پہلے صفحے سے جکڑ لینے والا فکشن ۔ فکشن ۔ کمرشل رائٹنگ

پہلے صفحے سے جکڑ لینے والا فکشن

کیا آپ نے کبھی کوئی ایسی کہانی پڑھی ہے جس نے پہلے جملے، پہلی سطر سے ہی آپ کو جکڑ لیا ہو؟ اتناانوکھا پن اور اچنبھا ہو اس میں کہ آپ اسے پلٹ کر رکھ ہی نا سکیں؟ 

ایسی کہانیوں کی مثالیں ادب اور فکشن میں خال خال ہی ملتی ہیں۔ آئیں ان میں سے ایک پرنظر ڈالتے ہیں:

”آپ اس پچیس سال کی لڑکی کے بارے میں کیا کہہ سکتے ہیں جو مر چکی ہے؟ یہ کہ وہ بہت حسین تھی۔ اور ذہین۔ یہ کہ وہ موزارٹ اور بیک پر جان چھڑکتی تھی ۔ اور Beatles پر۔ اور مجھ پر۔”

یہ سطور Erich Segal کے بین الاقوامی شہرت یافتہ ناول ”Love Story ” کی ہیں۔ یہ سطور پڑھ کر معلوم ہو جاتا ہے کہ کہانی کی ہیروئن مر چکی ہے۔ لیکن شرط لگائی جا سکتی ہے کہ اس کے باوجود بھی آپ اس کہانی کو آگے پڑھنا چاہیں گے۔ اگر آپ نے یہ ناول پڑھ رکھا ہے تو آپ جانتے ہی ہوں گے کہ ناول کا پلاٹ، بیان کرنے کا انداز، زبان کا سٹائل اور کرداروں کی آپس کی کیمسٹری، ہر چیز اتنی پر لطف اور مکمل ہے کہ آپ آخری صفحے تک امید لگائے رکھیں گے کہ Jenny نہ مرے۔ 

ایسا فکشن، ایسی کہانی جو پہلی سطر، پہلے صفحے سے آپ کو جکڑ لے لکھنا کوئی آسان کام نہیں ہے۔ اس کی سب سے بڑی مشکل یہ ہے کہ آپ بہت آغاز ہی سے قارئین کی توقعات کہانی سے بہت بڑھا دیتے ہیں، اور پھر اگر پہلا صفحہ شاندار ہے توقارئین باقی صفحوں میں اس شاندار سے آگے کی ہی امید لگائیں گے۔ لیکن اگر آپ محنت کرتے ہیں اور ہر بار ان امیدوں سے کچھ آگے کا سامنے لاتے ہیں تو پھر آپ ہمیشہ کے لیے صفحوں میں خود کو امر کر سکیں گے۔ 

آئیں ہم آپ کو کچھ گر دیتے ہیں کہ یہ بظاہر مشقت بھرا کام کس طرح کچھ آسان کیا جا سکتا ہے۔ 

١۔ پہلے صفحے پر ہی ایک شدت بھرے سین کے ذریعے اپنے مرکزی کردار کو ایک بڑی آزمائش کے سامنے لے آئیے۔ یہ آزمائش کردار کے لیے پہلی مشکل کا رول ادا کرے گی اور کہانی کی بنیادی چپقلش کا پیش خیمہ بھی ثابت ہو گی۔

٢۔ کہانی کا مرکزی کردار اس پہلی بڑی آزمائش کو حل کرنے کے لیے اقدامات کرتا ہے۔ یہ اقدامات کردار کی نفیسات، رویے اور شخصیت کے مختلف پہلوئوں کی عکاسی بھی کریں گے۔ 

٣۔ کردار کے اٹھائے گئے قدم ایک مشکل کو حل کرتے ہوئے اس سے بڑی مشکل کی طرف راستہ کھولتے ہیں۔ ناول کی بنیادی چپقلش آہستہ آہستہ قاری کے سامنے ایک مکمل شکل لے رہی ہے، اور قاری کے ساتھ ساتھ مرکزی کردار بھی اس مشکل سے متعارف ہو رہا ہے۔ 

٤۔ بنیادی مسئلے سے بس ایک قدم دور آپ کا مرکزی کردار ایک بڑا فیصلہ کرتا ہے جس کے اثرات اس بنیادی مسئلے پر بھی پڑیں گے۔ اور اس سے آپ کا مرکزی کردار انجان نہیں۔ لیکن یہ رسک لینا بے حد ضروری ہے۔ اس کا ادراک قاری کو بھی ہے۔ 

٥۔ساری ثانوی مشکلات حل ہو چکی ہیں اور کہانی کی بنیادی چپقلش کلائمکس کی صورت میں آپ کے سامنے موجود ہے۔ ایک مکمل شکل کے ساتھ ۔ اس کا حل آپ کے کردار کو ایک فائدہ اور ایک نقصان پہنچائے گا۔ اور یہ فائدہ اور نقصان کیا ہو گا، یہ آپ کی ذہانت پر منحصر ہے۔ 

یہ جان لیجیے کہ آج کا قاری بہت عجلت پسند ہے۔ اسے اپنے وقت کی قدر کا انداز ہ ہے۔ اور آپ کے ناول کے علاوہ کئی اور ترجیحات اور اینٹرٹینمٹ کی اشیاء اس کی توجہ حاصل کرنے کی تگ و دو میں مصروف ہیں۔ اگر آپ اپنے آدھے قارئین کو بھی پہلے صفحے پہ کھو دیتے ہیں تو ایک لکھاری کے طور پر یہ آپ کا بہت بڑا نقصان ہے، خاص کر تب جب آپ کو ابھی اپنا نام بنانا ہے اور تحریر سے رزق کمانا ہے۔ 

امید ہے یہ چند ٹپس آپ کے تحریری سفر میں آپ کی معاونت کریں گی۔ کوئی سوال ہو تو ہمیں ضرور لکھ بھیجیں۔

Loading

Read Previous

نا پسندیدہ مرکزی کردار ۔ فکشن ۔ کمرشل رائٹنگ

Read Next

تحریری سفر کا آغاز ناول سے کرنے سے گریز کریں ۔ فکشن ۔ کمرشل رائٹنگ

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!