Cutoffs کیسے بنائیں؟ ۔ سکرین پلے ۔ کمرشل رائٹنگ

Cutoffs کیسے بنائیں؟

دلشاد نسیم

 

دوستو! الف کتاب میں پچھلے ماہ ہم نے اپنے لکھاریوں کے ساتھ ون لائنر لکھنے کا طریقہ شیئر کیا تھا۔ ہر چند یہ کوئی بہت بڑی سائنس نہیں ہے مگر پھر بھی جیسے امتحانی پرچہ حل کرنے کے گُر ہوتے ہیں بس اسی طرح ڈرامہ لکھنے کے کچھ آداب ہوتے ہیں۔ جنہیں دھیان میں رکھ کر ڈرامہ لکھا جائے تو ڈرامہ لکھنا بہت آسان کام ہے۔ اسے ہم ڈرامہ نگاری کی تکنیک بھی کہتے ہیں اور یہی تکنیک کسی ڈرامے کو ناول، افسانہ اور ناولٹ سے مختلف بناتی ہے۔ ڈرامے یا سکرپٹ کے ون لائنز کے بارے میں آپ کو پچھلے شمارے میں بتایا گیا تھا اب باری ہے کہ کٹ آفس (cutoffs) کیسے بنائے جائیں؟

کٹ آفس (cutoffs) جیسا کہ معنی سے ظاہر ہے ”ٹکڑوں میں بانٹنا۔” پہلے ہم اپنی پوری کہانی کو ٹکڑوں میں بانٹتے ہیں۔ اس کے لیے پہلے تو ہمیں یہ سوچنا ہے ہماری کہانی کتنی اقساط پر مشتمل ہے۔ بالفرض چھبیس اقساط کی سیریل ہے تو آپ ذہن میں رکھیں کہ پہلے ہم پانچ پانچ اقساط پر کام کریں گے۔ پہلی پانچ اقساط بہت اہم ہیں کیوں کہ کرداروں کا تعارف بھی انہی اقساط میں ہوتا ہے اور کہانی کی رفتار بھی پتا چلتی ہے۔

جب آپ نے پہلی پانچ اقساط پر کام شروع کیا تب ہر قسط کی کہانی بنالیں کہ آپ اس میں کیا دکھانا چاہ رہے ہیں اور پھر ہر قسط کا فریز بھی۔ فریز قسط کے آخری سین کو کہتے ہیں۔ جیسا کہ نام سے ظاہر ہے یہ ایک ایسا مقام ہے، جو اگلی قسط کے لیے تجسّس چھوڑتا ہے۔

اب آتے ہیں قسط کے کٹ آف کی طرف، ایک سیریل کی قسط 26سے 30 سین پر مشتمل ہوتی ہے اور ہر سین کی اپنی ایک کہانی ۔ کسی قسط میں غیرضروری بات یا غیر ضروری سین نہیں ہونا چاہئے۔ سین میں وہی بات بیان کی جاتی یا دکھائی جاتی ہے جس کا تعلق دوسرے سین سے پیوستہ ہو یا جس پر بعد میں باقاعدہ ایک سین لکھا جائے۔

ہر سین کا دوسرا سین سے تعلق بہت ضروری ہے یوں سمجھ لیں سوپ یا سیریل کی ایک قسط ایک مالا ہے اور اس میں سین موتیوں کی حیثیت رکھتے ہیں۔ مالا کو اتنا مضبوط ہونا چاہیے کہ ایک موتی بھی نکالنے کی گنجائش نہ ہو، ہر موتی کا دوسرے موتی سے ربط بہت ضروری ہے اور ہر قسط میں رائٹر جو کہنا چاہتا ہے دِکھانا چاہتا ہے وہ بتائے گا۔ مگر ڈرامائی عنصر باقی رہنا بہت ضروری ہے۔

سین نمبر 1

مقام: لوکیشن (سب لوکیشن)

وقت: (دن، رات، صبح، شام)

کردار: (سین میں موجود تمام کرداروں کے نام)

(یہاں پر سین کی وضاحت ہو)

یہ وہ طریقہ ہے جس کو دیکھ کر سین پوری وضاحت سے سامنے آجائے گا۔ اس طرح آپ تمام کے تمام چھبیس سین لکھ کر رکھ لیں۔ سین لکھنے کے بعد فریز لکھیں تاکہ یہ پتا چل سکے کہ قسط اپنے اختتام کو پہنچ چکی ہے۔

 

Cut

Loading

Read Previous

کہانی کو جمود سے کیسے بچائیں؟ ۔ سکرین پلے ۔ کمرشل رائٹنگ

Read Next

ڈرامے پر اِک نظر ۔ سکرین پلے ۔ کمرشل رائٹنگ

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!