فکشن میں حقیقت ضروری ہے
فکشن لکھتے ہوئے جو سب سے اہم چیز آپ کو کرنی ہے وہ اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ آپ کے فکشن کی دنیا تمام مادی اور دنیاوی حقیقتوں کے مطابق ہوں۔ مثال کے طور پر اگر آپ انٹارکٹیکا کی ٹھنڈ کے بارے میں لکھنا چاہ رہے ہیں تو پلاٹ اور کرداروں کے علاوہ باقی ہر چیز حقیقت کے عین مطابق ہونی چاہیے۔
غرض آپ جو بھی ٹاپکلکھیں، اس سے متعلقہ لوگوں سے سوالات کیجیے اور عجیب عجیب انکشافات سے محظوظ ہوں۔
کہانیوں کی ریسرچ کے لیے یہ تین طریقے کافی کار آمد رہیں گے۔
(1) تجرباتی مشاہدات
نت نئی جگہوں پر گھومنے پھرنے اور نئے نئے کام کرنے کے لیے ایک بہترین بہانہ یہ ہے کہ مجھے اپنے ٹاپک کے لیے ریسرچ کرنی ہے۔ آپ نئے علاقوں میں جائیں اور ہر چیز پر دھیان دیں۔ وہاں کی خوش بوپر، ذائقوں پر، آوازوں اور محسوسات پر۔
جب آپ ذائقوں، خوشبوؤں اور آوازوں کو جانتے ہیں تو آپ کی تحریر میں جان آجاتی ہے۔
مثال کے طور پر اگر آپ ایک ایسی کہانی لکھ رہے ہیں جو گائوں میں وقوعہ پذیر ہو رہی ہے تو ایک بار تو ضرور کسی گائوں کی سیر کو جائیں۔ جب تک آپ گائوں میں مٹی کی خوشبو کو اپنے نتھنوں میں سونگھ نہیں سکیں گے، تب تک اسے بہترین الفاظ میں بیان کرنا شائد آپ کو نہ آئے۔ مقامی بچوں کو گائے کا دودھ نکالتے دیکھیں، مٹی کے طوفان دیکھیں، اونچی نیچی پگڈنڈنیاں، صبح صادق پر ٹھنڈی ہوا کے جھونکے۔۔۔یہ سب ذاتی طور پر محسوس ہونے کے بعد ہی ایک بہترین بیانیے میں ڈھل سکے گا۔
(2) مشاہدات
ایک ایسا لکھاری بننے کے لیے جو اپنے ہنر میں طاق ہو، آپ کو اپنا مشاہدہ تیز کرنا پڑے گا۔ پارک میں بیٹھے، بس میں سفر کرتے، سودا سلف خریدتے اکثر خاموشی سے لوگوں کی باتیں سنیں اور ان کی حرکات و سکنات کا مشاہد ہ کریں۔جب آپ غور کریں گے تو آپ کو معلوم ہو گا کہ زیادہ تر لوگ اپنی نوکری، مشاغل اور مسائل کے بارے میں بات کرنا چاہتے ہیں۔بات چیت آگے بڑھانے کے لیے آپ ان سے یہ سب سوال پوچھ سکتے ہیں:
٭ کون سا کام آپ کو سب سے زیادہ سکون دیتا ہے؟
٭ آپ اپنی زندگی میں کیا تبدیلی دیکھنا چاہتے ہیں؟
٭ عام طور پر آپ دن کیسے گزارتے ہیں؟
٭ یہ مشین کیسے کام کرتی ہے؟
(3) انٹرویو
میں انٹرویو کے لیے لوگ چننے سے پہلے سوچتا ہوں کہ۔
٭ جو میں جانتا چاہتا ہوں وہ کون جانتا ہے؟
٭ میں ان لوگوں تک کیسے پہنچ سکتا ہوں؟
٭ کیا وہ اپنے ہنر پر مجھ سے تبادلہ خیال کریں گے؟
عام طور پر لوگ اپنے بارے میں بات کرنے پر خوش ہوتے ہیں۔ جہاں لوگ کام کررہے ہوتے ہیں وہاں جاکر انٹرویو کرنا بہت اچھا رہتا ہے۔ وہاں جاکر آپ لوگوں کی زبان سمجھ سکتے ہیں۔ اکثر وہ کون سے الفاظ استعمال کرتے ہیں۔
کئی دفعہ جب تکنیکی معلومات کی ضرورت ہو تو بہتر رہتا ہے کہ جس کا انٹرویو کرنا ہو ان کے کام کی جگہ پر جا کر کریں تا کہ آپ چیزوں کو بہتر طور پر سمجھ سکیں۔ انٹرویو سے پہلے اپنے سوالات تیار کریں اور خیال رکھیں کہ سوالات آذاد طریق پر ہوں۔ صرف ہاں یا نہ والا سوال زیادہ کارآمد نہیں ہوتا اور انٹرویو جلدی ختم ہوجاتا ہے۔
ہمیں امید ہے یہ چند رہنما اصول اس چیلنجنگ کام میں آپ کی مدد کریں گے۔
٭…٭…٭