عقل مند مرغا
نِدا ندیم
پیارے بچو! ایک پرُ سکون سے جنگل میں ایک مرغی اور مرغا رہتے تھے۔ مُرغی روز ایک انڈا دیتی۔ ایک صُبح مُرغی چیخ اُٹھی:
اُف! ”میرا ایک انڈا غائب ہے!”
یہ کہتے ہی مرغی نے رونا شروع کردیا۔ دراصل قریبی جھاڑیوں میں چھپا سانپ روز موقع ملتے ہی ایک انڈا نگل لیتا تھا۔ مرغی نے یہ بات مرغے کو بتائی تو وہ بھی پریشان ہوگیا۔
وہ دونوں مل کر چور کی تلاش میں نکلے۔ جب وہ واپس آئے تو ایک اور انڈا غائب تھا۔ مرغی نے زور زور سے رونا شروع کردیا۔ مرغے نے اسے تسلی دیتے ہوئے کہا: ”یہ ضرور سانپ کا کام ہوگا۔ میرے پاس ایک منصوبہ ہے۔”
اگلے دن وہ گھر کے باہر چھپ کر بیٹھ گئے۔ سانپ نے موقع دیکھا تو وہ گھاس کے ڈھیر سے نکلا اور بڑی تیزی سے رینگتا ہوا آخری انڈے تک جا پہنچا اور جھٹ سے اِسے اپنے حلق میں اتار لیا۔
انڈا اس کے پیٹ میں جانے کی بہ جائے حلق میں پھنس گیا۔ کیوں کہ وہ انڈے کی شکل کا ایک سفید پتھر تھا۔ مرغی اور مرغا فوراً اس جگہ پہنچے اور سانپ کو رنگے ہاتھوں پکڑا۔ سانپ نے ان دونوں سے اپنے کیے کی معافی مانگی۔
٭…٭…٭