Tag: islam for kids

  • ہمیں اُن سے عقیدت ہے

    ہمیں اُن سے عقیدت ہے

    ہمیں اُن سے عقیدت ہے
    نوشین فاطمہ عبدالحق

    ہے خوش قسمت وہ وادی جس کا مکہ نام ہے بچو!
    وہاں کا ذرّہ ذرہ قابلِ اکرام ہے بچو!
    اسی وادی میں پیدائش ہوئی حضرت محمدۖ کی
    انہی کی تو بدولت مذہب اسلام ہے بچو!

    خدائے برتر و بالا کا ہے انعام یہ ہم پر
    حضورِ پاک کی امّت میں ہیں ہم، ہوں سلام اُن پر
    سب ان کی عظمتوں کے معترف، انسان، جن، پتھر
    جو لائے ہم تلک وہ رب کا ہی پیغام ہے بچو!

    ہمیں اُن سے محبت ہے ہمیں اُن سے عقیدت ہے
    انہی کے نام سے گل ہیں، گلوں میں رنگ و نگہت ہے
    انہی کی سنتوں پر چلنے کا انعام جنت ہے
    ہر اک سنت کو زندہ رکھنا اپنا کام ہے بچو!

    مشکل الفاظ:

    قابلِ اکرام عزت کے قابل

    برتروبالا عظمت والا

    معترف تعریف کرنے والا

    نگہت خوش بو

  • محمدۖ کے جیسا نہیں کوئی بھی

    محمدۖ کے جیسا نہیں کوئی بھی

    محمدۖ کے جیسا نہیں کوئی بھی
    محمد ارسلان اللہ خان

    نہیں بعد اُن ۖ کے کوئی بھی نبی
    یہ امُّت بھی ہے امُّتِ آخری

    جو گُزرے اطاعت میں سرکار ۖ کی
    بہت قابلِ رشک ہے زندگی

    بتایا انہوں نے کہ رب ایک ہے
    نہیں اس سے بڑھ کر کوئی آگہی

    جو چاہے کوئی رب کا محبوب ہو
    خُدا کے نبی ۖ کی کرے پیروی

    جو آقاۖکے نقشِ قدم پہ چلا
    وہ پائے گا دونوں جہاں میں خوشی

    حقیقت یہی ہے کہ بعدِ خُدا
    محمد ۖ کے جیسا نہیں کوئی بھی

    یہی ارسلاں! مُصطفیٰ ۖ نے کہا
    کرو ایک اللہ کی بندگی
    ٭…٭…٭