ آج تک نہ جانے کتنے مسافروں نے اس مکان میں قیام کیا ہے۔ سبھی کا سامان وہیں رہ جاتا ہے۔ اس لحاظ سے تو وہاں بے شمار سوٹ کیس اور دوسری چیزیں ہونی چاہئیں تھیں۔ پھر اس سے کیا مطلب نکالا جا سکتا ہے؟“ یوسف نے کہا۔
”اس سے صرف یہی مطلب نکالا جا سکتا ہے کہ وہ سوٹ کیس اور دوسرا سامان بھوت لے جاتے ہیں۔“ محمود بولا۔ اس کا یہ جملہ سن کر یوسف خان کپکپا اٹھا۔ اس کے چہرے پر زلزلہ سا طاری ہو گیا۔
”خدا کے لئے بھوتوں کا نام نہ لیں۔ میری جان نکلنے لگتی ہے۔“
”بہت ڈرپوک واقع ہوئے ہیں آپ۔“ فاروق نے کہا۔
”اب بھوتوں سے کون ٹکر لے۔ ان کے معاملے میں تو ڈرپوک ہونا ہی بہتر ہے۔“
”ان حالات میں میں سمجھتا ہوں کہ تھانے میں رپورٹ کر دینی چاہیے۔“ انسپکٹر جمشید نے کہا۔
”تھانے میں رپورٹ؟“ یوسف خان نے حیران ہو کر کہا۔ ”لیکن اس سے کیا ہو گا؟“
”ہو سکتا ہے کہ اس مکان میں سے کوئی چور سوٹ کیس وغیرہ اڑا لے جاتا ہو اور پھر میرے دوست کے سوٹ کیس میں پچیس ہزار روپے تھے۔ آخر بھوتوں کو روپوں کی کیا ضرورت؟ کیا آپ بتا سکتے ہیں؟“
”میری تو عقل حیران ہے صاحب۔ میں کیا کہہ سکتا ہوں۔ جو آپ کا جی چاہے کریں۔“
”تو ٹھیک ہے۔ میں ابھی تھانے جا کر رپورٹ درج کرائے دیتا ہوں۔“
”لیکن اس کا نتیجہ کوئی نہیں نکلے گا۔“ یوسف نے کہا۔
”کیوں؟“
”کوئی پولیس والا بھی اس مکان کا رخ نہیں کرے گا۔ اس بستی میں رہنے والوں میں سے تو کسی میں بھی جرا¿ت نہیں کہ اس مکان میں داخل ہو سکے۔“
”آخر ہم بھی تو ہیں۔ جو اس سارے مکان کو چھان آئے ہیں۔“
”مجھے حیرت ہے۔ آپ اور آپ کے بچے بڑے دل گردے والے ہیں۔ آپ کو وہاں کوئی حادثہ تو پیش نہیں آیا؟“
”نہیں!“
”آپ نے کوئی بھی عجیب بات نہیں دیکھی؟“ اس نے حیران ہو کر پوچھا۔
”نہیں! بالکل کچھ نہیں تھا وہاں۔“
”حیرت ہے۔ پھر لوگ کیوں وہاں سے بدحواس ہو کر بھاگ نکلتے ہیں۔“
”وہ بھوتوں پر یقین رکھتے ہوں گے۔ میرا خیال ہے کہ اس دنیا میں بھوتوں کا کوئی وجود نہیں ہے۔“
”میری زندگی میں آپ پہلے آدمی ہیں جو ایسی بات کہہ رہے ہیں، ورنہ باقر گنج کا تو بچہ بچہ بھوتوں پر یقین رکھتا ہے۔“
”میں باقر گنج کا باشندہ نہیں ہوں۔“
یہ کہہ کر انسپکٹر جمشید مڑے اور تینوں بچے سمیت آئے۔ یہاں واصف کی حالت پہلے سے بہتر تھی۔ وہ بیگم جمشید سے باتیں کر رہا تھا۔
”ہیلو۔ واصف! اب تم کیسے ہو؟“
”میں ٹھیک ہوں۔ کہو کیسا رہا؟“
”کیا مطلب؟“ انسپکٹر جمشید نے حیران ہو کر پوچھا۔
”میں جانتا ہوں، تم اس مکان سے ہو کر آرہے ہو۔“
”بیگم کیا تم نے اسے بتایا ہے؟“
”میں نے،نہیں تو۔“
”میں تمہاری ضدی طبیعت سے واقف ہوں یار! بتاﺅ کیا تیر مار کر آرہے ہو؟“
”کچھ نہیں۔ وہاں تمہارا سوٹ کیس نہیں ملا۔ یہ تم نے کس کمرے میں ڈیرہ ڈالا تھا؟“
”برآمدہ طے کرنے کے بعد دائیں ہاتھ جو کمرہ ہے، اس میں۔“
ٹھیک ہے! میرا بھی یہی خیال تھا۔ کیا تم نے اسی کمرے کی الماری میں سوٹ کیس رکھا تھا؟“
الماری میں؟ نہیں تو۔ میں نے تو اسے چارپائی کے نیچے رکھا تھا۔“
”کیا تم نے الماری کھولی تھی؟“
”الماری؟ نہیں نہیں! مجھ سے اس مکان کے بارے کچھ نہ پوچھو۔“ واصف ایک بار پھر لرزنے لگے۔
”اچھا چھوڑو۔ دیکھو میں تھانے میں رپورٹ درج کرانے جا رہا ہوں۔“
”کیا؟ تھانے میں رپورٹ درج کرانے جا رہے ہو۔ لیکن اس کی کیا ضرورت ہے؟“
”ضرورت ہے۔ یہ میں تم سے بہتر سمجھتا ہوں۔“
”تو کیا تم بھوتوں کے خلاف رپورٹ درج کراﺅ گے۔“ واصف نے حیران ہو کر پوچھا۔
”ہاں!“ انسپکٹر جمشید نے کہا اور اٹھ کھڑے ہوئے۔
٭….٭….٭
انسپکٹر جمشید باقر گنج کا تھانہ دیکھ کر مسکرائے۔ تھانہ کیا تھا، دو کمروں پر مشتمل ایک چھوٹی سی عمارت تھی جس کے سامنے چھوٹا سا باغیچہ تھا اور باغیچے کے بیچوں بیچ تھانے کے اندر آنے کے لئے راستہ بنا ہوا تھا۔ سامنے والے کمرے میں انہیں میز کرسی سنبھالے ایک صاحب نظر آئے جنہوں نے پولیس کی وردی پہن رکھی تھی۔ دروازے سے باہر ایک کانسٹیبل بھی کھڑا تھا۔ دوسرا کمرہ شاید کانسٹیبلوں کے لئے تھا کیوں کہ اس کمرے سے کئی آدمیوں کے بولنے کی آوازیں آرہی تھیں۔
وہ دروازے پر کھڑے کانسٹیبل کی طرف دیکھے بغیر اندر گھس گئے اور ایک کرسی پر بیٹھ گئے۔ ان کے سامنے بیٹھا ہوا شخص جو کسی گہری سوچ میں کھویا ہوا تھا، چونک اٹھا۔
”جی فرمائیے! کیا بات ہے؟“ اس کے لہجے میں سختی تھی۔
”ایک رپورٹ درج کرانی ہے۔“ انسپکٹر جمشید مسکرائے۔
”رپورٹ؟ کیسی رپورٹ؟“ وہ حیران ہو کر بولا۔
”آپ کی تعریف؟“ انسپکٹر جمشید نے اس کا نام پوچھا۔
”سب انسپکٹر شیر محمد!“ اس نے اکڑ کر کہا۔
”تو جناب انسپکٹر صاحب۔ مجھے چوری کی ایک رپورٹ درج کرانی ہے۔“
”جی فرمائیے! آپ کی کیا چیز چوری ہوئی ہے؟“
”میری نہیں بلکہ میرے ایک دوست کی۔“
”آپ کے دوست کی؟ تو وہ خود کیوں نہیں آئے؟ کہیں وہ خود بھی تو ساتھ چوری نہیں ہو گئے؟“ شیرخان نے مذاق اڑایا۔
”وہ! دراصل ان کی ذہنی حالت ٹھیک نہیں ہے۔“
”اچھا خیر! تفصیل سے لکھوائیں۔ اور یہ بھی لکھ دیں کہ شک کس پر ہے۔“
”جی بہتر! میرے دوست نے، جس کا نام واصف محمود ہے، کل شام آسیب زدہ مکان کرائے پر لیا تھا۔“
”کیا کہا؟ آسیب زدہ مکان کرائے پر لیا تھا۔“ شیر محمد لکھتے لکھتے رک گیا۔
”ہاں! لکھتے جائیے۔ وہ وہاں ایک سوٹ کیس لے کر رہنے کے لئے گیا تھا۔ اس کے سوٹ کیس میں پچیس ہزار روپے تھے۔ صبح اس کو بے ہوشی کی حالت میں اٹھا کر ہوٹل آبگینہ میں لایا گیا۔ میں اس کا سوٹ کیس لینے کے لئے مکان میں گیا۔“
”کیا کہا؟ آپ اس مکان میں سوٹ کیس لینے گئے تھے؟“ شیر خان ایک بار پھر لکھتے لکھتے رک گیا۔
”جی ہاں! لیکن مکان کے چاروں کمروں کی تلاشی لینے کے بعد بھی سوٹ کیس نہیں ملا۔“
”آپ نے نچلی منزل کے کمروں میں سوٹ کیس تلاش کیا تھا؟“ اس کی آنکھیں حیرت سے ابلی پڑ رہی تھیں۔
”جی ہاں!“
”آپ کا نام۔“
”جی! سرور بیگ۔“
”کہاں سے آئے ہیں؟“
”شہر سے۔ یہاں آبگینہ میں قیام ہے۔“
”بس یا کچھ اور لکھوانا ہے؟“
”جی بس! یہی کچھ ہے۔“
”ہوں! ان حالات میں اظہار ہے آپ کسی پر شک نہیں کر سکتے؟“
”کیوں؟ کیوں نہیں سکتا؟“
”کیا مطلب؟ کیا آپ کو کسی پر شک ہے؟“ شیرخان کا حیرت کے مارے برا حال تھا۔
”جی ہاں!“ انسپکٹر جمشید مسکرائے۔
”کس پر؟“
”آسیب زدہ مکان کے بھوتوں پر۔“
”کیا آپ مذاق کے موڈمیں ہیں؟“ شیرخان کو غصہ آگیا۔
”جی نہیں تو۔ بھلا اس کے علاوہ اور کیا نتیجہ نکالا جا سکتا ہے۔“
”تو کیا آپ چاہتے ہیں کہ میں بھوتوں کو یہاں پکڑ کر لاﺅں۔“
”یہ آپ کا کام ہے، آپ جانیں۔“
”آپ عجیب آدمی ہیں۔“
”ویسے میں یہ مشورہ ضرور دے سکتا ہوں کہ اس کی تحقیقات آبگینہ ہوٹل کے ان ملازموں سے شروع کی جائے جو میرے دوست کو چارپائی پر اٹھا کر لائے تھے۔“
”شکریہ! مجھے کسی کے مشورے کی ضرورت نہیں۔ مجھے کیا کرنا ہے اور کیا نہیں یہ میں اچھی طرح جانتا ہوں۔“
”اچھا تو پھر مجھے اجازت ہے؟“
”ہاں! آپ جا سکتے ہیں لیکن ابھی آپ آبگینہ ہوٹل چھوڑ کر نہیں جائیں گے۔“
”وہ کس لئے؟“ انسپکٹر جمشید نے حیران ہو کر پوچھا۔
”کیا آپ اپنے دوست کا سوٹ کیس نہیں چرا سکتے تھے۔“
”بہت خوب! تو یہ بات ہے۔ لیکن آپ اس وقت تک مجھ پر پابندی کیسے لگا سکتے ہیں جب تک کہ میرا دوست مجھ پر شک کا اظہار نہ کرے؟“
”میں آج ہی مسٹرواصف سے ملوں گا۔“
”میں اگر آبگینہ ہوٹل سے کہیں گیا تو آپ مجھے آسیب زدہ مکان میں مل سکتے ہیں کیوں کہ فی الحال میں وہیں قیام کرنے کے بارے میں سوچ رہا ہوں۔“
”جی!“ شیر محمد کی آنکھیں پھٹی کی پھٹی رہ گئیں۔
انسپکٹر جمشید مسکراتے ہوئے مڑے اور تھانے سے باہر نکل آئے۔ شیر محمد ابھی تک منہ پھاڑے انہیں دیکھ رہا تھا۔ وہاں سے نکل کر وہ تار گھر آئے اور انہوں نے کسی کو ایک لمبا چوڑا تار دیا۔
٭….٭….٭
انسپکٹر جمشید واپس پہنچے تو تینوں بچے، ان کی والدہ اور واصف اپنے کمرے میں ہنس ہنس کر باتیں کر رہے تھے۔
”تم لوگ بہت خوش نظر آرہے ہو۔ کیا سوٹ کیس مل گیا ہے؟“
”سوٹ کیس؟ بھلا وہ کیسے مل سکتا ہے۔ اسے تو بھوت لے جا چکے ہیں۔“ انہوں نے ہنس کر کہا۔
”میں نے رپورٹ درج کرا دی ہے۔“
”کیا فائدہ؟ میں جانتا ہوں کہ اب سوٹ کیس واپس نہیں ملے گا۔“ واصف نے کہا۔
”لیکن میں ابھی ایک فیصلہ کر چکا ہوں۔“ انسپکٹر جمشید کے تیز لہجے نے ان سب کو چونکا دیا۔
”کیسا فیصلہ؟“ بیگم جمشید نے کہا۔
”میں آج رات اس آسیب زدہ مکان میں گزاروں گا بلکہ ہو سکتا ہے کہ دو تین راتیں گزاروں۔“
”کیا؟ یہ کیا کہہ رہے ہو تم؟“ واصف حلق پھاڑ کر چلایا۔ اس کے چہرے پر خوف کی پرچھائیاں تھیں اور وہ انسپکٹر جمشید کو بری طرح گھور رہا تھا۔
”ہاں! میں بھوتوں سے تمہارا سوٹ کیس لے کر رہوں گا۔“
”یہ پاگل پن ہو گا۔“ واصف بولا۔
”جو بھی سمجھو۔ کیا تم نے یوسف خان کو ایک ماہ کا کرایہ ادا کر دیا تھا؟“
”ہاں! تین ہزار روپے۔“
”بس ٹھیک ہے۔ اب اسی کرائے میں وہاں میں رہوں گا۔“
”لیکن میں تمہیں ایسا نہیں کرنے دوں گا۔ تم نہیں جانتے۔ وہاں رات کے وقت کتنے خوف ناک واقعات پیش آتے ہیں۔“
”تو تم بتا دو۔“
”افسوس! میں جب بھی بتانے کا ارادہ کرتا ہوں مجھ پر کپکپی طاری ہو جاتی ہے۔ زبان لڑکھڑانے لگتی ہے اور محسوس ہونے لگتا ہے جیسے میں ابھی بے ہوش ہو جاﺅں گا۔“
”بس تو پھر۔ میں خود ہی جا کر معلوم کر لوں گا۔“
”ابا جان! کیا آپ وہاں تنہا رہیں گے؟“ محمود نے پوچھا۔
”ہاں بیٹا!“
”تو کیا آپ ہمیں یہیں چھوڑ جائیں گے؟“ فرزانہ بولی۔
”بالکل!“
”یہ کیسے ہو سکتا ہے ابا جان۔“ فاروق بولا۔
”کیوں؟ کیوں نہیں سکتا؟“
”ہم بھی آپ کے ساتھ جائیں گے۔“ فاروق نے فیصلہ کن انداز میں کہا۔
”نہیں! تم تینوں وہاں ڈرو گے۔“
”کیا ہم آپ کے ساتھ گئے نہیں تھے؟“
”دن کی بات اور ہے۔ رات کو وہاں زیادہ خوف ناک چیزیں نظر آئیں گی۔“
”آپ کے ہوتے ہوئے ہمیں بالکل ڈر نہیں لگتا۔“
”لیکن صبح تو تم تینوں کا ڈر کے مارے دم نکلا جا رہا تھا۔“ انسپکٹر جمشید مسکرائے۔
”وہ تو ہم بھوتوں کا دل رکھنے کے لئے ایکٹنگ کر رہے تھے۔“
”جی ہاں! کیا آپ کا خیال ہے ہم ڈر رہے تھے۔“
”نہیں! میں تمہیں اپنے ساتھ نہیں لے جاﺅں گا۔ تم واصف چچا کے ساتھ اس کمرے میں رہو گے۔“
”آپ کا وہاں تنہا جانا کسی طرح بھی مناسب نہیں۔“ اس مرتبہ بیگم جمشید بولیں۔
”تو کیا میں آپ کو ساتھ لے جاﺅں؟“ انسپکٹر جمشید نے مذاق اڑانے کے انداز میں کہا۔
”ہاں! ہم چاروں ہی آپ کے ساتھ چلیں گے۔“
”ویری گڈ! یہ ہوئی بات۔“ محمود خوشی سے چلایا۔
”امی جان زندہ باد۔“ فاروق نے نعرہ لگایا۔
”ہم سب….“ فرزانہ بولی۔
”ساتھ جائیں گے۔“ محمود اور فاروق نے جملہ پورا کیا۔
”اچھا بھئی! تم جیتے اور میں…. میں بھی جیتا۔ میں ابھی جا کر یوسف خان سے بات کرتا ہوں۔“
٭….٭….٭
”مسٹر یوسف! میں تمہارے ہوٹل سے جا رہا ہوں۔“ انسپکٹر جمشید نے کاﺅنٹر پر آکر کہا۔
”اس کمرے کی ہم سے زیادہ واصف کو ضرورت ہے۔ اس کی ذہنی حالت ٹھیک نہیں ہے۔“
”لیکن ڈاکٹر نے تو بتایا تھا کہ وہ اب ٹھیک ہے۔“
”ہاں! پہلے سے تو بہتر ہے لیکن ظاہر ہے کہ کہ اب وہ آپ کے آسیب زدہ مکان میں تو جائیں گے نہیں۔“
”ہاں! یہ بات تو ہے۔“
”اسی لئے ہم نے یہاں سے جانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔“
”مجھے بے حد افسوس ہے۔ مگر آپ جائیں گے کہاں؟“
”آسیب زدہ مکان میں۔“ انسپکٹر جمشید نے مسکراتے ہوئے پرسکون آواز میں کہا۔
”کیا؟“ ہوٹل کا مالک اس قدر زور سے چلایا کہ ہال میں بیٹھے ہوئے تمام لوگ چونک کر اسے دیکھنے لگے۔
”یہ آپ کیا کہہ رہے ہیں؟“
”میں بیوی بچوں سمیت وہاں جا رہا ہوں۔ آپ کو کوئی اعتراض تو نہیں؟“
”اعتراض؟ کوئی ایسا ویسا اعتراض؟ میں ہرگز آپ کو وہاں نہیں جانے دوں گا۔ غضب خدا کا۔ آپ وہاں بیوی بچوں سمیت جائیں گے۔ توبہ! ایسی بات کبھی سوچی نہ سنی۔ نہ جانے آپ کس مٹی کے بنے ہوئے ہیں۔“
”تم جانتے ہی ہو کہ میرے تینوں بچے صبح بھی میرے ساتھ وہاں گئے تھے۔“
”تو کیا بچے بھی آپ کے ساتھ اندر گئے تھے؟“ یوسف خان نے حیران ہو کر پوچھا۔
”ہاں!“
”خیر دن کی بات اور ہے لیکن آپ اور آپ کے بیوی بچے رات کو وہاں ایک پل نہیں ٹھہر سکتے۔“
”لیکن میں نے عہد کر لیا ہے کہ اپنے دوست کا سوٹ کیس واپس لے کر رہوں گا۔“
”آپ کے دماغ میں ضرور کوئی خلل ہے۔“
”جو جی میں آئے سمجھو۔ ہاں میں تو اسی وقت وہاں جا رہا ہوں۔ میرے دوست والا کرایہ ہی کافی ہو گا یا نئے سرے سے کرایہ ادا کرنا ہو گا؟“ انسپکٹر جمشید نے پوچھا۔
”آپ کو تین ہزار روپے دینے ہوں گے۔“ یوسف خان نے کہا۔
”اور جو میرے دوست نے کل تین ہزار روپے جمع کرائے تھے؟“
”تو آپ کے دوست کو کس نے منع کیا ہے۔ جاکر رہ لے ایک ماہ تک وہاں۔“
”بہت اچھا! یہ لو، رسید کاٹ دو۔“ انسپکٹر جمشید نے جیب سے بٹوہ نکالتے ہوئے کہا۔
”رسید! ہاں رسید لے لیں۔“
یوسف خان نے روپے گن کر رسید کاٹ دی۔ عین اسی وقت سب انسپکٹر شیر محمد اندر دخل ہوا۔
٭….٭….٭
”آئیے آئیے انسپکٹر صاحب! تشریف لائیے۔ بہت دنوں بعد تشریف آوری ہوئی ہے۔“
”ہاں۔ کہاں ہیں وہ مسٹر واصف۔ جنہوں نے کل آسیب زدہ مکان میں قیام کیا تھا اور جن کا سوٹ کیس وہاں رہ گیا تھا۔“ اس نے آتے ہی کہا۔
”وہ اوپر کمرے میں ہیں۔“
”میں پوچھتا ہوں آخر تم لوگ اس مکان کو کرائے پر دیتے ہی کیوں ہو۔ تمہیں کتنی مرتبہ منع کیا ہے۔“
”لوگ زبردستی کرتے ہیں۔“
”آج کے بعد کسی کو وہ مکان کرائے پر نہ دینا۔“
”میں کیا کروں، لوگ مانتے ہی نہیں۔ وہ ہر بات کی ذمے داری اپنے اوپر لیتے ہیں۔“
”اور اب مجھے جو آنا پڑا ہے۔“
”یہ مسٹر واصف کی وجہ سے تو نہیں آنا پڑا۔ ان کے دوست سرور بیگ کی وجہ سے آپ کو تکلیف ہوئی۔“ یوسف خان نے انسپکٹر جمشید کی طرف اشارہ کیا۔
”انہیں بھی دیکھ لوں گا۔ ذرا پہلے ان سے مل لوں اور ہاں! میں نے کہہ دیا نا آئندہ وہ مکان کسی کو کرائے پر نہ دینا۔“
”مسٹر سرور بیگ چند منٹ پہلے اسے کرائے پر لے چکے ہیں۔“
”کیا؟“ شیر محمد حلق پھاڑ کر چلایا۔
”جی ہاں!“
”مسٹر سرور بیگ! آپ کا دماغ درست ہے!“
”جی ہاں! بالکل درست ہے۔ دراصل مجھے اپنے دوست کا سوٹ کیس بھوتوں سے حاصل کرنا ہے۔“
”کر چکے حاصل…. اپنا بھی سامان گنواﺅ گے اور خود کو بھی مصیبت میں ڈالو گے۔“
”کیا؟“ ایک بار پھر وہ پوری قوت سے چلایا۔
”جی ہاں۔ یہ بھی ٹھیک ہے۔“
”تب آپ کا دماغ واقعی خراب ہو گیا ہے۔“
”شکریہ!“
”یوسف خان۔ اپنے ان چاروں ملازموں کو بلاﺅ جو مسٹر واصف کو کل لائے تھے۔“
”جی اچھا!“
”چند منٹ بعد چاروں ملازم وہاں کھڑے تھے۔“
”تم مسٹر واصف کو کہاں سے اٹھا کر لائے تھے؟“ شیرخان نے پوچھا۔
”مکان کے باہر سے۔“ ان میں سے ایک بولا۔
”تمہیں کیسے معلوم ہوا تھا کہ وہ مکان کے باہر پڑا ہے۔“
اچانک انسپکٹر جمشید نے سوال کیا اور شیرخان انہیں گھورنے لگا۔
”ہمیں خان صاحب نے بھیجا تھا۔“ ایک ملازم نے یوسف خان کی طرف اشارہ کرتے ہوئے بتایا۔
”اور آپ کو کیسے معلوم ہوا تھا۔“ انسپکٹر جمشید نے پوچھا۔
”مجھے۔ مجھے تو معلوم ہوتا ہی ہے جب بھی کوئی کرایہ دار وہاں قیام کرتا ہے، اگلی صبح اسے وہاں سے اٹھوا کر لانا ہی پڑتا ہے۔“
”ہوں۔ تم لوگ مکان کے اندر بھی داخل ہوئے تھے۔“ انسپکٹر جمشید نے پوچھا۔
”جی۔ مکان کے اندر۔“ اس سوال سے ہی وہ سہم گئے۔
”ایک بات بتائیں گے مسٹر سرور بیگ۔“ شیرخان نے غصے سے کہا۔
”جی فرمائیے۔“ انسپکٹر جمشید مسکرائے۔
”انسپکٹر میں ہوں یاآپ؟“
”جی۔ آپ ہیں۔“
”اور سوال ان لوگوں سے آپ کر رہے ہیں۔“
”اگر آپ کو بُرا لگا ہے تو میں معافی چاہتا ہوں۔“ انسپکٹر جمشید بولے۔
”تم جا سکتے ہو۔“ شیرخان نے گردن اکڑ کر کہا۔ چاروں ملازم چلے گئے۔
اس کے بعد شیرخان انسپکٹر جمشید کے ساتھ واصف کے پاس آیا اور پوچھا:
”کیوں مسٹر واصف۔ کیا آپ سوٹ کیس تلاش کروانا چاہتے ہیں؟“
”جی۔ جی۔ جی ہاں!“ واصف نے انسپکٹر جمشید کی طرف دیکھ کر کہا۔
”تو پھر بتائیے۔ آپ کو کس پر شک ہے؟“
”شک؟ جی شک تو کسی پر بھی نہیں۔“
”آپ کو مسٹر سروربیگ پر تو شک نہیں۔“
”جی سرور بیگ پر؟ آپ کا دماغ تو ٹھیک ہے۔ یہ میرے بچپن کے دوست ہیں۔“
انسپکٹر جمشید نے بروقت اشارہ کر دیا تھا کہ یہ میرا فرضی نام ہے۔
”ہوں! دیکھئے مسٹر واصف۔ جب تک آپ کسی پر شک کا اظہار نہیں کریں گے، سوٹ کیس کو تلاش کرنا مشکل ہی ہے۔ پھر بھی ہم کوشش کریں گے۔“
یہ کہہ کر وہ کمرے سے نکل گیا۔
”اب چلنے کی تیاری کرو۔ میں شام سے پہلے ہی وہاں پہنچ جانا چاہتا ہوں۔“ انسپکٹر جمشید بولے۔
”کیا یوسف خان مان گیا؟“ واصف نے پوچھا۔
”ہاں مان گیا ہے، لیکن تین ہزار روپے کرایہ لے کر۔“
”کیا مطلب۔ کیا میرا کرایہ ختم ہو گیا ہے؟“ واصف نے حیران ہو کر پوچھا۔
”اس کا کہنا ہے، تم بڑے شوق سے مکان میں رہ سکتے ہو۔ اسے کوئی اعتراض نہیں۔ کیا تم مکان میں چل کر رہ سکتے ہو؟“
”ہرگز نہیں۔ قیامت تک نہیں۔“
”بس تو پھر تمہارا کرایہ ختم ہو گیا اورآج سے ہمارا کرایہ شروع ہو رہا ہے۔“ انسپکٹر جمشید نے مسکرا کر کہا۔
”کمال ہے۔“ واصف نے حیران ہو کر کہا۔
”اچھا اب اٹھ چلو۔“
انہوں نے اپنے کپڑے وغیرہ سوٹ کیس میں رکھے اور نیچے اتر کر آئے۔ یوسف خان انہیں آنکھیں پھاڑ پھاڑ کر دیکھ رہا تھا۔ یہ پہلا موقع تھا کہ کوئی شخص بیوی بچوں سمیت اس مکان میں رہنے کے لئے جا رہا تھا۔ ہال میں بیٹھے ہوئے لوگوں کو بھی یہ بات معلوم ہو چکی تھی۔ وہ بھی انہیں پھٹی پھٹی آنکھوں سے دیکھ رہے تھے۔ آخر یوسف خان سے نہ رہا گیا۔
”مسٹر سرور بیگ! میں ایک بار پھر آپ کو سمجھاتا ہوں اپنے ارادے سے باز آجائیں۔ اپنے اوپر نہیں تو ان معصوم بچوں پر رحم کریں۔“
”میں نے انہیں منع کیا تھا لیکن یہ بھی میرے ساتھ جانے پر بضد ہیں۔“
”خدا آپ پر رحم کرے۔“
”امید ہے کہ صبح آپ چارآدمیوں اور ایک چارپائی کے بجائے بیس آدمی اور پانچ چارپائیاں روانہ کریں گے۔“ انسپکٹر جمشید مسکرائے۔ اس پر وہ سب بے تحاشا ہنسے۔
”اُف خدا! میں نے آپ سے زیادہ عجیب آدمی آج تک نہیں دیکھا۔“
وہ سب کو حیران و پریشان چھوڑ کر ہوٹل سے نکل آئے۔
٭….٭….٭
ایک بار پھر وہ آسیب زدہ مکان کے سامنے پہنچ گئے۔ انسپکٹر جمشید نے جیب سے چابی نکالی، تالا کھولا اور دروازے کے پٹ کھول دیئے۔
”بیگم! میں تمہاری طرف سے فکرمند ہوں۔“ وہ بولے۔
”کیوں۔ کیا آپ سمجھتے ہیں کہ مجھے اندر ڈر لگے گا؟“
”ہاں!“
”آپ کے ہوتے ہوئے ڈرنے کی کیا ضرورت ہے۔ آپ چلئے اندر۔ لیکن میں حیران ہوں۔ کیا آپ صرف واصف کے سوٹ کیس کے لئے یہاں آئے ہیں؟“ بیگم جمشید نے پوچھا۔
”ایک مقصد یہ بھی ہے۔“ انہوں نے جواب دیا۔
”اس کا مطلب یہ ہے کہ کوئی اور مقصد بھی ہے۔“ فرزانہ بولی۔
”ہاں! میں دیکھنا چاہتا ہوں اس مکان میں ہو کیا رہا ہے۔“
”کیا آپ سمجھتے ہیں کہ بھوتوں والی بات غلط ہے؟“
”خدا جانے کیا معاملہ ہے۔ یہی تو بات دیکھنے آیا ہوں کہ آخر یہ بھوت چاہتے کیا ہیں؟“
”خدا کی پناہ! تو کیا آپ بھوتوں سے یہ بات معلوم کریں گے؟“
”شاید! ان سے براہِ راست بات ہی ہو جائے۔“
”اب اندر بھی چلیں گے یا دروازے پر ہی کھڑے رہیں گے؟“
”میں اندر جانے سے پہلے یہ کہنا چاہتا ہوں کہ اپنے ہوش و حواس قائم رکھنا۔“
”آپ بے فکر رہیں۔ جو ہو گا دیکھا جائے گا۔“
وہ اندر داخل ہوئے۔ اس مرتبہ مکان کا بیرونی دروازہ ان کے اندر جانے کے بعد خودبخود بند نہیں ہوا۔ نہ ہی کوئی طویل قہقہہ سنائی دیا۔
”معلوم ہوتا ہے بھوت اس وقت سو رہے ہیں۔“ فاروق نے کہا۔
”یا پھر گھومنے پھرنے چلے گئے ہوں گے۔“ محمود نے خیال ظاہر کیا۔
”دونوں باتیں غلط ہیں۔ دراصل بھوت یہیں موجود ہیں لیکن وہ سوچ بھی نہیں سکتے کہ ہم اتنی جلدی دوبارہ بھی آسکتے ہیں، کیوں کہ آج تک یہاں کوئی واپس آیا ہی نہیں ہو گا۔“
”یہاں تو کچھ بھی نہیں ہے۔ پھر یہ لوگ اس قدر کیوں خوف زدہ ہیں۔ صبح جب آپ آئے تھے تو کیا کچھ خوف ناک چیزیں دکھائی دی تھیں۔“
”ہاں کچھ ہوا تو تھا۔ لیکن اس وقت وہ شاید تم سے شرما رہے ہیں۔“ انسپکٹر جمشید کو بھی مذاق کی سوجھی۔
”لیجئے! اب مجھے بھی گھسیٹنے لگے۔ میرے کیا رشتے دار ہیں بھوت۔“
وہ پہلے کمرے میں پہنچ گئے۔ یہ وہی کمرہ تھا جس کی الماری میں سے چمگاڈریں نکلی تھیں۔ اس میں دو پلنگ موجود تھے۔
”ہمیں دوسرے کمرے میں سے دوچارپائیاں اس کمرے میں لے آنی چاہئیں۔ کیوں کہ ہم رات کو ایک ہی کمرے میں سوئیں گے۔“ انسپکٹر جمشید نے کہا۔
”بشرطیکہ بھوتوں نے سونے دیا۔“ فرزانہ بولی۔
”چلو محمود فاروق۔ دوچارپائیاں لے آئیں۔“
”ابا جان! صرف ایک چارپائی سے کام چل جائے گا۔“ محمود نے کہا۔
”وہ کیسے؟“
”ایک پر آپ ایک پر، امی اور فرزانہ اور تیسری پر ہم دونوں۔ اس طرح ہمیں ڈر کا احساس بھی نہیں ہو گا۔“ محمود نے بتایا۔
”چلو یونہی سہی۔ تو آﺅ میرے ساتھ۔ یا پھر تم یہیں ٹھہرو۔ میں خود ہی اٹھا لاتا ہوں۔“
”جی نہیں! ہم اٹھالائیں گے۔ آپ ہمارے ساتھ چلیں۔“
دوسرے کمرے میں پہنچ کر انسپکٹر جمشید نے دھیمی آواز میں کہا:
”دن میں یہاں ہم نے جو کچھ سنا اور دیکھا تھا۔ اس کا ذکر اپنی امی سے نہ کرنا۔ خاص طور پر اس ڈھانچے کا ذکر نہ آنے پائے۔“
”جی بہتر!“
وہ چارپائی اٹھا کر لے آئے۔
”اب ہم کیا کریں۔ ظاہر ہے کہ بیکار تو بیٹھا نہیں جائے گا۔“ بیگم جمشید نے کہا۔
”کیوں نہ اس مکان کو ایک نظر دیکھ لیا جائے۔“
”بات تو ٹھیک ہے۔ آپ تینوں تو صبح دیکھ چکے ہیں۔“
”اب ہم بھی دیکھ لیں۔“
”ہاں۔ ہاں ضرور!“
وہ سب اٹھ کھڑے ہوئے۔ انسپکٹر جمشید انہیں دوسرے کمرے میں لائے۔ اس کمرے میں ان کی ملاقات سیاہ بلی سے ہوئی تھی۔ اس کی لاش ابھی تک جوں کی توں پڑی تھی۔
”اوہ! اسے تو ہم بھول ہی گئے۔ اسے اٹھا کر باہر پھینک دینا چاہیے۔“ انسپکٹر جمشید اسے دیکھ کر چونکے۔
”یہ کیسے مری؟“ بیگم جمشید نے پوچھا۔
”یہ مری نہیں۔ ماری گئی۔“ محمود نے بتایا۔ پھر بلی کے متعلق تفصیل سے بتانے لگا۔ اس دوران انسپکٹر جمشید نے بلی کو دم سے پکڑ کر کھڑکی کی سلاخوں میں سے باہر پھینک دیا۔ پھر وہ اس کمرے سے نکل کر تیسرے کمرے میں آئے۔ یہاں بھی اس وقت کوئی عجیب بات محسوس نہیں ہوئی۔ اس کے بعد وہ ڈرائنگ روم کی طرف بڑھے ہی تھے کہ انسپکٹر جمشید بول اٹھے:
”اس کمرے کا دروازہ نہیں کھلتا۔ ہم صبح کوشش کر چکے ہیں۔“
”تو اوپر چلئے۔“
”اوپر کی منزل بھی مقفل ہے۔ زینے پر تالا لگا ہے۔“
”اس کا مطلب ہے ہمیں صرف ان تین کمروں میں ہی رہنا ہو گا۔“ بیگم جمشید بولیں۔
”ہمیں کون سا یہاں مستقل طور پر رہنا ہے۔“ انسپکٹر جمشید بولے۔
”کیوں؟ کیا چھٹیاں یہاں نہیں گزاریں گے؟“
”ہو سکتا ہے یہیں گزاریں۔ یہ سب حالات پر منحصر ہے۔“
”ہوں! یہ بھی ٹھیک ہے۔ لیکن اس مکان میں تو کوئی بھی عجیب بات نظر نہیں آئی۔ پھر آخر لوگ کیوں اس سے ڈرتے ہیں۔“
”تمہیں اس بات کا جواب رات کو مل جائے گا۔“ انسپکٹر جمشید نے کہا۔
”کیوں؟ رات کو کیا ہو گا؟“
”بھوتوں کا کھیل دراصل رات ہی کو شروع ہوتا ہے۔“
”اوہ!“ بیگم جمشید کے منہ سے نکلا۔
”گھبرانے کی ضرورت نہیں۔“
”نہیں! میں گھبرا نہیں رہی ہوں۔“
”ابا جان ذرا اس الماری کو تو کھول کر دیکھیں۔“ محمود نے کہا۔
”نہیں! ہمیں ضرورت ہی کیا ہے اسے کھولنے کی۔“
”کیوں؟ اس الماری میں کیا بات ہے۔“ بیگم جمشید نے پوچھا۔
”کچھ نہیں! صبح ہم نے اسے کھولا تھا تو اس میں سے چمگاڈریں نکل پڑی تھیں۔“ انسپکٹر جمشید نے کہا۔
”اوہ! تب تو اسے نہ ہی کھولیں۔ ورنہ اس کمرے میں نہیں ٹھہرا جائے گا۔“
”ہاں! بالکل۔“
یہ مکان ہوٹل آبگینہ اور دوسری آبادی سے ایک میل کے فاصلے پر بالکل الگ تھلگ بنا ہوا تھا۔ گویا اس وقت وہ اس مکان میں بالکل تنہا تھے۔ آس پاس کوئی اور انسان موجود نہیں تھا۔ کوئی اور ہوتا تو شاید بیوی بچوں سمیت آنے کی جرا¿ت نہ کرتا۔ لیکن یہ انسپکٹر جمشید تھے۔ اپنے وقت کے دلیر ترین آدمی۔ صبح کے وقت اگرچہ بہت خوف ناک واقعات دیکھنے میں آئے تھے پھر بھی وہ اس وقت یہاں بیوی بچوں سمیت موجود تھے اور اس وقت شام کے سائے لمبے ہوتے جا رہے تھے۔ یہاں تک کہ سورج غروب ہو گیا اور تاریکی گہری ہونے لگی۔
”تمام بلب روشن کر دو۔ اس مکان میں جتنے بھی بلب نظر آئیں سب کو روشن کر دو۔“ انسپکٹر جمشید نے محمود اور فاروق سے کہا اور ان کے ساتھ خود بھی اٹھ کھڑے ہوئے۔ فرزانہ نے اس وقت بچوں کا ایک ناول شروع کر دیا تھا اور بیگم جمشید ایک موٹا سا ناول پڑھنے لگی تھیں۔
”تینوں کمرے کا بلب جلا کر باہر نکل گئے۔ سب سے پہلے انہوں نے برآمدے کا بلب روشن کیا۔ پھر باقی مانندہ دونوں کمروں کے بلب بھی روشن کر دیے۔
”ابا جان! ڈرائنگ روم کا بلب بھی روشن کریں؟“ محمود نے پوچھا۔
”ہاں! وہ تو کرنا ہی پڑے گا۔“
”اگر امی نے پوچھ لیا کہ اس کمرے کا دروازہ کیسے کھل گیا تو؟“
”بھئی! کہہ دوں گا کہ بھوتوں نے کھولا ہو گا۔ اول تو ہم انہیں اس کمرے سے ہی نکلنے نہیں دیں گے۔“
”ہوں! یہ بھی ٹھیک رہے گا۔“
انسپکٹر جمشید نے ڈرائنگ روم کا دروازہ کھول دیا۔ ڈھانچہ اسی طرح لٹک رہا تھا اور اندھیرے میں بھی چمک رہا تھا۔ انہوں نے کمرے کا بلب روشن کر دیا۔
جونہی وہ کمرے سے باہر نکل کر برآمدے کی طرف آئے بیرونی دروازہ خودبخود زوردار آواز کے ساتھ بند ہو گیا۔
٭….٭….٭
”لو بھئی! بھوتوں کا پروگرام شرو ع ہو گیا۔“ انسپکٹر جمشید نے دروازے کو گھورتے ہوئے کہا۔
”چلئے! کمرے میں چلیں۔“ محمود بولا۔
”ہاں چلو۔“
وہ اپنے کمرے میں آئے اور اس کا دروازہ اندر سے بند کر لیا۔ اس کے بعد انہوں نے ڈبوں میں بند کچھ خشک چیزیں کھائیں اور پڑھنے کے لئے ناول رسالے نکالے اور چارپائیوں پر لیٹ کر پڑھنے لگے۔ پڑھتے پڑھتے ان سب کو نہ جانے کس وقت نیند آگئی۔ وہ تو اس وقت جاگے جب وہ خوفناک اور طویل قہقہہ کمرے میں گونجنا شروع ہوا۔ وہ بڑبڑا کر اٹھے اور یہ دیکھ کر چونک اٹھے کہ انسپکٹر جمشید اپنے بستر میں نہیں تھے اور کمرے کی چٹخنی گری ہوئی تھی۔
”ارے! یہ ابا جان کہاں چلے گئے۔“ فرزانہ نے بدحواس ہو کر کہا۔
”خداجانے۔“ بیگم جمشید بولیں۔
”آﺅ! باہر دیکھتے ہیں۔“
چاروں کمرے سے باہر نکل آئے۔ قہقہہ ابھی تک جاری تھا اور اس کی گونج دیواروں سے ٹکرا کر بھیانک سماں پیدا کر رہی تھی۔
”تت۔ توبہ ہے! یہ قہقہہ تو کسی طرح رکنے کا نام ہی نہیں لے رہا۔“ بیگم جمشید کپکپا اٹھیں۔
”بھوت کا قہقہہ ہے، اس کی جسامت کے لحاظ سے ہی طویل ہو گا۔“ فرزانہ بولی۔
”چلو! اس دوسرے کمرے میں دیکھتے ہیں۔“ جونہی وہ دوسرے کمرے کے سامنے پہنچے، قہقہہ رک گیا۔
وہ دوسرے کمرے کا دروازہ کھولتے ہوئے اندر داخل ہوئے۔ عین اسی وقت ایک سیاہ بلی نے محمود پر چھلانگ لگائی۔ وہ بری طرح اچھلا اور اس کا خوف زدہ ہو کر اچھلنا ہی اسے بچا گیا، ورنہ بلی سیدھی اس کی طرف آئی تھی۔
”ارے! اسے تو ابا جان نے مار دیا تھا۔“ فاروق کے منہ سے نکلا۔
”یہ دوسری ہو گی۔“ محمود نے کہا اور پھر اچھل کر ایک طرف ہو گیا۔
بلی کے حملوں میں تیزی آتی جا رہی تھی اور بڑھ بڑھ کر حملے کر رہی تھی۔ بیگم جمشید اور فرزانہ اسے حیرت سے دیکھ رہی تھیں۔ انہوں نے اپنی زندگی میں ایسی بلی نہیں دیکھی تھی جو انسانوں پر حملہ کرے۔ پھر انہوں نے دیکھا کہ محمود کی اچھل کود کی رفتار سست پڑتی جا رہی ہے۔
”فاروق، فرزانہ آگے بڑھو اور اس بلی کو فٹبال سمجھ لو۔“بیگم جمشید چلائیں۔
پھر کمرے میں فٹ بال کا ایک میچ شروع ہو گیا۔ وہ اچھل کر ایک طرف ہوتے اور بلی کے ایک ٹھوکر رسید کر دیتے۔ تینوں تین طرف سے حملہ کر رہے تھے اور بلی اب ان پر غراغرا کر جھپٹ رہی تھی۔ اچانک فاروق کی ایک زبردست ٹھوکر اس کے سر پر لگی۔ ہوا یہ کہ وہ سیدھی فاروق کی طرف جھپٹی تھی، فاروق نے اِدھر اُدھر ہونے کے بجائے وہیں کھڑے رہ کر پاﺅں کی ٹھوکر اسے ماری جو اس کے سر پر لگی۔ اس کے حلق سے ایک دلدوز چیخ نکلی اور وہ دوسری طرف الٹ گئی اور اس کے بعد نہ اٹھ سکی۔
”بے ہوش ہو گئی۔“ فاروق نے ہانپتے ہوئے کہا۔
”عجیب بلی تھی یہ۔ صبح والی بلی نے اسی طرح حملہ کیا تھا؟“ بیگم جمشید نے پوچھا۔
”ہاں! اسے ابا جان نے پستول سے مارا تھا۔“
”کمال ہے۔ تمہارے ابا جان تو یہاں بھی نہیں ہیں۔ آﺅ تیسرے کمرے میں چلیں۔“
”چلئے!“
تیسرے کمرے کا دروازہ کھلا تو نقاروں کی دھمک شروع ہو گئی۔
”ارے یہ نقارے کہاں بج رہے ہیں۔“ بیگم جمشید کی آواز سے خوف ٹپک رہا تھا۔
”اسی مکان میں بج رہے ہیں۔ صبح بھی بجے تھے۔“
”بالکل ایسا لگتا ہے جیسے کوئی ہمارے سروں پر بجا رہا ہے۔“ فرزانہ بولی۔
”میرے تو رونگٹے کھڑے ہو گئے ہیں۔ اُف! توبہ کتنی پراسرار آواز ہے۔“
”اور میری ٹانگیں کانپنے لگی ہیں۔“ فرزانہ نے سچے لہجے میں کہا۔ وہ واقعی ڈر رہی تھی۔
”چلو! خدا کے لئے یہاں سے نکل چلو۔ میں یہ دھمک برداشت نہیں کر سکتی۔“ بیگم جمشید کا رنگ اڑا جا رہا تھا۔
چاروں اس کمرے سے بھی نکل آئے۔ ان کے نکلتے ہی دھمک بند ہو گئی۔ اب برآمدے کے دوسری طرف ڈرائنگ روم رہ گیا تھا۔
”اسے بھی دیکھ لینا چاہیے۔“ فرزانہ نے کہا۔
”نہیں! یہ تو بند ہے۔“ محمود نے کہا۔
”ہو سکتا ہے کہ اس وقت یہ کھلا ہو۔“ بیگم جمشید نے کہا۔
”ہاں بھوتوں نے کھول لیا ہو گا۔“ فرزانہ بول اٹھی۔
”تمہارے حلق سے بھی آواز نکلنے لگی۔ ابھی کمرے میں تو جان نکل رہی تھی۔“
”اُف! اس کمرے کا ذکر نہ کرو۔ مجھے وہ دھمک پھر یاد آگئی ہے اور ساتھ ہی میرے کانوں میں پھر سے گونجنے لگی ہے۔ کیا تم بھی اس کی گونج سن رہے ہو۔“ بیگم جمشید نے گھبرا کر کہا۔
”نہیں! ہمیں تو کچھ سنائی نہیں دے رہا ہے۔“
”جلدی سے اس کمرے کو بھی دیکھ ڈالو۔ خداجانے وہ کہاں چلے گئے ہیں۔“
”جب اس کمرے کا دروازہ ہی بند ہے تو دیکھیں کیسے؟“
”میں دیکھتی ہوں۔ دروازہ بند ہے یا کھلا۔“ یہ کہہ کر فرزانہ دروازے کی طرف بڑھی۔
محمود نے چاہا کہ آگے بڑھ کر اسے روک لے مگر وہ اس سے زیادہ پھرتیلی ثابت ہوئی۔ وہ اس سے پہلے دروازے پر پہنچ گئی اور ایک جھٹکے سے دروازہ کھول دیا۔ اتنی دیر میں بیگم جمشید بھی دروازے کے سامنے پہنچ چکی تھی۔ دوسرے ہی لمحے ان کے منہ سے طویل چیخیں نکلنے لگی۔ دونوں چیخے جا رہی تھیں۔ محمود اور فاروق دوڑ کر ان سے لپٹ گئے اور انہیں تسلی دینے لگے۔
”امی! ہوش میں آئیے۔“ محمود چلایا۔
”فرزانہ! فرزانہ!“ فاروق نے محمود کو تھپکی دی۔
کمرے کے بیچوں بیچ انسانی ڈھانچہ موٹے سے رسے سے بندھا لٹک رہا تھا۔ اچانک ایک بار پھر وہی طویل قہقہہ مکان میں گونجنے لگا۔ اس مرتبہ قہقہہ پہلے سے کئی زیادہ بلند آواز میں تھا اور مکان کی ہر دیوار سے آتا محسوس ہو رہا تھا۔
اس پر قہقہے کے ساتھ ہی وہ دھمک شروع ہو گئی۔ دھمک کے ساتھ ہزاروں کتوں اور بلیوں کے رونے کی تیز آوازیں شروع ہو گئیں۔ انہیں یوں لگا جیسے ان کے کانوں کے پردے پھٹ جائیں گے۔
اس وقت تو محمود اور فاروق بھی خوف زدہ ہوئے بغیر نہ رہ سکے۔ چاروں انسانی ڈھانچے کے سامنے کھڑے تھرتھر کانپ رہے تھے۔
”بھوت۔ بھوت…. رو رہے ہیں۔“ فاروق نے ہمت کر کے کہا۔ شاید وہ بول کر ان کی ہمت بڑھانا چاہتا تھا لیکن خود اس کا برا حال تھا۔ اس سے جملہ بھی بہت مشکل سے نکلا۔
”شش۔ شاید…. کک…. کوئی بھوت…. مر گیا ہے۔“ محمود بولا۔
”ارے یہاں سے بھاگ چلو۔“ بیگم جمشید کے منہ سے آواز نکلی۔
”لیکن اباجان۔“ فرزانہ نے بلند آواز میں کہا۔
”خدا جانے وہ اس مکان میں بھی ہیں یا نہیں۔“ بیگم جمشید نے پھٹی پھٹی آنکھوں سے چاروں طرف دیکھا۔
”پھر بھی امی جان ہم ان کے بغیر اس مکان سے کیسے جا سکتے ہیں۔ نہیں ہم انہیں یہاں چھوڑ کر نہیں جائیں گے۔“
”ارے بے وقوفو میں اس مکان سے بھاگنے کے لئے کب کہہ رہی ہوں میں تو اس کمرے کے پاس سے بھاگنے کے لئے کہہ رہی ہوں۔“ انہوں نے چلا کر کہا کیوں کہ خوف ناک قہقہہ، پراسرار دھمک اور کتوں بلیوں کی آوازوں کی وجہ سے کان پڑی آواز سنائی نہیں دے رہی تھی۔
وہ گرتے پڑتے اپنے کمرے میں داخل ہوئے۔ یک لخت وہ ایک ساتھ پوری قوت سے چلائے۔
ان کی آنکھیں کمرے کے درمیان فرش پر پڑی وہ ایک چیز کو پھٹے پھٹے انداز میں دیکھ رہی تھیں۔
کمرے کے بیچوں بیچ ایک دو اڑھائی فٹ لمبا جوتا پڑا تھا۔
٭….٭….٭
”بھ۔ بھوت کا جوتا!“ فاروق کے منہ سے ڈری ڈری آواز میں نکلا۔
”لل۔ لیکن۔ دوسرا۔ جج…. جوتا۔“ محمود ہکلایا۔
”بھوت ایک ٹانگ کا ہو گا۔“ فاروق نے جلدی سے کہا۔
”اسے اٹھا کر باہر پھینک دو۔“ بیگم جمشید بولیں۔
”اور اگر بھوتوں نے ہم پر امانت میں خیانت کا الزام لگایا تو؟“ فاروق بولا۔
”بڑی زبان چل رہی ہے تمہاری۔“ فرزانہ نے اسے گھورا کیوں کہ وہ زیادہ ہی ڈر گئی تھی۔
”چل کہاں رہی ہے چلا رہا ہوں۔ تم کیا جانو کہ اسے چلانے کے لئے کتنا زور لگانا پڑ رہا ہے۔“
”میں کہتی….ہوں اسے اٹھا کر برآمدے میں پھینک دو۔“
”جی اچھا….!“
محمود ڈرتا ڈرتا آگے بڑھا۔ اس نے جوتا اٹھانے کی کوشش کی لیکن کامیاب نہ ہوا۔
”ارے! یہ تو بہت وزنی ہے۔ فاروق ادھر آﺅ۔ مل کر اٹھاتے ہیں۔“
”نہ بابا! میں اسے ہاتھ نہیں لگاﺅں گا۔ کہیں بھوت ناراض نہ ہو جائے۔“
”چلو ادھر۔“ محمود نے سخت لہجے میں کہا۔
فاروق اس کے قریب گیا۔ دونوں نے مشکل سے جوتا اٹھایا اور کمرے سے باہر پھینک دیا۔ اس کے گرتے ہی ایک بار پھر ہزاروں آوازیں گونجنے لگیں۔ ان میں سب سے بلند وہ قہقہہ تھا۔ دھمک بھی رونگٹے کھڑے کئے دے رہی تھی اور اس پر بلیوں اور کتوں کی آوازوں نے تو جیسے آسمان سر پر اٹھا لیا تھا۔
”دیکھا! میں نے کہا تھا نا کہ بھوت ناراض ہو جائے گا۔“ فاروق بولا۔
”تو جاﺅ۔ اٹھا لاﺅ اسے برآمدے سے اور رکھ لو یہاں کمرے میں۔“ فرزانہ نے جل کر کہا۔
”تم کیوں مرچیں چبا رہی ہو۔“
”کہاں! نہیں تو۔“ فرزانہ نے اسے منہ کھول کر دکھا دیا جس پر اس خوف ناک ماحول میں بھی انہیں ہنسی آگئی۔
بے خیالی میں فرزانہ نے کھڑکی کے پٹ کھول دیے۔ بس پھر کیا تھا، ان سب آوازوں کے ساتھ کھڑکی سے نکلنے والی چمگاڈروں کی آوازیں بھی شروع ہو گئیں۔ پھڑپھڑاتی ہوئی چمگاڈریں ان کے سروں پر چکر لگانے لگیں۔ اب ان کے لئے کمرے میں ٹھہرنا محال تھا۔ بوکھلاہٹ اور بدحواسی کے عالم میں وہ ایک بار پھر کمرے سے نکل کر برآمدے میں آئے۔ یہاں بھوت کا جوتا کہیں بھی نظر نہیں آیا۔
”ارے! وہ جوتا کہاں گیا؟“
”بھوت لے گیا ہو گا۔“
گھبراہٹ میں وہ دوڑتے ہوئے دروازے کی طرف آگئے۔ بیگم جمشید نے دروازہ کے ہینڈل کو پکڑ کر اسے کھولنا چاہا لیکن دروازہ نہ کھلا۔
”ارے! یہ تو باہر سے بند ہے۔“ ان کے منہ سے نکلا۔
”تو کیا بھوت ہمیں مکان میں بند کر کے چلے گئے۔“ فرزانہ نے کہا۔
”چلے کہاں گئے ہیں خود بھی اندر ہی موجود ہیں۔ یہ غل غپاڑہ بھوت نہیں تو اور کون مچا رہا ہے۔“ فاروق بولا۔
”اب ہم کہاں جائیں۔ جائیں تو کس کمرے میں جائیں۔ جہاں جاتے ہیں، نئی مصیبت سامنے آتی ہے۔“ بیگم جمشید نے کہا۔
”ابا جان بھی خدا جانے کہاں چلے گئے ہمیں اس خوفناک مکان میں تنہا چھوڑ کر۔“ فرزانہ نے کہا۔
”آئیے! ہم اپنے کمرے میں چلیں۔“
”لیکن…. وہ چمگاڈریں۔“
”میرا خیال ہے کہ وہ الماری میں واپس چلی گئی ہوں گی۔“ محمود نے کہا۔
”کیا مطلب؟ کیا وہ اسی الماری میں رہتی ہیں۔“
”جی ہاں۔“
”توچلو! وہیں چلو۔“
وہ پھر کمرے میں آئے۔ محمود نے دروازہ بند کر دیا۔ اسی وقت آوازیں بند ہو گئیں اور مکمل سناٹا چھا گیا۔
”چٹخنی نہ لگانا۔ نہ جانے ابا جان کس وقت آجائیں۔“ فاروق نے کہا۔
”اچھا!“
وہ چارپائی پر بیٹھ کر بری طرح ہانپنے لگے۔ اب کمرے میں کوئی چمگاڈر چکر نہیں لگا رہی تھی۔ اچانک فرزانہ کی نظر دروازے کے ہینڈل پر پڑی اور اس کی آنکھیں پھٹی کی پھٹی رہ گئیں۔ ان سے خوف جھانکنے لگا۔ ساتھ ہی منہ سے ایک ہلکی سی چیخ نکل گئی۔
”کیا بات ہے…. فرزانہ کیا ہوا؟“ بیگم جمشید نے چونک کر پوچھا۔
”جی۔ وہ۔ وہ۔ جی وہ۔“ اس کے منہ سے نکلا۔
”یہ وہ وہ کا کیا مطلب؟“ فاروق بولا۔
”در۔ در۔ دروازے پر۔“
تینوں نے چونک کر دروازے کو دیکھا۔ دروازے کے ہینڈل اور چٹخنی سے چار پانچ چمگاڈریں چپکی ہوئی تھیں۔ بیگم جمشید بول اٹھیں:
”ارے! یہ یہاں کیسے آگئیں۔ ابھی تھوڑی دیر پہلے تو دروازے سے کوئی چمگاڈر نہیں چپکی ہوئی تھی۔“
محمود نے کمرے میں چاروں طرف دیکھا اور پھر اس کے بدن میں سنسنی دوڑ گئی۔
”اُف میرے خدا! یہ تو سینکڑوں کی تعداد میں ہیں۔“
”کیا۔ کیا کہہ رہے ہو تم۔“ بیگم جمشید نے پوچھا۔
”وہ دیکھیے! کھڑکی اور دروازے کے پردوں پر۔ یہ سیاہ رنگ کے پھول نہیں ہیں، تمام کی تمام چمگاڈریں ہیں۔“
پردوں پر دیکھتے ہی ان کی سٹی گم ہو گئی۔
”خدا کے لئے اس منحوس کمرے سے نکل چلو۔ دیکھو تو سہی یہ سب چمگاڈریں ہمیں کیسے گھور رہی ہیں۔“
”لیکن دروازہ کیسے کھولیں۔ ہینڈل پر بھی تو چمگاڈریں موجود ہیں۔“
”ٹھہرو میں اپنی قمیص سے اتارتا ہوں۔“ فاروق نے