فری لانس رائٹرز اور ان کے مسائل
اگر آپ اپنے تحریرکے شوق اور کام میں ایک خاص حد تک آزادی چاہتے ہیں تو فری لانس رائٹنگ زبردست آپشن ہے۔ پچھلے چند ماہ میں ہم آپ کو بتا تے رہے ہیں کہ فری لانس رائٹنگ کیا ہے اور آپ اس میں اپنا کیرئیر کیسے بنا سکتے ہیں۔ اس بار ہم آپ کے سامنے چند ایسے مسائل لے کر آ رہے ہیں جو فری لانس رائٹرز کو اپنے معمول کے کام میں پیش آتے ہیں۔ اس کا مقصد یہ ہے کہ اس پیشے کو مکمل طور پر اپناتے ہوئے آپ اس کے ہر پہلو سے اچھی طرح آگاہ اور ان چیلنجز کو نمٹنے کے لیے تیار ہوں۔
-1غیرحاضر ایڈیٹر:ـ
یہ سب سے commonمسئلہ ہے جو ہر رائٹر کو پیش آتا ہے۔ آپ نے ایک ٹاپک پر شاندار تحقیق کی ہے اور ایک زبردست سی تحریر ایڈیٹر کو بھیج دی ہے۔اب چند ہفتے گزر گئے ہیں لیکن ایڈیٹر کی طرف سے آپ کو کوئی جواب نہیں ملا۔ اب آپ کیا کریں گے؟ ہر پانچ منٹ کے بعد اپنی ای میلز چیک کریں گے، ہے نا؟
اور یہی ٹھیک طریقہ ہے۔ فالو اپ جاری رکھیں۔ اگر ایک خاص عرصہ گزر جانے کے بعد بھی آپ کو کوئی جواب موصول نہیں ہوتا (یہ عرصہ چار سے آٹھ ہفتوں پر محیط ہوسکتا ہے) تو آپ ایک مفصل ای میلز جس میں آپ کی سٹوری کی مکمل تفصیل ہو، ایڈیٹر کو بھیجیں اور اس سے سوال کریں کہ وہ آپ کی کہانی میں دل چسپی رکھتا ہے یا نہیں؟ آپ اسے شائستہ لہجے اور الفاظ میں یہ بھی باور کرا سکتے ہیں کہ اگر وہ آپ کی کہانی میں دل چسپی نہیں رکھتے تو آپ اپنا آئیڈیا کہیں اور شائع کروانے کے مجاز ہیں۔ یہ ترکیب اثر کرتی ہے اور ایک فوری ردعمل ملتا ہے۔ ایڈیٹر کو پتا چلتا ہے کہ آپ اپنے آئیڈیا اور کہانی کو لے کر سنجیدہ ہیں۔ اس کے باوجود بھی کوئی جواب نہ ملے تو آپ اپنا آئیڈیا کسی اور ایڈیٹر کو بھیج دیں۔
-2اندھیرے میں نہ رہیں:ـ
بعض اوقات ایک ایڈیٹر آپ کو ایک مفصل اسائنمنٹ آپ کی کہانی سے متعلق آپ کو دیتا ہے۔ لیکن، اگر آپ ان ہدایات پر پوری طرح عمل نہیں کرتے تو پھر کیا ہوتا ہے!آپ کی تحریر یا تو دہرائی کے طویل عمل سے گزرتی ہے یا رد ہو جاتی ہے۔
اگر آپ کا پالا کسی ایسے ایڈیٹر سے پڑ گیا ہے جس نے آپ کو تحریر کے حوالے سے تفصیلی ہدایات نہیں دیں، تو آپ اپنے سوالات خود ایڈیٹر کو ای میل کریں۔ کیوں کہ ہو سکتا ہے ایڈیٹر نے اپنی مصروفیت کے باعث آپ کو تفصیلی ہدایات نہ پہنچائی ہوں۔ایسی صورت میں آپ کی ای میل ایڈیٹر کو اسائنٹمنٹ کے بارے میں آپ کی سنجیدگی سے آگاہ کرے گی۔ اور آپ آگے کی بار بار کی لکھائی سے بچ جائیں گے۔
-3غیر حاضر ذرائع:ـ
کئی مرتبہ ایسا ہوتا ہے کہ آپ کو اپنے منتخب ٹاپک پر لکھنے کے لیے اس شعبے کے ماہر ین سے رابطہ کرنا پڑتا ہے۔ ضروری نہیں کہ یہ sourcesہمیشہ ہی کام آئیں۔ کئی مرتبہ اپنی مصروفیت اور دوسری وجوہات کی بناء پر یہ ذرائع مقررہ وقت پر ملاقات یا انٹرویو سے منع کر دیتے ہیں۔ ایسی صورت میں آ پ کا لائحہء عمل کیا ہو سکتا ہے؟
اس کا حل یہ ہے کہ آپ مختلف ذرائع ذہن میں رکھیں۔ کسی ایک پر اکتفا کر لینے کی بجائے، دو یا تین ذرائع سے رابطے میں رہیں تا کہ اگر ان میں سے ایک سے بات نہ ہو سکتے تو دوسرا ضرور موجود ہو اور آپ کو اپنی ڈیڈ لائن نہ مس کرنی پڑے۔ اس کے لیے ہمیشہ کوشش کریں کہ آپ کے پاس اپنے ان ماہرین کا نہ صرف فون نمبر بلکہ ایک ایکٹو ای میل ایڈرس بھی موجود ہو۔ کوئی متبادل نمبر بھی دستیاب ہو جائے تو اور اچھا ہے۔
-4وہ صارف جو دیر سے ادائی کرتے ہیں:ـ
آپ وقت پر ایک کہانی لکھتے ہیں، ایڈیٹر کے چند ایک فالو اپ کے جوابات دیتے ہیں، اور اپنے کام پر نظرثانی کرکے اسے شائع ہونے کے لیے دوبارہ جمع کروا دیتے ہیں۔ آپ کا کام یہاں ختم ہوگیا۔ لیکن آپ کی رقم کہاں ہے؟ فری لانس رائٹنگ میں رقم کی بر وقت ادائی نہ ہونا ایک بہت بڑا مسئلہ ہے۔
ایک فری لانسر کے طور پر آپ کو مختلف طرح کے کلائنٹس کو جھیلنا پڑتا ہے، ان کی مختلف شخصیات، تحریر کے حوالے سے مختلف ڈیمانڈز اور ہدایات کو مدِ نظر رکھنا ہوتا ہے۔ اور سیر پہ سوا سیر جب آپ کے کام کی ادائی بھی وقت پر نہ کئی جائے تو غصہ اور رنجیدگی قابلِ فہم بات ہے۔
اس صورتِ حال سے بچنے کے لیے سب سے پہلے تو یقین کر لیں کہ تمام پبلیشکنز، بڑے اخبارات و رسائل وغیرہ رقوم کی ادائیگی میں تاخیر کسی بری نیت سے نہیں، بلکہ اپنی بے پناہ مصروفیت کی وجہ سے کر دیتے ہیں۔ اسے حل کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ معلقہ دفتر میں اپنی تحریر کے حوالے سے ایک تفصیلی رسید ای میل کر دیں۔ یہ چیز ان کی ہاد دہانی کے طور پر کام آئے گی اور آپ کا کام جلد ہو جائے گا۔
یہ بھی ذہن میں رکھیں کہ بہت سے ادارے ، خاص طور پر نئے سٹارٹ اپس، ایسے ڈیجیٹل کانٹینٹ کے ادارے جو کوئی خاص حیثیت نہیں رکھتے، اپنے لکھاریوں کے ساتھ ایماندار نہیں ہیں۔ اس لیے کسی بھی نئے کلائنٹ کے ساتھ کام کرنے سے پہلے ان کی اچھی طرح چھان بین کر لیں اور آس پاس کے لوگوں سے اس بزنس کی مارکیٹ سٹینڈنگ اور وہاں کے لوگوں کے مالی روابط کے بارے میں معلومات لے لیں۔ ایک اور احتیاط کے طور پر کسی بھی نئے کلائنٹ کے ساتھ ایک لمبے پروجیکٹ میں کام کرنے سے گریز کریں، خاص طور پر تب جب آپ ان کے حوالے سے خدشات کا شکار ہو رہے ہیں۔ ایک چھوٹے آرٹیکل وغیرہ سے کام کا آغاز آپ کو ان کے کام اور ادائیگی کا طریقہ کار سمجھنے میں کام آئے گا۔
فری لانس رائٹنگ بہت تیزی سے پاکستان میں اپنی جگہ بنا رہی ہے۔ اس کام میں اعلیٰ درجے کے لوگ ہر ماہ ہزاروں نہیں بلکہ لاکھوں روپے کما رہے ہیں۔ وہاں تک پہنچنے میں آپ کووقت ضرور لگ سکتا ہے، لیکن ایمانداری، تحریر کی بروقت تکمیل اور آپ کا قدرتی ہنر آپ کو بہت آگے لے جا سکتا ہے۔ ہمیںامید ہے یہ آرٹیکل فری لانس رائٹنگ کے اس کچھ کچھ غیر مانوس کام کے مسائل کو سمجھنے میں آپ کا مددگار ثابت ہوا ہو گا، اور اس کی وجہ سے آپ کا فری لانسنگ کیرئیر بغیر کسی بڑے مسئلے کے جاری رہے گا۔