سکرین پلے میں voice-overکا استعمال ۔ سکرین پلے ۔ کمرشل رائٹنگ

سکرین پلے میں voice-overکا استعمال

یہ تو آپ جانتے ہی ہیں کہ سکرین پلے لکھنے کا بنیادی اصول یہ ہے کہ جو چیز باآسانی سکرین پر دکھائی جا سکے اس کے لیے الفاظ کاسہارا نہ لیا جائے۔ایسا اس لیے ہے کیونکہ ایک اچھی فلم کا تعلق دیکھنے سے ہوتا ہے نہ کہ سننے سے۔ توسوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اکثر فلموں میںدیے جانے والے  voice-overکس حد تک ضروری ہیں؟ کیا اس کی بدولت دیکھنے والے کو کرداروں کی سوچ پڑھنے میں آسانی رہتی ہے یا پھر اس کی وجہ سے کہانی کا سارا مزہ کِرکِرا رہ جاتا ہے؟

اکثر سکرپٹ رائٹرز اپنی فلم میں voice-overکا استعمال کسی کردار کو متعارف کروانے کے لیے کرتے ہیں یا پھر دستاویزی فلم کے انداز میں کسی منظر کو بیان کرنے کے لیے۔ فلیش بیک میں چلنے والے مناظر کے ساتھ بھی voice-overکا استعمال بہت عام ہے۔ اس کے علاوہ کسی کردار کے محسوسات ناظرین تک پہنچانے کے لیے بھی زیادہ تر اسی تکنیک کا سہارا لیا جاتا ہے۔

 کئی فلموں میں voice-overکا استعمال ضرورت کے تحت کیا جاتا ہے لیکن اس کا بے جا استعمال فلم دیکھنے والے کے لیے کوفت کا باعث بھی بن سکتا ہے۔اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ سکرین پلے میں اس تکنیک کا استعمال کس حد تک کیا جا سکتاہے؟

اگر آپ نے ہالی وڈ کی فلمیں To kill a Mockingbird یا Shawshank Redemption دیکھ رکھی ہیں تو آپ اس بات سے اتفاق کریں گے کہ ان فلموں میں voice-over کی وجہ سے ہی ہمیں کہانی کو ایک نئے زاویے سے دیکھنے کا موقع ملتا ہے۔ یہ voice-over کا مناسب اور ضرورت کے تحت کیا گیا استعمال ہی ہے جس کی وجہ سے نہ صرف ہمیں کہانی سمجھنے میں آسانی رہتی ہے بلکہ فلم میں دلچسپی مزید بڑھ جاتی ہے۔

دوسری طرف چند فلمیں ایسی بھی ہیں جنہیں دیکھ کر آپ کو ایسا محسوس ہونے لگتا ہے جیسے آپ ریڈیو سُن رہے ہوں۔ جب سکرین پر کہانی “دکھانے “کی بجائے “سنائی “جا رہی ہو تو دیکھنے والے کا کوفت میں مبتلا ہونا کوئی حیران کن بات نہیں۔

اگر آپ ایک ایسا سکرین پلے لکھنے کے خواہاں ہیں جو دیکھنے والے کو مسحور کر دے تو بیانیہ انداز صرف وہیں اپنائیں جہاں کرداروں کی حرکات و سکنات کے ذریعے کوئی بات کہنا ممکن نہ ہو۔ کہانی کے اختتام تک ناظرین کی دلچسپی برقرار رکھنے کا یہ سب سے مؤثر طریقہ ہے۔

Loading

Read Previous

تحریری سفر میں کام آنے والے چند گُر ۔ سکرین پلے ۔ کمرشل رائٹنگ

Read Next

کہانی کی چھے منازل ۔ سکرپٹ ۔ کمرشل رائٹنگ

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!