بلّی اور پرندہ

بلّی اور پرندہ

عبدالمجید سالک

سنا ہے کسی گھر میں تھی ایک بلّی
وہ چوہوں کو کھا کھا کے تنگ آگئی تھی
اسے صبح شام ایک کھانا نہ بھاتا
بھلا صبر اک چیز پر کیوں کر آتا؟
بس اک روز بلّی نے یہ دل میں ٹھانا
کہ ڈھونڈوں گی اب میں نیا کوئی کھانا
چڑھی ایک کوٹھے پہ یہ سوچ کر وہ
لگی جھانکنے پھر اِدھر اور اُدھر وہ
نظر اک طرف جب اُٹھائی تو دیکھا
کہ ہے ایک لڑکے کا چھوٹا سا کمرہ
دریچے میں ننّھا سا پنجرا ٹنگا ہے
اور اُس میں پرندہ کوئی خوش نما ہے
پرندہ وہ پنجرے میں جب چہچہایا
وہیں منہ میں بلّی کے پانی بھر آیا
اُٹھی اور دبے پاو ¿ں کمرے کو چل دی
قدم کو اُٹھاتی چلی جلدی جلدی
جو دیکھا کہ کمرے میں لڑکا نہیں ہے
اور اُس کے پرندے کا پنجرا وہیں ہے
غضب ناک ہو کر وہ پنجرے پہ جھپٹی
وہ گویا کہ بپھری ہوئی شیرنی تھی
پڑا ہاتھ بلّی کا پنجرے کے در پر
زمیں پر گری اُس کی زنجیر کھل کر
نہ پھولی سمائی جو بلّی نے دیکھا
کہ اب تو ہے قبضے میں میرے پرندہ

ابھی باہر اِس کو پکڑ لاو ¿ں گی میں
ابھی پھاڑ کر اِس کو کھا جاو ¿ں گی میں
پرندے نے دیکھا کہ آئی ہے آفت
نہیں آج کچھ جان بچنے کی صورت
اچانک جو در کو کُھلا اُس نے دیکھا
وہ پھر سے اُڑا اور پنجرے سے نکلا
وہ جنگل کی جانب اُڑا گیت گاتا
چہکتا گیا اور تانیں اُڑاتا
وہ بلّی ہوئی غرق شرمندگی میں
یہ پہلی شکست اُس کی تھی زندگی میں
یہ دھوکا جو کھایا پریشان تھی وہ
پرندے کے اُڑنے سے حیران تھی وہ
وہ کہتی تھی اک بے حقیقت پرندہ
مجھے حیف! اِس طرح دے جائے دھوکا
نتیجہ یہ ہے اِس کا اے پھول بچّو!
پرندے سے عقل اور دانائی سیکھو
کہ کام آتی ہے وقت پر عقل مندی
نہ جانے دو ہاتھوں سے موقع کو تم بھی
٭….٭….٭

Loading

Read Previous

قرنطینہ ڈائری ۔ دوسرا دن

Read Next

عقل مند شاعر

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!