کہانی کی چھے منازل ۔ سکرپٹ ۔ کمرشل رائٹنگ

کہانی کی چھے منازل

اس مضمون میں میں آپ کو رومانی فلموںکی کہانیوں کے ایک ایسے ڈھانچے کے بارے میں بتائوں گا، جو آپ کو اکثر رومینٹک فلموں میں دیکھنے کو ملے گا۔کہانی کا یہ خاکہ یا ڈھانچا آپ کو یہ نہیں سکھاتا کہ آپ کیا کہانی لکھیں؟ یا کیسے لکھیں؟، یہ آپ کو بتاتا ہے کہ وہ کون سے بیٹس، کون سے لمحات اور کہانی کے وہ کون سے اتار چڑھائو ہوتے ہیں، جو ایک رومانی فلم کو کامیاب بناتے ہیں۔لیکن ذہن میںرکھیں  کہ رومینٹک فلم لکھنے کے لیے صرف ایک یہی طریقہ نہیں جو آپ استعمال کر سکتے ہیں، مگر یہ یقینا آپ کے سیکھنے کے عمل کے لیے  ایک اچھا آغاز ہے۔

چند مشہور فلمیں جن میں کہانی کا یہ طریقۂ کار استعمال کیا گیا، ان میں Titanic، Meet Joe Blackاور The Notebook   وغیرہ شامل ہیں۔ فلموں کی مقبولیت سے آپ اندازہ لگا سکتے ہیں کہ یہ طریقہ کتنا کامیاب اور کارآمد ہے۔اس طریقے کو استعمال کرنے کا ایک فائدہ یہ بھی ہے کہ آپ کی فلم کا اختتام اداس ہو یا خوش گوار، یہ دونوں طرح کی کہانیوں میں کافی  کارآمد ہے۔

فلمی  سکرپٹ لکھنے سے پہلے اس طریقۂ کار کے بارے میں جاننے کے  لیے ہوم ورک کے طور پر سب سے پہلے آپ یہ چند فلمیں ضرور دیکھیں۔

Titanic:  اشرافیہ کے خاندان سے تعلق رکھنے والی ایک سترہ سالہ لڑکی کو ایک غریب لیکن مہربان فن کار سے محبت ہو جاتی ہے، جب وہ ایک بد قسمت بحری جہاز، ٹائٹینک ،پر اپنی ماں اور منگیتر کے ساتھ برطانیہ سے امریکا کے سفر پر نکلتی ہے۔ 

Meet Joe Black:موت ، ایک نوجوان لڑکے کا روپ دھار کر دنیا میں آتی ہے اور میڈیا سے تعلق رکھنے والے ایک نامور آدمی کو اپنے گائیڈ کے طور پر لے کر اس سے دنیا پر موجود زندگی کے بارے میں سیکھتی ہے، اور اس دوران اسے اپنے گائیڈ کی بیٹی سے محبت ہو جاتی ہے۔

The Notebook:ایک غریب اور جذبے سے بھرپور لڑکے کو ایک امیر اور نوجوان لڑکی سے محبت ہو جاتی ہے اور وہ اسے آزادی سے جینے کا ایک احساس دیتا ہے۔لیکن جلد ہی وہ اپنے مالی اور سماجی فرق کی وجہ سے ایک دوسرے سے الگ ہو جاتے ہیں۔

رومانی کہانیوں کی چھے منازل:

پہلا ایکٹ)تیس منٹ)

ابتدائی  تیس منٹوں کا صحیح استعمال کریں ۔ناظرین کو اپنے ہیرو ہیروئن سے ملوانے کے لیے، فلم کے پہلے سین سے دیکھنے والوں کو متوجہ کرنے کے لیے اور وہ نکتہ پیش کرنے کے لیے، جس کی وجہ سے ہیرو ہیروئن کا ملن مشکل یا شاید نا ممکن ہو گا۔

 -1 پہلا سین: فلم کا پہلا سین ایسا رکھیں، جو کہانی کے مرکزی کرداروں کے ساتھ ناظرین کا تعلق فوری طور پر جوڑ دے۔ ان دونوں کی زندگی کی محرومی کیا ہے؟اس محرومی کی وجہ سے ان کی زندگی میں کوئی فرق پڑتا ہے، اگر ہاں، تو کیا؟ کرداروں کو اتنا دل چسپ بنائیں کہ ناظرین ان دو فرضی کرداروں کی زندگی کی محرومی ختم ہونے کی دعائیں مانگنے لگیں!

-2 آپس کی کشش:یہ وہ منزل ہے جہاں آپ ناظرین کو بتا سکتے ہیں کہ کیسے یہ دو الگ افراد ایک دوسرے کے لیے ایک دم بہترین ہیں، کس طرح یہ دونوں ایک دوسری کی محرومی کو ختم کر سکتے ہیں، لیکن ابھی یہ ایک دوسرے کی طرف مکمل طور پر مائل بھی نہیں ہیں۔آپ کو یہ دکھانا ہے کہ ان کے رشتے کی جڑ کیا ہو گی، اس کی روح کیا ہے، اور کس طرح ایک دوسرے تک آنے اور محبت کرنے کے لیے انہیں اپنی موجودہ شخصیت کو تبدیل کرنا ہو گا۔

-3  اس مختصر آغاز کا اختتام:

بیرونی اثر: کہانی کے آغاز کو ختم کرتے ہوئے، آپ اسے درمیانی حصے پر لانے کے لیے تیار ہو جائیں۔ ایک ایسا بیرونی واقعہ دکھائیں جس کی وجہ سے دونوں کردار ایک دوسرے کے ساتھ زیادہ وقت گزارنے کے لیے مجبور ہو جاتے ہیں۔

اندرونی اثر:کردار ایسا کون سا قدم اُٹھا رہے ہیں، جس سے ان دونو ں کی ایک دوسرے کی جانب کشش نمایاں ہو رہی ہے؟

دوسراایکٹ(تیس سے نوے منٹ)

مرکزی کردار ایک دوسرے کی جانب  متوجہ تو ہو رہے ہیں لیکن ابھی بھی دلوں میں کچھ ڈر ہے، خوف ہے۔ ایک قدم آگے بڑھتے ہیں تو دو قدم پیچھے ہٹ جاتے ہیں۔

پِنچ پوائنٹ(Pinch Point): یہ کہانی کے وہ موڑ ہوتے ہیں، جو کرداروں کو ، کہانی کو،اس کی پوری شدت سے آگے نہیں بڑھنے دیتے۔ حرکت اور جمود کے بیچ کی کیفیت۔ یہ پوائنٹس کہانی میں کلائمکس اوردل چسپی کو اور زیادہ بڑھانے کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔ ان پوائنٹس کی ذریعے آپ ناظرین کو بتاتے ہیں کہ کردار ایک دوسرے کی طرف بڑھتے بڑھتے کیوں رک جاتے ہیں اور یہ بار بار کا رُکنا ان کے رشتے پر کس طرح اثر انداز ہو رہا ہے۔

-4 فلم کا انٹرویل:جب تک آپ کی فلم انٹرویل تک پہنچے، اس سے پہلے پہلے ان دو سوالوں کے جواب ناظرین تک ضرور پہنچا دیں:

دونوں کردار ایک دوسرے سے اپنی وابستگی ثابت کرنے کے لیے ایک دوسرے سے کیا اظہار کرتے ہیں، یا کیا اشارے دیتے ہیں؟

دونوں کردار کس طرح ابھی تک اپنی اپنی شخصیت اور محرومی کے خول سے باہر نہیں آ سکے (اور اس وجہ سے ان کا رشتہ ضرور ناکام ہو گا؟)

-5 بحران: یہ کہانی کا وہ حصہ ہے جہاں دونوں کردار اپنی کہانی کے بحران سے پہلی بار کھل کر آمنے سامنے آتے ہیں۔

بیرونی اثر:کس چیز کا ڈر دونوںیا دونوں میں سے ایک کردار کودوسرے کے طرف سے خوف میں مبتلا کر دیتا ہے، اور اس وجہ سے وہ دوبارہ اپنے خول میں سمٹ جاتے ہیں؟

اندرونی اثر:کردار(یا کرداروں) کو احساس ہوتا ہے کہ ان کا رشتہ مزید نہیں چل سکتا، اسے ناکام ہی ہونا ہے۔

تیسراایکٹ(نوے سے ایک سو بیس منٹ)

کہانی کے اس آخری حصے میںدونوں مرکزی کردار تمام اندرونی اور بیرونی رکاوٹیں عبور کر کے ، اپنے اندر سے سب خوف ختم کر کے ایک دوسرے کی طرف پیش قدمی کرتے ہیں۔

-6 کلائمکس: 

بیرونی واقعہ:کس طرح ان دونوں کے درمیان کی رکاوٹیں اور فرق ایک آخری بار ان کے رشتے کو خطرے میں ڈالتے ہیں؟

اندرونی اثر:کس طرح دونوں کردار ایک حتمی فیصلہ کرتے ہیں کہ وہ ہر صورت اپنی باقی زندگی ایک ساتھ گزارنا چاہتے ہیں؟

کلائمکس کے بعد: یہاں ناظرین کو ایک آخری سین یا چند مکالمات کے ذریعے دکھائیں کہ کس طرح یہ دونوں کردار حقیقتاً ایک دوسرے کے لیے بہترین ہیں۔

 ان چھے منازل کا سفر یہاں ختم ہوتا ہے۔ اگر آپ اس موضوع کو اور تفصیل میں جانچنا اور سیکھنا چاہئیں تو یہ چند فلمیں ضرور دیکھیں ،جو کہانی کی ان چھے منازل کو خوبصورتی سے استعمال کرتی ہیں:

Atonement

Silver Linings Playbook

Pride and Prejudice

Eternal Sunshine of the Spotless Mind

Pretty Woman

500 Days of Summer

Ghost

(نوٹ: کمنٹس میں ضرور بتائیں کہ ایک لکھاری کے طور پر آپ نے ان فلموں سے کیا سیکھا؟)

Loading

Read Previous

سکرین پلے میں voice-overکا استعمال ۔ سکرین پلے ۔ کمرشل رائٹنگ

Read Next

سکرپٹ، ڈائریکٹر کے حوالے کرنے سے پہلے کچھ ۔ سکرپٹ ۔ کمرشل رائٹنگ

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!