اپنی تحریر کو منفرد شخصیت دیجیے ۔ فکشن ۔ کمرشل رائٹنگ

اپنی تحریر کو منفرد شخصیت دیجیے

آپ کی تحریر آپ کی شخصیت کا عکاس ہوتی ہیں۔ آپ چاہیں یا نہ چاہیں، لکھائی جیسے تخلیقی عمل سے گزرتے ہوئے یہ ممکن ہی نہیں کہ آپ اپنی شخصیت کی کوئی جھلک اس میں نہ چھوڑیں۔ اور اپنی منفرد پہچان بنانے کے لیے یہ ایک انتہائی کار آمد چیز ہے۔ جو تحریر ایک منفرد شخصیت لیے ہوتی ہے وہ بہت جلد اور بہت دیر پا تاثر چھوڑ پاتی ہے۔ آپ اپنی تحریر میں ایک مکمل شخصیت کیسے پھونک سکتے ہیں، آئیں دیکھیں۔

١۔ کہانی بیان کرنے کا ہُنر سیکھیں

کہانی کہنااتنا مشکل نہیںجتنا اس میں توازن برقرار رکھنا ہے۔اپنی کہانی کو یکسانیت سے بچانے کے لیے اس میں ایسے اجزاء شامل کریںجوکہانی میں قاری کی دلچسپی ہنوز قائم رکھ سکیں۔ ایسا اس وقت ممکن ہوتا ہے جب کہانی میں مقصدیت کے ساتھ ساتھ کوئی ایسا پہلو بھی موجود ہو جس سے قارئین لطف اندوز ہو سکیں۔

٢۔ قاری کا کہانی سے جذباتی لگاؤ پیدا کریں

کہانی ایسی لکھیں جس سے قاری جذباتی طور پر وابستہ ہو سکے۔ایسی کہانیاں جن سے قارئین جذباتی لگاؤ محسوس کرنے لگیں ہمیشہ یاد رہتی ہیں۔

٣۔ تحریر میں تاثر پیدا کرنے کے لیے سوالیہ انداز اپنائیں

اپنی تحریر میں سوالیہ انداز اپنائیں جو قاری کو سوچنے پر مجبور کر دے۔چونکہ تحریر قلمبند کرنا خالصتاََ ایک یکطرفہ عمل ہے لہٰذا قاری کی دلچسپی برقراررکھنے کا یہ بہترین طریقہ ہے۔لیکن اس تکنیک کا ضرورت سے زیادہ استعمال قاری کو عاجز بھی کر سکتا ہے۔

٤۔ اپنا ذخیرۂ الفاظ وسیع کریں

اپنا ذخیرۂ الفاظ اس حد تک وسیع کریں کہ لکھنے کے دوران آپ کوالفاظ کے درست چناؤ میں کسی قسم کی دقّت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اپنی تحریر کو شُستہ الفاظ سے مزّین کریں۔ اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ آپ اپنی کہانی میں لُغت سے لیے گئے الفاظ کی بھرمار کر دیں۔دقیق زبان کا بکثرت استعمال جلد ہی قاری کا دل کہانی سے اُچاٹ کر دیتا ہے۔لہٰذ ا الفاظ کے چُناؤ میں احتیاط برتیں۔

٥۔ دلچسپ موضوع کا انتخاب کریں

کہانی کے لیے موضوع کا انتخاب اپنی دلچسپی کے مطابق کریں۔ کسی بھی موضوع پر قلم اُٹھانے سے پہلے اس بات کی یقین دہانی کر لیں کہ آپ اُس پر لکھ سکتے ہیں۔ اگرکچھ لکھتے ہوئے آپ اُکتاہٹ کا شکار ہوتے ہیں تو ایسی تحریر پڑھتے ہوئے قاری آپ کی عدم دلچسپی جلد ہی محسوس کر لے گا۔ کوئی موضوع اگر بیزار کُن محسوس ہونے لگے تو اس پر اپنی ریسرچ مزید بڑھا دیں یہاں تک کہ کوئی دلچسپ پہلو آپ کے سامنے آجائے۔

٦۔ اپنا مطالعہ وسیع کریں

تحریر کو منفرد شخصیت دینے کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ آپ اپنی ہی شخصیت کے مختلف پہلو قلمبند کرنے لگیں۔ بلکہ اس کے لیے ضروری ہے کہ اپنا مطالعہ وسیع کیا جائے۔ فکشن، نان فکشن، ناول، رسائل، اخبارات اور آن لائن بلاگ اس سلسلے میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔ جیسے جیسے مطالعہ وسیع ہوتا جائے گا خیالات بھی ایک روانی سے بہنے لگیں گے۔

٧۔ دلچسپ حقائق شامل کریں

 مطالعہ اچھا وقت گزارنے کے لیے بھی کیا جاتا ہے اور کچھ سیکھنے کے لیے بھی۔یہ دونوں چیزیں ایک ساتھ چلتی ہیں۔ اگر آپ کی تحریر پڑھ کر قاری کو بوریت کا احساس ہوتا ہے تو مشکل ہے کہ وہ اس سے کچھ سیکھے گا۔ بالکل اسی طرح اگر آپ کی تحریر سے قاری کو کچھ نیا سیکھنے کو نہیں ملتا توپھر وہ پوری طرح لطف اندوزبھی نہیںہو پائے گا۔ لہٰذا کچھ بھی لکھنے سے قبل اپنے موضوع پر خُوب تحقیق کریںتاکہ قاری کی دلچسپی اُبھارنے والے حقائق شامل کر سکیں۔ 

٨۔ روز مرہ زبان کا استعمال کریں

کسی قسم کے بناوٹی لہجے کی بہ جائے روزمرہ گفتگو کا طرز اپنائیں۔ 

٩۔ تحریر میں تجسس پیدا کریں

تجسس صرف ایک پُراسرارناول کا خاصہ ہی نہیں ہے بلکہ ہر اعلٰی کہانی کا اہم جُز ہے۔اپنی کہانی کا سب سے دلچسپ حصہ یکدم ظاہر کر دینے کی بہ جائے دھیرے دھیرے اس کی گرہیں کھولیںتاکہ قاری کی دلچسپی آخر تک قائم رہے۔

ضرور بتائیں کہ ان میں سے کون سا نکتہ سب سے زیادہ قابلِ عمل لگا آپ کو؟

Loading

Read Previous

اپنے تعلقات کو چوٹ پہنچائے بغیر لکھیں ۔ فکشن ۔ کمرشل رائٹنگ

Read Next

ایک بہتر کہانی کو بہترین بنائیں: ان٧ طریقوں سے ۔ فکشن ۔ کمرشل رائٹنگ

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!