سکرین رائٹنگ میں مہارت حاصل کرنے کے پانچ گُر
جدید دور میں کسی بھی سکرین رائٹر کو پرکھنے کے پانچ معیارمقرر کیے گئے ہیں جن میں انفرادی مضبوطی، رفتار، قوتِ برداشت، تکنیک، صبر اور بردباری جیسی صلاحیتیں جانچی جاتی ہیں۔ ان پانچ نکات کو مندرجہ ذیل تفصیل سے بیان کیا جا رہا ہے تاکہ آپ ان کو پورے طور پر سمجھ کر عمل پیرا ہوں۔
(١) مضبوطی
کسی بھی کام کو انجام دینے کے لیے درکار مضبوطی آپ کے دماغ سے پیدا ہوتی ہے اور سکرین رائٹنگ جیسا کام تو ذہنی یکسوئی کے بغیر ناممکن ہے۔ اس جیسے تخیلاتی کام میں اعصاب کا مضبوط ہونا بہت ضروریہے۔ سکرپٹ لکھنے کے دوران ماحول کا پرسکون اور ذہن کا مرتکز ہونا یکساں ضروری ہے۔ جس میں آپ اپنے ذہن میں آنے والے خیالات کو پوری توجہ کے ساتھ صفحۂ قرطاس پر پھیلا سکیں۔
(٢) رفتار
بَطور سکرین رائٹر آپ کو اپنا کام جلد نپٹانے کے لیے سخت محنت کی ضرورت ہوتی ہے۔ ایک سکرپٹ لکھنے کے دوران آپ کے دماغ میں مزید کئی خیالات جنم لیتے ہیں جنہیں آپ دوسرے سکرپٹ کے طور پر نوٹ کرتے چلے جاتے ہیں۔
رفتار کی اہمیت یوں ہے کہ کسی ایک مسودے کو بہترین شکل دینے کے لئے اُسے کئی بار، بعض اوقات دس سے بیس بار بھی لکھنا پڑتا ہے۔ لہٰذا اگر آپ ایک ہی مسودے پر اپنا بہت سا وقت صرف کریں تو بقیہ مسودے کو کب مکمل کریں گے۔ یہاں رفتار آپ کی خوبی ہے کہ تیزی سے بار بار لکھتے ہوئے، کم وقت میں بہترین نتائج حاصل کر سکتے ہیں۔
(٣) قوتِ برداشت
پختہ کار سکرین رائٹرز جانتے ہیں کہ مشہور ہونے، شہرت حاصل کرنے اور نام بنانے میں وقت درکار ہوتا ہے۔ بعض اوقات تو کئی سال لگ جاتے ہیں محنت اور کوشش کرتے تب کہیں جا کر کامیابی کا منہ دیکھنے کو ملتا ہے۔ یہ سوچنا کہ آج سکرپٹ لکھا ہے تو چند ہی ماہ میں آپ نام ور لکھاری بن جائیں گے، ایک غلط سوچ ہے۔ بعض اوقات ایسا بھی ہوتا ہے کہ تقدیر کسی کو چن تو لیتی ہے مگر اس کے لئے کامیابی کا راستہ بہت دھیرے دھیرے طے ہونے والا راستہ ہے، جس کے آخر میں روشن منزل اس کو اپنی منتظر ملتی ہے۔ اگر آپ سکرپٹ رائٹنگ میں سنجیدہ ہیں تو اپنے لکھنے کا ایک وقت مقرر کیجیے اور اپنے ٹائم ٹیبل کو سامنے دیوار پر چسپاں کر دیجیے۔ اس طے شدہ معمول کو آپ نے دل جمعی سے جاری رکھنا ہے اور کوئی سمجھوتا نہیں کرنا۔ یہی ثابت قدمی آپ کی کامیابی کی چابی ہو گی۔
(٤) تکنیک
سکرین رائٹنگ دنیا کی سب سے پہلی اور سب سے نمایاں مقام رکھنے والی تجارت ہے۔ کہانی کی بُنت کے بنیادی اصولوں کو مدِّنظر رکھتے ہوئے لکھاری اپنے خیالات و محسوسات بآسانی دوسروں تک پہنچا سکتا ہے۔ ایک کامیاب اور ہر دل عزیز کہانی لکھنے کے لیے آپ کو منفرد یا انوکھے موضوع کی بہ جائے کسی بھی عام موضوع کو انوکھے اور منفرد انداز میں لکھنے کی ضرورت ہے۔ الگ انداز میں لکھا گیا آپ کا بیانیہ ہی آپ کی کہانی کو خاص بنا دے گا اور خاص چیز تو اکثریت کی توجہ حاصل کر ہی لیتی ہے!!
(٥) ثابت قدمی
ثابت قدمی ہی وہ واحد ہتھیار ہے، جو دنیائے سکرپٹ میںآپ کوکامیاب بنا سکتا ہے۔ بے شک آپ بار بار ناکام ہوں لیکن مایوسی کو کبھی گلے نہ لگائیں بلکہ ایک ناکامی کے بعد نئے سرے سے محنت شروع کریں۔ دوسری، تیسری اور چوتھی غرض کہ ہر ناکامی کے بعد نیا سکرپٹ لکھیں اور سکرپٹ لکھنے کی تمام شرائط کو پورا کریں (خوش خط لکھیں، بار بار پڑھیںاور اغلاط سے پاک رکھیں)۔ ہالی ووڈ جیسی بے مثال جگہ پر اکثر لکھاریوں کے ساتھ یہی سلوک ہوتا ہے لیکن ثابت قدمی سے ڈٹے رہنا ہی اصل کامیابی ہے۔