کہانی کو جمود سے کیسے بچائیں؟ ۔ سکرین پلے ۔ کمرشل رائٹنگ

کہانی کو جمود سے کیسے بچائیں؟

ایک اچھا اور معیاری سکرین پلے لکھنے کے لئے کہانی کا جان دار ہونا ضروری ہے۔ بہت سے ڈرامائی موڑ رکھنے کے باوجود اگر آپ کے سکرپٹ کی کہانی جمود کا شکار ہے تو بہت جلد آپ اپنے دیکھنے والوں کو کھو دیں گے۔ کسی بھی تحریر میں جمود اس وقت پیدا ہوتا ہے، جب لکھاری کہانی سے متعلق تمام معلومات ایک ہی وقت میں عیاں کر دے۔ آپ کی کہانی کے کردار کون ہیں؟ وہ کیا چاہتے ہیں؟ اُن کو کیسے حالات و واقعات کا سامنا ہے؟ یہ سب تفصیلات اگر آپ ایک ساتھ ہی ظاہر کر دیں گے تو دیکھنے والوں کی دل چسپی آپ کے سکرپٹ میں زیادہ دیر تک قائم نہیں رہ پائے گی۔ کہانی کے انجام تک ناظرین کی دل چسپی برقرار رکھنے کے لئے ضروری ہے کہ ان چار تجاویز پر عمل کیا جائے۔

ہر وہ چیز جو بآسانی سکرین پر دکھائی جا سکتی ہے، اسے مکالمات کے ذریعے ناظرین تک پہنچانے کی کوشش مت کریں۔ مثال کے طور پر آپ کی کہانی کا کردار اندھیرے سے خوف زدہ ہے تو اس بات کو دِکھانے کے لئے مکالموں کا سہارا لینا قطعاً غیر ضروری ہے۔ ہر چیز اگر کردار کی حرکات و سکنات کے ذریعے دکھائی جائے تو ایک متاثر کن سین لکھا جا سکتا ہے۔ لہٰذا بلا ضرورت مکالمے لکھنے سے گریز کریں۔

٭  اگر آپ کے سکرپٹ میں دو کرداروں کے مابین ہونے والی گفت گو یک دم ساری صورت حال کھول کر رکھ دیتی ہے تو آپ کو اپنے لکھے ہوئے مکالموں پر نظرِ ثانی کی ضرورت ہے۔ ایک بات ذہن نشین کر لیں کہ لمبے چوڑے مکالمے ناظرین میں جلد ہی اکتاہٹ کا سبب بنتے ہیں جب کہ مختصر اور بامعنی مکالمے دیکھنے والوں کی دل چسپی میں اضافہ کرتے ہیں۔

٭  ہر سین کا آغاز اور اختتام اس طرح کریں کہ کہانی کا تسلسل برقرار رہے۔ یاد رکھیں کہ غیر ضروری طوالت ایک منظر کو غیر حقیقی بنانے کا کام کرتی ہے۔ طویل مناظر کے ذریعے ہر بات اپنے ناظرین کو سمجھانے کی کوشش مت کریں بلکہ کچھ چیزیں ان کے فہم پر چھوڑ کر آگے بڑھ جائیں۔

٭  اپنے سکرپٹ میں کوئی بھی بات مسلسل دُہرانے سے احتراز کریں۔ اگر آپ کو اپنی کہانی میں کوئی چونکا دینے والا انکشاف دکھانا مقصود ہے تو یہ مت بھولیں کہ ایسا کوئی انکشاف پہلی بار تو دیکھنے والوں کو ٹھٹھکنے پر مجبور کر دے گالیکن مسلسل دُہرائے جانے کی صورت میں اپنا تاثر کھو دے گا، جس سے آپ کی کہانی جمود کا شکار ہو جائے گی۔ لہٰذا دل چسپی کا عنصر قائم رکھنے کے لئے کہانی کے پلاٹ کو اسی انداز سے کھولیں کہ وقتاً فوقتاً کچھ نیا دیکھنے کو ملتا رہے۔

ان تمام تجاویز کو عمل میں لا کر آپ ایک ایسا معیاری سکرپٹ لکھ سکتے ہیں، جو پروڈکشن ہاوسز کو متوجہ کرنے کے علاوہ ڈرامہ کے شائقین میں مقبولیت حاصل کرنے کی اہلیت بھی رکھتا ہو۔

٭٭٭٭

Loading

Read Previous

سکرین پلے اورسکرپٹس ۔ سکرین پلے ۔ کمرشل رائٹنگ

Read Next

Cutoffs کیسے بنائیں؟ ۔ سکرین پلے ۔ کمرشل رائٹنگ

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!